’میں ہمیشہ تمھارے ساتھ رہوں گی‘: ایک وعدہ جو معذوری اور طلاق کے بعد بھی نبھایا گیا

کرس نے صرف 21 سال کی عمر میں اپنے پہلے شوہر برینڈن سے شادی کی تھی۔
،تصویر کا کیپشنکرس نے صرف 21 سال کی عمر میں اپنے پہلے شوہر برینڈن سے شادی کی تھی
وقت اشاعت
مطالعے کا وقت: 10 منٹ

کرس آرمسٹرانگ کی عمر اس وقت بمشکل 20 برس سے کچھ زیادہ تھی۔ شادی کو صرف دو سال ہوئے تھے کہ ایک دن ان کا فون بجا۔ دوسری جانب ایک پولیس افسر تھا، جس نے بتایا کہ ان کے شوہر برینڈن ایک شدید کار حادثے کا شکار ہو گئے ہیں۔

کرس یاد کرتی ہیں کہ ’مجھے ایسا محسوس ہوا جیسے میں اپنے جسم سے باہر کھڑی ہو کر یہ سب دیکھ رہی ہوں۔ بالکل ویسے ہی جیسے فلموں میں کسی کو ایک ایسی فون کال موصول ہوتی ہے جو اس کی پوری زندگی بدل دیتی ہے۔‘

کرس نے 21 سال کی عمر میں برینڈن سے شادی کی تھی۔ برینڈن نہایت پُرجوش اور زندگی سے بھرپور انسان تھے۔ انھیں بریک ڈانس اور سنو بورڈنگ کا شوق تھا۔ وہ اپنے جذبات کا کھل کر اظہار کرتے اور کرس کے لیے بڑے بڑے رومانوی سرپرائز بھی ترتیب دیتے تھے۔

دونوں نے اپنے مشترکہ مستقبل کے بے شمار خواب سجا رکھے تھے، مگر اس ایک فون کال نے ان سب منصوبوں کو تہس نہس کر دیا۔ ہسپتال جاتے ہوئے کرس نے اپنی والدہ سے پوچھا کہ اگر برینڈن واقعی مر چکے ہوں تو وہ کیا کریں گی۔ اس وقت انھیں یہ معلوم نہیں تھا کہ ہسپتال پہنچنے پر انھیں مردہ خانے میں اپنے شوہر کی لاش کی شناخت کرنا ہوگی یا کسی وارڈ میں انھیں زندہ دیکھنے کا موقع ملے گا۔

جب امید بھی ساتھ تھی اور درد بھی

کرس کہتی ہیں کہ اگر وہ سنڈریلا تھیں تو برینڈن ان کے پرنس چارمنگ تھے
،تصویر کا کیپشنکرس کہتی ہیں کہ اگر وہ سنڈریلا تھیں تو برینڈن ان کے پرنس چارمنگ تھے

حادثے میں برینڈن کے دماغ کو شدید چوٹ لگی تھی اور وہ کومے میں چلے گئے تھے۔ حادثے کے تقریباً دو ہفتے بعد جب انھوں نے پہلی بار آنکھیں کھولیں تو وہ کسی کو پہچان نہیں سکتے تھے۔

کرس بتاتی ہیں، ’وہ کسی کی طرف دیکھتے ہی نہیں تھے۔ بس صبح آنکھیں کھولتے اور رات کو بند کر لیتے۔ پھر اگلے دن یہی عمل دہرایا جاتا۔ اس کے علاوہ ان کے جسم میں کوئی خاص حرکت نہیں ہوتی تھی۔‘

وقت گزرنے کے ساتھ ان کی حالت میں معمولی بہتری کے آثار نظر آنے لگے۔ ایک دن انھوں نے اپنی اور کرس کی شادی کی تصویر میں کرس کی جانب انگلی سے اشارہ کیا۔ ایک اور موقع پر انھوں نے کرس سے کہا، ’میں تم سے محبت کرتا ہوں۔‘

