رحیم یار خان میں گاڑی نہر میں گرا کر ’اغوا کا مبینہ ڈرامہ‘ جو قتل کے مقدمے میں بدل گیا

،تصویر کا ذریعہEhtisham Shami
- مصنف, احتشام احمد شامی
- عہدہ, صحافی، رحیم یار خان
- وقت اشاعت
- مطالعے کا وقت: 8 منٹ
سات اکتوبر کی صبح نو بج کر 25 منٹ پر پنجاب کے ضلع رحیم یار خان میں ریسکیو 1122 کو پولیس کنٹرول روم سے اطلاع ملی کہ واہی جمن شاہ کے قریب ایک کار نہر میں گر گئی ہے۔
اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیم ہنگامی بنیادوں پر موقع کی جانب روانہ ہوگئی۔ ریسکیو 1122 کے دفتر سے واہی جمن شاہ کا فاصلہ تقریباً 19 کلومیٹر ہے، جو عام طور پر 30 منٹ میں طے کیا جاتا ہے، تاہم امدادی ٹیم ممکنہ تیز رفتاری سے موقع پر پہنچی اور آپریشن شروع کر دیا۔
پولیس کی جانب سے ریسکیو اہلکاروں کو بتایا گیا تھا کہ نہر میں گرنے والی گاڑی میں ممکنہ طور پر ایک شخص سوار تھا۔ غوطہ خوروں نے اس شخص کی تلاش شروع کی جبکہ ایک اور ٹیم رسوں کی مدد سے گاڑی کو نہر سے نکالنے میں مصروف ہو گئی۔
اس دوران نہر کے دونوں کناروں پر سینکڑوں شہری جمع ہوگئے اور ریسکیو آپریشن کا مشاہدہ کرتے رہے۔
کچھ دیر بعد جب گاڑی کو کامیابی سے باہر نکالا جا رہا تھا تو اچانک شور مچ گیا کہ ریسکیو غوطہ خور رئیس عرفان ساجد پانی سے باہر نہیں آئے۔ اس اطلاع پر دیگر اہلکاروں نے فوری طور پر دوبارہ پانی میں چھلانگیں لگا کر اپنے ساتھی کی تلاش شروع کر دی۔
ریسکیو کے ایک اہلکار کے مطابق ’بظاہر ایسا محسوس ہوتا ہے کہ گہرے اور گدلے پانی میں گاڑی اور اس میں موجود ممکنہ افراد کی تلاش کے دوران عرفان ساجد نے زیرِ آب سرچ آپریشن کا فیصلہ کیا ہو گا۔ تاہم اسی دوران وہ کسی نادیدہ رکاوٹ یا کیچڑ میں پھنس گئے اور دوسروں کی جان بچانے کی کوشش میں اپنی زندگی قربان کر بیٹھے۔‘
ریسکیو اہلکار نے بتایا کہ ’جب عرفان ساجد کا سکوبا ڈائیونگ کا سامان، جس میں لائف سپورٹ سسٹم، ماسک، ٹیوب اور فِنز شامل تھے، پانی کی سطح پر آگیا لیکن وہ خود باہر نہ آئے تو صورتحال تشویش ناک ہوگئی۔ اس کے بعد ساتھی اہلکاروں نے فوری طور پر ان کی تلاش شروع کی اور طویل جدوجہد کے بعد ان کی لاش برآمد کر کے شیخ زید ہسپتال منتقل کر دی۔‘

،تصویر کا ذریعہGetty Images
بیٹے کو اغوا کرکے کار نہر میں پھینک دی گئی، والدہ کی ایف آئی آر
رحیم یار خان پولیس اور ریسکیو ٹیم کو نہر سے گاڑی تو مل گئی لیکن اس کا مبینہ سوار نہ مل سکا۔ الٹا، اس کی تلاش کے دوران ایک ریسکیو اہلکار بھی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
وہ تمام خِبریں جو آپ جاننا چاہتے ہیں بی بی سی ورلڈ سروس ایپ پر موجود ہیں
ایپ ڈاؤن لوڈ کریں
بی بی سی اُردو موبائل ایپ نهاية
تھانہ کوٹ سمابہ پولیس نے پراسرار طور پر لاپتہ ہونے والے شخص کی والدہ کی مدعیت میں تعزیراتِ پاکستان کی دفعہ 365 کے تحت اغوا کا مقدمہ درج کیا۔
ایف آئی آر میں کاروباری لین دین کے تنازع کی بنیاد پر اغوا کا خدشہ ظاہر کیا گیا، تاہم کسی شخص کو نامزد ملزم نہیں بنایا گیا۔
والدہ کے مطابق ’چھ اکتوبر کو ان کا بیٹا سکھر جانے کے لیے گھر سے نکلا تھا۔ رات 12 بجے اس نے فون پر بتایا کہ وہ واپس گھر آرہا ہے اور شدید پریشان ہے کیونکہ جن کاروباری افراد سے وہ ملا تھا انھوں نے مبینہ طور پر اس سے چیک بُک پر زبردستی دستخط کروائے اور اسے اپنی جائیداد اور کاروبار فروخت کرکے رقم ادا کرنے کے لیے دباؤ ڈالا۔‘
