درِ نجات: انڈیا میں ابو بکر اور زریاب کے فینز کی ’واچ پارٹی‘ پر پولیس حرکت میں کیوں آئی؟

A still from Dar-e-Nijaat
،تصویر کا کیپشنپاکستانی شو ’درِ نجات‘ انڈیا میں مقبولیت حاصل کر چکا ہے
    • مصنف, زویا متین اور نائلہ خواجہ
    • عہدہ, بی بی سی
  • وقت اشاعت
  • مطالعے کا وقت: 8 منٹ

انڈین شہر بنگلورو میں بدھ تک بعض لوگوں کا پلان تھا کہ وہ ایک تقریب میں مل کر پاکستانی ڈرامہ دیکھیں۔ مگر پھر جغرافیائی سیاست بیچ میں آ گئی۔

پاکستانی ڈرامہ درِ نجات انڈین سوشل میڈیا پر خاصی مقبولیت حاصل کر چکا ہے۔ مگر آن لائن ردعمل کے بعد اس کی انڈیا میں دو سکریننگز پولیس کی جانچ پڑتال کے بعد منسوخ کر دی گئی ہیں۔

پاکستان کے چینل اے آر وائے ڈیجیٹل پر نشر ہونے والا یہ ڈرامہ بعض یوٹیوب چینلز کے ذریعے انڈین ناظرین کے لیے دستیاب ہے۔ تاہم اے آر وائے کا چینل انڈیا میں بلاک کیا گیا ہے۔

یہ تنازع ایسے وقت میں سامنے آیا جب انڈیا میں پاکستانی تفریحی مواد میں دوبارہ دلچسپی دیکھی جا رہی ہے، حالانکہ گذشتہ سال مئی میں جوہری ہتھیار رکھنے والے ان دونوں ہمسایہ ممالک کے درمیان مختصر مگر شدید فوجی تصادم کے بعد ثقافتی روابط اب بھی ایک حساس معاملہ ہیں۔

گذشتہ ہفتے دلی میں ہونے والی ایک ایسی ہی تقریب، جس میں کوئزز اور ڈرامے کے ہدایتکار کے ساتھ ورچوئل بات چیت بھی شامل تھی، نے بھی آن لائن رائے کو تقسیم کر دیا تھا۔

بنگلورو میں ایک نمائش، جو سنیچر کے روز ایک ریستوران میں رکھی گئی تھی، میں معمولی ٹکٹ فیس کے عوض فارسی اور عربی کھانے کے ساتھ ڈرامے کی دو اقساط دکھائی جانی تھیں۔

،ویڈیو کیپشندہلی میں درِ نجات واچ پارٹی: ’صرف خواتین ہی ابوبکر کی عاشق نہیں‘

دوسری تقریب، جو ایک نجی تھیٹر میں رکھی گئی تھی اور صرف خاندان کے افراد کے لیے تھی، میں مہمانوں سے کہا گیا تھا کہ وہ اپنی ’بہترین پاکستانی پوشاک‘ پہن کر آئیں۔

جیسے ہی تشہیری پوسٹرز آن لائن گردش کرنے لگے، سوشل میڈیا کے متعدد صارفین نے ایسی تقریبات پر سوال اٹھائے اور پولیس سے مداخلت کا مطالبہ کیا۔ اس کے بعد دونوں تقریبات منسوخ کر دی گئیں۔

یہ ردعمل انڈیا میں ایک اور پاکستانی ڈرامے کی ریلیز روکنے کے مطالبات کے ساتھ بھی سامنے آیا ہے۔

آل انڈیا سینی ورکرز ایسوسی ایشن نے وزیرِ اعظم نریندر مودی کو خط لکھ کر مطالبہ کیا ہے کہ نیٹ فلکس کی آنے والی پاکستانی سیریز ’جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو‘ کو انڈیا میں ریلیز ہونے سے روکا جائے۔ انڈین حکومت نے اس حوالے سے نیٹ فلکس سے بھی رابطہ کیا ہے۔

انڈیا طویل عرصے سے پاکستان پر سرحد پار دہشت گردی کی حمایت کا الزام لگاتا آیا ہے جس کی اسلام آباد تردید کرتا ہے۔