کرس کہتی ہیں، ’یہ الفاظ میرے لیے زندگی کے خوبصورت ترین الفاظ تھے۔‘

تخطى بی بی سی اُردو موبائل ایپ وواصل القراءة
بی بی سی اردو کی نئی موبائل ایپ کی تصویر
تمام اہم خبریں ایک ایپ میں

وہ تمام خِبریں جو آپ جاننا چاہتے ہیں بی بی سی ورلڈ سروس ایپ پر موجود ہیں

ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

بی بی سی اُردو موبائل ایپ نهاية

کبھی کبھار انھیں برینڈن کی پرانی شوخ مزاج شخصیت کی جھلک بھی دکھائی دیتی تھی، مگر حادثے نے ان کی یادداشت، سوچنے اور سمجھنے کی صلاحیت کو بری طرح متاثر کر دیا تھا۔ وہ چند منٹ پہلے ہونے والی بات بھی بھول جاتے تھے۔ نہ وہ خود کھانا کھا سکتے تھے، نہ کپڑے پہن سکتے تھے اور نہ ہی چل سکتے تھے۔

کرس کے مطابق، ’انھیں اکثر یاد نہیں رہتا تھا کہ ہفتے کا کون سا دن ہے، کون سا مہینہ چل رہا ہے، یا ہم کہاں ہیں۔ مجھے ایک ہی بات بار بار سمجھانی پڑتی تھی۔‘

ابتدا میں ایسا لگتا تھا کہ شاید ان کی حالت بتدریج بہتر ہو جائے گی، لیکن وقت کے ساتھ ان کی کئی صلاحیتیں مزید متاثر ہونے لگیں۔ وہیل چیئر خود چلانے، روانی سے بولنے اور روزمرہ گفتگو سمجھنے کی صلاحیت بھی کم ہوتی چلی گئی۔

برینڈن کی ہر ضرورت پوری کرتے کرتے کرس کو احساس ہوا کہ ان کے رشتے کی نوعیت بدل چکی ہے۔ وہ صرف ایک بیوی نہیں رہیں بلکہ ہر وقت ان کی دیکھ بھال کرنے والی بن گئی تھیں۔

وہ کہتی ہیں کہ ’برینڈن مجھے اس طرح دیکھتے تھے جیسے کوئی چھوٹا بچہ اپنے والدین کو دیکھتا ہے۔ جب وہ گھبراتے یا انھیں کسی چیز کی ضرورت ہوتی تو میری طرف رجوع کرتے۔ ایک وقت ایسا آیا جب مجھے محسوس ہوا کہ میں ان کی بیوی کم اور ماں زیادہ بن گئی ہوں۔‘

برینڈن انتہائی پھرتیلے اور پُرجوش تھے۔ وہ بریک ڈانس کرتے تھے اور سنو بورڈنگ کے شوقین تھے
،تصویر کا کیپشنبرینڈن انتہائی پھرتیلے اور پُرجوش تھے۔ وہ بریک ڈانس کرتے تھے اور سنو بورڈنگ کے شوقین تھے

کچھ دن بعد ڈاکٹروں کا دستخط شدہ ایک خط آیا۔ اس میں واضح طور پر لکھا تھا کہ برینڈن اب کبھی کام نہیں کر سکیں گے۔

یہ خط کرس کے لیے ایک تلخ حقیقت کا پیغام تھا۔ پہلی بار انھیں مکمل طور پر احساس ہوا کہ یہ کوئی عارضی مرحلہ نہیں بلکہ ایک مستقل حقیقت بن چکا ہے۔ اس کے باوجود انھوں نے ہار نہیں مانی اور فیصلہ کیا کہ وہ حالات کا مقابلہ کریں گی اور برینڈن کو گھر لے آئیں گی۔

مگر برینڈن کی 24 گھنٹے دیکھ بھال کرنا انتہائی مشکل اور تھکا دینے والا کام تھا۔ بعض اوقات گھر سے نکلنے سے پہلے ہی کرس کو ان کے کپڑے کئی بار تبدیل کرنا پڑتے تھے۔

کرس کے اہلِخانہ اور دوست یہ سب دیکھ رہے تھے اور انھیں اس بات کی فکر ہونے لگی تھی کہ وہ خود اس بوجھ کو کب تک اٹھا سکیں گی۔

