کم کارڈ، زیادہ پنلٹیز اور سازشی نظریات: کیا ورلڈ کپ میں ارجنٹینا اور میسی کے ساتھ خصوصی سلوک ہو رہا ہے؟

    • مصنف, ڈیل جانسن
    • عہدہ, بی بی سی سپورٹ
  • وقت اشاعت
  • مطالعے کا وقت: 8 منٹ

ارجنٹینا ورلڈ کپ ٹائٹل کے دفاع میں پوری طاقت لگا رہا ہے اور اسے اس کی ضرورت بھی پڑی ہے۔

افریقی ملک کیپ وردے اور مصر کے خلاف آسان جیت کی توقع کے باوجود ارجنٹینا کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد دونوں میچز میں دو کے مقابلے میں تین گول سے بمشکل کامیابی ملی۔

لیکن مصر کے خلاف جیت ایک تنازع کے ساتھ آئی، کیونکہ مصر نے فیفا سے مطالبہ کیا ہے کہ اس میچ کے ریفریز کو ٹورنامنٹ سے باہر کیا جائے۔

مصر نے فیفا پر ارجنٹینا کے حق میں جانبداری اور اس کے سٹار کھلاڑی لیونل میسی کی طرف جھکاؤ کا الزام لگایا ہے۔

میچ کے بعد کوچ حسام حسن نے کہا کہ مصر کے ساتھ ’ناانصافی‘ ہوئی اور اُنھوں نے ’ظلم‘ برداشت کیا۔

حسن نے فیفا پر جانبداری کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ’شاید (فیفا) وہ چاہتے تھے کہ عالمی چیمپئن (ارجنٹینا) مقابلے میں رہے اور میسی بھی ورلڈ کپ سے باہر نہ ہوں۔‘

بی بی سی سپورٹ نے اس سازشی نظریے کا جائزہ لیا ہے کہ آیا واقعی ہی سب کچھ ارجنٹینا کی کامیابی کے لیے ترتیب دیا جا رہا ہے؟

کیا مصر کی شکایات میں کوئی وزن ہے؟

منگل کے نتیجے کے بعد مصر کی مایوسی سمجھنا آسان ہے۔

میچ ختم ہونے میں صرف 11 منٹ باقی تھے اور اسے دو، صفر کی برتری حاصل تھی اور وہ اپنی تاریخ میں پہلی بار کوارٹر فائنل میں پہنچنے کے قریب تھی۔

لیکن سب کچھ بدل گیا جب ارجنٹینا نے شاندار واپسی کرتے ہوئے میچ کو پلٹ دیا اور اسٹاپیج ٹائم میں فیصلہ کن گول کر دیا۔

مصر کا کہنا ہے کہ اس میں کچھ مشکوک پہلو بھی شامل تھے۔

مصر نے اپنی شکست کو ’سنگین ریفری غلطیوں‘ اور فرانسیسی ریفری فرانسوا لیٹیکسئیر اور ان کی ٹیم کی ’دہری پالیسی‘ کا نتیجہ قرار دیا۔

ویڈیو اسسٹنٹ ریفری (وی آے آر) نے مصر کا ایک گول منسوخ کیا تھا۔

مصر نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ ارجنٹینا کی جانب سے سٹاپیج ٹائم میں کیا جانے والا تیسرا اور فیصلہ کن گول منسوخ ہونا چاہیے تھا اور مصر کو پنالٹی ملنی چاہیے تھی۔

مصطفی زیکو کا شاندار گول اس وقت منسوخ ہوا جب مروان عطیہ کو ارجنٹینا کے کھلاڑی لساندرو مارٹینیز کے پاؤں پر پاؤں رکھنے پر فاؤل دیا گیا۔

یہ فیصلہ متنازع تھا، لیکن اس وقت مصر کو ایک گول کی برتری حاصل تھی اور نو منٹ بعد اس نے دوسرا گول کر کے اپنی برتری دو، صفر کر لی تھی۔

یہ ثابت نہیں کیا جا سکتا کہ اگر زیکو کا گول برقرار رہتا تو میچ کا نتیجہ مختلف ہوتا۔

مصر کا یہ بھی دعویٰ ہے کہ ارجنٹینا کی جانب سے تیسرا اور فیصلہ کن گول کرنے والے اینزو فرنانڈیز کے ہیڈر سے پہلے مصر کو دو ممکنہ پنالٹیز ملنی چاہییں تھیں۔

مصری فٹبالرحمڈی فتی نے دعویٰ کیا کہ انھیں الیکسس میک الیسٹر نے دبوچا جو ری پلے میں واضح نہیں تھا، جبکہ محمد صلاح کا کہنا تھا کہ جولین آلواریز نے اُن کے پاؤں پر پاؤں مارا۔

مارٹینیز اور صلاح کے واقعات میں کچھ مماثلت تھی، پاؤں پر پاؤں کا رابطہ، لیکن پنالٹی دینے کے لیے یہ کافی نہیں تھا۔

اگر صلاح باکس سے باہر ہوتے تو مصر کے پاس گول منسوخ کرانے کا بہتر موقع ہوتا، کیونکہ وی اے آر پنلٹی کا جائزہ لینے کے بجائے صرف فاؤل کا جائزہ لیتا جیسا کے مارٹینیز کے معاملے میں ہوا۔

کیا یہ متنازع تھا؟ بالکل لیکن یہ میسی کے حق میں کسی سازش کا کافی ثبوت نہیں ہے۔

فرانس کو ارجنٹینا کے ریفریز کی مکمل ٹیم کا سامنا

جمعرات کے کوارٹر فائنل میں فرانس اور مراکش آمنے سامنے ہوں گے اور اس ورلڈ کپ میں پہلی مرتبہ ہو گا کہ ریفریز، اسسٹنٹ ریفریز سمیت تمام عملے کا تعلق ارجنٹینا سے ہو گا۔

دلیل یہ ہے کہ ارجنٹینا چاہے گا کہ فرانس باہر ہو جائے۔ آخرکار وہ ٹورنامنٹ کے فیورٹ ہیں۔

یہ ریفری ٹیلو کے کیریئر کے سب سے بڑے میچوں میں سے ایک ہے، مسلسل دوسرے ورلڈ کپ میں ان کا دوسرا کوارٹر فائنل۔

اتنے بڑے پروفائل کا ریفری انتہائی دیانتداری کے بغیر کام نہیں کرے گا۔

لیکن تاثر بھی اتنا ہی اہم ہوتا ہے اور کوارٹر فائنل میں فرانس کے خلاف ارجنٹینی حکام کی تقرری مناسب نظر نہیں آتی۔

ریڈ کارڈ سے بچنے کے بعد میسی کے پانچ گول

ٹورنامنٹ کے آغاز میں میسی کے ممکنہ ریڈ کارڈ کو یاد کریں۔

میسی کو الجزائر کے کپتان عیسیٰ مندی پر چیلنج کے باوجود وارننگ نہیں ملی۔ پھر گذشتہ ہفتے اس ورلڈ کپ کا سب سے نمایاں واقعہ پیش آیا۔

امریکی سٹرائیکر فولارین بالوگن کو بوسنیا کے خلاف وی اے آر ریویو پر اسی طرح کے چیلنج پر باہر بھیج دیا گیا تھا۔ اُنھوں نے بھی میسی کی طرح مخالف کی پنڈلی کے اوپری حصے پر ضرب لگائی تھی۔

امریکہ نے بالوگن کی پابندی ختم کرانے کی کوشش میں یہی نکتہ اٹھایا تھا۔

اگر میسی کو ریڈ کارڈ دکھا دیا جاتا تو وہ الجزائر کے خلاف ورلڈ کپ میں اپنا دوسرا اور تیسرا گول نہ کر پاتے اور نہ ہی آسٹریلیا کے خلاف دو گول کر پاتے۔

میسی اردن کے خلاف آخری گروپ میچ میں بھی دستیاب نہ ہوتے، جہاں اُنھوں نے دوبارہ گول کیا۔ اس سے ان کے آٹھ میں سے پانچ گول ختم ہو جاتے۔ کیا یہ میسی کے ساتھ خصوصی سلوک تھا؟

کیا ریفری ارجنٹینا کو کم کارڈ دکھا رہے ہیں؟

کوارٹر فائنلز ایک خطرہ لیے ہوئے ہیں۔

اس مرحلے میں پہنچنے والی آٹھ ٹیموں کے 17 کھلاڑیوں کو یلو کارڈ دکھائے جا چکے ہیں اور ایک اور فاؤل اُنھیں سیمی فائنل سے باہر کر سکتا ہے۔

ارجنٹینا کے لیے یہ خطرہ کم ہے، کیونکہ اس کے صرف ایک کھلاڑی گونزالو مونٹیئل کو یلو کارڈ دکھایا گیا ہے۔

