لائیو , شینژو 24: خلا میں جانے والے پہلے پاکستانی خلاباز ذیشان علی کی پرواز آج، چینی مشن کی تیاریاں مکمل

پاکستان کے پہلے خلاباز محمد ذیشان علی چین کے خلائی سٹیشن تیانگونگ کے لیے ایک تاریخی خلائی مشن پر روانہ ہونے والے ہیں۔ اس مشن کے ساتھ پاکستان انسانی خلائی پرواز اور تحقیق کے شعبے میں ایک نئے دور میں داخل ہو گا۔

خلاصہ

  • اپنے موبائل فون یا ٹیبلٹ پر بی بی سی اُردو تک براہِ راست رسائی کے لیے BBC WORLD SERVICE ایپ ڈاؤن لوڈ کر کے BBC News اردو ایڈیشن کا انتخاب کریں اور نیوز الرٹس، تحقیقاتی اور تفصیلی رپورٹس، سب کچھ ایک ہی جگہ پر حاصل کریں
  • پاکستان کے پہلے خلاباز محمد ذیشان علی چین کے خلائی سٹیشن تیانگونگ کے لیے ایک تاریخی خلائی مشن پر آج روانہ ہونے والے ہیں
  • یہ مشن چائنا مینڈ سپیس ایجنسی (سی ایم ایس اے) کی قیادت اور پاکستان کے خلائی ادارے سپارکو کے اشتراک سے مکمل کیا جا رہا ہے
  • پاکستانی خلا باز محمد ذیشان علی اس مشن میں پے لوڈ سپیشلسٹ کی حیثیت سے خدمات انجام دیں گے
  • سپارکو کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اس مشن کو پاکستان اور چین کے خلائی تعاون میں ایک اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے

لائیو کوریج

  1. شینژو 24 مشن کی روانگی سے قبل تقریب

    خلا بازوں کے لیے تقریب

    چین نے بدھ کے روز جیوچوان سیٹلائٹ لانچ سینٹر میں شینژو 24 انسان بردار خلائی مشن پر روانہ ہونے والے تین خلابازوں کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد کیا۔

    تقریب کے دوران خلا باز تانگ ہونگ بو، وو یی اور پاکستانی خلا باز محمد ذیشان علی نے اپنے مشن کے احکامات وصول کیے۔

  2. شینژو 24 مشن کا عملہ ریٹرن کیپسول میں داخل، اڑان کی حتمی تیاریاں مکمل

    شینژو 24 مشن کا عملہ ریٹرن کیپسول میں داخل

    چینی خلائی سٹیشن کے مطابق شینژو 24 مشن کے عملے نے ریٹرن کیپسول میں داخل ہو کر اڑان سے قبل حتمی چیکنگ مکمل کر لی ہے۔

    عملے میں چینی خلاباز کمانڈر تانگ ہونگ بو، وو یی اور پاکستانی خلا باز محمد ذیشان علی شامل ہیں، جو مدار کی جانب اپنے سفر کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔

  3. پاکستان کا ستاروں سے آگے سفر شروع ہو گیا: وزیر اعظم شہباز شریف

    پاکستانی خلا باز

    چین کے خلائی مشن میں پاکستانی خلا باز محمد ذیشان کی شمولیت پر وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کا ستاروں سے آگے سفر شروع ہو گیا۔

    اپنے بیان میں انھوں نے کہا کہ یہ صرف ایک خلا باز کا سفر نہیں، بلکہ پاکستانیوں کے عزم کی کہانی ہے۔

    شہباز شریف کا مزید کہنا تھا: ’ہماری قوم ایک تاریخی سنگ میل عبور کرنے جا رہی ہے، یہ نوجوان نسل، ہمارے سائنس دانوں اور ہمارے خوابوں کا سفر ہے۔‘

  4. خلا باز لانچ پیڈ کی جانب روانہ

    خلا باز لانچ پیڈ کی جانب روانہ

    چین کے خلائی مشن کے کمانڈر تانگ ہونگ بو، خلا باز وو یی اور پاکستانی خلا باز محمد ذیشان علی لانچ پیڈ کی جانب روانہ ہو گئے ہیں۔

  5. پاکستانی خلا باز محمد ذیشان علی کی خلائی پرواز پاکستان کے سرکاری اور نجی ٹی وی چینلز پر نشر کیے جانے کا امکان ہے

    CGTN

    پاکستان کے پہلے خلا باز محمد ذیشان علی کی چین کے خلائی سٹیشن تیانگونگ کے لیے تاریخی پرواز بدھ 25 نومبر کو پاکستانی وقت کے مطابق صبح پانچ بج کر 18 منٹ پر روانہ ہونے کے لیے شیڈول ہے، جسے پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی) سمیت مختلف آن لائن پلیٹ فارمز پر براہِ راست دیکھا جا سکے گا۔