The invite for one of the private screenings in Bengaluru, asking people to show up in their "best Pakistani ensemble"
،تصویر کا کیپشنایک تقریب کے دعوت نامے میں مہمانوں سے پاکستانی لباس پہننے کو کہا گیا تھا

'درِ نجات واچ پارٹی' جہاں سب ابو بکر کے فین ہیں

تخطى بی بی سی اُردو موبائل ایپ وواصل القراءة
بی بی سی اردو کی نئی موبائل ایپ کی تصویر
تمام اہم خبریں ایک ایپ میں

وہ تمام خِبریں جو آپ جاننا چاہتے ہیں بی بی سی ورلڈ سروس ایپ پر موجود ہیں

ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

بی بی سی اُردو موبائل ایپ نهاية

دلی کے ایک کیفے میں منعقدہ خصوصی واچ پارٹی میں پہنچ کر اندازہ ہوتا ہے کہ 'درِ نجات' کے کرداروں نے ناظرین کے درمیان کس قدر جگہ بنا لی ہے۔ یہاں نہ صرف ڈرامہ دیکھنے کا انتظام تھا بلکہ اس سے متعلق دلچسپ کھیل، سرگرمیاں اور کوئز بھی منعقد کیے گئے تھے۔ فینز نے اپنے پسندیدہ کرداروں کے ناموں پر ٹیمیں بنائی ہوئی تھیں۔

جب ان سے پوچھا گیا کہ وہ کس ٹیم کا حصہ ہیں تو کسی نے زریاب کا نام لیا، کسی نے زامل کا اور کسی نے ابوبکر کو اپنا پسندیدہ کردار قرار دیا۔

ایک فین نے دلچسپ انداز میں کہا کہ 'صرف عورتیں ہی نہیں ہیں میڈم، جو ابوبکر سے عشق کرتی ہیں، ہمیں بھی ہے۔'

اس تقریب میں ڈرامے کے ہدایت کار ثاقب خان بھی آن لائن شریک ہوئے جہاں فینز نے ان سے سوالات کیے اور ڈرامے کی کہانی، کرداروں اور اس کے مختلف پہلوؤں پر گفتگو کی۔

ثاقب نے فینز کی اس غیر معمولی دلچسپی پر حیرت کا اظہار کیا۔ ان کے مطابق 'ڈرامے کو اس پیمانے پر پسند کیا جائے گا، اس بات کا اندازہ نہیں تھا۔'

انھوں نے اس بات پر بھی خوشی ظاہر کی کہ ناظرین نہ صرف کہانی دیکھ رہے ہیں بلکہ اس کے مختلف پہلوؤں پر سنجیدگی سے گفتگو بھی کر رہے ہیں۔

واچ پارٹی میں موجود زیادہ تر افراد نے بتایا کہ وہ اس ڈرامے میں پدرشاہی، عورتوں کے ساتھ باوقار رویوں اور معاشرے میں موجود صنفی امتیاز جیسے موضوعات سے خود کو جوڑ پاتے ہیں۔

ایک فین کے مطابق اس ڈرامے سے انھیں بہت سی چیزیں سیکھنے اور اپنے رویوں پر نظرثانی کرنے کا موقع ملا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ابوبکر جیسے کردار کو دیکھ کر اندازہ ہوتا ہے کہ دوسروں کے ساتھ بنیادی احترام کی کتنی اہمیت ہے۔

وہ کہتی ہیں کہ 'وہ کوئی غیر معمولی کام نہیں کر رہا، وہ صرف بنیادی احترام دکھا رہا ہے، جو بدقسمتی سے آج کی دنیا میں بہت کم ہوتا جا رہا ہے۔ امید ہے کہ اس ڈرامے کے بعد یہ ایک رجحان بنے گا۔'

ایک اور ناظر کے مطابق ڈرامے کی کہانی اس لیے بھی لوگوں کو متاثر کر رہی ہے کیونکہ اس کے موضوعات مختلف عمر اور سماجی پس منظر کے افراد کے ذاتی تجربات سے میل کھاتے ہیں۔ لوگ اپنے شریکِ حیات، والدین اور بچوں کے ساتھ پیش آنے والے واقعات میں اس کہانی کی جھلک دیکھتے ہیں۔