ان کے بقول، ’میں نے اسے تسلی دی اور کہا کہ گھر واپس آ جاؤ، کاروبار میں مسائل آتے رہتے ہیں۔ سات اکتوبر کی صبح تقریباً پانچ بجے تک میرا اس سے رابطہ رہا۔ اس نے بتایا کہ وہ رحیم یار خان پہنچ چکا ہے اور خان پور جا رہا ہے، تاہم اس کے بعد رابطہ منقطع ہو گیا۔‘
ایف آئی آر کے مطابق رابطہ نہ ہونے پر والدہ نے اپنے دوسرے بیٹے کو صورتحال سے آگاہ کیا۔ انھوں نے اپنا موبائل چیک کیا تو اس میں واٹس ایپ پر ایک پیغام، ویڈیو اور لوکیشن موجود تھی۔
وہ دی گئی لوکیشن پر پہنچے تو وہاں اُن کے بھائی موجود نہیں تھے البتہ ٹائروں کے نشانات نہر کی جانب جاتے دکھائی دیے۔ اس پر انھوں نے ریسکیو 15 کو اطلاع دی۔
مدعیہ کے مطابق پولیس اور ریسکیو ٹیموں نے تلاش شروع کی۔ اس دوران ایک ریسکیو اہلکار ہلاک ہو گیا جبکہ گاڑی تو مل گئی مگر ان کا بیٹا اس میں موجود نہیں تھا۔
ان کے مطابق شبہ ہے کہ ’نامعلوم افراد نے ان کے بیٹے کو اغوا کر لیا اور گاڑی نہر میں پھینک دی۔‘
ریسکیو اہلکار کی ہلاکت 42 روز بعد قتل کیس میں کیسے تبدیل ہوئی؟
پولیس کو لاپتہ شخص کے اہلِ خانہ کی جانب سے ایک ویڈیو کلپ بھی دیا گیا جس میں وہ خود کو کاروباری مشکلات کا شکار قرار دیتے ہوئے اپنی زندگی ختم کرنے کا ارادہ ظاہر کرتے دکھائی دیتے ہیں۔
کیس کی تفتیشی ٹیم میں شامل پولیس افسر جاوید اقبال کے مطابق ایک جانب اہلِ خانہ اغوا کا دعویٰ کررہے تھے جبکہ دوسری طرف انھوں نے خودکشی کے ارادے پر مبنی ویڈیو بھی فراہم کر دی، جس سے معاملہ مزید پیچیدہ ہو گیا۔
جاوید اقبال کے بقول، ’پولیس نے اپنے مخبروں کو معاملے کی چھان بین کا ٹاسک دیا۔ ایک مخبر نے اطلاع دی کہ لاپتہ شخص کے بعض افراد کے ساتھ کروڑوں روپے کے مالی تنازعات چل رہے تھے اور ان سے رقم کا تقاضا کیا جا رہا تھا۔‘
ان کے مطابق پولیس افسر کے مطابق 17 اور 18 نومبر کی درمیانی شب مخبر نے اطلاع دی کہ ’جس شخص کو لاپتہ بتایا جا رہا تھا، وہ گھر آ چکے ہیں، جس کے بعد پولیس نے چھاپہ مار کر انھیں حراست میں لے لیا۔‘
ایف آئی آر میں کیا کہا گیا؟

،تصویر کا ذریعہPunjab Police
تھانہ کوٹ سمابہ میں پولیس کی مدعیت میں درج ایف آئی آر میں تعزیراتِ پاکستان کی دفعہ 302 شامل کی گئی ہے، جس کے تحت جرم ثابت ہونے پر سزائے موت یا عمر قید کی سزا ہو سکتی ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق سات اکتوبر کو ایک شہری نے ریسکیو 15 پر اطلاع دی کہ واہی چمن شاہ پل کے قریب ایک سفید رنگ کی کلٹس کار نہر میں گر گئی ہے اور اس میں خان پور کے ایک رہائشی موجود ہیں۔
اطلاع ملنے پر پولیس اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور لاپتہ شخص کی تلاش شروع کی۔
اسی دوران ریسکیو اہلکار عرفان ساجد مبینہ طور پر تلاش کی جانے والی گاڑی کے نیچے آ گئے اور تقریباً 45 منٹ تک پانی سے باہر نہ آسکے۔
ایف آئی آر کے مطابق کچھ دیر بعد پل سے تقریباً ایک کلومیٹر دور عرفان ساجد کی لاش پانی کی سطح پر آ گئی، جسے شیخ زید ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے ان کی موت کی تصدیق کر دی۔
مزید کہا گیا ہے کہ تفتیش کے دوران پولیس کو معلوم ہوا کہ کار مالک پر مختلف افراد کا قرض واجب الادا تھا اور ان سے بچنے کے لیے انھوں نے مبینہ طور پر اپنی گاڑی نہر میں گرا کر خود ساختہ واقعہ ترتیب دیا اور روپوش ہو گئے۔
