قشم میں امریکی حملے میں تباہ شدہ مکان میں پھنسے افراد کو نکالنے کی کوششیں جاری ہیں: ایرانی حکام

،تصویر کا ذریعہIRIB
ایران کے صوبہ ہرمزگان کے حکام کا کہنا ہے کہ جمعرات کی علی الصبح جزیرہ قشم پر ہونے والے امریکی فضائی حملے میں تباہ ہونے والے مکان کے ملبے تلے دبے ایک ہی خاندان کے افراد کو نکالنے کی کوششیں جاری ہیں۔
ایران کے سرکاری خبر رساں اداروں نے گذشتہ چند گھنٹوں کے دوران امدادی کارروائی کی ویڈیوز بھی جاری کی ہیں۔ یہ کارروائیاں رات کی تاریکی میں شروع ہوئیں اور صبح ہونے کے بعد بھی جاری رہیں۔
خبر رساں ادارے اسنا کے مطابق ہرمزگان کے کرائسس مینجمنٹ سینٹر کے ڈائریکٹر جنرل کا کہنا ہے کہ ’قشم کے علاقے چاہ ٹنگو میں ایک رہائشی مکان پر حملے کے بعد امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔‘
مقامی عہدیدار نے اسنا کو بتایا کہ اب تک دو بچوں کو ملبے سے نکال کر ہسپتال منتقل کیا جا چکا ہے، جبکہ خاندان کے مزید تین افراد کو نکالنے کی کوششیں جاری ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ اس مکان میں پانچ افراد پر مشتمل ایک خاندان آباد تھا، جو واقعے کے وقت گھر کے اندر موجود تھے۔