ڈرامے کے کرداروں پر گفتگو کرتے ہوئے ایک خاتون نے بتایا کہ حمنا کا کردار جنوبی ایشیا کی بہت سی خواتین کی نمائندگی کرتا ہے، جو اپنے شوہروں کے ماضی اور رویوں کے درمیان اپنی زندگی اور شناخت کے لیے جدوجہد کرتی ہیں۔

ایک اور فین نے زریاب کے کردار کے مقابلے میں ابوبکر کو زیادہ پسند کرنے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ ابوبکر کا رویہ اور اس کی شخصیت لوگوں کو متاثر کرتی ہے۔ انھوں نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ 'ابوبکر اتنا اچھا کردار ہے کہ وہ حقیقی انسان نہیں بلکہ اے آئی سے بنایا ہوا کردار معلوم ہوتا ہے۔'

ابو بکر
،تصویر کا کیپشنایک انڈین فین نے تبصرہ کیا کہ انھیں لگتا ہے ابو بکر ’اے آئی‘ سے بنا کردار ہے

انڈیا میں پاکستانی مواد کی تشہیر زیرِ بحث کیوں؟

ان حالات میں انڈیا میں ایک پرانی بحث دوبارہ چھڑ گئی ہے کہ آیا پاکستان کے ساتھ ثقافتی تعلقات کو سیاسی اختلافات سے الگ رکھا جانا چاہیے یا نہیں۔

انڈیا اور پاکستان ایک بھرپور ثقافتی ورثہ رکھتے ہیں۔ لیکن 1947 میں برطانوی ہند سے آزاد ممالک کے طور پر وجود میں آنے کے بعد سے دونوں کے تعلقات اکثر کشیدہ رہے ہیں۔

اور ثقافتی تبادلے اکثر سیاسی کشیدگی کی پہلی زد میں آنے والی چیزوں میں شامل رہے ہیں۔

انڈیا میں عقیدت مند سامعین رکھنے والے پاکستانی غزل گلوکاروں کو وقتاً فوقتاً وہاں پرفارم کرنے سے محروم ہونا پڑا ہے۔

پاکستان میں انتہائی مقبول انڈین فلمیں وہاں کے سینما گھروں سے غائب ہو گئی ہیں۔

فنی تعاون نسبتاً پُرامن ادوار میں فروغ پاتا رہا، لیکن جب بھی کشیدگی بڑھی، یہ روابط بکھر گئے۔

2010 کی ابتدائی دہائی اس حوالے سے خاص طور پر زرخیز دور تھا۔ پاکستانی گلوکار عاطف اسلم اور راحت فتح علی خان ہندی سینما کی سب سے نمایاں آوازوں میں شمار ہوتے تھے۔

2014 میں ٹیلی ویژن چینل زندگی کے آغاز نے پاکستانی ڈرامے انڈین گھروں تک پہنچا دیے اور ناظرین کو ایسی کہانیوں سے متعارف کرایا جن کی زبان اور جذباتی دنیا تو مانوس تھی، مگر روزمرہ زندگی کی پیشکش اکثر تازگی کا احساس دلاتی تھی۔

2016 تک فواد خان بالی وڈ کی بعض نمایاں ترین فلموں میں نظر آ رہے تھے۔

لیکن اسی سال اُڑی میں اور 2019 میں پلوامہ میں انڈین سکیورٹی فورسز پر حملوں، جن کا الزام انڈیا نے پاکستان میں موجود شدت پسند گروہوں پر عائد کیا، نے ثقافتی تعاون کی گنجائش کو محدود کر دیا۔

پاکستان، جو مسلسل کسی بھی مداخلت کی تردید کرتا آیا ہے، نے بھی انڈین تفریحی مواد پر پابندیاں عائد کیں۔

رسمی تبادلوں میں کمی کے باوجود پاکستانی ڈراموں نے یوٹیوب پر انڈیا میں نئے ناظرین حاصل کیے، جبکہ موسیقی سٹریمنگ پلیٹ فارمز کے ذریعے سرحد پار پہنچتی رہی۔

