مصدق ملک کا دورۂ انڈیا: کیا اسلام آباد اور نئی دہلی کے تعلقات میں بہتری کی کوئی اُمید پیدا ہوئی ہے؟

Pakistan
،تصویر کا کیپشنیہ کسی بھی پاکستانی وزیر کا تین برس بعد انڈیا کا دورہ ہے
    • مصنف, عبید ملک
    • عہدہ, بی بی سی اردو، اسلام آباد
  • وقت اشاعت
  • مطالعے کا وقت: 8 منٹ

پاکستان کے وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک کی شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) اجلاس میں شرکت کے لیے انڈیا آمد توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔

بعض مبصرین اسے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں بہتری کی اُمید کے طور پر بھی دیکھ رہے ہیں جبکہ بعض ماہرین کا کہنا ہے کہ اس دورے سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں بہتری کی گنجائش کم ہے۔

مصدق ملک انڈیا میں صحافیوں سے گفتگو کے دوران یہ واضح کر چکے ہیں کہ یہ دورہ خالصتاً ایس سی او کے حوالے سے پاکستان کے عزم کی توثیق ہے اور اس میں انڈیا اور پاکستان کے درمیان دو طرفہ معاملات پر کوئی بات نہیں ہوئی۔

لیکن ساتھ ہی مصدق ملک نے یہ بھی کہا کہ پاکستان تو ہمیشہ سے ہی مذاکرات کے ذریعے دونوں ممالک کے درمیان معاملات حل کرنا کی بات کرتا رہا ہے۔ اُنھوں نے کہا کہ دہشت گردی کے معاملے پر دونوں ممالک کو شواہد کی بنیاد پر بات کرنی چاہیے۔

مصدق ملک انڈیا کے دارالحکومت نئی دہلی میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے پہلے تہذیبی مکالمے میں شرکت کے لیے جمعے کو نئی دہلی پہنچے تھے۔

مئی 2023 میں بلاول بھٹو زرداری کے دورے اور مئی 2025 میں پاکستان اور انڈیا کے درمیان چار روزہ لڑائی کے بعد یہ کسی پاکستانی وفاقی وزیر کا انڈیا کا پہلا دورہ ہے۔

صحافیوں کے سوالات کے جوابات میں مصدق ملک نے واضح کیا ہے کہ دہشت گردی کے معاملے پر کسی بھی قسم کی بات چیت شواہد اور ٹھوس ثبوتوں کی بنیاد پر ہونی چاہیے۔

ان کا کہنا ہے کہ ’پاکستان اس مسئلے پر دوطرفہ یا کثیرالجہتی فورم پر اپنے شواہد پیش کرنے کے لیے تیار ہے اور خطے میں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے اجتماعی کوششوں کا خواہاں ہے۔‘

ان کے اس دورے کو بعض حلقے دونوں ممالک کے درمیان سفارتی روابط کی بحالی کے ممکنہ اشارے کے طور پر دیکھ رہے ہیں، تاہم سابق سفارت کاروں کے نزدیک اسے فی الحال دوطرفہ تعلقات میں کسی بڑی پیش رفت سے تعبیر نہیں کیا جا سکتا۔

x/Team_Musadik

’پاکستان تو خود دہشت گردی سے متاثر ہے‘

انڈیا میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مصدق ملک کا کہنا تھا کہ پاکستان خود دہشت گردی سے متاثر رہا ہے، اس لیے اس معاملے پر الزام تراشی کے بجائے ٹھوس شواہد اور شفاف طریقہ کار کے تحت بات ہونی چاہیے۔

ان کے مطابق خطے کے مسائل کو کسی ایک واقعے یا دوطرفہ تنازع تک محدود کرنے کے بجائے وسیع تر تناظر میں دیکھنے کی ضرورت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ’پاکستان متعدد مواقع پر یہ تجویز دے چکا ہے کہ دہشت گردی سے متعلق شواہد دوطرفہ مذاکرات یا کسی کثیرالجہتی فورم پر پیش کیے جا سکتے ہیں۔‘

انھوں نے کہا کہ ’پاکستان اپنے شواہد سامنے رکھنے کے لیے تیار ہے اور دوسرے فریق کو بھی اپنے ثبوت پیش کرنے چاہییں تاکہ تمام معاملات کا جائزہ حقائق کی روشنی میں لیا جا سکے۔‘

مصدق ملک نے کہا کہ ’دہشت گردی اور انتہا پسندی نے پورے خطے کو متاثر کیا ہے اور پاکستان کے ہزاروں شہری بھی اس کا نشانہ بن چکے ہیں۔‘

ان کے مطابق دہشت گردی کے خاتمے میں سب سے زیادہ مفاد پاکستان کا ہے، اسی لیے اسلام آباد چاہتا ہے کہ اس مسئلے پر علاقائی سطح پر مشترکہ کوششیں کی جائیں۔

ANI

’یہ دورہ صرف تہذیبی مکالمے تک محدود تھا‘

تخطى بی بی سی اُردو موبائل ایپ وواصل القراءة
بی بی سی اردو کی نئی موبائل ایپ کی تصویر
تمام اہم خبریں ایک ایپ میں

