سری لنکا کی تین وکٹیں گِرنے کے بعد میچ پر پاکستان کی گرفت مضبوط

،تصویر کا ذریعہGetty Images
سری لنکا اور پاکستان کے درمیان جاری دوسرے ٹیسٹ میں دوسرے روز کھیل کے اختتام تک سری لنکا کی تین وکٹیں گِر چکی ہیں اور پاکستان کو 153 رنز کی برتری حاصل ہے۔
پاکستان کے تینوں فاسٹ بولرز ثاقب خان، رضا اللہ اور عامر جمال نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی ہے اور سری لنکا کی پہلی اننگز کی طرح، جس میں ٹیم 98 رنز پر ڈھیر ہو گئی تھی، اس بار بھی مخالف بلے بازوں کو باؤنس اور سیم سے مشکل میں ڈالے رکھا ہے۔
اس وقت کریز پر پسندو سوریا بندارا اور دھننجایا ڈی سلوا موجود ہیں اور دونوں بلے بازوں کے درمیان 35 رنز کی شراکت قائم ہو چکی ہے۔
دوسرے روز کا کھیل ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی پہلی نصف سنچری بنانے والے پاکستانی وکٹ کیپر غازی غوری اور رضا اللہ کے نام رہا جنھوں نے پاکستان کی برتری میں اضافہ کیا۔
دونوں ملکوں کے درمیان راولپنڈی میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ کا کوئی نتیجہ نہ نکلنے کے بعد دوسرا ٹیسٹ جیتنے والی ٹیم سیریز اپنے نام کر لے گی۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
دوسرے روز کے آغاز پر پاکستان کے پاس 23 رنز کی برتری تھی اور اس کی تین وکٹیں گِر چکی تھیں۔ اس کے بعد اوپنر آذان اویس 47 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے اور پھر پانچویں وکٹ سعود شکیل کی گِری جنھوں نے 24 رنز بنائے۔
نائٹ واچ مین ثاقب خان 37 رنز کی باری کھیلنے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔ ساتویں وکٹ سلمان آغا کی گِری جنھوں نے 21 رنز بنائے تھے۔
اس میچ میں پاکستان کے لیے سب سے اچھی بیٹنگ غازی غوری نے کی جنھوں نے نہ صرف نصف سنچری بنائی بلکہ پاکستان کو بڑی برتری حاصل کرنے میں مدد کی۔ جبکہ رضا اللہ نے چار چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 42 رنز بنائے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
پاکستان نے پہلی اننگز میں 325 رنز بنائے جس سے اسے 227 رنز کی برتری حاصل ہوئی۔
سری لنکا کی دوسری اننگز میں پاکستان کو پہلی کامیابی ثاقب خان نے دلائی جنھوں نے لاہیرو اودارا کو محض 7 رنز پر آؤٹ کیا۔ رضا اللہ اور عامر جمال نے بھی ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
دوسرے روز کے اختتام تک سری لنکا نے تین وکٹوں کے نقصان پر 74 رنز بنائے۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
اس سے قبل پہلے روز کھیل کے اختتام تک پاکستان نے تین وکٹوں کے نقصان پر 121 رنز بنائے ہیں۔
اوپنرز آذان اویس اور طیب عارف نے 80 رنز کی شراکت قائم کی جس کے بعد طیب 46 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد محمد طحہ اور بابر اعظم 8، 8 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے تھے۔