پھر ایک رات وہ بالآخر ٹوٹ گئیں۔

کرس کہتی ہیں، ’میں اس مقام پر پہنچ چکی تھی جہاں مجھ میں مزید ہمت نہیں بچی تھی۔ میں نے بہت زیادہ شراب پی رکھی تھی اور ایک بالٹی میں قے کر رہی تھی۔ میرے چند دوست میرے ساتھ تھے، وہ سب چرچ کے ساتھی تھے۔‘

اسی حالت میں انھوں نے اپنے دوستوں سے ایک سوال کیا، ’اگر میں یہ سب ٹھیک طرح سے نہ کر سکی، اگر میں ناکام ہو گئی، تو کیا تم لوگ پھر بھی مجھ سے محبت کرو گے؟‘

آخرکار کرس نے یہ مشکل فیصلہ قبول کر لیا کہ برینڈن کو ایک نرسنگ ہوم میں منتقل کر دیا جائے، جہاں ان کی بہتر دیکھ بھال ہو سکتی تھی۔

نرسنگ ہوم میں پہلے ہی دن دوپہر کے کھانے کے وقت ایک دل کو چھو لینے والا منظر سامنے آیا۔ عملے نے کھانا کئی چھوٹے چھوٹے ڈبوں میں پیش کیا۔ برینڈن انھیں دیکھ کر بے حد خوش ہو گئے۔

انھیں یوں محسوس ہوا جیسے وہ کسی ہوائی جہاز میں سفر کر رہے ہوں۔

مسکراتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ’دیکھو، کتنے سارے چھوٹے چھوٹے ڈبے ہیں۔ یہ کتنے پیارے ہیں۔‘

طلاق کا فیصلہ، مگر ساتھ چھوڑنے کا نہیں

کرس اور برینڈن کی ملاقات چرچ میں ہوئی تھی، تب دونوں نوعمر تھے
،تصویر کا کیپشنکرس اور برینڈن کی ملاقات چرچ میں ہوئی تھی

برینڈن نرسنگ ہوم میں منتقل ہو گئے، مگر اس کے بعد بھی کرس کی زندگی کا ایک مشکل مرحلہ باقی تھا۔ انھوں نے اپنے اور برینڈن کے رشتے کے بارے میں طویل سوچ بچار کی، دعا کی اور یہ سمجھنے کی کوشش کی کہ آگے کا راستہ کیا ہونا چاہیے۔

آخرکار انھوں نے برینڈن سے طلاق لینے کا فیصلہ کیا۔ تاہم یہ فیصلہ ان سے دور ہونے یا انھیں تنہا چھوڑ دینے کے لیے نہیں تھا۔ کرس نے عزم کیا کہ طلاق کے بعد بھی وہ برینڈن کی قانونی سرپرست رہیں گی اور ان کی دیکھ بھال اور حقوق کے لیے اسی طرح جدوجہد کرتی رہیں گی۔

کرس کے مطابق جب انھوں نے برینڈن کو طلاق کے بارے میں سمجھانے کی کوشش کی تو وہ پوری طرح اس بات کو نہیں سمجھ سکے۔ البتہ وہ یہ ضرور جان گئے تھے کہ کرس انھیں چھوڑ کر نہیں جائیں گی۔

کرس کہتی ہیں کہ ’میں نے انھیں یقین دلایا تھا کہ میں ہمیشہ ان کے ساتھ رہوں گی۔‘ طلاق ہو گئی، مگر اس کے بعد بھی ان کے تعلق کی نوعیت عملی طور پر نہیں بدلی۔

وہ کہتی ہیں کہ ’کچھ بھی نہیں بدلا۔ میں پہلے کی طرح ان سے ملنے جاتی رہی، ان کے ساتھ وقت گزارتی رہی اور ان سے اتنی ہی محبت کرتی رہی۔‘