انگلینڈ کے چار کھلاڑیوں کویلو کارڈ دکھائے جا چکے ہیں جن میں اہم کھلاڑی جوڈ بیلنگھم اور ڈیکلن رائس شامل ہیں۔

ناروے، جسے سب سے کم وارننگز ملی ہیں کے صرف انتونیو نوسا ایک یلو کارڈ پر ہیں۔

اس کا جائزہ لینے کے لیے ضروری ہے کہ دیکھا جائے ٹیم کتنی ’فاؤل‘ کرتی ہے۔

کیا یلو کارڈز کی تعداد فاؤلز سے میل کھاتی ہے؟ ارجنٹینا کو ہر 19.7 فاؤلز پر ایک وارننگ ملی ہے۔

فعال ٹیموں میں انگلینڈ کے ساتھ سب سے سختی ہوئی ہے جسے ہر 7.7 فاؤلز پر ایک یلو کارڈ ملا۔

ارجنٹینا نے انگلینڈ سے زیادہ فاؤل کیے ہیں، پھر بھی انھیں نصف وارننگز ملی ہیں۔

اس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ فاؤلز کی تعداد کے مقابلے میں ارجنٹینا کے ساتھ زیادہ نرمی برتی جا رہی ہے۔

ورلڈ کپ کا ڈرا ارجنٹینا کے حق میں

فیفا نے دسمبر میں ورلڈ کپ ڈرا میں ایک چھوٹی مگر اہم تبدیلی کی۔

فیفا رینکنگ کی ٹاپ چار ٹیموں فرانس، ارجنٹینا، سپین اور انگلینڈ کو الگ الگ کوارٹرز میں رکھا گیا۔

ان تمام ٹیموں نے اپنے گروپس میں ٹاپ کیا، لہذا سیمی فائنلز سے پہلے ان کا ٹاکرا ممکن نہیں رہا۔

فرانس اور سپین سیمی فائنل میں ملنے کی راہ پر ہیں، جبکہ ارجنٹینا اور انگلینڈ دوسرے حصے میں ہیں۔

اس کا مقصد ٹورنامنٹ کے شروع میں بڑے مقابلوں کے امکانات کم کرنا ہے۔ لیکن گروپس کے نتائج کے مطابق یہ ان ٹیموں کے لیے آسان راستہ بھی بنا سکتا ہے۔

پہلے دو ناک آؤٹ راؤنڈز میں دنیا کی ٹاپ 10 ٹیموں کے صرف دو میچ ہوئے، نیدرلینڈز بمقابلہ مراکش اور سپین بمقابلہ پرتگال۔

ارجنٹینا کو سب سے آسان راستہ ملا، حالانکہ انھوں نے کیپ وردے (دنیا میں 67ویں) اور مصر (29ویں) کو صرف 3-2 سے ہرایا۔

اب کوارٹر فائنل میں ان کا مقابلہ سوئٹزرلینڈ (19ویں) سے ہے۔

انگلینڈ کو ٹاپ 10 ٹیم کا سامنا صرف ممکنہ سیمی فائنل میں ارجنٹینا کے خلاف ہو سکتا ہے۔

اُنھوں نے میکسیکو (14ویں) کو آزٹیکا میں شکست دی۔

سپین نے پرتگال (5ویں) کو ہرایا اور اب بیلجیم (9ویں) سے کھیل رہے ہیں جبکہ فرانس مراکش (7ویں) سے کوارٹر فائنل میں ملے گا۔

ارجنٹینا کو سب سے زیادہ فائدہ ہوا ہے۔

ارجنٹینا کے لیے پنالٹیز بڑھتی جا رہی ہیں

جب ارجنٹینا نے 2022 میں ورلڈ کپ جیتا تو اُنھوں نے ایک نیا ریکارڈ قائم کیا۔

انھیں پانچ پنالٹیز دی گئیں، جو کسی بھی ٹیم کو ایک ٹورنامنٹ میں ملنے والی سب سے زیادہ پنالٹیز ہیں۔

سنہ 2026 میں بھی وہ تین پنالٹیز کے ساتھ سب سے آگے ہیں، اگرچہ میسی نے آسٹریا اور مصر کے خلاف دو پنالٹیز ضائع کی ہیں۔

انگلینڈ اور سوئٹزرلینڈ کو دو دو پنالٹیز ملی ہیں، جبکہ بیلجیم، فرانس اور ناروے کو ایک ایک پنالٹی ملی ہے۔