،تصویر کا ذریعہAFP via Getty Images
سری لنکا کی پہلی اننگز کا احوال
پاکستان نے سری لنکا کو پہلی اننگز میں محض 98 رنز پر آل آؤٹ کر دیا تھا جو کہ سری لنکن ٹیم کا ایک اننگز میں پاکستان کے خلاف چوتھا سب سے کم سکور ہے۔
سری لنکا کی پہلی وکٹ چھ رنز کے سکور پر اس وقت گری جب پہلے میچ کے ہیرو ثاقب خان نے پسندو سوریا بندارا کو آؤٹ کر دیا۔
اس کے بعد سری لنکا کی وکٹیں گرنے کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا اور کھانے کے وقفے تک سری لنکا کے 85 رنز پر چھ کھلاڑی آؤٹ ہو چکے تھے۔
کھانے کے بعد سری لنکا کی ٹیم مزید صرف ساڑھے چھ اوور کھیل سکی اور پوری ٹیم پہلی اننگز میں محض 98 رنز کے مجموعی سکور پر آؤٹ ہو گئی۔
پاکستان کی جانب سے محمد عباس نے 14 رنز دے کر تین، رضااللہ 21 کے عوض تین جبکہ عامر جمال 24 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔ اس کے علاوہ پاکستان کے چوتھے فاسٹ بالر ثاقب خان نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

،تصویر کا ذریعہAFP via Getty Images
مشکل پچ اور راولپنڈی میں کسی بھی ٹیم کا اب تک کا سب سے کم سکور
وہ تمام خِبریں جو آپ جاننا چاہتے ہیں بی بی سی ورلڈ سروس ایپ پر موجود ہیں
ایپ ڈاؤن لوڈ کریں
بی بی سی اُردو موبائل ایپ نهاية
سری لنکا کی پوری ٹیم کے 98 رنز پر آؤٹ ہونے کے بعد سوشل میڈیا صارفین پاکستانی بالرز کی تعریفیں کرتے نظر آئے۔
کرکٹ تجزیہ کار مظہر ارشد لکھتے ہیں کہ سری لنکا کی پوری ٹیم 98 رنز پر آؤٹ ہو گئی، اور تمام 10 وکٹیں پاکستان کے فاسٹ بولرز نے حاصل کیں۔
’ٹیسٹ کرکٹ میں یہ راولپنڈی میں کسی بھی ٹیم کا اب تک کا سب سے کم سکور ہے۔‘
سپورٹس صحافی سلیم خالق لکھتے ہیں کہ ’پچ مشکل ہے، اب بیٹرز کو ذمہ داری سے کھیلنا ہوگا۔‘
کاشف نامی ایکس صارف لکھتے ہیں کہ پاکستان کے فاسٹ بولرز نے ’ڈریم پرفارمنس‘ دکھائی جبکہ ’بابر اعظم کی کپتانی بھی شاندار رہی۔‘
اشر جاوید نامی ایکس صارف لکھتے ہیں کہ پاکستانی فاسٹ بولرز نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کیا۔ ’اب بلے بازوں کو بڑا سکور کر کے میچ پر اپنی گرفت مزید مضبوط بنانا ہو گی۔‘
وسیم اکرم نامی ایک صارف لکھتے ہیں ’کیا شاندار بولنگ کا مظاہرہ تھا، یقین نہیں آ رہا! ہمارے فاسٹ بولرز نے پنڈی میں سری لنکا کی بیٹنگ لائن کو تباہ کر کے رکھ دیا!‘
جہاں کئی صارفین پاکستانی بالرز کی شاندار کارکردگی کی تعریف کرتے نظر آئے وہیں کچھ لوگ بابر اعظم کی کپتانی کو بھی سراہ رہے ہیں۔
ایک صارف لکھتے ہیں کہ پاکستانی پیسرز کی جانب سے بہترین بولنگ کا مظاہرہ کیا گیا، جبکہ بابر اعظم کی فیصلہ سازی اور کپتانی بھی شاندار رہی۔
پاکستان ٹیم:
بابر اعظم (کپتان)، اذان اویس، طیب عارف، محمد طٰہ، سعود شکیل، سلمان علی آغا، غازی غوری، محمد عباس، رضااللہ، ثاقب خان اور عامر جمال۔
سری لنکا:
کشال مینڈس، لاہیرو ادارا، پسندو سوریا بندارا، دنیش چندی مل، کامندو مینڈس، دھننجایا ڈی سلوا، سونال دنوشا، میلان رتھنائیکا، پربھات جے سوریا، لاہیرو کمارا اور اسیتھا فرنینڈو۔




