تاہم طلاق کے بعد برینڈن کی قانونی سرپرست بنے رہنا آسان کام نہیں تھا۔ اس کے لیے کرس کو طویل عدالتی اور قانونی کارروائی سے گزرنا پڑا۔ بہت سے وکلا کے لیے یہ بات سمجھنا مشکل تھی کہ ایک خاتون اپنے شوہر سے طلاق بھی لینا چاہتی ہے اور اسی شخص کی قانونی ذمہ داری بھی اپنے پاس رکھنا چاہتی ہے۔

لیکن کرس اپنے فیصلے پر قائم رہیں۔

تقریباً ایک سال تک انھوں نے برینڈن کی دیکھ بھال سے متعلق اپنے کردار کا تفصیلی ریکارڈ محفوظ رکھا۔ وہ ان کی ہر اہم ملاقات میں شریک ہوتیں، روزانہ ان سے ملنے جاتیں اور مسلسل یہ ثابت کرتی رہیں کہ طلاق کے باوجود ان کی ذمہ داری اور وابستگی میں کوئی کمی نہیں آئے گی۔

بالآخر جب عدالت میں برینڈن کی قانونی سرپرستی کے معاملے کی سماعت ہوئی تو خاندان کے کسی فرد نے کرس کی درخواست کی مخالفت نہیں کی۔

کرس کہتی ہیں کہ ’مجھے آج بھی یاد ہے کہ اس لمحے میں نے کتنی راحت محسوس کی تھی۔‘

’مجھے لگتا ہے، یہ بہت خوبصورت ہے‘

وقت گزرنے کے ساتھ جیمز اور برینڈن کے درمیان اپنا ایک الگ تعلق بن گیا
،تصویر کا کیپشنوقت گزرنے کے ساتھ جیمز اور برینڈن کے درمیان اپنا ایک الگ تعلق بن گیا

کئی برس تک برینڈن کی دیکھ بھال اور ان کی ذمہ داری نبھانے کے بعد کرس نے پہلی بار اپنے مستقبل کے بارے میں سنجیدگی سے سوچنا شروع کیا۔ وہ ہمیشہ سے اپنا خاندان بسانا اور بچوں کی ماں بننا چاہتی تھیں۔ اس کے ساتھ ساتھ وہ تنہائی بھی محسوس کرنے لگی تھیں۔

اسی لیے انھوں نے ایک آن لائن ڈیٹنگ ایپ پر اپنی پروفائل بنائی۔ مگر انھوں نے ابتدا ہی سے طے کر لیا تھا کہ وہ اپنی زندگی کی غیرمعمولی صورتِ حال کسی سے نہیں چھپائیں گی۔

جب ان کی ملاقات جیمز سے ہوئی تو انھوں نے کھل کر سب کچھ بتا دیا۔ انھوں نے بتایا کہ ان کے پہلے شوہر برینڈن زندہ ہیں، ایک حادثے کے نتیجے میں ان کے دماغ کو شدید چوٹ پہنچی تھی اور وہ اب بھی قانونی طور پر ان کی سرپرست ہیں۔

یہ سب سننے کے بعد جیمز نے نہ صرف تعلق ختم نہیں کیا بلکہ کرس کی بات سے گہرے طور پر متاثر ہوئے۔ کرس کو یاد ہے کہ جیمز نے ان سے کہا تھا کہ ’میرے خیال میں یہ بہت خوبصورت بات ہے۔‘

وقت کے ساتھ دونوں ایک دوسرے کے قریب آنے لگے۔ کچھ عرصے بعد کرس برینڈن کو چرچ لے گئیں، جہاں جیمز بھی ان کے ساتھ تھے۔ ایک موقع پر کرس چند منٹ کے لیے وہاں سے باہر چلی گئیں۔ جب وہ واپس آئیں تو انھوں نے ایک ایسا منظر دیکھا جس نے ان کے دل کی بہت سی الجھنیں دور کر دیں۔

جیمز برینڈن کے پاس بیٹھے تھے۔ ان کا ہاتھ برینڈن کے کندھے پر تھا اور برینڈن مسکرا رہے تھے۔

