امریکہ کے جنوبی ایران پر تازہ حملے: بحری ناکہ بندی دوبارہ نافذ کر دی گئی ہے، سینٹکام

امریکی فوج کے سینٹرل کمانڈ کا کہنا ہے کہ منگل اور بدھ کی درمیانی شب ایران کے خلاف بحری ناکہ بندی دوبارہ لگا دی گئی ہے جبکہ امریکی افواج نے ایران پر حملوں کا ایک نیا سلسلہ شروع کیا ہے۔ دوسری جانب ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے کویت اور بحرین میں امریکی فوجی اڈوں کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔

خلاصہ

لائیو کوریج

  1. ایرانی پاسدارانِ انقلاب کا بحرین اور کویت میں امریکی فوجی اڈوں کو نشانہ بنانے کا دعویٰ

    ایران

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    امریکہ کی ایران کے جنوبی علاقوں پر نئے حملوں کے اعلان کے تقریباً ایک گھنٹے بعد پاسدارانِ انقلاب نے بحرین اور کویت میں امریکی فوجی اڈوں پر حملوں کا دعویٰ کیا ہے۔

    بی بی سی فارسی کے مطابق پاسدارانِ انقلاب کی جانب سے منگل کی شب جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ بیک وقت میزائل اور ڈرون کارروائی کے دوران ’بحرین میں شیخ عیسیٰ ایئر بیس پر دشمن کے بحری جہازوں اور طیاروں کے لیے اسلحہ اور پرزہ جات ذخیرہ کرنے والے کئی گودام تباہ کر دیے گئے۔‘

    بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’اس کے علاوہ کویت میں علی السالم ایئر بیس پر اس مقام کو نشانہ بنایا گیا ہے جہاں دشمن کے ایم کیو-9 ڈرونز تعینات تھے۔ اس حملے کے کے نتیجے میں متعدد ڈرونز تباہ ہو گئے یا انھیں نقصان پہنچا ہے۔‘

  2. امریکہ نے ایران کے خلاف دوبارہ بحری ناکہ بندی نافذ کر دی: سینٹکام

    امریکہ

    ،تصویر کا ذریعہCentcom

    امریکی فوج کے سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) کا کہنا ہے کہ ایران کی بحری ناکہ بندی دوبارہ لگا دی گئی ہے۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری ایک بیان میں سینٹکام کا کہنا ہے کہ منگل اور بدھ کی درمیانی شب ایک بجے (جو کہ مشرقی امریکی وقت کے مطابق شام چار بجے بنتا ہے) ایران کی بندرگاہوں اور ساحلی علاقوں کی جانب آنے اور وہاں سے جانے والے بحری جہازوں کے خلاف بحری ناکہ بندی دوبارہ لگا دی گئی ہے۔

    بیان میں کہا گیا ہے کہ ’اس وقت مشرقِ وسطیٰ میں امریکی بحریہ کے 20 سے زیادہ جنگی جہاز اور سیکڑوں فوجی طیارے تعینات ہیں۔ امریکی افواج بدستور چوکس، مہلک اور کارروائی کے لیے تیار ہیں۔‘

    اس سے ایک گھنٹہ قبل جاری ایک اور بیان میں امریکی سینٹکام کا کہنا تھا کہ امریکی افواج نے ایران کے خلاف حملوں کا ایک اور سلسلہ شروع کیا ہے جس کا مقصد آبنائے ہرمز میں تجارتی جہازوں پر حملوں کے لیے استعمال ہونے والی ایرانی صلاحیتوں کو مزید کمزور کرنا ہے۔

    ایرانی میڈیا نے خبر دی ہے کہ ملک کے جنوب میں واقع کئی علاقوں بشمول بندر عباس، سیریک اور اہواز میں دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں۔

    ایران کی مہر نیوز ایجنسی نے ہرمزگان کے گورنر کے حوالے سے بتایا ہے کہ بندر عباس شہر کے قریب ایک مقام کو امریکی میزائلوں سے نشانہ بنایا گیا تاہم اس سے تاحال کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے جبکہ سیریک شہر کو بھی ایک ’امریکی میزائل‘ سے نشانہ بنایا گیا ہے۔

  3. امریکہ نے دوبارہ بحری ناکہ بندی نافذ کرکے معاہدہ مکمل طور پر ختم کر دیا ہے: ایرانی نائب وزیرِ خارجہ