    چین کے جیوکوان سیٹلائٹ لانچ سینٹر سے شینژو۔24 خلائی مشن کی روانگی بیجنگ کے وقت صبح آٹھ بج کر 18 منٹ پر شیڈول ہے۔

    پی ٹی وی بدھ کی صبح پاکستانی اور چینی وفود کی جانب سے خلا بازوں کو رخصت کرنے کی تقریب بھی براہِ راست نشر کرے گا، جس کی نشریات پاکستانی وقت کے مطابق رات ایک بج کر 40 منٹ سے دو بج کر 10 منٹ تک ہوں گی۔ جبکہ راکٹ کی روانگی کی براہِ راست نشریات صبح پانچ بجے سے پانچ بج کر 40 منٹ تک کی جائیں گی۔

    پی ٹی وی کی دونوں نشریات سیٹلائٹ کے ذریعے بھی دستیاب ہوں گی، جنھیں دیگر ٹی وی چینلز بھی اپنے نشریاتی نظام میں شامل کر سکیں گے۔

    مشن کی براہِ راست نشریات کے لیے سپارکو کے اسلام آباد میں مرکزی دفتر میں بھی انتظام کیا گیا ہے، جہاں سے راکٹ کی روانگی اور مشن سے متعلق سرگرمیاں دیکھی جا سکیں گی۔

    واضح رہے کہ محمد ذیشان علی شینژو۔24 مشن میں پے لوڈ سپیشلسٹ کے طور پر شامل ہیں اور چین کے تیانگونگ خلائی سٹیشن جانے والے پہلے غیر ملکی خلا باز ہوں گے۔

    یہ چین کے انسانی خلائی پروگرام کی تاریخ میں چینی اور غیر ملکی خلا بازوں پر مشتمل پہلی مشترکہ خلائی پرواز بھی ہو گی۔

  6. چھ دن کے خلائی مشن کے لیے زیشان علی کی چین میں تیاریوں کی جھلکیاں

    SUPARCO
    ،تصویر کا کیپشنپاکستان کے پہلے خلاباز محمد ذیشان علی کی تربیت کے دوران لی جانے والی ایک تصویر

    پاکستان کے پہلے خلاباز محمد ذیشان علی چین کے خلائی سٹیشن تیانگونگ کے لیے ایک تاریخی خلائی مشن پر روانہ ہونے والے ہیں۔ اس مشن کے ساتھ پاکستان انسانی خلائی پرواز اور تحقیق کے شعبے میں ایک نئے دور میں داخل ہو گا۔

    سپارکو کی جانب سے 24 نومبر کو جاری کیے گئے اعلامیے کے مطابق مشن کی تیاریاں آخری مراحل میں ہیں۔ یہ مشن چائنا مینڈ سپیس ایجنسی (سی ایم ایس اے) کی قیادت اور پاکستان کے خلائی ادارے سپارکو کے اشتراک سے مکمل کیا جا رہا ہے۔

    محمد ذیشان علی اس مشن میں پے لوڈ سپیشلسٹ کی حیثیت سے خدمات انجام دیں گے۔ ان کی بنیادی ذمہ داری چین کے خلائی سٹیشن پر بے وزنی کی کیفیت میں پاکستانی محققین کے تیار کردہ سائنسی تجربات کرنا ہو گی۔

    SUPARCO

    ان تجربات کا تعلق میٹریل سائنس، سیال مادوں کی طبیعیات، حیاتیاتی علوم اور بائیوٹیکنالوجی سے ہے۔ ان کے نتائج موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے، غذائی تحفظ اور صنعتی ترقی میں مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔

    ان تجربات میں ایک اہم تحقیق مائیکرو الجی (خوردبینی کائی) کی افزائش سے متعلق ہے۔ اس کا مقصد یہ جانچنا ہے کہ مستقبل کے طویل خلائی مشنز میں اسے خوراک اور آکسیجن کی فراہمی کے لیے کس طرح استعمال کیا جا سکتا ہے۔

    یہ سائنسی پروگرام چین کے مختلف تحقیقی اداروں اور جامعات کے تعاون سے مکمل کیا جا رہا ہے۔

    سپارکو کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اس مشن کو پاکستان اور چین کے خلائی تعاون میں ایک اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے، جس کے ذریعے پاکستانی محققین کو خلائی ماحول میں سائنسی تجربات کرنے کا موقع ملے گا۔