کرس ہنستے ہوئے کہتی ہیں، ’اسی لمحے مجھے محسوس ہوا کہ بس، اب فیصلہ ہو چکا ہے۔‘

ان کے لیے یہ صرف جیمز اور برینڈن کی پہلی حقیقی ملاقات نہیں تھی، بلکہ اس بات کا اشارہ بھی تھا کہ شاید ان کی زندگی ایک نئے باب میں داخل ہونے والی ہے، جہاں ماضی کی ذمہ داری اور مستقبل کی امید ایک ساتھ چل سکتی ہیں۔

فزیوتھراپی کے ایک سیشن کے دوران جیمز برینڈن کو سہارا دے رہے ہیں
،تصویر کا کیپشنفزیوتھراپی کے ایک سیشن کے دوران جیمز برینڈن کو سہارا دے رہے ہیں

وقت کے ساتھ جیمز اور برینڈن کے درمیان بھی ایک منفرد اور گہرا رشتہ قائم ہو گیا۔ جیمز نہ صرف کرس کے ساتھ برینڈن سے ملنے جاتے تھے بلکہ بعض اوقات اکیلے بھی ان کی عیادت کے لیے پہنچتے اور راستے میں ان کے لیے سٹاربکس سے ان کا پسندیدہ مشروب لے جاتے۔

ادھر کرس اور جیمز نے مل کر اپنی زندگی کا ایک نیا باب شروع کیا۔ وقت کے ساتھ ان کے ہاں دو بیٹیاں پیدا ہوئیں، مگر اس نئی زندگی میں بھی برینڈن کی جگہ برقرار رہی۔ وہ ہمیشہ اس خاندان کا حصہ رہے۔

کرس اب تقریباً 18 برس سے برینڈن کی دیکھ بھال کر رہی ہیں۔ وہ کہتی ہیں، ’ہمارا ایک خاندان ہے۔ ہماری بیٹیاں ہیں، میرا سوتیلا بیٹا ہے اور برینڈن ہیں۔ جب ہم اپنے خاندان کی بات کرتے ہیں تو برینڈن بھی اسی خاندان کا حصہ ہوتے ہیں۔‘

بچوں کو بھی معلوم ہے کہ برینڈن کون ہیں اور ان کے ساتھ کیا پیش آیا تھا۔ وہ انھیں ’انکل برینڈن‘ کہہ کر پکارتے ہیں، باقاعدگی سے ان سے ملنے جاتے ہیں اور خاندان کی خوشیوں اور اہم تقریبات میں انھیں بھی شامل رکھتے ہیں۔

چند برس قبل پورے خاندان نے مل کر ایک فوٹو شوٹ کروایا۔ ان تصاویر میں صاف دکھائی دیتا تھا کہ برینڈن اس خاندان کا کتنا فطری اور اہم حصہ ہیں۔

تصاویر بنوانے سے پہلے کرس نے جیمز سے پوچھا تھا کہ کیا وہ کچھ ایسی خاندانی تصاویر بھی بنوانا چاہتے ہیں جن میں برینڈن شامل نہ ہوں۔ جیمز نے فوراً جواب دیا، ’نہیں، برینڈن ہمارے خاندان کا حصہ ہیں۔ وہ ہر تصویر میں ہوں گے۔‘

شاید یہی وہ بات تھی جس نے برسوں پہلے ایک المناک حادثے سے بکھر جانے والی زندگی کی کہانی کو ایک نئے معنی دیے۔ رشتہ قانونی طور پر ختم ہو گیا تھا، لیکن محبت، وفاداری اور ذمہ داری کا بندھن قائم رہا، اور برینڈن ایک ایسے خاندان کا حصہ بن گئے جو خون یا کاغذی رشتوں سے نہیں بلکہ ساتھ نبھانے سے جڑا ہوا تھا۔

'BBC News اردو' ایڈیشن کا انتخاب کریں اور نیوز الرٹس، تحقیقاتی اور تفصیلی رپورٹس، سب کچھ ایک ہی جگہ پر حاصل کریں۔

نوٹ: نئی ایپ برطانیہ اور امریکہ میں دستیاب نہیں ہے اور اس کا انگریزی زبان میں ایڈیشن موجود نہیں