آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
’پاکستانی وزیر کو بریانی اور کباب کھلائے جا رہے ہیں‘: مصدق ملک کے انڈیا کے دورے پر کانگریس رہنماؤں کی تنقید
- مصنف, شکیل اختر
- عہدہ, بی بی سی اُردو
- مقام, دلی
- وقت اشاعت
- مطالعے کا وقت: 5 منٹ
پاکستان کی حکومت کا ایک وزیر تین برس بعد انڈیا کے دورے پر ہے اور اُن کا یہ دورہ بھی تنازع سے خالی نہیں رہا۔ پاکستان کے وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے پہلے تہذیبی مکالمے میں شرکت کے لیے دلی میں موجود ہیں، لیکن انڈیا میں حزبِ اختلاف کی بڑی جماعت کانگریس پاکستانی وزیر کے انڈیا کے دورے پر خوش نہیں ہے۔
مصدق ملک جمعے کو اس اجلاس میں شرکت کے لیے نئی دہلی پہنچے، جہاں پاکستان ہائی کمیشن کے ناظم الامور اور انڈیا کی وزارتِ ثقافت کے ایک ڈائریکٹر اور وزارتِ خارجہ کے متعلقہ اہلکار نے اُن کا استقبال کیا۔
وہ 2023 کے بعد انڈیا کا دورہ کرنے والے پاکستان کے پہلے وفاقی وزیر ہیں۔ اس سے قبل سنہ 2023 میں اُس وقت پاکستان کے وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو ایس سی او وزرائے خارجہ اجلاس میں شرکت کے لیے انڈیا آئے تھے۔
اپوزیشن جماعت کانگریس نے مصدق ملک کے دورے پر سخت اعتراض کرتے ہوئے مودی حکومت پر پاکستان کے معاملے میں نرمی برتنے کا الزام عائد کیا ہے، جبکہ حکومت کا مؤقف ہے کہ ایس سی او کے رکن ملک ہونے کے باعث پاکستان کو شرکت کی دعوت دینا اس کی ذمہ داری تھی۔
20 نومبر کو شروع ہونے والی یہ کانفرنس 22 نومبر تک جاری رہے گی۔
کانفرنس سے قبل کانگریس نے ایک بیان میں کہا کہ ’مودی حکومت کی دعوت پر پاکستان کے وزیر مصدق ملک انڈیا آ گئے ہیں۔
’مصدق انڈیا کو مسلسل دھمکاتے رہے ہیں۔ کبھی ہاتھ کاٹنے کی دھمکی دیتے ہیں تو کبھی خون بہانے کی۔
’ایک طرف پاکستان ہمارے ملک میں دہشت گردی کو بڑھاوا دے رہا ہے، انڈین شہریوں کو مار رہا ہے، دوسری جانب مودی حکومت انڈیا سے نفرت کرنے والے پاکستانی وزیر کی آؤ بھگت میں لگی ہے۔ بریانی اور کباب کھلانے کی تیاری ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
’جب تک پاکستان دہشت گردی پوری طرح ختم نہیں کرتا، اس سے کوئی بات چیت نہیں ہونی چاہیے۔ یہ ملک اور اس کے شہریوں کے ساتھ غداری ہے۔
واضح رہے کہ انڈیا بارہا یہ الزامات لگا چکا ہے کہ پاکستان اس کی سرزمین پر شدت پسندی کے واقعات میں ملوث رہا ہے، جبکہ پاکستان ان الزامات کی تردید کرتا ہے۔
پاکستان بھی انڈیا پر یہ الزام عائد کرتا ہے کہ وہ پاکستان اور بالخصوص بلوچستان میں شورش کو ہوا دے رہا ہے۔ لیکن انڈیا بھی اس الزام کو رد کرتا ہے۔
دوسری جانب انڈین حکومت نے کانفرنس میں پاکستان کو شرکت کی دعوت دینے کا دفاع کیا ہے۔
انڈین وزارتِ خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے ایک بیان میں کہا کہ ’یہ ایس سی او کے تحت ایک کثیرالملکی فورم ہے، جس میں تمام رکن ممالک، مبصر ریاستوں اور ڈائیلاگ پارٹنرز کو مدعو کیا گیا ہے۔‘
کانگریس کا سخت ردِعمل
کانگریس نے اس معاملے پر حکومت کو منظم انداز میں تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
کانگریس کی جانب سے ایک ساتھ کئی بڑے رہنماؤں کے بیان سامنے آئے ہیں۔
پارٹی کی سینیئر ترجمان سپریہ شرینیت نے کہا کہ سوال یہ ہے کہ پاکستان پر دہشت گردی کی حمایت کا الزام برقرار ہے لیکن مودی حکومت اس کے نمائندوں کا خیرمقدم کر رہی ہے۔
انھوں نے سوال کیا: ’آپ کا کام انڈیا مخالف پاکستان کے بغیر کیوں نہیں چلتا؟‘
اس پر تبصرہ کرتے ہوئے تجزیہ کار اندرانی باگچی کہتی ہیں: ’کانگریس وہی کر رہی ہے جو کبھی بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اس کے ساتھ کیا کرتی تھی۔ اس سے دونوں سیاسی جماعتوں کو کوئی فائدہ نہیں ہونے والا۔
