وہ صحافی جو ہر دور میں جیل گیا

،تصویر کا ذریعہJumhoori Publications
- مصنف, عمیر سلیمی
- عہدہ, بی بی سی اُردو، اسلام آباد
- وقت اشاعت
- مطالعے کا وقت: 7 منٹ
پاکستانی صحافی اور انسانی حقوق کے کارکن حسین نقی 90 برس کی عمر میں وفات پا گئے ہیں۔ لاہور میں ان کی نماز جنازہ میں سیاسی، سماجی اور صحافتی حلقوں سے بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی جس کے بعد انھیں سپرد خاک کیا گیا۔
پاکستان کے صدر آصف علی زرداری نے ان کی وفات پر افسوس ظاہر کرتے ہوئے ایک پیغام میں کہا ہے کہ ’حسین نقی نے صحافت اور جمہوری اقدار کے فروغ کے لیے نمایاں کردار ادا کیا، ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔‘
حسین نقی مختلف اخباروں کے مدیر رہے جس کے بعد تین دہائیوں تک وہ ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان (ایچ آر سی پی) سے بھی منسلک رہے۔
ایک بیان میں ایچ آر سی پی کا کہنا ہے کہ '70 برس سے زائد عرصے پر محیط اپنے کیریئر میں طالب علم رہنما سے اخبار کے مدیر اور پھر ایچ آر سی پی کے خزانچی تک، متعدد قید و بند اور حکام کی انتقامی کارروائیاں بھی ان کے اس عزم کو کمزور نہ کر سکیں اور وہ طاقتور کے سامنے سچ بولتے رہے۔'
ایچ آر سی پی نے لکھا کہ 'نقی صاحب نے تین دہائیوں تک مختلف حیثیتوں میں ایچ آر سی پی کی خدمت کی اور اپنی وفات کے وقت کونسل کے ایک سرگرم رکن تھے۔
’پاکستان میں عوامی حقوق اور جمہوریت کے لیے بلند ہونے والی سب سے بڑی آوازوں میں سے ایک اب خاموش ہو گئی ہے۔‘
حسین نقی ’ہر دور میں گرفتار ہوئے‘
صحافی مظہر عباس انھیں پاکستان کے سب سے سینیئر صحافی اور ’مزاحمت کی علامت‘ کے طور پر یاد کرتے ہیں۔ انھوں نے بی بی سی کو بتایا کہ ان میں زمانہ طالب علمی سے ’جرات انکار‘ تھا۔
مظہر عباس کہتے ہیں کہ وہ اِن چند صحافیوں میں سے تھے جنھیں ’صوبہ بدر، شہر بدر کیا گیا۔ وہ جب صحافت میں تھے تو اخبارات سے اپنے اصولوں کی وجہ سے ٹرانسفر بھی ہوئے، نکالے بھی گئے۔‘
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
وہ تمام خِبریں جو آپ جاننا چاہتے ہیں بی بی سی ورلڈ سروس ایپ پر موجود ہیں
ایپ ڈاؤن لوڈ کریں
بی بی سی اُردو موبائل ایپ نهاية
وہ یاد کرتے ہیں کہ جب تک حسین نقی عملی صحافت میں تھے تو ’کوئی ایسا دور نہیں جب وہ گرفتار نہ ہوئے ہوں، چاہے وہ سویلین ادوار ہوں یا مارشل لا۔‘
مظہر عباس بتاتے ہیں کہ فوجی آمروں ایوب خان، یحییٰ خان اور ضیا الحق کے ادوار میں انھیں گرفتار کیا گیا جبکہ ذوالفقار علی بھٹو سے ان کی ’ذاتی طور پر اچھی دوستی تھی مگر اس کے باوجود وہ اس دور میں بھی گرفتار ہوئے۔‘
اس کی وجہ یہ تھی کہ وہ ’سوال کرنے اور انکار کرنے کی جرات رکھتے تھے۔‘
