6 سالہ عائزہ جو کسی 80 سالہ دادی جیسی دکھتی ہیں

- مصنف, نندنی ویلاسامی
- عہدہ, بی بی سی تمل
- وقت اشاعت
- مطالعے کا وقت: 7 منٹ
’جب لوگ میری بیٹی کو دیکھتے ہیں تو ان کی مختلف رائے ہوتی ہے۔ وہ یہاں تک پوچھتے ہیں کہ آپ اس لڑکی کو باہر کیوں لا رہے ہیں؟ کیا آپ کو اسے گھر میں نہیں رکھنا چاہیے؟ لیکن میری بیٹی ایسی ہے، اسے باہر آنا چاہیے اور لوگوں کو اسے دیکھنا چاہیے۔‘ ایسا کہنا ہے عائزہ کی والدہ انجلی کا۔
انجلی اور اکھل انڈیا کی ریاست کیرالہ کے ایک گاؤں منانتھوادی سے تعلق رکھتے ہیں۔ ان کی چھ سالہ بیٹی ’ٹھکو‘ عرف عائزہ ایک غیر معمولی جینیاتی بیماری کا شکار ہیں اور اسی وجہ سے انھیں معاشرے میں طعنوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
لیکن ان تمام باتوں کو نظر انداز کرتے ہوئے عائزہ نے ڈاکٹر بننے کے خواب کو زندہ رکھا ہوا ہے۔ ان کے والدین بھی اپنی بیٹی کے خواب کو پورا کرنے کی پوری کوشش کر رہے ہیں۔
عائزہ کو ’کیوٹِس لیکسا‘ نامی جینیاتی بیماری ہے۔
عائزہ کی والدہ انجلی کا کہنا ہے کہ ’جب ٹھکو چھ ماہ کی تھی تو اس کے جسم پر جھریاں ٹھیک نہیں ہو رہی تھیں۔ اس لیے ہم اسے ہسپتال لے گئے، ڈاکٹر نے کہا کہ اصل مسئلہ جاننے کے لیے ہمیں جینیاتی ٹیسٹ کرانا پڑے گا۔ ایک ماہ بعد رپورٹ آئی، ڈاکٹر نے بتایا کہ بچی کو ’کیوٹِس لیکسا‘ نامی نایاب بیماری ہے۔‘
کیوٹِس لیکسا جلد کی ایک نایاب بیماری ہے جس میں جلد اپنی قدرتی لچک کھو دیتی ہے اور ڈھیلی پڑ کر جھریوں والی یا لٹکی ہوئی دکھائی دینے لگتی ہے۔
یہ بیماری بعض افراد میں پیدائشی ہوتی ہے جبکہ بعض میں زندگی کے دوران بھی پیدا ہو سکتی ہے۔ اس کی کچھ اقسام میں پھیپھڑوں، دل اور دیگر اندرونی اعضا پر بھی اثر پڑ سکتا ہے۔
ڈھائی سال کی عمر میں سرجری
انجلی کا کہنا ہے کہ اس بیماری کی وجہ سے عائزہ کو اکثر نزلہ، کھانسی اور بخار جیسے مسائل کا سامنا رہتا ہے اور انھیں مہینے میں کئی دن ہسپتال میں رہنا پڑتا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
انجلی کہتی ہیں کہ ’ہر ماہ ہمیں کم از کم دو سے تین ہسپتالوں میں جانا پڑتا ہے۔‘
انجلی کا یہ بھی کہنا ہے کہ جب عائزہ صرف ڈھائی سال کی تھی تو اسے ہرنیا اور ایک آنکھ میں خرابی کی وجہ سے دو سرجری کرانی پڑیں۔

