لائیو, جنوبی کوریا آبنائے ہرمز میں فوجی دستے بھیجنے کی تیاری کر رہا ہے

جنوبی کوریا کے ذرائع ابلاغ نے رپورٹ کیا ہے کہ ان کی حکومت ’آبنائے ہرمز میں جہاز رانی کی آزادی‘ کے تحفظ کے لیے فوجی سازوسامان اور اہلکار تعینات کرنے کی تیاری کر رہی ہے، اور اس مشن کو رواں سال کے اختتام سے پہلے شروع کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔

خلاصہ

لائیو کوریج

  1. اسرائیلی قید سے ایک لبنانی شہری رہا، مزید چار کی رہائی آج متوقع

    لبنان کے ان پانچ شہریوں میں سے ایک کو واپس ان کے ملک کے حوالے کر دیا گیا ہے جنہیں اسرائیل نے جنوبی لبنان میں حزب اللہ کے ساتھ جھڑپوں کے دوران حراست میں لیا تھا، جبکہ باقی چار افراد کی رہائی جمعہ تک مؤخر کر دی گئی۔

    اسرائیلی حکام کے مطابق تفتیش کے بعد یہ بات سامنے آئی کہ یہ افراد عام شہری تھے، کسی مسلح یا دہشت گرد تنظیم سے وابستہ نہیں تھے اور نہ ہی کسی کارروائی میں شریک رہے تھے، اس لیے انھیں مزید حراست میں رکھنے کا کوئی جواز موجود نہیں تھا۔

    اسرائیلی وزیرِ اعظم بنیامین نتن یاہو کے دفتر نے جمعرات کو اعلان کیا کہ اسرائیل پانچ لبنانی شہریوں کو رہا کرنے کے لیے تیار ہے۔ بعد ازاں لبنانی فوج نے آئی سی آر سی کے ذریعے ان میں سے ایک شخص، مالک غازی، کو وصول کر لیا۔ انھیں جنوبی لبنان کے ناقورہ بارڈر کراسنگ سے شہر صور میں لبنانی فوجی انٹیلی جنس کے دفتر منتقل کیا گیا۔

    باخبر ذرائع کے مطابق باقی چار افراد، جن میں حسین عبداللہ محمود عیاش، اسعد محمود محمد الحسیکہ (شامی شہری)، علی حسن شور اور سام ابراہیم الصمادی شامل ہیں، کو جمعہ کی صبح لبنان کے حوالے کیے جانے کا امکان ہے۔ ریڈ کراس نے اس عمل کو ایک جاری انسانی کارروائی قرار دیتے ہوئے کہا کہ تمام تفصیلات آپریشن مکمل ہونے کے بعد جاری کی جائیں گی۔

    اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ زیرِ حراست افراد سے پوچھ گچھ مکمل ہونے کے بعد یہ نتیجہ اخذ کیا گیا کہ وہ عام شہری ہیں اور کسی دہشت گرد سرگرمی یا تنظیم سے ان کا تعلق ثابت نہیں ہوا۔ اسی بنیاد پر ان کی رہائی کا فیصلہ کیا گیا۔ جنوبی لبنان میں تنازع کے آغاز کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ اسرائیل نے اپنی تحویل میں موجود افراد کو رہا کیا ہے۔

    لبنانی حکام نے اگرچہ اسرائیل میں موجود اپنے شہریوں کی مجموعی تعداد نہیں بتائی، تاہم متاثرہ خاندانوں اور ان کے امور کی نگرانی کرنے والی ایک کمیٹی کے مطابق کم از کم 33 افراد 2024 سے مختلف اوقات میں لبنانی سرزمین سے حراست میں لیے گئے۔ ان میں ایک شامی شہری اور حزب اللہ کے بعض جنگجو بھی شامل ہیں۔

    یہ پیش رفت گزشتہ ماہ روم میں امریکی سرپرستی میں لبنان اور اسرائیل کے درمیان ہونے والے مذاکرات کے بعد سامنے آئی ہے۔ ان مذاکرات میں لبنانی حکومت نے اسرائیل سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ زیرِ حراست لبنانی شہریوں کی پہلی کھیپ کو رہا کرے۔ نیتن یاہو کے دفتر نے اس رہائی کو دونوں ممالک کی جانب سے کی جانے والی ان کوششوں سے جوڑا ہے جن کا مقصد 1980 کی دہائی میں لبنان میں اغوا اور قتل کیے گئے لبنانی یہودی شخصیات کی باقیات کا سراغ لگانا ہے۔

    ذرائع کے مطابق حالیہ مہینوں کے دوران لبنان اور اسرائیل نے ان باقیات کی تلاش کے لیے مختلف زمینی سرگرمیاں بھی انجام دی ہیں، تاہم ان کارروائیوں کی نوعیت اور نتائج کے بارے میں کوئی تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔

  2. جنوبی کوریا آبنائے ہرمز میں فوجی دستے بھیجنے کی تیاری کر رہا ہے

    جنوبی کوریا

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    جنوبی کوریا کے ذرائع ابلاغ نے رپورٹ کیا ہے کہ ان کی حکومت ’آبنائے ہرمز میں جہاز رانی کی آزادی‘ کے تحفظ کے لیے فوجی سازوسامان اور اہلکار تعینات کرنے کی تیاری کر رہی ہے، اور اس مشن کو رواں سال کے اختتام سے پہلے شروع کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔

    روئٹرز نے جمعرات، 12 ستمبر کو رپورٹ کیا کہ جنوبی کوریائی میڈیا نے سرکاری اور فوجی ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ سیئول اس تعیناتی کے لیے پارلیمانی منظوری حاصل کرنے کی خاطر ضروری قانونی مراحل طے کر رہا ہے۔