’کچھ دنوں میں ریاستی انتخابات ہونے والے ہیں تو اس طرح کے بیانات میں مزید شدت آئے گی۔ یہ ہماری سیاست کا ایک پہلو ہے۔‘
18 نومبر کو شکاگو یونیورسٹی کے ایک پروگرام میں ایک پاکستانی طالب علم کے سوال کے جواب میں کانگریس رہنما راہل گاندھی نے بھی پاکستان پر لگائے جانے والے ان الزامات کا حوالہ دیا تھا کہ ’پاکستان انڈیا میں دہشت گردی کی اعانت اور حمایت کرتا ہے۔‘
راہل گاندھی نے کہا تھا کہ ان الزامات کے ہوتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات کا آغاز ممکن نہیں۔
اندرانی باگچی کے مطابق پاکستان کے معاملے پر کانگریس اور بی جے پی کے مؤقف میں کافی حد تک مماثلت آ چکی ہے اور دونوں جماعتیں دہشت گردی کے خاتمے کو مذاکرات کے لیے بنیادی شرط قرار دیتی ہیں۔
تاہم ان کا کہنا ہے کہ اس کا مطلب یہ نہیں کہ دونوں ممالک کے نمائندے کثیرالجہتی فورمز پر ایک دوسرے سے رابطہ نہیں رکھتے۔ ان کے بقول ایس سی او جیسی بین الاقوامی تنظیموں کے اجلاسوں میں رابطے معمول کا حصہ ہوتے ہیں، تاہم پاکستان کا موضوع انڈین داخلی سیاست میں ہمیشہ نمایاں رہتا ہے۔
’یہ کباب بریانی کا محاورہ کبھی بی جے پی نے استعمال کیا تھا، اب کانگریس بی جے کے لیے استعمال کر رہی ہے۔ پاکستان کا جب بھی نام آتا ہے، سیاسی جماعتیں اسے اپنے مفاد کے لیے استعمال کرنے کی کوشش کرتی ہیں۔‘
مصدق ملک کی آمد پر سوشل میڈیا پر بھی بحث جاری ہے۔
ایک صحافی راہل شیو شنکر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا: ’کیا انڈیا پاکستان کے پراپیگنڈہ کا پلیٹ فارم بنے گا۔ اس بات کا غالب امکان ہے کہ ایس سی او کی میٹنگ کے دوران جب وہ یہاں ہوں گے تو کچھ چنیدہ صحافیوں کو ان سے ملنے کی اجازت دی جائے گی۔‘
سیولائزیشنل ڈائیلاگ (تہذیبی مکالمہ) کیا ہے؟
سیولائزیشنل ڈائیلاگ کا تصور انڈیا کے وزیرِ اعظم نریندر مودی نے پیش کیا تھا۔ اس کا مقصد مختلف تہذیبوں کے درمیان تصادم کے بجائے مکالمے، مفاہمت اور باہمی ہم آہنگی کو فروغ دینا ہے۔
کانفرنس کے افتتاح کے لیے دلی کے تاریخی پرانا قلعہ کا انتخاب کیا گیا، جسے مغل بادشاہ شاہ جہاں ںے تعمیر کرایا تھا۔ اس مقام کو تاریخی اور تہذیبی تنوع کی علامت سمجھا جاتا ہے کیونکہ یہاں مختلف ادوار کے آثار دریافت ہو چکے ہیں۔
انڈیا کے مرکزی وزیر گجیندر سنگھ شیخاوت نے اس موقع پر کہا کہ تہذیبی موضوعات پر دونوں ممالک میں اختلاف کی گنجائش کم ہے۔
’پاکستان کی ثقافت اور تہذیب کا ارتقا ہم سے مختلف نہیں ہے۔ انھیں ہم سے الگ ہوئے 100 سال بھی نہیں ہوئے، ان کا ارتقا بھی ہمارے ساتھ ہی ہوا ہے۔‘
کانفرنس کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کے وفاقی وزیر مصدق ملک نے کہا کہ ’تہذیبوں اور ثقافتوں پر کثیرالجہتی مکالمے کا یہ ایک شاندار موقع ہے۔
’ثقافتیں اور تہذیبیں سرحدوں سے ماورا ہوتی ہیں، اس لیے یہ خوش آئند بات ہے کہ ہم یہاں اپنی تاریخ، جغرافیے، ثقافتوں اور تہذیبوں پر گفتگو کر رہے ہیں۔‘
جب ان سے پوچھا گیا کہ آیا اس طرح کے رابطوں سے پاکستان اور انڈیا کے تعلقات میں بہتری آنے کا امکان ہے، تو انھوں نے کہا: ’مجھے یقین ہے کہ ہمارے تمام تعلقات بہتر ہوں گے۔ آپ جانتے ہیں کہ خطہ اس وقت تبدیلی کے دور سے گزر رہا ہے اور جغرافیائی سیاست کے بنیادی خدوخال بہت تیزی سے تبدیل ہو رہے ہیں۔
’مجھے امید ہے کہ ہم وسیع تناظر میں معاملات کو دیکھیں گے اور جغرافیائی سیاست، غربت اور دیگر تمام مسائل پر بات چیت کے ذریعے خطے کے مشترکہ ایجنڈے کو آگے بڑھائیں گے۔‘
تاہم مصدق ملک کی آمد سے پیدا ہونے والی سیاسی ہلچل نے کانفرنس کے اصل موضوع سے زیادہ توجہ پاکستانی وزیر کے دورے پر مرکوز کر دی ہے۔
’BBC News اردو‘ ایڈیشن کا انتخاب کریں اور نیوز الرٹس، تحقیقاتی اور تفصیلی رپورٹس، سب کچھ ایک ہی جگہ پر حاصل کریں۔
نوٹ: نئی ایپ برطانیہ اور امریکہ میں دستیاب نہیں ہے اور اس کا انگریزی زبان میں ایڈیشن موجود نہیں۔