ٹوکیو اولمپکس 2020 کے رنگارنگ لوگو

وقت اشاعت

ٹوکیو کے سنہ 2020 اولمپکس لوگو کا خیال چوری کرنے کے الزامات سامنے آنے کے بعد جاپان کے سوشل میڈیا صارفین نے اپنے تیار کردہ ڈیزائن پوسٹ کرنا شروع کر دیے ہیں۔

جاپان میں منگل کو سرقے کے الزامات کے بعد پرانے اولمپکس لوگو کو ترک کر دیا گیا، جس کے بعد ہیش ٹیگ ’unofficialemblem‘ ٹرینڈ کرنا شروع ہو گیا۔

ہار کی واپسی

ٹوکیو اولمپکس کے بارے میں ایک مشورہ یہ دیا جا رہا ہے کہ اولمپکس کی بولی کے دوران دیا جانے والا لوگو دوبارہ استعمال کیا جائے۔ جاپان کی جانب سے اولمپکس کی بولی کے دوران دیے جانے والے اس لوگو کو آئی شیمامینے نامی طالبہ نے تیار کیا تھا۔ اس لوگو میں جاپان کی پہچان چیری کے پھول دکھائے گئے ہیں۔

تاہم پھولوں کا یہ ہار کسی حد تک المیے کی علامت بھی ہے کیوں کہ اس قسم کا ہار قبروں پر رکھا جاتا ہے۔ آئی شیمامینے نے بھی ایک انٹرویو میں بتایا کہ انھیں اس لوگو کا خیال ایک بے نام فلم دیکھنے کے بعد آیا جس میں ایک قبر پر اس قسم کے پھول پڑے ہوئے تھے۔

تاہم جاپان کی اولمپکس کمیٹی کے سربراہ مساتو مزونو کا کہنا ہے کہ آئی شیمامینے کے لوگو میں امید کی کرن دکھائی گئی ہے کیوں کہ یہ واپس لوٹ آنے کی علامت بھی ہے، جس کے دو معنی لیے جا سکتے ہیں، ایک تو اولمپکس کا جاپان لوٹ کر آنا اور دوسرے فوکوشیما حادثے کے بعد جاپانی معاشرے کا دوبارہ اپنے قدموں پر کھڑا ہونا۔

دستی پنکھا

جاپان کے سوشل میڈیا پر کان کان نامی مصور کی جانب سے دیے جانے والے لوگو کو بہت زیادہ شیئر کیا گیا جس میں ایک سرخ دستی پنکھا دکھایا گیا ہے۔ کان کان کا کہنا ہے کہ دستی پنکھا اچھی قسمت کی نمائندگی کرتا ہے اور یہ جاپانی روایت کا حصہ ہے۔

چڑھتا سورج

ٹوئٹر صارف زنما 1 کا کہنا ہے کہ یہ ڈیزائن جاپان کے ’چڑھتے سورج‘ کی علامت ہے۔

امن کا بگلا

جاپان کی ثقافت میں کاغذ کے بنے بگلے امن اور اچھی قسمت کی نمائندگی کرتے ہیں۔ جاپان میں ایسے کاغذی بگلے عام طور پر یہ خیال ہسپتال میں داخل مریضوں کو ان کی جلد صحت یابی کے لیے دیے جاتے ہیں۔

دس منٹ کا لوگو

ٹوئٹر صارف شیراتوری_52 کا کہنا ہے گرمیوں کے کھیل کے لوگو میں سرخ رنگ کا استعمال اولمپکس کے شعلوں ’مقدس آگ‘ کو ظاہر کرتا ہے جبکہ پیرا اولمپکس کے لوگو کا رنگ معذور افراد کے روشن مستقبل کو ظاہر کرتا ہے۔

دریں اثنا ٹوئٹر صارف ایجی تمورا نے لوگو کے تنازعے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے مذاقاً ایک لوگو ڈیزائن کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ انھوں نے صرف دس منٹ میں یہ لوگو ڈیزائن کیا۔

تنازع

انھوں نے کہا کہ چونکہ صورتِ حال بہت خراب ہو گئی تھی جس کی وجہ سے میں نے خود اپنا لوگو ڈیزائن کیا۔

ایجی تمورا نے ٹوئٹر پر کہا کہ انھوں نے اوریگامی بگلے اور چیری کے پھول استعمال کیے ہیں جو جاپان کی ثقافت میں لوگوں کی امید کو ظاہر کرتے ہیں۔