    SUPARCO
    SUPARCO
    SUPARCO
  7. یہ مشن پاکستان کے لیے کیوں اہم ہے؟

    CCTV

    پاکستان کے پاس اپنا انسانی خلائی جہاز یا خلا میں انسانوں کو بھیجنے کے لیے راکٹ موجود نہیں، اس لیے اس مشن کے تمام اہم مراحل کے لیے چین پر انحصار کیا جا رہا ہے۔

    پاکستانی خلا باز چینی خلائی جہاز کے ذریعے روانہ ہوں گے، چین ہی میں تربیت حاصل کریں گے اور چینی ماہرین کی نگرانی میں خلائی سٹیشن پر کام کریں گے۔

    خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق پاکستانی خلا باز خلائی سٹیشن پر تقریباً ایک ہفتہ گزاریں گے، جو وہاں چینی خلا بازوں کے معمول کے تقریباً چھ ماہ کے قیام کے مقابلے میں بہت مختصر ہے۔ پاکستانی خلا باز چین کے ایک ایسے عملے کے دو ارکان کے ساتھ زمین پر واپس آئیں گے جو مئی میں خلائی سٹیشن پہنچا تھا، جبکہ اس عملے کا تیسرا رکن خلا میں انسانی جسم پر طویل قیام کے اثرات کے مطالعے کے لیے تقریباً ایک سال تک سٹیشن پر موجود رہے گا۔

    روئٹرز کے مطابق اب تک دنیا کے تقریباً 50 ملکوں کے شہری خلا میں جا چکے ہیں، تاہم اپنے تیار کردہ خلائی جہاز کے ذریعے انسانوں کو خلا میں بھیجنے کی صلاحیت صرف روس، امریکہ اور چین کے پاس ہے۔

    چین کی جانب سے پاکستان کو اپنے خلائی سٹیشن پر خلا باز بھیجنے کی دعوت اس حوالے سے ایک اہم پیش رفت ہے۔

  8. پاکستانی خلا باز ذیشان علی کون ہیں؟

    x.com/CNSpaceStation
    ،تصویر کا کیپشنپاکستانی خلا باز محمد ذیشان عل

    چین نے شینژو۔24 انسانی خلائی مشن کے عملے کا با ضابطہ اعلان ہوا اور اس میں پاکستانی خلا باز محمد ذیشان علی کو شامل کیے جانے کی خبر سامنے آئی۔

    محمد ذیشان علی کا کہنا ہے کہ ’اس تاریخی مشن میں شرکت کو وہ صرف ذاتی کامیابی نہیں بلکہ پورے پاکستان کی نمائندگی سمجھتے ہیں۔‘

    رواں سال چین کے انسانی خلائی پروگرام کے تحت پاکستانی امیدوار کے طور پر منتخب ہونے کے بعد محمد ذیشان علی نے چین میں کئی ماہ تک خصوصی تربیت حاصل کی۔

    اس میں چینی زبان سیکھنے، خلائی جہاز کے نظام کو سمجھنے، صفر کششِ ثقل سے متعلق تربیت اور سخت جسمانی مشقیں شامل تھیں۔

    محمد ذیشان علی نے کہا ہے کہ وہ خلا میں جاتے ہوئے صرف اپنی نہیں بلکہ پوری پاکستانی قوم کی امیدوں اور خوابوں کی نمائندگی کر رہے ہیں۔

    چین کے سرکاری اخبار شنگھائی ڈیلی کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر شیئر کیے گئے بیان میں محمد ذیشان علی نے کہا کہ ’بطور پاکستانی میں اپنے ساتھ پاکستانی عوام کے خواب لے کر جا رہا ہوں۔‘

    ’چین اور پاکستان کے لوگ ہم سے توقعات وابستہ کیے ہوئے ہیں۔ خلا میں مل کر کام کرتے ہوئے ہم انسانیت کے مستقبل کے لیے ایک ساتھ کوشش کر رہے ہیں۔‘

    شنگھائی ڈیلی کے مطابق محمد ذیشان علی شینژو۔24 مشن کے دوران خلا میں پاکستان کے منتخب کردہ چار سائنسی تجربات اور ٹیسٹ انجام دیں گے۔

    ایکس ہینڈل ’سی این سپیس‘ پر اپ لوڈ کی گئی گفتگو میں محمد ذیشان علی نے اپنی تربیت کے تجربات بیان کرتے ہوئے کہا کہ بطور فائٹر پائلٹ انھیں سخت جسمانی اور تکنیکی تربیت سے گزرنا پڑا۔