    ان رپورٹس کے مطابق، حکومت کابینہ میں اس منصوبے کا جائزہ لینے کے بعد اسی ماہ پارلیمان سے منظوری حاصل کرنے کے لیے باضابطہ درخواست پیش کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔

    جنوبی کوریا کی ممکنہ فوجی تعیناتی ایسے وقت میں زیرِ غور ہے جب آبنائے ہرمز میں سلامتی کی صورتحال کشیدہ ہے اور حالیہ ہفتوں کے دوران تجارتی جہازوں پر حملوں میں اضافہ ہوا ہے۔ اسی وجہ سے متعدد ممالک اس اہم آبی گذرگاہ میں بحری سلامتی کے تحفظ کے لیے اپنے کردار کے امکانات کا جائزہ لے رہے ہیں۔

    تاہم، جنوبی کوریا کی حکومت کے عہدیداروں نے اب تک ان رپورٹس پر کوئی باضابطہ ردِعمل ظاہر نہیں کیا ہے۔

  3. امریکی حملے میں ’تین ایرانی پائلٹ ہلاک‘

    ایران کی نیم سرکاری نیوز ایجنسی تسنیم نیوز نے خبر دی ہے کہ دو رات قبل ایران پر امریکی حملوں میں ’تین ایرانی فوجی پائلٹ‘ ہلاک ہوئے تھے۔

    بی بی سی فارسی کے مطابق پاسداران انقلاب کے قریب سمجھے جانے والی اس میڈیا ایجنسی نے مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں کہ یہ پائلٹ کہاں اور کس طرح ہلاک ہوئے۔

    تسنیم نیوز کے مطابق ان پائلٹس کے نام مجتبیٰ باقری، بحریہ کے حامد اوکاٹی اور فضائیہ کے حسین مہدویان تھے۔

    تسنیم نے ایک علیحدہ رپورٹ میں ایرانی آرمی فورسز کے چھ دیگر ارکان کے نام بھی شائع کیے اور کہا کہ وہ ملک کے جنوبی حصوں میں حملوں میں ہلاک ہوئے۔

    یاد رہے کہ امریکہ نے 31 اگست اور یکم ستمبر کی درمیانی شب ایران پر ایک لمبے وقفے کے بعد حملے کیے تھے۔ سینٹکام نے دو دن قبل اعلان کیا تھا کہ اس نے جنوبی ایران کے متعدد شہروں پر حملے کیے ہیں۔

    ایران کے مطابق سرک میں کوہستک پر حملے کے علاوہ صوبہ خوزستان کے اہواز اور آغاجری کے علاقوں میں کیے گئے حملوں میں سات افراد ہلاک اور آٹھ زخمی ہوئے۔

    ہلاک ہونے والوں میں ایک شخص کی شناخت ’مقبول سکیورٹی فورسز‘ کے رکن کے طور پر ہوئی ہے۔

    پاسدارانِ انقلاب نے بھی تصدیق کی تھی کہ آئی آر جی سی کی ایرو سپیس فورس کے چار ارکان صوبہ کرمانشاہ میں ہلاک ہوئے تھے جبکہ اطلاعات کے مطابق لاوان جزیرے پر امریکی حملے کے بعد بسیج فورس کے تین اہلکار بھی ہلاک ہوئے تھے۔

  4. گذشتہ روز کی اہم خبروں کا خلاصہ

    • ایرانی پارلیمان کی قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کمیٹی کے سربراہ ابراہیم عزیزی نے دعویٰ کیا ہے کہ آبنائے ہرمز ایران کی مرضی کے بغیر نہیں کھلے گا۔ بی بی سی فارسی کے مطابق انھوں نے کہا کہ ’ایران کے ساتھ جنگ کے بعد امریکی افواج پانچ سو میل دور چلی گئی ہیں آبنائے ہرمز نہیں کھول سکنے کے باعث وہ ایسے اقدامات کر رہی ہیں۔‘
    • روس نے امریکی وزیر خزانہ سکاٹ بیسنٹ کی جانب سے دیگر ممالک کو ایران کی حمایت ختم کرنے اور اس سے دوری اختیار کرنے کی اپیل مسترد کر دی ہے۔ واضح رہے کہ امریکی وزیر خزانہ نے حال ہی میں کہا تھا کہ ’ہم ایران پر غیر معمولی پابندیاں عائد کر رہے ہیں۔ اس تنازع کو ختم کرنے کا تیز ترین طریقہ یہ ہے کہ کوئی بھی ایرانی حکومت کی مدد نہ کرے۔‘
    • ایران کی اسلامی انقلابی گارڈ کور نے ایک بیان میں امریکہ پر الزام عائد کیا ہے کہ امریکہ سرک کاؤنٹی کے علاقے کوہستک میں شادی کی تقریب پر ’جان بوجھ‘ کر حملے سے انکار کا مؤقف اختیار کر کے ذمہ داری سے بچنے کی کوشش کر رہا ہے۔
    • اقوام متحدہ میں ایران کے مشن نے کہا ہے کہ ایران کے کئی شہروں میں عام شہریوں پر جان بوجھ کر حملے کیے کیے گئے، بچوں سمیت شہریوں کو قتل کرنا بین الاقوامی انسانی قانون کے بنیادی اصولوں کی سنگین خلاف ورزی اور جنگی جرم ہے۔‘
    • ایرانی فوج نے کویت میں سیٹلائٹ مواصلاتی نظام، آلات کے گوداموں اور امریکی لڑاکا طیاروں کے ہینگروں کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔
    • پاکستانی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان اور افغانستان کی سرحد کے نزدیک شمالی وزیرستان میں ایک کارروائی کے دوران 15 مبینہ شدت پسندوں کو ہلاک کر دیا ہے۔