ایف آئی آر کے مطابق اسی واقعے کے نتیجے میں ہونے والے ریسکیو آپریشن کے دوران عرفان ساجد کی موت واقع ہوئی، اس لیے کار مالک کو اس موت کا ذمہ دار قرار دیا گیا ہے۔
ملزم عدالت میں پیش، جسمانی ریمانڈ منظور
رحیم یار خان کے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر عرفان علی سموں نے بی بی سی اردو سے گفتگو میں کہا کہ پولیس نے مبینہ طور پر خودکشی اور اغوا کا ڈرامہ رچانے والے شخص کو گرفتار کر لیا ہے۔
ان کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ ملزم نے قرض خواہ افراد سے بچنے کے لیے خودکشی کا تاثر پیدا کیا، ایک ویڈیو ریکارڈ کی اور اپنی گاڑی نہر میں گرا دی، جس کے بعد روپوش ہو گئے۔
ڈی پی او کا کہنا ہے کہ ریسکیو اہلکار عرفان ساجد کی موت کی ذمہ داری کا تعین بھی اسی تناظر میں کیا جا رہا ہے، اسی لیے ملزم کے خلاف دفعہ 302 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
ان کے بقول، پولیس خود اس مقدمے میں مدعی بنی ہے تاکہ کیس منطقی انجام تک پہنچ سکے۔
پولیس ترجمان کے مطابق ملزم کو جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کر کے جسمانی ریمانڈ حاصل کیا گیا۔ تفتیش میں یہ جاننے کی کوشش کی جائے گی کہ آیا اس منصوبے میں کوئی اور شخص بھی شریک تھا۔ اگر مزید افراد کے ملوث ہونے کے شواہد ملے تو انھیں بھی گرفتار کیا جائے گا۔
جبکہ زیر حراست ملزم کی والدہ نے بی بی سی اردو سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کا بیٹا ’ناحق گرفتار کر کے مقدمے میں پھنسایا گیا ہے۔‘
انھوں نے بتایا کہ ’بیٹے کا بعض افراد کے ساتھ لین دین کا تنازع چل رہا تھا جو وقت کے ساتھ سنگین صورت اختیار کر گیا تھا۔‘
ان کے مطابق، بیٹے کا مؤقف تھا کہ ان کے ذمہ جتنی رقم واجب الادا تھی، فریقِ مخالف اس سے کہیں زیادہ رقم کا مطالبہ کر رہا تھا۔ والدہ نے کہا کہ اس معاملے میں کون قصوروار ہے، یہ پولیس تحقیقات کے بعد ہی واضح ہو سکے گا۔
ملزم کے بھائی نے بی بی سی اردو کو بتایا کہ انھوں نے قانونی معاونت کے لیے دو وکلا مقرر کر لیے ہیں، جنھوں نے مقدمے کے دفاع کی تیاری شروع کر دی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ان کے بھائی پر عائد کی گئی دفعہ 302 درست نہیں۔
’میرے بھائی نے خدانخواستہ کسی کو قتل نہیں کیا۔ ہمیں بھی ریسکیو اہلکار کی ناگہانی موت پر دلی افسوس ہے اور ہم مرحوم کے اہلِ خانہ سے تعزیت کرتے ہیں، تاہم نہ تو ریسکیو اہلکار قتل ہوا اور نہ ہی ہماری رائے میں اس واقعے پر قتل کا مقدمہ بنتا ہے۔‘
اپنے بھائی کے دفاع میں بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ’کیا کوئی شخص اتنا غیر معمولی قدم اٹھا سکتا ہے کہ اپنی تقریباً 35 لاکھ روپے مالیت کی کار نہر میں پھینک دے اور خود غائب ہو جائے؟‘
’میرا بھائی لین دین کے معاملات کی وجہ سے ذہنی دباؤ کا شکار ضرور تھا، لیکن اس حد تک نہیں کہ اتنا بڑا قدم اٹھاتا۔‘
انھوں نے کہا کہ اس معاملے کے کئی پہلو اب بھی واضح نہیں ہو سکے ہیں، ’یہ پولیس کی ذمہ داری ہے کہ میرٹ پر تفتیش کرے اور تمام حقائق سامنے لائے تاکہ ہمارے ساتھ کسی قسم کی نا انصافی نہ ہو۔‘
'BBC News اردو' ایڈیشن کا انتخاب کریں اور نیوز الرٹس، تحقیقاتی اور تفصیلی رپورٹس، سب کچھ ایک ہی جگہ پر حاصل کریں۔
نوٹ: نئی ایپ برطانیہ اور امریکہ میں دستیاب نہیں ہے اور اس کا انگریزی زبان میں ایڈیشن موجود نہیں۔




















