لبلبے کے کینسر کے علاج میں بڑی پیش رفت، آزمائشی دوا سے بعض مریضوں میں رسولیاں غائب

    • مصنف, مشیل رابرٹس
    • عہدہ, ڈیجیٹل ہیلتھ ایڈیٹر
  • وقت اشاعت
  • مطالعے کا وقت: 6 منٹ

ماہرین داراکسونراسب کو لبلبے کے کینسر کے علاج میں کئی دہائیوں کی سب سے بڑی پیش رفت قرار دے رہے ہیں۔

یہ روزانہ استعمال ہونے والی ایک گولی ہے جو بظاہر بعض مریضوں میں رسولیوں کو سکیڑنے اور ممکنہ طور پر مکمل طور پر ختم کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے، جبکہ یہ کینسر سب سے زیادہ جان لیوا اور علاج کے لیے مشکل سمجھے جانے والی کینسر کی اقسام میں شامل ہے۔

ابتدائی آزمائشوں میں داراکسونراسب اور کیموتھراپی لینے والے ہر 12 میں سے ایک مریض کے سکین میں کینسر کا کوئی نشان نہیں ملا۔

رسولیوں کی بڑھوتری ان 61 میں سے تقریباً تمام شرکا میں رک گئی جن میں حال ہی میں لبلبے کے ایسے کینسر کی تشخیص ہوئی تھی جو جسم کے دیگر حصوں تک پھیل چکا تھا۔

تاہم ڈاکٹر اس بات پر زور دیتے ہیں کہ یہ واضح نہیں کہ یہ دوا کتنی دیر تک بیماری کو قابو میں رکھ سکتی ہے اور اسے علاجِ کامل نہیں سمجھنا چاہیے۔

بہت امید افزا

کینسر ریسرچ یو کے نے اسے لبلبے کے کینسر کے مریضوں کے لیے ’کئی دہائیوں میں سب سے بڑی پیش رفت‘ قرار دیا ہے۔

ادارے کے ڈاکٹر سیم گاڈفری نے بی بی سی نیوز کو بتایا کہ نتائج غیر معمولی حد تک امید افزا ہیں۔

ان کا کہنا تھا: ’اس نئی دوا نے ایک ایسے ہدف کو نشانہ بنانے کا راستہ ڈھونڈ لیا ہے جسے پہلے ناقابلِ علاج سمجھا جاتا تھا۔‘

’ہم آخرکار لبلبے کے کینسر کے علاج میں پیش رفت دیکھ رہے ہیں جس کا بہت عرصے سے انتظار تھا۔‘

لبلبے کے کینسر کا علاج مشکل سمجھا جاتا ہے اور برطانیہ میں عام کینسروں کے مقابلے میں لبلبے کے کینسر سے بچ جانے والے مریضوں کی شرح سب سے کم ہے۔

اگرچہ کیموتھراپی رسولیوں کو کچھ حد تک سکڑ سکتی ہے، لیکن اکثر کینسر دوبارہ بڑھنے لگتا ہے۔

جن مریضوں میں بیماری کافی آگے بڑھ چکی ہو، ان میں سے زیادہ تر برسوں نہیں بلکہ چند ماہ تک زندہ رہتے ہیں۔

ڈاکٹروں کو امید ہے کہ یہ نیا علاج مریضوں کو مزید وقت فراہم کر سکتا ہے، چاہے یہ کینسر کو مکمل طور پر ختم نہ کر سکے۔

اس آزمائش میں مریضوں کا اوسطاً ڈیڑھ سال تک مشاہدہ کیا گیا اور اس دوران بعض مریضوں میں کینسر دوبارہ ظاہر نہیں ہوا۔

یہ جاننے کے لیے طویل المدتی تحقیق درکار ہے کہ آیا ان مریضوں میں کینسر طویل عرصے تک ختم یا غیر فعال حالت میں رہ سکتا ہے، اور اگر ہاں تو کتنی مدت کے لیے۔

فیز I/II آزمائش میں:

  • 90 فیصد مریضوں میں رسولیوں کی بڑھوتری رک گئی۔
  • 60 فیصد سے کچھ زیادہ مریضوں میں رسولیاں سکڑ گئیں یا غائب ہو گئیں۔
  • تقریباً 8 فیصد مریضوں، یا ہر 12 میں سے ایک مریض کے سی ٹی سکین میں رسولیوں کا کوئی سراغ نہیں ملا۔

طویل عرصے تک زندہ رہنے کے امکانات

امریکہ کے میموریل سلون کیٹرنگ کینسر سینٹر سے وابستہ اور اس آزمائش میں شامل ڈاکٹر وونگکی پارک نے کہا کہ اب تک کے نتائج انتہائی حوصلہ افزا ہیں۔

