’کوئی سپر سٹار قانون سے بالاتر نہیں‘: فرحان اختر کی شکایت کے بعد دھورندھر اداکار رنویر سنگھ پر پابندی کا تنازع کیا ہے؟

وقت اشاعت
مطالعے کا وقت: 6 منٹ

بالی وڈ میں ایک نیا تنازع سامنے آیا ہے جس میں ایک تنظیم نے اعلان کیا ہے کہ اس کے چار لاکھ سے زیادہ اراکین اداکار رنویر سنگھ کے ساتھ کام نہیں کریں گے۔

یہ تنظیم فیڈریشن آف ویسٹرن انڈیا سنی ایمپلائز کے نام سے جانی جاتی ہے اور اس کی جانب سے یہ فیصلہ رنویر سنگھ کی جانب سے آخری لمحات میں فلم ’ڈان 3‘ چھوڑنے کے بعد سامنے آیا ہے۔ فیڈریشن کا کہنا ہے کہ اس فلم پر گزشتہ تین سال سے کام ہو رہا تھا۔

فیڈریشن آف ویسٹرن انڈیا سنی ایمپلائیز (FWICE فلم اور ٹیلی ویژن انڈسٹری میں کام کرنے والے کارکنوں، فنکاروں اور تکنیکی ماہرین کی ایک تنظیم ہے۔

لیکن یہ تنازع ہے کیا اور اس کا فرحان اختر سے کیا تعلق ہے؟

فلم پروڈیوسر اور ہدایت کار فرحان اختر اور ان کے ساتھی رتیش سدھوانی نے رنویر سنگھ کے خلاف انڈین فلم اینڈ ٹیلی ویژن ڈائریکٹرز ایسوسی ایشن میں ایک شکایت درج کرائی تھی جس کے بعد ایسوسی ایشن نے اس معاملے کو مزید کارروائی کے لیے فیڈریشن آف ویسٹرن انڈیا سنی ایمپلائز کو بھیج دیا۔

دوسری جانب اس تنازع پر ردعمل دیتے ہوئے رنویر سنگھ نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ انھوں نے کبھی بھی عوامی طور پر جواب دینا یا کسی قیاس آرائی کو ہوا دینا ضروری نہیں سمجھا اور ’وہ اپنے کام اور مستقبل کے وعدوں پر مرکوز ہیں۔‘

ڈان 3 اس مقبول فرنچائز کی تیسری قسط قرار دی گئی تھی جس میں رنویر سنگھ کو بھی کاسٹ کیا گیا تھا لیکن ابھی شوٹنگ شروع نہیں ہوئی تھی۔ تاہم پروڈیوسر کا دعویٰ ہے کہ پری پروڈکشن پر اب تک 45 کروڑ روپے سے زیادہ خرچ ہو چکے ہیں۔

فیڈریشن کے چیف ایڈوائزر اشوک پنڈت نے ممبئی میں میڈیا کو بتایا کہ ’11 اپریل کو فرحان اختر نے شکایت درج کروائی تھی کہ رنویر نے شوٹنگ سے تین ہفتے قبل فلم چھوڑ دی۔‘

اس کے بعد فیڈریشن آف ویسٹرن انڈیا سنی ایمپلائز نے ڈائریکٹر سمیت ڈان 3 کی ٹیم سے بات چیت کی۔

اشوک پنڈت نے کہا کہ ’اس دوران پری پروڈکشن اخراجات کی تفصیلات بھی پیش کی گئیں، جن کا حساب کتاب اور آڈٹ کیا گیا ہے۔ اس میں ہوٹلوں اور 200 سے زائد ملازمین کے لیے غیر ملکی سفر کی بکنگ شامل ہے۔‘

ایکسل انٹرٹینمنٹ، جو اس فلم میں سرمایہ کاری کر رہی ہے، نے رنویر سنگھ سے پری پروڈکشن اخراجات پر ہونے والے نقصان کے معاوضے کے طور پر 45 کروڑ روپے کا مطالبہ کیا ہے۔

فیڈریشن کا کہنا ہے کہ رنویر سنگھ کو اپنا موقف پیش کرنے کے لیے مدعو کیا گیا تھا ’لیکن 10 دن میں تین بار یاد دلانے کے باوجود انھوں نے کوئی جواب نہیں دیا۔‘