    ان کے مطابق ’میں سنٹری فیوج ٹریننگ، ریسکیو اینڈ سروائیول ٹریننگ اور ایمرجنسی پروسیجر ٹریننگ سمیت مختلف مراحل سے گزرا ہوں، لیکن سچ پوچھیں تو سب سے بڑا چیلنج چینی زبان میں مہارت حاصل کرنا تھا۔‘

    انھوں نے کہا کہ خلائی جہاز کے تمام سوئچز، سافٹ ویئر، پروگرامز اور صوتی اعلانات چینی زبان میں ہوتے ہیں، اس لیے انہیں نہ صرف روزمرہ کی چینی بلکہ تکنیکی اصطلاحات پر بھی عبور حاصل کرنا پڑا۔

    محمد ذیشان علی نے اپنے چینی ساتھی خلا بازوں کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ خود کو خوش قسمت سمجھتے ہیں کہ انھیں ایسے ساتھی ملے جو ان کی ’رائے کا احترام کرتے ہیں اور ہم مل کر کسی بھی صورتحال کا مشترکہ حل نکالتے ہیں۔‘

    انھوں نے مزید کہا کہ عملے کے ارکان کے درمیان تعاون، ہم آہنگی اور دوستی دراصل ’پاکستان اور چین کے تعلقات کی عکاسی کرتی ہے۔‘ تاہم محمد ذیشان علی کا اصل کام صرف خلائی سفر کرنا نہیں بلکہ پاکستان کے منتخب کردہ سائنسی تجربات کو خلا میں انجام دینا بھی ہو گا۔

    پاکستان کی خلائی ایجنسی سپارکو کو ملکی جامعات اور تحقیقی اداروں سے 300 سے زیادہ تجاویز موصول ہوئی تھیں، جن میں سے چار تجربات کو چینی ماہرین نے اس مشن کے لیے منتخب کیا۔

    یہ تجربات بنیادی طور پر حیاتیاتی سائنس (بایوٹیکنالوجی) سے متعلق ہیں اور ان کا مقصد غذائی تحفظ، موسمیاتی تبدیلی اور مستقبل کی خلائی تحقیق کے شعبوں میں نئی معلومات حاصل کرنا ہے۔

  9. پاکستانی خلا باز محمد ذیشان علی شینژو۔24 مشن کے لیے منتخب، چین کے خلائی سٹیشن جانے والے پہلے غیر ملکی خلا باز ہوں گے

    CGTN
    ،تصویر کا کیپشنوہ لمحہ کے جب چین کے ٹی وی چینل پر پاکستانی خلاباز زیشان علی کی چینی خلابازوں کی ٹیم میں شمولیت کا اعلان کیا گیا۔

    چین نے شینژو۔24 انسانی خلائی مشن کے عملے کا با ضابطہ اعلان کر دیا ہے، جس میں پاکستانی خلا باز محمد ذیشان علی کو شامل کیا گیا ہے۔

    شینژو۔24 انسانی خلائی مشن کے لیے پاکستان نے دو امیدواروں محمد ذیشان علی اور خرم داؤد کو شارٹ لسٹ کیا تھا، جنھوں نے چین میں اپنی تربیت مکمل کی۔

    اب محمد ذیشان علی کے حتمی انتخاب کے بعد وہ چین کے تیانگونگ خلائی سٹیشن پر پے لوڈ سپیشلسٹ کے طور پر جائیں گے، جبکہ خرم داؤد متبادل خلا باز کے طور پر خدمات انجام دیں گے۔

    محمد ذیشان علی چین کے خلائی سٹیشن پر جانے والے پہلے غیر ملکی خلا باز ہوں گے۔ یہ چین کے انسانی خلائی پروگرام کے تحت چینی اور غیر ملکی خلا بازوں کی پہلی مشترکہ خلائی پرواز بھی ہو گی۔

    ذیشان علی چین کے تیانگونگ خلائی سٹیشن میں کئی روز قیام کریں گے، جہاں وہ سائنسی تجربات اور تحقیقی سرگرمیوں میں حصہ لیں گے۔

    مشن مکمل ہونے کے بعد وہ شینژو۔23 مشن کے دو چینی خلا بازوں کے ساتھ زمین پر واپس آئیں گے۔

  10. بی بی سی اردو کے نئے لائیو پیج میں خوش آمدید

    یہاں آپ آج پاکستان کے پہلے خلاباز محمد ذیشان علی کے چین کے خلائی سٹیشن تیانگونگ کے لیے ایک تاریخی خلائی مشن پر روانہ ہونے کے حوالے سے تفصیلاف کے ساتھ ساتھ پاکستان سمیت دنیا بھر سے اہم خبریں جان سکیں گے۔