یوکرین جنگ ختم کرنے کے لیے روس سے مذاکرات پر تیار ہیں: یورپی رہنماؤں کا اعلان

،تصویر کا ذریعہReuters
برلن میں یوکرین کے حامی ممالک کے اتحاد ’کولیشن آف دی وِلنگ‘ کے اجلاس میں یورپی رہنماؤں نے کہا ہے کہ وہ یوکرین جنگ کے خاتمے کے لیے روس کے ساتھ مذاکرات پر تیار ہیں، تاہم انھوں نے زور دیا کہ کسی بھی معاہدے میں یوکرین اور یورپ کے مفادات کا تحفظ ضروری ہوگا۔
برطانوی وزیرِ اعظم اینڈی برنہم نے کہا کہ یورپ کا مذاکرات کے حوالے سے ’واضح، مستقل اور متحد مؤقف‘ ہے، جبکہ جرمن چانسلر فریڈرش مرز نے روس کے مطالبات کو ’غیر حقیقت پسندانہ‘ قرار دیا۔
ادھر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مشیر اور داماد جیرڈ کشنر نے کہا کہ ٹرمپ روس کے ساتھ ایسا امن معاہدہ چاہتے ہیں جس میں یورپ بھی شریک ہو۔ تاہم روسی صدر ولادیمیر پوتن اب تک امریکی قیادت میں جاری امن کوششوں میں یورپی کردار کو قبول کرنے سے گریز کرتے رہے ہیں۔
چین کے شہر شینزین میں ٹرمپ، پوتن اور شی جن پنگ کی حالیہ ملاقات کے بعد پوتن نے کہا کہ روس یورپی شمولیت کے خلاف نہیں، لیکن پہلے یہ واضح ہونا چاہیے کہ یورپ مذاکرات میں کیا کردار ادا کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ یورپی مؤقف جاننے کے لیے انہیں ماسکو آنے کی دعوت دی گئی ہے۔
یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی نے تاہم محتاط رویہ اختیار کرتے ہوئے کہا کہ پوتن اب تک پیش کی جانے والی ہر تجویز کو مسترد کرتے آئے ہیں۔ جرمن چانسلر مرز نے بھی اس بات پر زور دیا کہ یورپی سلامتی پر بات چیت صرف اس صورت میں ممکن ہے جب پہلے یوکرین کے ساتھ امن معاہدے پر پیش رفت ہو۔
فرانسیسی صدر ایمانوئل میکخواں نے یوکرین کے لیے مزید فضائی دفاعی نظام فراہم کرنے کی اپیل کی اور نیٹو میں یوکرین کی ممکنہ رکنیت کے معاملے پر دوبارہ غور کرنے کا مطالبہ کیا۔
ادھر روس کی جانب سے یوکرین پر حملے جاری ہیں۔ جمعرات کو کئیو کے تاریخی مرکز میں ڈرون حملوں کے نتیجے میں کم از کم ایک شخص ہلاک ہوا جبکہ متعدد عمارتوں، سفارت خانوں اور ایک گرجا گھر کو نقصان پہنچا۔ روس نے کریمیا پل پر یوکرینی حملے کے جواب میں مزید سخت کارروائی کی دھمکی بھی دی ہے۔