    ایران

    ،تصویر کا ذریعہAnadolu via Getty Images

    ایران کے نائب وزیر خارجہ کاظم غریب آبادی کا کہنا ہے کہ امریکہ نے دوبارہ بحری ناکہ بندی نافذ کرکے مفاہمتی یادداشت کو مکمل طور پر ختم کر دیا ہے۔

    بی بی سی فارسی کے مطابق ایرانی نائب وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ امریکہ اور ایران کے درمیان طے پانے والی مفاہمتی یادداشت کا بنیادی نکتہ ایران اور دیگر محاذوں کے خلاف جنگ کا خاتمہ تھا، جس کی خلاف ورزی ایران کی سرزمین پر بھی ہوئی اور لبنان میں بھی۔

    انھوں نے مزید کہا ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کے آبنائے ہرمز کی صورت حال پر تبادلہ خیال کے لیے عمان دورے کے دوران عمان کے ساتھ بھی کوئی معاہدہ طے نہیں پایا۔

  4. بحرین میں سائرن کی آوازیں، میزائل حملے کی اطلاعات

    تقریباً ایک گھنٹہ قبل بحرین میں فضائی حملے کے خطرے کے سائرن کی آوازیں سنی گئیں۔

    بحرین کی وزارتِ داخلہ کا کہنا ہے اس نے ملک میں فضائی حملے کے خطرے کے سائرن بجائے ہیں۔ اس سے قبل بحرین نے آج ہی کے روز دعویٰ کیا تھا کہ اس نے ایران کی جانب سے داغے گئے متعدد حملوں کو ناکام بنایا ہے۔

    بحرین کی وزارتِ داخلہ کا سوشل میڈیا پر جاری ایک بیان میں کہنا تھا کہ ’خطرے کا سائرن بجا دیا گیا ہے۔ شہریوں اور رہائشیوں سے درخواست ہے کہ پُرسکون رہیں اور قریب ترین محفوظ مقام پر چلے جائیں۔‘

    ایرانی خبر رساں ادارے فارس نیوز ایجنسی نے ایک ویڈیو شائع کرتے ہوئے لکھا ہے کہ بعض ذرائع نے اطلاع دی ہے کہ بحرین میں امریکی فوجی تنصیبات پر میزائلوں سے حملہ کیا گیا ہے۔

    اس سے قبل ایران نے کویت، بحرین اور اردن میں واقع امریکی اڈوں کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا تھا۔

  5. ’انھوں نے پہلے گولی چلائی:‘ صدر ٹرمپ کا ایران پر حملوں میں پہل کرنے کا الزام

    ٹرمپ

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    جب ٹرمپ سے پوچھا گیا کہ آیا انھیں ایران پر عائد بحری ناکہ بندی ختم کرنے پر افسوس ہے، خاص طور پر اس تناظر میں کہ ایران نے آبنائے ہرمز میں جہازوں پر حملے دوبارہ شروع کر دیے ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان مفاہمتی یادداشت عملاً ناکام ہوتی دکھائی دے رہی ہے، تو انھوں نے اس کا جواب نفی میں دیا۔

    امریکی صدر نے کہا کہ انھیں اپنے فیصلے پر افسوس نہیں ہے۔ انھوں نے ایرانیوں کو ’مشکل لوگ‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ ایرانی قیادت کو ایک موقع دینا چاہتے تھے۔

    ٹرمپ نے مزید کہا کہ ان کے خیال میں معاہدے کی بعض شقوں پر تہران کے اختلافات ہی حملوں کے دوبارہ آغاز کا سبب بنے اور ان کا دعویٰ تھا کہ ’پہل ایران نے کی تھی۔‘

    انہوں نے کہا: ’انھوں نے پہلے گولی چلائی تھی۔‘

  6. ’فیس کے تصور سے اتفاق نہیں‘: ٹرمپ کا آبنائے ہرمز سے گزرنے والے کارگو پر مجوزہ 20 فیصد فیس واپس لینے کا فیصلہ, برنڈ ڈیبسمین، بی بی سی نیوز

    ڈونلڈ ٹرمپ نے اب آبنائے ہرمز کے حوالے سے اپنے نئے منصوبے کے بارے میں کچھ مزید تفصیلات فراہم کی ہیں، جس کے تحت وہ وہاں سے گزرنے والے کارگو پر مجوزہ 20 فیصد فیس واپس لینے کے بدلے میں خلیجی ممالک کی جانب سے امریکہ میں سرمایہ کاری حاصل کرنا چاہتے ہیں۔