لیکن گذشتہ سال کے واقعات نے اس نسبتاً غیر رسمی تعلق کو بھی متاثر کیا۔

Pakistan actor Fawad Afzal Khan looks on as he attends a press conference for Hindi film Kapoor & Sons in Mumbai on March 25, 2016
،تصویر کا کیپشنپاکستانی اداکار فواد خان نے چند بالی وڈ فلموں میں کام کیا ہے اور انڈیا میں ان کے بہت سے مداح ہیں

22 اپریل 2025 کو شدت پسندوں نے انڈیا کے زیرِ انتظام کشمیر کے پہلگام میں 26 افراد کو ہلاک کر دیا، جن میں بیشتر سیاح تھے۔ انڈیا نے اس حملے کا الزام پاکستان سے منسلک شدت پسندوں پر عائد کیا جبکہ اسلام آباد نے اس میں ملوث ہونے کی تردید کی۔

مئی میں انڈیا نے پاکستان اور پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر میں ان مقامات پر فوجی حملے کیے جنھیں اس نے دہشت گردوں کا بنیادی ڈھانچہ قرار دیا۔ اس کے بعد چار روز تک لڑائی جاری رہی اور پھر جنگ بندی کا اعلان کیا گیا۔

انڈیا میں وسیع غم و غصے کے ماحول میں حکومت نے سٹریمنگ پلیٹ فارمز سے پاکستانی مواد ہٹانے کو کہا، جبکہ کئی پاکستانی شخصیات کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس بلاک کر دیے گئے۔

فواد خان کی ہندی سینما میں متوقع واپسی فلم عبیر گلال کے ذریعے ہونی تھی، لیکن فلم کو انڈیا میں ریلیز کی اجازت نہ مل سکی۔

پاکستانی فنکاروں کی جانب سے انڈیا کی فوجی کارروائی پر تنقید نے مزید غصے کو جنم دیا۔

گذشتہ ایک سال کے بیشتر عرصے میں انڈین ناظرین نے سکرین پر پاکستان کو زیادہ تر قومی سلامتی کے تناظر میں دیکھا۔

دسمبر میں لاکھوں افراد نے دھورندھر دیکھی، جو آدتیہ دھر کی جاسوسی پر مبنی تھرلر فلم ہے، اور جس کی کامیابی نے کراچی کے جرائم پیشہ عناصر، جاسوسوں اور سیاسی سازشوں کے بارے میں دلچسپی پیدا کی۔

لیکن حالیہ مہینوں میں پاکستان کے بارے میں ایک زیادہ مانوس نوعیت کی دلچسپی دوبارہ ابھرنے لگی ہے۔

پاکستانی گانے، جیسے الفاظ، انڈین سوشل میڈیا پر بے حد مقبول ہو گئے ہیں، جبکہ ڈرامہ درِ نجات نے انڈین آڈینس کو بھی متاثر کیا ہے۔

اگرچہ ڈرامہ ایمان اور نجات سے متعلق سوالات کا جائزہ لیتا ہے، لیکن ابو بکر کا اپنی بیوی کے ساتھ محبت بھرا رویہ ہی وہ چیز ہے جس نے انھیں موجودہ رومانوی اصطلاحات میں شاید سب سے بڑا اعزاز دلایا ہے: 'گرین فلیگ'۔

ڈرامے کے لیے یہی جوش و خروش بنگلورو میں ہونے والی ایک نمائش کی منتظم کو اپنی رہائشی عمارت کے نجی تھیٹر میں تقریب منعقد کرنے پر آمادہ کر گیا تھا۔

ان کے مطابق جس چیز کو وہ ایک چھوٹی خاندانی تقریب سمجھ رہی تھیں، اسے دعوت نامہ ایکس پر پہنچنے کے بعد بالکل مختلف انداز میں لیا گیا۔

انھوں نے کہا ’میرا خاندان کہہ رہا تھا کہ ہمیں یہ تقریب کیوں منسوخ کرنی چاہیے؟‘ لیکن آخرکار انھوں نے اسے منسوخ کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

'BBC News اردو' ایڈیشن کا انتخاب کریں اور نیوز الرٹس، تحقیقاتی اور تفصیلی رپورٹس، سب کچھ ایک ہی جگہ پر حاصل کریں۔

نوٹ: نئی ایپ برطانیہ اور امریکہ میں دستیاب نہیں ہے اور اس کا انگریزی زبان میں ایڈیشن موجود نہیں۔