لائیو, ایران کے جوہری پروگرام کے خاتمے کا 90 فیصد کام مکمل کر چکے ہیں: نیتن یاہو کا دعویٰ

اسرائیل کے وزیرِ اعظم بنیامین نیتن یاہو نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کے جوہری پروگرام کو ختم کرنے کا 90 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے اور صرف 10 فیصد باقی رہ گیا ہے۔

لائیو کوریج

  1. ایران کے جوہری پروگرام کے خاتمے کا 90 فیصد کام مکمل کر چکے ہیں: نیتن یاہو کا دعویٰ

    اسرائیل کے وزیرِ اعظم بنیامین نیتن یاہو

    اسرائیل کے وزیرِ اعظم بنیامین نیتن یاہو نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کے جوہری پروگرام کو ختم کرنے کا 90 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے اور صرف 10 فیصد باقی رہ گیا ہے۔

    نیتن یاہو نے اتوار کو، اسرائیلی پارلیمانی انتخابات سے دو روز قبل، چینل 14 کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کہا کہ ان کے انتخابی حریف اس مشن کو مکمل کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتے۔

    انھوں نے کہا ’ہم 90 فیصد کام کر چکے ہیں اور صرف 10 فیصد باقی ہے۔ اسے کون مکمل کرے گا؟ آئزن کوٹ اور اخوان المسلمین؟ نہیں، یہ کام صرف میں ہی کر سکتا ہوں۔‘

    اسرائیلی وزیرِ اعظم، جن کا مقابلہ سابق آرمی چیف گادی آئزن کوٹ سے ہے، انتخابی مہم کے آخری مرحلے میں ایک بار پھر ایران کے جوہری پروگرام کے خلاف اقدامات کو اپنی مہم کا مرکزی نکتہ بنا رہے ہیں۔

    نیتن یاہو نے اتوار کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ تل ابیب میں جوہری دھماکے کی ایک تصویر بھی دوبارہ شیئر کی۔ یہ تصویر ایک دائیں بازو کے اسرائیلی سیاسی تجزیہ کار کی پوسٹ کے ساتھ منسلک تھی، جس میں ایران کو اسرائیل کے وجود کے لیے خطرہ قرار دیا گیا تھا۔

    اس کے جواب میں گادی آئزن کوٹ نے نیتن یاہو پر الزام عائد کیا کہ وہ ووٹروں کی حمایت حاصل کرنے کے لیے ایران کے خطرے کو سیاسی طور پر استعمال کر رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ اسرائیلی وزیرِ اعظم ایران کے خلاف جنگ سے متعلق اپنے طے کردہ اہداف حاصل کرنے میں ناکام رہے ہیں۔

    اسرائیل میں پارلیمانی انتخابات 27 اکتوبر کو ہوں گے، جبکہ قبل از انتخابات سرویز نیتن یاہو اور آئزن کوٹ کے درمیان سخت مقابلے کی نشاندہی کر رہے ہیں۔

  2. گذشتہ روز کی اہم خبروں کا خلاصہ

    • بلوچستان کے سرحدی علاقے گبد ریمدان 250 بارڈر پر اتوار کو ایران کے ساتھ سرحدی تجارتی سرگرمیاں دوبارہ بحال ہو گئیں۔ سکیورٹی وجوہات کی بنا پر یہ سرحد دو روز کے لیے بند کی گئی تھی، تاہم اب درآمدات اور برآمدات دونوں کی اجازت دے دی گئی ہے۔ تاجروں نے اس پیش رفت کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے علاقے کی معیشت اور کاروباری سرگرمیوں کے لیے اہم قرار دیا ہے۔
    • امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ انھوں نے ایران کے حوالے سے ابھی کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا اور وہ مختلف آپشنز پر غور کر رہے ہیں۔ فاکس نیوز کے پروگرام سنڈے مارننگ میں ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ ’میرے لیے اصل سوال یہ ہے کہ کیا میں ایران کے ساتھ معاہدہ کروں یا اس سے کھیلوں (دھوکہ دوں)۔ اس وقت میرے ذہن میں یہی سوال ہے۔‘
    • سری لنکا کی وزارتِ خارجہ کے ترجمان نے اتوار کو اعلان کیا کہ ملک نے اپنے ساحل کے قریب بین الاقوامی پانیوں میں 19 تجارتی بحری جہازوں سے 40 ایرانی ملاحوں کو بچا لیا ہے۔ طبی امداد فراہم کرنے کے بعد ان ملاحوں کو گالے کی بندرگاہ منتقل کیا گیا اور بعد ازاں ایران روانہ کر دیا گیا۔
    • اسرائیل کے وزیرِ اعظم بنیامین نیتن یاہو نے الزام عائد کیا ہے کہ ایران اور اس کے اتحادی منگل کو ہونے والے اسرائیلی انتخابات پر اثر انداز ہونے کے لیے حملے کرنے کی کوشش کر سکتے ہیں۔
    • پاکستان میں مائع پٹرولیم گیس (ایل پی جی) کی درآمد کے سلسلے میں بحرین سے چار ہزار میٹرک ٹن گیس لے کر آنے والا جہاز ’ییلو اسٹون‘ پورٹ قاسم پر لنگر انداز ہو گیا ہے۔ پورٹ قاسم اتھارٹی کے مطابق یہ جہاز 24 اکتوبر کو بندرگاہ پہنچا، جس کے بعد اس سے ایل پی جی اتارنے کا عمل شروع کر دیا گیا۔
    • اسرائیلی فوج نے منگل کو ہونے والے انتخابات کے موقع پر مقبوضہ مغربی کنارے کی تمام زمینی گزرگاہیں بند کرنے اور فلسطینی کارکنوں کی نقل و حرکت پر نئی پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کیا ہے۔
    • ایران کی پارلیمنٹ کے سپیکر محمد باقر قالیباف نے متحدہ عرب امارات کی سفارتکار لانا نسیبہ پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ اقوامِ متحدہ کی سیکریٹری جنرل بننے کی کوشش کے ذریعے مبینہ طور پر ’گریٹر اسرائیل‘ منصوبے کو آگے بڑھا رہی ہیں۔
    • پاکستان کی نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے چائلڈ پورنوگرافی میں مبینہ طور پر ملوث ایک ’بین الاقوامی نیٹ ورک‘ کو بے نقاب کرنے اور اس کے مبینہ گینگ لیڈر کو سکردو سے گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
    • ایران کی فوج کا کہنا ہے کہ اس نے جنوبی بندرگاہی شہر بندر عباس کے اوپر ایک امریکی لوکاس ڈرون کو مار گرایا ہے۔
    • یمن کے حوثی گروہ کے خلاف لڑنے والے سعودی فوجی اتحاد کا کہنا ہے کہ اس نے حوثیوں کی جانب سے سعودی عرب کے جنوبی علاقے کی طرف داغے گئے 10 بیلسٹک میزائلوں کو راستے میں ہی تباہ کر دیا ہے۔