’کمانڈر ان بیف‘: ’ڈونلڈ ٹرمپ‘ کے نام سے مشہور 700 کلوگرام وزنی بھینسا جو سوشل میڈیا سٹار بن گیا

بھینسا

،تصویر کا ذریعہAFP

وقت اشاعت
مطالعے کا وقت: 3 منٹ

جیسے جیسے عید الاضحیٰ کے دن قریب آتے ہیں، مویشی منڈیاں سج جاتی ہیں اور قربانی کے جانور خریدنے والوں کا رش بڑھ جاتا ہے۔

ایسے میں کئی جانور اپنی قیمت تو کئی اپنے سائز اور جسمانی خصوصیات کی وجہ سے خاصے مشہور بھی ہو جاتے ہیں۔

بنگلہ دیش میں بھی آج کل قربانی کا ایک جانور اپنے نام کی وجہ سے بہت مشہور ہو رہا ہے اور اس کے ساتھ تصاویر بنوانے والوں کا رش لگا ہوا ہے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق سنہری بالوں والے اس البینو بھینسے کو اس کے بالوں کی وجہ سے ’ڈونلڈ ٹرمپ‘ کا نام دیا گیا ہے۔

اس جانور کے 37 برس کے مالک ضیا الدین کا کہنا ہے کہ ان کے بھائی نے 700 کلو گرام کے اس بھینسے کو اس کے بالوں کی وجہ سے امریکی صدر کا نام دیا۔

دارالحکومت ڈھاکہ کے قریب ضلع نارائن گنج میں اپنے فارم پر ضیا الدین نے اے ایف پی کو بتایا کہ ’میرے چھوٹے بھائی نے یہ نام اس کے غیر معمولی بالوں کی وجہ سے رکھا۔‘

ضیا الدین نے مزید بتایا کہ مئی کے مہینے میں مسلسل لوگ اس جانور کو دیکھنے کے لیے آتے رہے۔

بھینسا

،تصویر کا ذریعہAFP

انھوں نے اس بات پر زور دیا کہ اس بھینسے اور صدر ٹرمپ کے درمیان واحد مماثلت صرف بالوں تک محدود ہے۔

ضیا الدین کے مطابق اس بھینسے کو دن میں چار بار نہلایا جاتا ہے۔

واضح رہے کہ بنگلہ دیش کی اکثریت آبادی مسلمان ہے اور دنیا بھر کی طرح اس ماہ کے آخر میں یہاں مذہبی تہوار عیدالاضحیٰ منایا جائے گا۔

ضیا الدین نے مزید کہا کہ ہر وقت ہجوم کی وجہ سے اس بھینسے کا وزن کم ہونے لگا، جس کے بعد انھیں عوامی نمائش پر پابندی عائد کرنا پڑی لیکن اس کے باوجود، بچے اب بھی اس کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے دروازوں کے بیچ سے جھانکتے رہتے ہیں۔

بھینسا

،تصویر کا ذریعہAFP

فیصل احمد ان لوگوں میں شامل تھے جو اس بھینسے کے قریب جا سکے اور اس کی تصاویر بنانے میں کامیاب رہے۔

فیصل احمد نے اے ایف پی کو بتایا کہ ’واقعی اس بھینسے اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان مماثلت ہے۔‘

وہ اپنے دوستوں اور خاندان کے پانچ افراد کے ساتھ اس کو دیکھنے آئے تھے۔ انھوں نے مزید کہا کہ میرا بھانجا صرف ’ڈونلڈ ٹرمپ‘ کو دیکھنے کے لیے ایک گھنٹے کشتی کا سفر کر کے آیا۔

اگرچہ یہ بھینسا سوشل میڈیا پر سٹار بن چکا ہے لیکن وہ واحد جانور نہیں جسے کوئی نام دیا گیا ہو۔

اس کے ساتھیوں میں شامل ایک بیل کا نام ’طوفان‘ ہے، ایک بڑے سائز کے جانور کا نام ’فیٹ بوائے‘ جبکہ ایک نرم مزاج بیل کا نام ’سویٹ بوائے‘ بھی ہے۔

سنہری بالوں والے ایک بیل کا نام برازیل کے فٹبالر نیمار کے نام پر رکھا گیا ہے۔

ضیا الدین نے چارے کے پیالے میں منہ مارتے ہوئے اپنے بھینسے کو محبت بھری نظروں سے دیکھتے ہوئے کہا کہ ’میں ڈونلڈ ٹرمپ کو یاد کروں گا لیکن عیدالاضحیٰ کی بنیادی روح ہی قربانی دینا ہے۔‘