روسی میزائل اور ڈرون حملے میں دو بچوں سمیت سات افراد ہلاک: یوکرینی حکام

،تصویر کا ذریعہReuters
یوکرینی حکام کے مطابق روس کے میزائل اور ڈرون حملے میں دو بچوں سمیت سات افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
اس سے قبل یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی نے بدھ کے روز خبردار کیا تھا کہ روس ایک ’بڑے حملے‘ کی تیاری کر رہا ہے اور لوگوں پر زور دیا تھا کہ فضائی حملے کے انتباہات کو سنجیدگی سے لیں۔
جمعرات کی علی الصبح یوکرین کی فوج نے ملک کے مختلف علاقوں میں متعدد میزائل اور ڈرون حملوں کی اطلاع دی ہے۔
یہ حملے ایک ایسے وقت میں ہوئے ہیں جب زیلنسکی نے رواں ہفتے واشنگٹن ڈی سی میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات میں مطالبہ کیا تھا کہ یوکرین کو پیٹریاٹ دفاعی میزائل تیار کرنے کا لائسنس دیا جائے۔
مقامی حکام کے مطابق وسطی یوکرین کے شہر کریوی ریہ کے قریب ایک گاؤں میں ایک بیلسٹک میزائل گھر سے جا ٹکرایا۔ اس کے نتیجے میں پانچ اور 12 سال عمر کی دو لڑکیوں سمیت چھ افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
حکام کا مزید کہنا ہے کہ اس حملے میں دو بچوں سمیت آٹھ افراد زخمی بھی ہوئے ہیں، جبکہ ہلاکتوں اور زخمیوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔
اس کے علاوہ یوکرین کے دارالحکومت کئیو میں بھی ایک شخص ہلاک ہوا ہے۔
شہر لویف کے میئر آندری سادووی کے مطابق وہاں بھی دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں اور رہائشی عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے۔