    ان کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ خلیجی ممالک کی جانب سے فیس کے اعلان کے بعد ہونے والی رابطہ کاری اور گفتگو کے نتیجے میں کیا گیا۔

    قابلِ توجہ بات یہ ہے کہ اس معاملے پر اب ٹرمپ کا مؤقف وزیرِ خارجہ مارکو روبیو کے مؤقف سے ہم آہنگ دکھائی دیتا ہے۔ روبیو پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ امریکہ یہ نہیں سمجھتا کہ کسی بھی ملک کو آبنائے ہرمز سے گزرنے والی جہاز رانی پر محصول عائد کرنے کا حق ہونا چاہیے۔

    ٹرمپ کہتے ہیں کہ: ’مجھے فیس کے تصور سے اتفاق نہیں ہے۔ لیکن ساتھ ہی یہ بھی منصفانہ نہیں کہ ہم پوری دنیا کے لیے آبنائے کی حفاظت کریں۔‘

    ٹرمپ بارہا یہ تاثر دینے کی کوشش کرتے رہے ہیں کہ عالمی سلامتی کے معاملات کا سب سے بڑا بوجھ امریکہ اٹھا رہا ہے، ، خاص طور پر آبنائے ہرمز اور نیٹو جیسے معاملات میں۔

  7. اپنی فضائی حدود میں ’دشمن اہداف‘ کا مقابلہ کر رہے ہیں: کویتی فوجی

    کویت کی فوج نے کہا ہے کہ وہ اپنی فضائی حدود میں ’دشمن فضائی اہداف‘ کا مقابلہ کر رہی ہے۔

    کویت کی فوج نے ایکس پر جاری بیان میں کہا: ’اگر دھماکوں کی آوازیں سنائی دیں تو وہ فضائی دفاعی نظام کی جانب سے حملوں کو ناکام بنانے کے نتیجے میں ہوں گی۔‘

    امریکہ کا قریبی اتحادی کویت مشرق وسطی میں جاری تنازع کے دوران متعدد مرتبہ ایرانی حملوں یا ان کے خطرات کا سامنا کر چکا ہے۔

  8. گذشتہ رات ایران کے آبنائے ہرمز میں حملوں سے دو ملاح ہلاک ہوئے: میری ٹائم ادارہ

    اقوامِ متحدہ

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    اقوامِ متحدہ کے ذیلی ادارے انٹرنیشنل میری ٹائم آرگنائزیشن (آئی ایم او) کا کہنا ہے کہ آبنائے ہرمز میں گذشتہ رات ہونے والے حملوں کے نتیجے میں کم از کم دو افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے ہیں۔

    اس سے قبل متحدہ عرب امارات اور انڈیا نے کہا تھا کہ تہران کے حملوں کے نتیجے میں ایک انڈین ملاح ہلاک ہو گیا ہے۔

    اب آئی ایم او کا کہنا ہے کہ اسی جہاز الباحیہ پر موجود ایک دوسرا ملاح بھی جان کی بازی ہار گیا ہے۔ یہ جہاز عمان کے ساحل سے 13 سمندری میل کے فاصلے پر موجود تھا۔

    ایک اور جہاز ممباسا بی بھی ایرانی حملوں سے متاثر ہوا۔ گذشتہ رات کے حملے میں اس جہاز پر سوار 14 ملاح زخمی ہوئے تھے۔

    بی بی سی کو جاری ایک بیان میں آئی ایم او کا کہنا ہے کہ وہ حکام کے ساتھ مل کر ’واقعے کے تمام حالات کی تصدیق‘ کرنے کے لیے کام کر رہا ہے اور ’کشیدگی کے سلسلے‘ کے خاتمے کا مطالبہ کرتا ہے۔

    آئی ایم او کے مطابق امریکہ اور ایران کے درمیان جنگ شروع ہونے کے بعد سے آبنائے ہرمز میں جاری کشیدگی اور حملوں کے نتیجے میں 17 ملاح ہلاک ہو چکے ہیں۔

  9. امریکی صدر ٹرمپ کا آبنائے ہرمز میں ’20 فیصد ری ایمبرسمنٹ فیس‘ ختم کرنے کا فیصلہ

    ڈونلڈ ٹرمپ

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹروتھ سوشل پر اپنی ایک پوسٹ میں کہا ہے کہ انھوں نے ’20 فیصد امریکی ری ایمبرسمنٹ فیس‘ کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس کے بدلے میں خلیجی امریکہ کے ساتھ تجارتی اور سرمایہ کاری کے معاہدے کریں گی۔‘

    انھوں نے ٹروتھ سوشل پر لکھا: ’میں نے فیصلہ کیا ہے کہ 20 فیصد امریکی ری ایمبرسمنٹ فیس کو ان تجارتی اور سرمایہ کاری کے معاہدوں سے تبدیل کر دیا جائے جو مختلف خلیجی ممالک امریکہ میں کریں گے۔‘

    ٹرمپ نے مزید کہا: ’یہ سرمایہ کاری بہت بڑی ہوگی، لیکن ساتھ ہی یہ اُن ممالک اور ان کے مستقبل کے لیے بھی غیر معمولی طور پر فائدہ مند ثابت ہوگی۔‘

    ڈونلڈ ٹرمپ نے مزید لکھا کہ کہ آبنائے ہرمز ’ایران کے علاوہ تمام جہازوں کی آمدورفت کے لیے کھلی ہے‘ اور ’اس کی وجہ ایران کی جھوٹی، پُرتشدد اور بدنیت قیادت ہے، جو اپنے ملک کو مکمل تباہی کی طرف لے جا رہی ہے۔‘

    ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ ایران کے خلاف ’مکمل ناکہ بندی‘ نافذ کی جائے گی، لیکن یہ صرف اُن جہازوں پر لاگو ہوگی جو ایرانی بندرگاہوں کی طرف جا رہے ہوں یا وہاں سے آ رہے ہوں یا وہ ایسا کوئی سامان لے جا رہے ہوں، جس کا تعلق ایران سے ہو۔

  10. ایران نے حملہ کیا تو اس بار جواب کہیں زیادہ سخت ہوگا: نیتن یاہو

    Getty Images

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    اسرائیل کے وزیرِاعظم بنیامن نیتن یاہو نے ایران کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’اگر ایران نے اسرائیل پر حملہ کیا تو اس کا جواب پہلے کے مقابلے میں ’کہیں زیادہ طاقتور‘ ہوگا۔‘

    اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر جاری ایک ویڈیو پیغام میں نیتن یاہو نے کہا کہ ’میں ایران کے رہنماؤں سے کہنا چاہتا ہوں کہ اگر آپ ہم پر حملہ کریں گے تو یہ نہ سمجھیں کہ حالات پُرسکون رہیں گے۔‘

    انھوں نے کہا کہ ’اس بار اسرائیل کا ردعمل گزشتہ ایرانی حملے کے جواب جیسا نہیں ہوگا، حالانکہ ان کے بقول وہ جواب ’پہلے ہی کافی شدید تھا۔‘

    نیتن یاہو نے مزید کہا کہ ’وہ وقت گزر چکا ہے جب کوئی ہم پر حملہ کرے اور ہم اس کا دوگنا جواب نہ دے سکیں۔‘

    نیتن یاہو نے کہا کہ اسرائیل نے یہ کارروائیاں ایران کے ’مزاحمت کے محور‘ کے خلاف کی تھیں اور ’جس نے بھی ہمیں نقصان پہنچایا، ہم اس کے خلاف یہ جاری رکھیں گے۔‘

  11. عمان کے ساحل کے قریب پروجیکٹائل کا نشانہ بننے والے آئل ٹینکر میں آگ بھڑک اُٹھی

    عمان کے ساحل کے قریب ’نامعلوم پروجیکٹائل‘ کا نشانہ بننے والے ایک آئل ٹینکر کی انتظامیہ نے کہا ہے کہ دھماکے کے بعد جہاز کے انجن روم میں آگ بھڑک اُٹھی ہے، تاہم واقعے میں کوئی بھی فرد زخمی نہیں ہوا ہے۔

    شپنگ کمپنی سٹولٹ ٹینکرز کے مطابق ’سٹولٹ میگنیشیم‘ نامی آئل ٹینکر بحرہ عرب سے گزر رہا تھا جب اسے نشانہ بنایا گیا۔

    کمپنی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ’سٹولٹ میگنیشیم پر موجود تمام بحری عملہ محفوظ ہے۔ واقعے کے فوراً بعد کپتان نے ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے جہاز کا ایمرجنسی رسپانس پلان نافذ کیا، جس کے بعد عملے نے آگ بجھانے کی کارروائی شروع کر دی۔‘

    سٹولٹ ٹینکرز کے مطابق ’جہاز کے عملے کے اہلِ خانہ سے رابطہ کر لیا گیا ہے، جبکہ تمام متعلقہ حکام اور فریقین کو بھی واقعے سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔

    کمپنی نے تصدیق کی کہ یہی وہ جہاز ہے جس کا ذکر برطانیہ کی یو کے میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز کی رپورٹ میں کیا گیا تھا۔ اس رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ گزشتہ رات عمان کے علاقے قلحات کے ساحل کے قریب ایک آئل ٹینکر ’نامعلوم پروجیکٹائل‘ کی زد میں آیا تھا۔

  12. محدود فوجی طاقت کے باوجود ایرانی حکمت عملی نے کیسے امریکہ پر دباؤ ڈالا؟, بی بی سی کے سکیورٹی امور کے نامہ نگار فرینک گارڈنر کا تجزیہ

    Reuters

    ،تصویر کا ذریعہReuters

    اگرچہ فوجی طاقت کے لحاظ سے ایران امریکہ کا مقابلہ نہیں کر سکتا، لیکن موجودہ صورتحال میں وہ اپنے حریف پر کچھ سٹریٹیجک برتری حاصل کرتا دکھائی دے رہا ہے۔

    ایران ایک بار پھر آبنائے ہرمز کو جہاز رانی کے لیے خطرناک بنا کر دباؤ بڑھا رہا ہے۔ تہران کا مؤقف ہے کہ جہازوں کو اس کے نئے ضوابط پر عمل کرتے ہوئے شمالی راستے سے گزرنا ہوگا، جہاں ان کا معائنہ کیا جائے گا اور ممکنہ طور پر ان سے فیس بھی وصول کی جا سکتی ہے۔

    دوسری جانب ایران خطے میں امریکہ کے عرب اتحادیوں کو، جہاں امریکی فوجی اڈے موجود ہیں، رات کے وقت حملوں کے ذریعے نشانہ بنا رہا ہے۔ بظاہر ایران کے پاس ڈرونز اور میزائلوں کی کمی نہیں، جنھیں وہ ان حملوں میں استعمال کر رہا ہے۔

    اگر امریکہ دوبارہ ایران کے خلاف بحری ناکہ بندی کرتا ہے تو اس سے پہلے ہی مشکلات کا شکار ایرانی معیشت کو مزید نقصان پہنچ سکتا ہے۔

    تاہم ایران یہ بھی جانتا ہے کہ اگر آبنائے ہرمز میں جہاز رانی متاثر ہوتی ہے تو اس کے اثرات صرف ایران تک محدود نہیں رہیں گے بلکہ پوری دنیا کو تیل کی قیمتوں میں اضافے کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ، چار ماہ سے بھی کم عرصے میں ہونے والے امریکہ کے وسط مدتی انتخابات سے قبل یہ صورتحال صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے لیے بھی سیاسی مشکلات پیدا کر سکتی ہے۔

  13. خلیجی ممالک کی فضائی حدود میں پروازوں کو خطرات لاحق ہیں: ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی

    Getty Images

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    یورپی یونین ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی نے ایئرلائنز کو بحرین، کویت، قطر، متحدہ عرب امارات کی فضائی حدود اور خلیجِ عمان کے اوپر سے گزرنے والی پروازوں سے متعلق انتباہ جاری کیا گیا ہے۔

    ایجنسی کا کہنا ہے کہ خطے میں ’غیر متوقع فوجی پیش رفت، میزائلوں، ڈرونز، جنگی طیاروں اور فضائی دفاعی نظام کے ممکنہ استعمال کے باعث پروازوں کے لیے خطرات بڑھ گئے ہیں۔‘

    ای اے ایس اے کے مطابق موجودہ صورتحال میں خطے کی فضائی حدود میں پروازوں کو ’زیادہ خطرہ‘ لاحق ہے۔

    ایجنسی نے بتایا کہ یہ تازہ ہدایت نامہ 29 جولائی تک نافذ العمل رہے گا، جبکہ صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔

  14. جنوب مغربی ایران میں مزید دھماکوں کی آوازیں سُنی گئی ہیں: سرکاری میڈیا

    ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق جنوب مغربی ایران میں واقع شہروں ماہشہر اور آبادان کے قریب دھماکوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

    خبر رساں ادارے فارس نیوز نے صوبہ خوزستان کے نائب سکیورٹی گورنر ولی اللہ حیاتی کے بیانات کا حوالہ دیتے ہوئے یہ اطلاع دی۔

    اس سے قبل مقامی میڈیا نے رپورٹ کیا تھا کہ امریکی حملوں میں بوشہر کو نشانہ بنایا گیا، جہاں ایران کا واحد سویلین جوہری بجلی گھر واقع ہے۔

    سرکاری خبر رساں ادارے ارنا کے مطابق صوبائی نائب گورنر احسان جہانیاں نے بتایا کہ شہر میں چار مقامات کو ’پروجیکٹائلز‘ سے نشانہ بنایا گیا۔

    احسان جہانیاں کے مطابق یہ حملے شہر کے مختلف علاقوں میں کیے گئے۔

  15. انڈیا کی سپریم کورٹ نے تمل ناڈو میں گائے ذبح کرنے پر پابندی کے حکم پر عملدرآمد روک دیا

    Getty Images

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    انڈیا کی سپریم کورٹ نے پیر کے روز مدراس ہائیکورٹ کے اس حکم پر عمل درآمد روک دیا جس میں تمل ناڈو حکومت کو ہدایت دی گئی تھی کہ وہ ریاست میں کہیں بھی گائے یا بچھڑے کے ذبح کرنے کو یقینی طور پر روکے۔

    سپریم کورٹ نے یہ فیصلہ تمل ناڈو حکومت کی جانب سے دائر کی گئی اپیل کی سماعت کے دوران سنایا۔ جسٹس وکرم ناتھ اور جسٹس سندیپ مہتا پر مشتمل بنچ نے ریاستی حکومت کی درخواست پر نوٹس جاری کرتے ہوئے ہائیکورٹ کے اس حصے پر حکمِ امتناع جاری کیا جس میں ریاست بھر میں گائے ذبح کرنے پر مکمل پابندی کی ہدایت دی گئی تھی۔

    تمل ناڈو حکومت نے سپریم کورٹ میں مؤقف اختیار کیا تھا کہ مدراس ہائیکورٹ کا فیصلہ ’عدالتی قانون سازی‘ کے مترادف ہے اور اس میں داخلی تضادات موجود ہیں۔

    ریاستی حکومت نے تمل ناڈو اینیمل پریزرویشن ایکٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ قانون کے تحت 10 سال سے زائد عمر کی گائے کو، اگر انھیں کام یا افزائشِ نسل کے لیے ناکارہ قرار دیا جائے، تو مخصوص شرائط کے تحت ذبح کرنے کی اجازت ہے۔

    حکومت نے یہ بھی مؤقف اختیار کیا کہ مدراس ہائیکورٹ نے ایک طرف قرار دیا تھا کہ جانوروں کا ذبح صرف منظور شدہ مذبح خانوں میں کیا جا سکتا ہے، جبکہ دوسری جانب مکمل پابندی کا حکم جاری کر دیا جو ایک دوسرے سے متصادم ہے۔

    واضح رہے کہ مدراس ہائیکورٹ کے جسٹس جی آر سوامی ناتھن اور جسٹس وی لکشمی نارائنن پر مشتمل ڈویژن بینچ نے کوئمبٹور کے رہائشی کے سوریا کی درخواست پر ریاست بھر میں گائے ذبح کرنے پر پابندی کا حکم دیا تھا۔

    درخواست گزار نے الزام عائد کیا تھا کہ مقامی حکام نے عیدالاضحیٰ سے قبل غیر مقررہ مقامات پر گائے ذبح کرنے کی اجازت دی تھی۔

    بعد ازاں ہائیکورٹ نے تمل ناڈو کے چیف سیکریٹری اور ڈائریکٹر جنرل آف پولیس کو ہدایت دی تھی کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ ریاست میں کسی بھی مقام پر گائے یا بچھڑے کو ذبح نہ کیا جائے۔

  16. راولا کوٹ میں رینجرز اہلکار کی ہلاکت

    Radio Pakistan

    ،تصویر کا ذریعہRadio Pakistan

    ،تصویر کا کیپشنراولا کوٹ میں ہلاک ہونے والے رینجرز اہلکار

    ریڈیو پاکستان کے مطابق پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر کے شہر راولاکوٹ میں کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے مظاہرین کے حملے میں ایک رینجرز اہلکار ہلاک ہوا ہے۔

    ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق ’کالعدم قرار دی جانے والی تنظیم ’جوائنٹ ایکشن کمیٹی‘ کے مسلح گروہوں نے منگل کی صبح سکیورٹی فورسز پر حملہ کیا، جس کے نتیجے میں رینجرز اہلکار نائک امتیاز علی ہلاک ہوئے۔‘

    ریڈیو پاکستان پر موجود تفصیلات کے مطابق ’کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے مسلح افراد نے راولا کوٹ میں بس ٹرمینل کے قریب شہری علاقے میں فائرنگ کی۔‘

    ’حملے کے بعد مسلح گروہوں نے جدید ہتھیاروں کا استعمال کرتے ہوئے امن و امان کی صورتحال پر قابو پانے کے لیے وہاں موجود پولیس اہلکاروں اور ان کی مدد کے لیے پہنچنے والے رینجرز اہلکاروں کو براہِ راست نشانہ بنایا۔‘

    ریڈیو پاکستان کی جانب سے مزید تفصیلات میں بتایا گیا ہے کہ ’حملہ آوروں کی فائرنگ سے رینجرز کا ایک اہلکار شدید زخمی ہوا جو بعد ازاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہو گیا۔‘

    واضح رہے کہ راولاکوٹ میں کالعدم قرار دی جانے والی ’جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی‘ کے مظاہرین نے اپنے مطالبات کے حق میں 15 جولائی یعنی کل بروز بدھ راولاکوٹ سے مظفرآباد کی جانب لانگ مارچ کا اعلان کر رکھا ہے۔

    تنظیم نے اس سے قبل نو جون کو بھمبر سے لانگ مارچ شروع کیا تھا، تاہم راولاکوٹ پہنچنے پر انتظامیہ نے شرکا کو آگے بڑھنے سے روک دیا تھا۔ اس کے بعد سے لانگ مارچ کے شرکا راولاکوٹ کے نواحی علاقے دریک عیدگاہ میں دھرنا دیے ہوئے ہیں۔

    پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر میں کئی ہفتوں سے جاری مظاہروں اور حکومتی کریک ڈاؤن میں اب تک حکام نے کم از کم 18 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے جن میں چار پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔

  17. پاکستان سٹاک ایکسچینج میں مندی کا رجحان، انڈیکس میں 6400 پوائنٹس کی کمی, تنویر ملک، صحافی

    Getty Images

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    پاکستان سٹاک ایکسچینج میں منگل کے روز مندی کا رجحان ریکارڈ کیا گیا۔ مارکیٹ میں کاروبار کے اختتام پر انڈیکس میں 6408 پوائنٹس کی بڑی کمی ریکارڈ کی گئی جس کے بعد انڈیکس 173518 پوائنٹس کی سطح تک گر گیا۔

    منگل کے روز مارکیٹ میں کاروبار کا آغاز منفی زون میں ہوا اور حصص کی فروخت کے رجحان نے مارکیٹ انڈیکس کو دباؤ میں رکھا جس کے بعد انڈیکس 6408 پوائنٹس کمی کے بعد بند ہوا۔

    سٹاک ایکسچینج تجزیہ کاروں کے مطابق جیو پولیٹیکل کشیدگی اور بین الاقوامی سطح پر تیل کی قیمتوں میں اضافے نے مارکیٹ میں منفی رجحان کو فروغ دیا اور سرمایہ کاروں کی جانب سے گھبراہٹ میں حصص کی فروخت کی گئی۔

    تجزیہ کار نوید ندیم نے بی بی سی اردو کو بتایا کہ ایران اور امریکہ کے درمیان جاری کشیدگی نے بین الاقوامی سطح پر تیل کی قیمتوں کو 85 ڈالر فی بیرل سے اوپر پہنچا دیا ہے جس کا منفی اثر سٹاک ایکسچینج میں کاروبار پر مرتب ہوا اور حصص کاروبار دباؤ کا شکار ہوا۔

    انھوں نے جیو پولیٹیکل کشیدگی کی وجہ سے مارکیٹ کے آنے والے دنوں میں بھی دباؤ میں رہنے کا امکان ہے۔

  18. شہباز شریف کا سعودی عرب پر حملے کے بعد ریاض سے اظہار یکجہتی

    Saudi Press Agency

    ،تصویر کا ذریعہSaudi Press Agency

    وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے سعودی عرب پر ہونے والے حملوں کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’پاکستان برادر اسلامی ملک سعودی عرب کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔‘

    ایکس پر جاری بیان میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ’گزشتہ رات سعودی عرب کے خلاف کیے گئے کھلے حملوں کی پاکستان سخت مذمت کرتا ہے۔‘

    انھوں نے کہا کہ ’ایسے قابلِ مذمت اقدامات سعودی عرب کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی ہیں، جو خطے میں امن اور استحکام کو مزید نقصان پہنچانے کا سبب بن سکتے ہیں۔‘

    شہباز شریف نے مزید کہا کہ ’پاکستان خطے میں امن، استحکام، سلامتی اور باہمی مفاہمت کے فروغ کے لیے تمام مخلصانہ کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا۔‘

    یمن میں ایران کے حمایت یافتہ حوثی گروپ کی جانب سے آج یہ دعویٰ کیا گیا تھا کہ ’اس نے سعودی عرب کے ابھا بین الاقوامی ہوائی اڈے کو بیلسٹک میزائلوں اور ڈرونز کے ذریعے نشانہ بنایا ہے۔‘

    حوثیوں کے ترجمان یحییٰ سریع نے کہا ہے کہ ’یہ کارروائی سعودی جارحیت، جس نے صنعا بین الاقوامی ہوائی اڈے کو نشانہ بنایا کے جواب میں کی گئی ہے۔‘

    یاد رہے کہ گذشتہ سال ستمبر میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی معاملات میں تعاون اور سلامتی سے متعلق ’باہمی دفاع کا سٹریٹجک معاہدہ‘ ہوا تھا جس کے تحت ’کسی ایک ملک کے خلاف بیرونی جارحیت کو دونوں ملکوں کے خلاف جارحیت تصور کیا جائے گا۔‘

  19. آبنائے ہرمز میں بحری جہاز پر ایرانی حملوں میں انڈین شہری کی ہلاکت پر دلی میں ایرانی سفیر کی طلبی

    Hindustan Times via Getty Images

    ،تصویر کا ذریعہHindustan Times via Getty Images

    انڈیا کی وزارت خارجہ کے مطابق آبنائے ہرمز میں ایرانی حملوں کے نتیجے میں جہاز کے عملے میں شامل ایک انڈین شہری ہلاک اور 10 دیگر زخمی ہوئے ہیں۔

    وزارت خارجہ کے بیان کے مطابق دو آئل ٹینکرز ’ال بہیہ‘ اور ’مومباسا‘ کو رات کے وقت عمان کے ساحل کے قریب ایرانی کروز میزائلوں سے نشانہ بنایا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ان دونوں جہازوں پر مجموعی طور پر 46 افراد موجود تھے۔

    وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے ایکس پر جاری بیان میں بتایا کہ ’ال بہیہ پر سوار 12 انڈین شہریوں میں سے ایک حملے میں ہلاک ہو گیا جبکہ ایک زخمی ہوا۔

    بیان کے مطابق مومباسا پر 18 انڈین شہری سوار تھے، جن میں سے نو افراد زخمی ہوئے، جبکہ ان میں سے دو کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔

    انڈین وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ انھوں نے ایرانی ناظم الامور کو طلب کر کے ان حملوں کے خلاف ’سخت احتجاج‘ ریکارڈ کرایا ہے۔

    وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ’ہم ان حملوں اور سمندری راستوں سے گزرنے والے افراد کو نشانہ بنانے اور آبنائے ہرمز جیسے بین الاقوامی آبی راستوں میں آزاد اور محفوظ جہاز رانی کو متاثر کرنے والے پرتشدد اقدامات کی سخت مذمت کرتے ہیں۔‘

  20. ایران میں کئی مقامات پر دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں، سرکاری میڈیا

    ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق بندر عباس کے قریب کئی دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں۔

    سرکاری خبر رساں ادارے ارنا نے بتایا ہے کہ شہر بوشہر میں چار مقامات کو مختلف سمت سے پروجیکٹائلز سے نشانہ بنایا گیا۔

    خبر رساں ادارے فارس نیوز کے مطابق مقامی رہائشیوں نے بھی متعدد دھماکوں کی آوازیں سننے کی اطلاع دی ہے۔

    اس معاملے پر اب تک امریکی سینٹرل کمانڈ کی جانب سے کوئی مؤقف سامنے نہیں آیا ہے۔

    BBC