دوسرا ٹی20: پاکستان نے سری لنکا کو ہرا کر سیریز جیت لی، معاذ صداقت پہلی بار پلیئر آف دی میچ قرار

،تصویر کا ذریعہ@TheRealPCB
راولپنڈی میں کھیلے گئے دوسرے ٹی20 میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر 215 رنز بنائے۔ جواب میں سری لنکا کی ٹیم 20 اوورز میں سات وکٹوں پر 133 رنز ہی بنا سکی اور پاکستان نے میچ 82 رنز سے جیت کر تین میچوں کی سیریز میں 2-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی۔
پاکستان کے 216 رنز کے بڑے ہدف کے تعاقب میں سری لنکا کے بلے باز ابتدا ہی سے دباؤ میں دکھائی دیے اور مطلوبہ رن ریٹ کے بوجھ تلے سنبھل نہ سکے۔ ابتدائی وکٹوں کے جلد گرنے کے بعد سری لنکن بیٹنگ لائن کسی مضبوط شراکت داری میں ناکام رہی، جبکہ پاکستانی باؤلرز نے مسلسل دباؤ برقرار رکھتے ہوئے مہمان ٹیم کو کھل کر کھیلنے کا موقع نہیں دیا۔
سری لنکا کی طرف سے سنیتھ جے وردھنے نے 22، کمیندو مینڈس نے 23 اور چامیندو وکرماسنگھے نے 29 رنز بنائے، جبکہ مہیش تھیکشانا 32 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ کپتان کشل مینڈس صرف نو رنز بنا سکے اور سہان آراچیگے کھاتہ کھولے بغیر آؤٹ ہو گئے۔
پاکستان کی جانب سے محمد عمران رندھاوا سب سے کامیاب باؤلر ثابت ہوئے۔ انھوں نے اپنے چار اوورز میں صرف 11 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں اور سری لنکا کی بیٹنگ لائن اپ کو شدید دباؤ میں رکھا۔ عمران رندھاوا نے سنیتھ جے وردھنے، کشل مینڈس اور سہان آراچیگے کو آؤٹ کیا۔
سلمان مرزا نے بھی عمدہ باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے دو کھلاڑیوں کو پویلین واپس بھیجا۔ ان کی گیندوں پر لاہیرو اُدارا اور چامندو وکرماسنگھے آؤٹ ہوئے۔
کپتان شاداب خان اور صائم ایوب نے بھی ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ شاداب خان نے کمیندو مینڈس جبکہ صائم ایوب نے داسن شناکا کو آؤٹ کیا۔
یوں پاکستان نے بیٹنگ، باؤلنگ اور فیلڈنگ تینوں شعبوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سری لنکا کو یکطرفہ مقابلے میں شکست دے دی اور سیریز اپنے نام کر لی۔

،تصویر کا ذریعہ@TheRealPCB
پاکستانی اننگز کا احوال
دوسرے ٹی20 انٹرنیشنل میچ میں پاکستان نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر 215 رنز بنائے اور سری لنکا کو کامیابی کے لیے 216 رنز کا ہدف دیا تھا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، تاہم پاکستانی بلے بازوں نے آغاز ہی سے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے مہمان ٹیم کے باؤلرز کو دباؤ میں رکھا۔
پاکستان کو اوپنرز نے برق رفتار آغاز فراہم کیا، جبکہ نوجوان بلے باز معاذ صداقت نے ایک بار پھر عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 51 گیندوں پر 96 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔ ان کی اننگز میں دلکش چوکے اور چھکے شامل تھے، جس کے باعث پاکستانی ٹیم بڑے ٹوٹل کی جانب گامزن رہی۔
اس سے قبل صاحبزادہ فرحان نے بھی ذمہ دارانہ اور تیز رفتار بیٹنگ کرتے ہوئے 73 رنز سکور کیے۔ دونوں بلے بازوں نے سری لنکن باؤلرز کے خلاف عمدہ شراکت قائم کی اور ٹیم کی مضبوط بنیاد رکھی۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images

،تصویر کا ذریعہGetty Images
درمیانی اوورز میں پاکستان نے رن ریٹ برقرار رکھا جبکہ آخری اوورز میں بلے بازوں نے کھل کر شاٹس کھیلے، جس سے سکور کی رفتار میں مزید اضافہ ہوا اور پاکستانی ٹیم 215 رنز تک پہنچنے میں کامیاب رہی۔
سری لنکن باؤلرز پاکستانی بیٹنگ لائن پر خاطر خواہ دباؤ ڈالنے میں ناکام رہے اور میزبان ٹیم نے تقریباً پوری اننگز کے دوران کھیل پر اپنی گرفت برقرار رکھی۔
سری لنکا کی جانب سے مہیش ٹھیکشانا، ایشان ملنگا اور داسن شناکا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
سوشل میڈیا پر صارفین نے پاکستانی بلے باز معاذ صداقت کی اننگز کی خصوصی تعریف کی اور انھیں پاکستان کا ایک ’غیرمعمولی ٹیلنٹ‘ قرار دیا ہے۔

،تصویر کا ذریعہ@TheRealPCB
پاکستان کرکٹ بورڈ نے اپنے ایک ٹویٹ میں بتایا کہ ’معاذ صداقت نے سری لنکن باؤلرز کے خلاف جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے شاندار 96 رنز کی اننگز کھیلی اور پھر اس شاندار کارکردگی پر انھیں ٹی20 انٹرنیشنل کرکٹ میں پہلی بار پلیئر آف دی میچ کے اعزاز سے نوازا گیا۔‘
وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے پاکستان کی سری لنکا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں کامیابی پر قومی ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فیصلہ کن برتری حاصل کی اور قوم کا سر فخر سے بلند کیا۔
انھوں نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں خصوصاً صاحبزادہ فرحان اور معاذ صداقت کی بیٹنگ کو سراہتے ہوئے کہا کہ دونوں بلے بازوں نے اپنی صلاحیتوں اور عمدہ کھیل کے ذریعے ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔ عبدالعلیم خان نے قومی ٹیم کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ امید کرتے ہیں کہ پاکستان کرکٹ ٹیم مستقبل میں بھی اسی جذبے اور بہترین کارکردگی کے ساتھ کامیابیوں کا سفر جاری رکھے گی۔



