عائزہ کی ڈاکٹر انجنا کے مطابق اس بیماری میں مبتلا افراد میں سانس اور دل کی بیماری جیسے مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔ ’کیوٹِس لیکسا‘ کی کئی اقسام ہیں۔
ڈاکٹر انجنا کہتی ہیں کہ ’اس بیماری سے متاثرہ مریضوں کی متوقع عمر کا انحصار اس بات پر ہوتا ہے کہ یہ جسم کے اندرونی اعضاء کو کس طرح متاثر کرتی ہے۔ ابھی تک کوئی ایسا علاج نہیں ہے جو اس بیماری کو مکمل طور پر ٹھیک کر سکے۔‘

بین الاقوامی خیراتی ادارے ’کیوٹِس لیکسا انٹرنیشنل‘ کے مطابق، دنیا بھر میں تقریباً 400 افراد، یا ہر 20 لاکھ افراد میں سے ایک کو یہ مرض لاحق ہے۔
انڈیا میں اس بیماری سے متاثرہ سات مریض ہیں۔ یہ تنظیم اس بیماری میں مبتلا مریضوں کو نفسیاتی مدد فراہم کرنے کے لیے کام کرتی ہے اور ان کے اہل خانہ کو ضروری رہنمائی اور مشاورت بھی فراہم کرتی ہے۔
ڈاکٹر انجنا عائزہ کے ساتھ ہی رہتی ہیں۔ عائزہ کا خواب ہے کہ وہ بڑی ہو کر ان کی طرح ڈاکٹر بنے۔ عائزہ کو رقص، ڈرائنگ اور گانا پسند ہے۔
عائزہ کی والدہ انجلی کہتی ہیں کہ ’ٹھکو مستقبل میں پٹھوں کے مسائل کا شکار ہو سکتی ہے۔ اس کے لیے دوڑنا اور چھلانگ لگانا جیسے کام کرنا ناممکن ہو سکتا ہے۔ صرف یہی نہیں، اس کے لیے ناچنا، گانا یا ڈرائنگ کرنا بھی مشکل ہو سکتا ہے۔‘
’یہ قبول کرنا بہت مشکل تھا‘
عائزہ کے والد اکھل ایک نجی کمپنی میں سکیورٹی گارڈ کے طور پر کام کرتے ہیں۔
عائزہ کے والد اکھل نے کہا کہ ’شروع میں تو ہمارے لیے یہ سب قبول کرنا بہت مشکل تھا کیونکہ ہم نے کبھی ایسی بیماری کے بارے میں سنا تھا اور نہ ہی دیکھا تھا۔ اس سے ہمیں بہت تکلیف ہوئی، ایسا لگا جیسے ہم ایک 70-80 سالہ دادی کو ایک چھوٹے بچے کے جسم میں دیکھ رہے ہوں، اس وقت جب میں اپنی بیٹی کو ڈاکٹر کے پاس لے کر گیا تو انھوں نے کہا کہ اس بیماری کا کوئی علاج دستیاب نہیں ہے۔‘
عائزہ کے والد کا کہنا ہے کہ ان کی ماہانہ تنخواہ سے علاج کے اخراجات پورے کرنا بہت مشکل ہے۔

اکھل کہتے ہیں کہ ’ہم اپنی آمدنی سے اخراجات پورے کرنے کا انتظام کرتے ہیں۔ ہم نے اس کے علاج کے لیے اپنے دیگر اخراجات میں کٹوتی کی۔ اس کا زیادہ تر علاج کیرالہ میں ہو رہا ہے۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’مجھے عائزہ کے خواب پر بہت فخر ہے۔ وہ بڑی ہو کر ڈاکٹر بننا چاہتی ہے۔‘
عائزہ اس وقت اپنے گھر کے قریب ایک سرکاری سکول میں پہلی جماعت میں ہیں۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ انھیں کون سا مضمون سب سے زیادہ پسند ہے، تو وہ فوراً ہی ’ریاضی‘ کہتی ہیں۔

عائزہ کی والدہ کہتی ہیں کہ ’عائزہ کو نہیں معلوم کہ اس کے ساتھ واقعی کیا ہو رہا ہے۔ لیکن کبھی کبھی وہ پوچھتی ہے، ’سب مجھے اس طرح کیوں دیکھتے ہیں؟ کوئی مجھ سے دوستی کیوں نہیں کرتا؟‘
’جب وہ پہلی بار سکول گئی تو ہر کوئی اسے ’امّاں‘ کہہ کر چھیڑتا تھا، پھر ہم سکول گئے اور پرنسپل کو بتایا کہ کیا ہوا تھا اور اس کے بعد صورتحال بالکل بدل گئی۔‘
پڑھائی میں ہوشیار
عائزہ کی استانی ایشوریا کہتی ہیں کہ ’وہ ہر چیز میں بہت ہوشیار ہے۔ چاہے وہ اپنے دوستوں کی مدد کرے یا کوئی اور، وہ ہر کام بہت اچھے طریقے سے کرتی ہے۔ شروع میں کچھ بچے اسے سکول میں چھیڑتے تھے، لیکن اب سب اس کے ساتھ بہت دوستانہ ہیں۔‘
’وہ ہمیشہ کہتی ہے کہ ’میں ڈاکٹر بننا چاہتی ہوں اور اپنے جیسے دوسرے بچوں کا علاج کرنا چاہتی ہوں۔‘ اس کی یہ باتیں سن کر میں خلوص دل سے دعا کرتا ہوں کہ اس کا یہ خواب ضرور پورا ہو۔‘

عائزہ کے انسٹاگرام پر 25,000 سے زیادہ فالوورز ہیں۔ عائزہ کے رقص کے شوق کو دیکھ کر ساتھ ہی رہنے والے ارجن نے اپنی ویڈیوز سوشل میڈیا پر پوسٹ کرنے کا خیال پیش کیا۔ اس کے والدین نے بھی اپنی بیٹی کی خوشی کے لیے اس پر رضامندی ظاہر کی۔ انھوں نے یہ انسٹاگرام اکاؤنٹ 2024 میں شروع کیا تھا اور ارجن آج تک اسے سنبھال رہے ہیں۔
ارجن کہتے ہیں کہ ’شروع میں، لوگ بہت زیادہ منفی تبصرے کرتے تھے۔ یہ سب برداشت کرنا بہت مشکل تھا۔ میں نے ان منفی تبصروں کو دوسروں کے نوٹس میں آنے سے پہلے ہی ڈیلیٹ کرنے کی عادت پیدا کر لی تھی۔‘
پہلے پہل، لوگوں کو عائزہ کے لیے صرف حسد یا ترس آتا تھا۔ لیکن بعد میں، لوگوں نے اسے قبول کر لیا کہ وہ کون ہے اور اسے مثبت روشنی میں دیکھنا شروع کر دیا۔ ایک بار، عائزہ نے مجھ سے کہا، ’میں اب بہت مشہور ہوں، مجھے کام پر ایک باڈی گارڈ رکھنا پڑتا ہے۔‘

تاہم ماہر نفسیات ڈاکٹر کرپاکر نے خبردار کیا ہے کہ ایک بچی جو پہلے سے ہی ایک نایاب بیماری میں مبتلا ہے، اتنی کم عمر میں سوشل میڈیا کی عادت ڈالنے سے مزید تناؤ کا شکار ہو سکتی ہے۔
جب اس بارے میں پوچھا گیا تو عائزہ کے والدین نے اس یقین کا اظہار کیا کہ یہ ریلز عائزہ کو دنیا کے سامنے ایک مثبت روشنی میں پیش کریں گی اور اس کے بارے میں منفی تبصروں کو کم کریں گی۔
انجلی کہتی ہیں کہ ’وہ بڑی ہو کر ڈاکٹر بننا چاہتی ہے، اور ہم یقینی طور پر اسے بہترین اعلیٰ تعلیم دیں گے جو ہم کر سکتے ہیں۔‘
اس کے والد اکھل جذباتی ہو جاتے ہیں اور کہتے ہیں کہ ’میری بیٹی تو میری زندگی ہے۔‘



