ایکس پر ایک پیغام میں صحافی حامد میر نے لکھا کہ ’ہر مشکل دور میں آزادی اظہار کی جنگ لڑنے والے بزرگ صحافی جناب حسین نقی اس دنیا کو چھوڑ کر اگلی دنیا کو سدھار گئے۔
’حسین نقی مارشل لا ادوار میں بھی جیل گئے اور جمہوری ادوار میں بھی قیدی بنے۔‘
حامد میر نے حسین نقی کی آپ بیتی ’مجھ سے جو ہو سکا‘ کا حوالہ دیا اور لکھا کہ ’جب حسین نقی صاحب نے پاکستان کے پہلے سویلین مارشل لا ایڈمنسٹریٹر ذوالفقار علی بھٹو سے سرعام اختلاف کیا تو گرفتار کر لیے گئے۔ اُن پر فوجی عدالت میں مقدمہ چلا اور ایک سال قید کی سزا ملی۔
’جنرل ضیا کا مارشل لا آیا تو حسین نقی پھر گرفتار ہو گئے۔ گرفتاری کے بعد انھیں شاہی قلعے لاہور کے عقوبت خانے میں بند کر دیا گیا۔‘
وہ لکھتے ہیں کہ 'یہاں اُن سے تفتیش کے لیے ایک پولیس افسر آیا تو نقی صاحب کو دیکھ کر بولا کہ ’آپ کو تو بھٹو حکومت نے بھی گرفتار کیا تھا، اب آپ پھر گرفتار ہو گئے ہیں۔ آپ کو ہر حکومت سے اختلاف کیوں ہو جاتا ہے؟‘ نقی صاحب نے کہا ’مجھے نہیں، حکومتوں کو مجھ سے اختلاف ہو جاتا ہے‘۔‘

،تصویر کا ذریعہHRCP
آخری تقریر میں بھی مزاحمت کی جھلک
حسین نقی نے اپنے آخری دنوں تک انسانی حقوق کے لیے آواز بلند کی۔ اس کی سب سے حالیہ مثال سنیچر کے روز کی ہے جب وہ لاہور میں شاعر احمد فرہاد کی کتاب کی رونمائی کی تقریب پر موجود تھے۔ انھوں نے اس موقع پر اپنی آخری تقریر کی۔
اس میں حسین نقی نے کہا کہ ’اگر پاکستان میں آپ تبدیلی چاہتے ہیں تو آپ کو سڑکوں پر نکلنا پڑے گا، لڑنا پڑے گا اور ظاہر ہے کہ اس میں شہادتیں بھی ہوں گی۔ اس میں قید و بند بھی ہو گا۔
’اگر آپ اس کے لیے تیار نہیں ہوں گے تو ظاہر ہے پھر آپ کے گلے میں غلامی کا طوق ہی جاری رہے گا۔‘
دریں اثنا صحافی وحید مراد نے حسین نقی کی کتاب ’مجھ سے جو ہو سکا‘ سے ایک اقتباس شیئر کیا۔ اس میں نقی 2018 کے دوران پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن میں بطور رکن ہونے کے بارے میں لکھتے ہیں کہ ’ایک دن سابق چیف جسٹس ثاقب نثار نے ’پنجاب کی وزیر صحت یاسمین راشد اور تمام بورڈ ممبران کو طلب کر لیا۔ دو رکنی بینچ کی عدالتی کاروائی شروع ہوتے ہی ثاقب نثار چیخے کہ ’حسین نقی کون ہے؟ کہاں ہے؟ اس کی وجہ سے معزز جج عامر رضا کو استعفیٰ دینا پڑا‘۔‘
’میں نے اُن کو اپنی موجودگی بارے آگاہ کیا، چیف جسٹس نے کہا کہ ’بورڈ تو توڑ دیا گیا ہے‘ اور اس کے بعد وہ برہمی سے بولے کہ میں نے ’عدالت میں اونچی آواز میں بات کی ہے۔ تمہاری ہمت کیسے ہوئی عدالت میں اونچی آواز میں بات کرنے کی، میں تمہیں توہین عدالت کا نوٹس دوں گا۔‘
’میں نے کہا کہ ’آپ مجھے سن تو لیں۔‘ چیف جسٹس نے مجھے عدالت سے معافی مانگنے کا کہا۔‘