وہ تمام خِبریں جو آپ جاننا چاہتے ہیں بی بی سی ورلڈ سروس ایپ پر موجود ہیں

ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

بی بی سی اُردو موبائل ایپ نهاية

پاکستان کے سابق سفیر اعزاز چوہدری اور عمران علی دونوں کا ماننا ہے کہ مصدق ملک کا انڈیا کا دورہ ایس سی او کے تہذیبی مکالمے میں شرکت تک محدود تھا اور اسے پاکستان اور انڈیا کے دوطرفہ تعلقات میں کسی پیش رفت کے طور پر نہیں دیکھا جانا چاہیے۔

بی بی سی اردو سے بات کرتے ہوئے اعزاز چوہدری نے کہا کہ یہ دورہ کثیرالملکی کانفرنس کے تناظر میں تھا، نہ کہ پاکستان اور انڈیا کے دوطرفہ تعلقات کے حوالے سے۔ ان کے مطابق پاکستان نے ایسے مکالموں میں شرکت کا فیصلہ کیا اور یہ ایک بہتر فیصلہ تھا، کیونکہ ایس سی او کے حوالے سے رابطے برقرار رہنے چاہییں۔

اُن کے بقول انڈیا کی جانب سے بھی واضح کیا گیا ہے کہ پاکستان کے ساتھ تعلقات کے حوالے سے اس کے مؤقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی، جبکہ پاکستان نے بھی اس دورے کو دوطرفہ تعلقات میں پیش رفت کے طور پر پیش نہیں کیا۔ اس لیے اسے ایس سی او کے دائرے میں ہی دیکھا جانا چاہیے، نہ کہ اس سے کوئی دوسرا مطلب اخذ کیا جائے۔

اعزاز چوہدری کے مؤقف سے اتفاق کرتے ہوئے سابق سفیر عمران علی نے بھی کہا کہ مصدق ملک کا دورہ انڈیا ایس سی او فورم میں شرکت تک محدود تھا اور اس سے ہٹ کر کوئی دوسرا پہلو نہیں تھا۔

دونوں ممالک کے تعلقات میں بہتری سے متعلق بیانات اور سوشل میڈیا پر ہونے والی بحث کے بارے میں سوال پر عمران علی نے کہا کہ فی الحال دونوں جانب سے دوطرفہ تعلقات کے حوالے سے کوئی لچک دکھائی نہیں دے رہی۔

ان کے مطابق ٹریک ٹو یا بیک ڈور ڈپلومیسی کے ذریعے رابطے ممکنہ طور پر جاری ہیں، کیونکہ گذشتہ دنوں یہ خبر بھی سامنے آئی تھی کہ پاکستان کے ایک سابق سفیر انڈیا گئے ہوئے تھے۔ تاہم انھوں نے کہا کہ اب تک انھیں کوئی ایسی بڑی پیش رفت نظر نہیں آئی جس سے یہ کہا جا سکے کہ انڈیا کی بی جے پی حکومت بھی دوطرفہ تعلقات میں بہتری کی خواہاں ہے۔

عمران علی کے مطابق اگر ایک طرف سے بات چیت کے لیے مثبت بیانات سامنے آئیں اور دوسری طرف سے سخت رویہ اختیار کیا جائے تو ملکی خودمختاری اور وقار کا تقاضا ہے کہ اپنی عزت اور حیثیت کو بھی برقرار رکھا جائے۔

انھوں نے کہا کہ بہت سے لوگ ان کے اس مؤقف سے اتفاق نہیں کریں گے اور وہ چاہیں گے کہ مکالمے کا سلسلہ جاری رہے اور دونوں ممالک کے تعلقات بہتر ہوں، تاہم ان کے خیال میں اس کے ساتھ پاکستان کے وقار اور عزت کو برقرار رکھنا بھی ضروری ہے۔

دوسری جانب اعزاز چوہدری کا کہنا تھا کہ انڈیا عالمی سطح پر ایک طاقت بننے کا خواہش مند ہے، تاہم ایسا کرنے کے لیے اسے خطے کے دوسرے ممالک کو ساتھ لے کر چلنا ہوگا۔ ان کے مطابق پاکستان اور انڈیا کے درمیان مکالمے کا سلسلہ انڈیا نے روکا ہے، پاکستان نے نہیں۔

مصدق ملک کے دورے پر سوشل میڈیا پر کیا بحث ہو رہی ہے؟

پاکستانی وزیر کے انڈیا کے دورے کے بعد سوشل میڈیا پر دونوں ممالک کے تعلقات، سفارت کاری، دہشت گردی کے مسئلے اور باہمی روابط کی ضرورت پر مختلف آرا سامنے آ رہی ہیں۔

کچھ انڈین صارفین نے اس دورے کو سفارتی روابط کی اہمیت کے تناظر میں دیکھا اور پاکستان کے ساتھ بات چیت دوبارہ شروع کرنے کی ضرورت پر زور دیا، جبکہ پاکستان سے تعلق رکھنے والے بعض صارفین نے مصدق ملک کے دورے اور انڈیا میں ان کی گفتگو کو سفارتی پیش رفت قرار دیا۔