فیڈریشن کے صدر بی این تیواری نے کہا کہ ’ہم انڈسٹری کو یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ کوئی بھی سپر سٹار قانون سے بالاتر نہیں ہے۔ ہم اس وقت تک عدم تعاون جاری رکھیں گے جب تک وہ ذاتی طور پر ہم سے ملنے کا فیصلہ نہیں کرتے۔‘

رنویر سنگھ نے کیا کہا ہے؟

رنویر سنگھ کے ترجمان نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ اداکار فلم انڈسٹری اور ڈان فرنچائز سے جڑے سبھی لوگوں کے لیے بہت عزت رکھتے ہیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ رنویر سنگھ نے ڈان 3 سے متعلق حالیہ پیش رفت کے دوران خاموشی اختیار کرنے کا انتخاب کیا کیونکہ ان کا ماننا ہے کہ ’پیشہ ورانہ بات چیت اور ذاتی تعلقات کو وقار، پختگی اور باہمی احترام کے ساتھ طے کرنا چاہیے۔‘

بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ جب کہ وقت کے ساتھ ساتھ مختلف قیاس آرائیاں اور دعوے سامنے آتے رہے ہیں لیکن انھوں نے کبھی بھی عوامی طور پر جواب دینا یا کسی قیاس آرائی کو ہوا دینے کی ضرورت محسوس نہیں کی۔ ’وہ اپنے کام اور مستقبل کے وعدوں پر مرکوز رہے۔‘

ترجمان کے مطابق ’رنویر سنگھ فلم سے جڑے ہر فرد کے لیے احترام اور نیک تمنائیں رکھتے ہیں اور فرنچائز کو ہر طرح کی کامیابی کی خواہش کرتے ہیں۔‘

رنویر نے ڈان 3 کیوں چھوڑی؟

ڈان 3 تب سے ہی تنازعات میں گھری تھی جب رنویر سنگھ نے فلم سے واک آؤٹ کیا تھا۔

رنویر سنگھ کے انکار کے بعد فرحان اختر کی پروڈکشن کمپنی ایکسل انٹرٹینمنٹ نے پروڈیوسرز گلڈ آف انڈیا سے رابطہ کیا اور دعویٰ کیا کہ اداکار کے آخری لمحات میں پروجیکٹ سے باہر ہونے کے نتیجے میں تقریباً 40 کروڑ روپے کا نقصان ہوا۔

رنویر سنگھ نے بعد میں یہ الزام لگایا کہ فرحان اختر ہریتک روشن کو فلم میں کاسٹ کرنا چاہتے ہیں۔ تاہم، دھوندھر کی کامیابی کے بعد اس نے اپنا ارادہ بدل لیا۔ کچھ رپورٹس کے مطابق رنویر خود سکرپٹ سے مطمئن نہیں تھے۔

چند روز قبل ہریتک نے ان دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا تھا کہ ڈان 3 کے لیے ان سے کبھی رابطہ نہیں کیا گیا۔

انھوں نے ورائٹی انڈیا کو بتایا کہ ’ریکارڈ کو درست کرنا ضروری ہے۔ میں واضح طور پر یہ بتانا چاہتا ہوں کہ ڈان 3 کے لیے مجھ سے کبھی رابطہ نہیں کیا گیا تھا۔ میں میڈیا سے درخواست کرتا ہوں کہ اس طرح کے غیر تصدیق شدہ دعوے کرنے سے گریز کریں۔‘

یاد رہے کہ 2023 میں یہ اعلان کیا گیا تھا کہ رنویر سنگھ ڈان تھری میں مرکزی کردار ادا کریں گے۔ فرحان اختر نے اس وقت ایکس پر ایک پوسٹ میں یہ اعلان کیا تھا۔

ڈان 1978 کی ایک کلاسک فلم ہے جس میں امیتابھ بچن نے مرکزی کردار ادا کیا تھا۔ فرحان اختر نے اس کا پہلا ری میک سال 2006 میں بنایا تھا جس میں شاہ رخ خان مرکزی کردار میں نظر آئے تھے۔

2011 میں انھوں نے اس کا سیکوئل ڈان 2 بھی بنایا جس میں شاہ رخ خان ہی مرکزی کردار میں تھے۔