مظہر عباس بتاتے ہیں کہ حسین نقی ان صحافیوں میں سے تھے جنھوں نے سقوط ڈھاکہ دیکھا تھا۔ ’ان کی شیخ مجیب اور ذوالفقار علی بھٹو دونوں سے اچھے تعلقات تھے مگر انھوں نے کبھی اپنے اصولوں پر سمجھوتہ نہیں کیا اور حکمرانوں سے تعلقات کو حاوی نہیں آنے دیا۔‘
حسین نقی بطور مدیر: ’جاب سکیورٹی تو میری بھی نہیں‘
لندن میں بی بی سی نیوز اردو کے نامہ نگار عارف شمیم یاد کرتے ہیں کہ اخبار کے مدیر کے طور پر حسین نقی نوجوانوں کی بھرپور حمایت کیا کرتے تھے۔
وہ حسین نقی سے اپنی پہلی ملاقات کو یاد کرتے ہیں۔ وہ بتاتے ہیں کہ ’میں اخبار دی نیشن میں کام کرتا تھا اور میرے مدیر نے مجھے کہا کہ یہ جان کر اچھا لگا کہ کوئی آپ کو ڈھونڈ رہا ہے۔‘
اس وقت حسین نقی دی نیوز میں مدیر تھے اور عارف شمیم کو اپنے اخبار میں نوکری کی پیشکش کرنا چاہتے تھے۔
عارف بتاتے ہیں کہ ’میں دی نیوز کے دفتر پہنچا تو میں نے ان سے شکایت کی کہ دی نیوز میں لوگوں کو نکال دیا جاتا ہے اور اگر مجھے جاب سکیورٹی دیں گے تو ہی میں دی نیشن چھوڑ کر دی نیوز جوائن کروں گا۔
’اس پر وہ (نقی) کہنے لگے کہ جاب سکیورٹی تو میری بھی نہیں ہے، میں تمھیں کیسے دوں؟‘
عارف شمیم کہتے ہیں کہ اسی وقت انھوں نے فیصلہ کر لیا کہ انھوں نے حسین نقی کے ساتھ کام کرنا ہے۔ ’حسین نقی اتنے دلیر اور سچے انسان تھے کہ انھیں جھوٹ بولنے کی کوئی ضرورت نہیں تھی۔‘
ایک موقع پر جب عارف شمیم نے ایک چیف رپورٹر کی کاپی کو ایڈٹ کر کے اس میں کچھ تبدیلیاں کیں تو رپورٹر نے اس پر بہت اعتراض کیا اور ان سے تلخ کلامی کرنے لگے۔ اس پر حسین نقی ڈیسک پر آئے اور کہا ’یہ سب میری مرضی سے ہوا ہے۔ عارف سب کچھ کر سکتا ہے۔‘
عارف شمیم یاد کرتے ہیں کہ جب مینجمنٹ سے ایک موقع پر جھگڑا ہوا تو حسین نقی نے سب ساتھیوں کے ہمراہ دفتر چھوڑ دیا۔ ’ہم 70 لوگوں کا عملہ شام کے وقت لارینس گارڈن بیٹھ گیا۔ اُدھر نقی صاحب نے کہا ’دیکھو! سب کے اپنے اپنے مسائل ہوتے ہیں۔ میں تو آ گیا ہوں لیکن تم میں سے جو واپس جانا چاہتا ہے، وہ چلا جائے اور کوئی کسی کو کچھ نہیں کہے گا۔‘
’تو کچھ لوگ واپس چلے گئے اور انھوں نے وہاں جا کر اخبار تیار کیا۔‘
وہ پنجاب یونیورسٹی کا ایک واقعہ بھی سناتے ہیں کہ ایک روز وہاں ذوالفقار علی بھٹو آئے اور تقریر شروع کی تو گورنمنٹ کالج کے سابق پروفیسر بی اے چشتی کے بقول 'وہاں ہال میں بیٹھا ایک چھوٹے قد کا آدمی (حسین نقی) اپنی کرسی سے اُٹھا اور کہنے لگا تم کیا غریبوں کی باتیں کر رہے ہو، تم تو خود سرمایہ دار جاگیردار آدمی ہو۔‘
عارف شمیم کہتے ہیں کہ یہ بھٹو کے عروج کا دور تھا اور کوئی ایسی جرات نہیں کر سکتا تھا۔ ’ایک ایس پی بھاگا بھاگا آیا اور اس نے نقی صاحب کو پکڑ لیا۔ اس پر بھٹو نے فوراً کہا پیچھے ہٹ جاؤ! دو دانشور آپس میں بات کر رہے ہیں۔‘




