ان کا کہنا تھا: ’ہم نہ صرف یہ دیکھ رہے ہیں کہ پہلے کے مقابلے میں زیادہ مریضوں میں علاج اثر دکھا رہا ہے، بلکہ بعض مریضوں میں اس کے نتائج زیادہ نمایاں ہیں اور بیماری بھی تقریباً دو گنا زیادہ عرصے تک قابو میں رہ رہی ہے۔

’اس سے امید پیدا ہوتی ہے کہ مریض زیادہ عرصے تک زندہ رہ سکیں گے۔‘

داراکسونراسب ایک ایسی دوا ہے جسے خاص طور پر آر اے ایس نامی جینیاتی تبدیلیوں کو نشانہ بنانے کے لیے تیار کیا گیا ہے، اور اسے امریکہ میں پہلے ہی منظوری مل چکی ہے۔

یہ آر اے ایس کہلانے والی مخصوص جینیاتی تبدیلیوں سے جڑ کر انھیں غیر فعال کر دیتی ہے۔ یہ تبدیلیاں لبلبے کے زیادہ تر کینسروں میں پائی جاتی ہیں اور رسولیوں کی بڑھوتری کا باعث بنتی ہیں۔

پھیپھڑوں اور بیضہ دانی کے کینسر سمیت درجنوں دیگر کینسروں میں بھی ایسی ہی جینیاتی تبدیلیاں موجود ہو سکتی ہیں، جس کا مطلب ہے کہ یہ دوا بہت سے دوسرے مریضوں کے لیے بھی مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔

ڈاکٹر گاڈفری نے کہا: ’مجھے امید ہے کہ لبلبے کے کینسر میں جو ابتدائی کامیابی ہم دیکھنا شروع کر رہے ہیں اسے دوسرے کینسروں میں بھی استعمال کیا جا سکے گا۔‘

انھوں نے کہا کہ طویل المدتی آزمائشیں اور ان کے نتائج نہایت اہم ہیں۔

’کینسر واپس آ سکتا ہے، اور اگرچہ سکین میں اس کا کوئی نشان نظر نہ آئے، پھر بھی جب تک مزید وقت نہ گزر جائے یہ ضروری نہیں کہ آپ واقعی کینسر سے مکمل طور پر پاک ہوں۔‘

اس تحقیق کو یورپی کینسر سیمپوزیم 2026 میں دیگر ڈاکٹروں کے سامنے پیش کیا جا رہا ہے۔ کانفرنس کی چیئر پروفیسر ایلینا گارالڈا نے کہا کہ یہ نتائج حوصلہ افزا ہیں۔

ان کے مطابق یہ نتائج ظاہر کرتے ہیں کہ یہ مشترکہ علاج نہ صرف مریضوں کی زندگی بڑھانے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے بلکہ اس عرصے کو بھی نمایاں طور پر طول دے سکتا ہے جس کے بعد رسولیاں دوبارہ بڑھنا شروع ہوتی ہیں۔

امریکہ میں تشخیص ہونے والے تمام کینسروں میں لبلبے کے کینسر کا حصہ تقریباً تین فیصد ہے، جبکہ کینسر سے ہونے والی مجموعی اموات میں اس کا حصہ تقریباً آٹھ فیصد ہے۔

یہ بیماری ہر سال لگ بھگ 53 ہزار افراد کی جان لیتی ہے۔

کینسر ریسرچ یو کے کے مطابق برطانیہ میں ہر سال اس بیماری کے 11500 نئے کیسز سامنے آتے ہوتے ہیں اور تقریباً 10200 اموات ہوتی ہیں۔

اداکار ایلن رکمین 2016 میں اس بیماری کے باعث، تشخیص ہونے کے پانچ ماہ بعد، انتقال کر گئے تھے۔

اس بیماری کی علامات میں یرقان، جلد میں خارش، پیشاب کا گہرا رنگ، پاخانے کا ہلکا رنگ، بغیر وجہ کے وزن میں کمی، تھکن اور تیز بخار شامل ہو سکتے ہیں۔

’BBC News اردو‘ ایڈیشن کا انتخاب کریں اور نیوز الرٹس، تحقیقاتی اور تفصیلی رپورٹس، سب کچھ ایک ہی جگہ پر حاصل کریں۔

نوٹ: نئی ایپ برطانیہ اور امریکہ میں دستیاب نہیں ہے اور اس کا انگریزی زبان میں ایڈیشن موجود نہیں۔