سوشل میڈیا پر ہونے والی اس بحث میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو سیاسی تنازعات سے الگ رکھنے، تجارت اور عوامی روابط بڑھانے اور حالیہ کشیدگی کے باوجود مکالمے کے راستے کھلے رکھنے کی بات بھی کی جا رہی ہے۔

x.com

انڈین دفاعی تجزیہ کار پروین ساہنی نے پاکستان اور انڈیا کے تعلقات کو سیاسی رنگ دینے پر تنقید کی۔ ان کے مطابق دہشت گردی کا مسئلہ 2014 میں مودی حکومت کے آنے کے بعد شروع نہیں ہوا بلکہ کئی دہائیوں پرانا ہے اور اسے سیاسی و خارجہ پالیسی کا مسئلہ بنانے کے بجائے بنیادی طور پر عسکری مسئلے کے طور پر دیکھنا چاہیے۔ انھوں نے پاکستانی وزیر کے ایس سی او فورم میں شرکت پر تنقید کرنے والے صحافیوں کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔

انڈین سفارت کار کنول سبل نے مصدق ملک کے دورے کا سفارتی تناظر میں دفاع کرتے ہوئے ایکس پر ایک طویل پوسٹ کی جس میں ان کا کہنا تھا کہ ’کثیرالجہتی فورمز کی میزبانی انڈیا کی ذمہ داری ہے اور کسی پاکستانی وزیر کو دعوت دینا یا اس کی شرکت کی اجازت دینا سفارتی ذمہ داریوں کا حصہ ہے۔‘

انھوں نے کہا کہ ’اس دورے کے کوئی سکیورٹی مضمرات نہیں اور اسے سیاسی یا مذہبی تناظر میں دیکھنا مناسب نہیں۔‘

Pakistan

سینئر سیاست دان اور سابق سینیٹر مشاہد حسین سید کہتے ہیں کہ مصدق ملک نے ’انڈیا میں پاکستان اور اسلامی تہذیب کے تاریخی و ثقافتی کردار کا مؤثر انداز میں ذکر کیا۔‘ ان کے مطابق ایس سی او کا ثقافتی فورم دونوں ممالک کے مختلف بیانیوں کا میدان بن گیا ہے۔

انڈین صارف راہل گپتا نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ اختلافات کے باوجود دونوں ممالک کے درمیان سفارت کاری دوبارہ شروع ہونی چاہیے۔ انھوں نے تجارت کو داخلی ’سیاسی اختلافات سے الگ رکھنے اور عوامی روابط کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔‘

پاکستانی سینیٹر شیری رحمان نے انڈیا میں پاکستان سے متعلق بحث اور دلچسپی پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ’انڈین مین سٹریم میں پاکستان سے متعلق غیرمعمولی حد تک بحث ہوتی ہے۔‘ انھوں نے ’بالی وڈ کا حوالہ دیتے ہوئے اس دلچسپی پر طنزیہ انداز میں تبصرہ کیا۔‘

x.com

سابق انڈین پارلیمانی رکن جواہر سرکار نے کہا کہ دہلی میں ایس سی او کے تہذیبی فورم کے دوران پاکستان اور انڈیا کے وزرا کی خوشگوار ملاقات دیکھ کر اچھا لگا۔ انھوں نے کہا کہ ’دونوں ممالک میں بہت کچھ مشترک ہے اور انھیں بہتر بقائے باہمی کے لیے بات کرنی چاہیے۔‘

انڈین صحافی سشانت سنگھ نے کہا کہ مصدق ملک کی گفتگو پر انڈیا کی حکمران جماعت بی جے پی ان پر تنقید نہیں کر سکتی کیونکہ پاکستانی وزیر کو دہلی آنے کی دعوت خود انڈیا نے دی تھی۔

پاکستان کے صوبہ سندھ کے سابق گورنر محمد زبیر نے کہا کہ حالیہ تاریخ کے تناظر میں کسی پاکستانی وزیر کا انڈیا کا دورہ ایک غیرمعمولی واقعہ ہے اور اس پر انڈیا میں دلچسپی پیدا ہونا فطری ہے۔

تاہم انھوں نے پاکستان کے میڈیا پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’سفارتی معاملات پر ضرورت سے زیادہ توجہ دینے کے بجائے پاکستان میں غربت، بے روزگاری، مہنگائی، سرمایہ کاری اور معاشی ترقی جیسے مسائل کو بھی اہمیت دینی چاہیے۔‘

’BBC News اردو‘ ایڈیشن کا انتخاب کریں اور نیوز الرٹس، تحقیقاتی اور تفصیلی رپورٹس، سب کچھ ایک ہی جگہ پر حاصل کریں۔

نوٹ: نئی ایپ برطانیہ اور امریکہ میں دستیاب نہیں ہے اور اس کا انگریزی زبان میں ایڈیشن موجود نہیں۔