ریاض ایئر پورٹ پر حوثیوں کے حملوں میں ایک مسافر طیارے کو نقصان پہنچنے کی اطلاعات

،تصویر کا ذریعہReuters
سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض کے ہوائی اڈے پر موجود دو عینی شاہدین نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ یمن کے حوثیوں کی جانب سے جمعرات کو ہونے والے حملوں کے نتیجے میں سعودی عرب کی قومی فضائی کمپنی کے ایک طیارے کو بظاہر نقصان پہنچا ہے۔
اس سے قبل معاملے سے باخبر ایک ذریعے نے اے ایف پی کو بتایا تھا کہ ہوائی اڈے پر کم از کم ایک طیارے کو شدید نقصان پہنچا، جبکہ ایک دوسرے ذریعے کے مطابق تین طیارے متاثر ہوئے۔
یمن کے حوثیوں نے جمعرات کو ایئرپورٹ پر تین الگ الگ حملوں کا دعویٰ کیا تھا۔ دارالحکومت ریاض میں متعدد دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں جبکہ سعودی قیادت میں قائم افواج نے کہا کہ ہوائی اڈے کی جانب داغے گئے میزائلوں کو تباہ کر دیا گیا۔
دونوں عینی شاہدین کے مطابق ٹرمینل 4 پر کھڑے سعودیہ کے ایک طیارے کے ڈھانچے پر واضح نقصان کے آثار تھے۔ یہ ٹرمینل اس وقت سعودیہ اور ریاض ایئر کی اندرونِ ملک پروازوں کے لیے استعمال ہوتا ہے۔
اس سے قبل خبر رساں ادارے روئٹرز نے باخبر ذرائع کے حوالے سے خبر دی تھی کہ سرکاری ملکیت میں چلنے والی سعودی ایئرلائنز کا ایک مسافر طیارہ ریاض ہوائی اڈے کے ایک ٹرمینل پر کھڑا ہونے کے دوران آگ لگنے سے شدید متاثر ہوا۔
سعودی حکومت کے میڈیا دفتر، ملک کی سول ایوی ایشن اتھارٹی اور سعودی عربین ایئرلائنز نے اس معاملے پر کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔




