لائیو, ایرانی بندرگاہوں کی ناکہ بندی غیر معینہ مدت تک برقرار رکھ سکتے ہیں: امریکی وزیرِ دفاع کا دعویٰ
امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ نے جمعرات کو کہا ہے کہ امریکی فوج کے پاس اتنے وسائل موجود ہیں کہ وہ ایران کی بحری ناکہ بندی غیر معینہ مدت تک برقرار رکھ سکتی ہے۔ اس سے قبل ایران کی بسیج فورس کے نئے سربراہ حسین طائب نے دعویٰ کیا تھا کہ ’آبنائے ہرمز ایران کی نگرانی اور کنٹرول میں ہے۔‘
خلاصہ
ایرانی بندرگاہوں کی بحری ناکہ بندی غیر معینہ مدت تک برقرار رکھ سکتے ہیں: امریکی وزیرِ دفاع
پانی پاکستان کی ریڈلائن، انڈیا راہِ راست پر نہ آیا تو براہِ راست جواب دیں گے: وزیرِ اعظم شہباز شریف
کویت میں 'اہم تنصیبات' اور اہل تشیع کی مسجد پر حملے کی منصوبہ بندی کا الزام، داعش کے تین ارکان گرفتار
'مکہ معاہدے' کے تحت پاکستان اور سعودی عرب کے ساتھ فوجی مشقیں کریں گے: ترکی
نئی جنگ کی صورت میں ہمارا رویہ زیادہ جارحانہ ہو گا: پاسداران انقلاب
لائیو کوریج
طالبان مخالف نیشنل ریزسٹنس فرنٹ کا افغانستان کے شہر فیض آباد کے میئر کو ہلاک کرنے کا دعویٰ
،تصویر کا ذریعہGetty Images
افغانستان کے صوبہ بدخشاں کے ایک عہدیدار نے بی بی سی پشتو کو بتایا ہے کہ صوبائی دارالحکومت فیض آباد کے میئر حبیب الرحمٰن منصور ایک دھماکے میں ہلاک ہو گئے ہیں۔
اہلکار کے مطابق جمعرات کے روز مقامی وقت کے مطابق تقریباً دو بجے حبیب الرحمٰن کی گاڑی میں ایک مقناطیسی بم نصب کیا گیا تھا، جس کے نتیجے میں میئر ہلاک جبکہ ان کے ایک ساتھی زخمی ہو گئے۔
افغانستان میں طالبان مخالف ’نیشنل ریزسٹنس فرنٹ‘ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔ اس محاذ کی قیادت احمد مسعود کر رہے ہیں جو کہ نارتھرن الائنس کے احمد شاہ مسعود کے بیٹے ہیں۔
ایکس پر جاری ایک بیان میں نیشنل ریزسٹنس فرنٹ نے دعویٰ کیا کہ اس نے صوبائی گورنر ہاؤس کی عمارت سے ’100 میٹر کے فاصلے کے اندر‘ فیض آباد کے میئر کی گاڑی کو نشانہ بنایا۔
ایرانی بعض اوقات ایسے وعدے کرتے ہیں جنھیں وہ پورا نہیں کرتے: امریکی نائب صدر کا الزام
،تصویر کا ذریعہAFP via Getty Images
ایران سے متعلق صورتِ حال میں پائی جانے والی غیر یقینی کے بارے میں بات کرتے ہوئے امریکی نائب صدر جے ڈی وینس ںے الزام عائد کیا ہے کہ ایرانی بعض اوقات ایسے وعدے کرتے ہیں جنھیں وہ پورا نہیں کرتے۔
جمعرات کے روز فاکس نیوز کو دیے گئے ایک انٹرویو میں امریکی نائب صدر کا کہنا تھا کہ ’میں پورے اعتماد کے ساتھ کہہ سکتا ہوں کہ اس معاملے کا اختتام اس طرح ہو گا کہ امریکہ زیادہ مضبوط پوزیشن میں ہو گا، ایران کے پاس جوہری ہتھیار نہیں ہوں گے، اور آبنائے ہرمز کی صورتِ حال دوبارہ ایسی ہو جائے گی جہاں تیل اور گیس کی قیمتیں امریکی عوام کے لیے مستحکم رہیں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ اصل ’مسئلہ یہ ہے کہ ایرانی بعض اوقات ایسے وعدے کرتے ہیں جنھیں وہ پورا نہیں کرتے۔ وہ معاہدے کرتے ہیں لیکن پھر ان پر عمل نہیں کرتے۔‘
ایران کے معاملے میں اتار چڑھاؤ کے متعلق سوال پر جے ڈی وینس کا کہنا تھا کہ اس کی وجہ یہ ہے کہ امریکہ کے پاس اپنے مقاصد حاصل کرنے کے لیے بہت سے ذرائع موجود ہیں۔ ’بعض اوقات ہم توانائی کے پہلو پر توجہ دیتے ہیں کیونکہ ہم چاہتے ہیں کہ تیل اور گیس کی قیمتیں امریکی عوام کی پہنچ میں ہوں۔ بعض اوقات ہماری توجہ اس کے عسکری پہلو پر ہوتی ہے اور بعض اوقات ایران کے جوہری پروگرام پر زیادہ توجہ دی جاتی ہے۔‘
جی ڈی وینس کا کہنا تھا کہ ہم اپنے وسائل کو بہت سوچ سمجھ کر اور حکمتِ عملی کے تحت استعمال کر رہے ہیں تاکہ وہ نتائج حاصل کیے جا سکیں جو امریکی صدر امریکی عوام کے لیے حاصل کرنا چاہتے ہیں۔
وینس کا مزید کہنا تھا کہ امریکہ کے دو اہداف ہیں: تیل اور گیس کی قیمتوں کو مستحکم رکھنا اور ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے سے روکنا۔ ’میرے خیال میں ہم ان دونوں مقاصد کے حصول میں کامیاب ہو رہے ہیں۔‘
امریکہ ایرانی بندرگاہوں کی بحری ناکہ بندی غیر معینہ مدت تک برقرار رکھ سکتا ہے، پیٹ ہیگستھ
،تصویر کا ذریعہUS Centcom
امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ نے جمعرات کے روز دعویٰ کیا ہے کہ امریکی فوج کے پاس اتنے وسائل موجود ہیں کہ وہ ایران کی بحری ناکہ بندی غیر معینہ مدت تک برقرار رکھ سکتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ضرورت کے مطابق بحری جہازوں کو خطے میں بھیجا اور واپس بلایا جا سکتا ہے۔
خبر رساں ادار روئٹرز کے مطابق ہیگستھ نے صحافیوں کو بتایا کہ امریکہ اپنے بحری جہازوں کی باری باری تعیناتی کر کے ایران کی بحری ناکہ بندی غیر معینہ مدت تک برقرار رکھ سکتا ہے۔
وہ پاناما میں گفتگو کر رہے تھے، جہاں انھوں نے اس سے قبل یو ایس ایس گرڈلی کے عملے سے خطاب کیا تھا۔ یہ ایک گائیڈڈ میزائل ڈسٹرائر ہے جو ماضی میں مشرقِ وسطیٰ میں تعینات رہ چکا ہے۔
اس سے قبل صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بدھ کو کہا تھا کہ امریکہ آبنائے ہرمز پر کنٹرول رکھتا ہے۔
ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری ایک پیغام میں کہا تھا کہ آبنائے ہرمز پر امریکہ کا مکمل کنٹرول ہے۔ ’میرا خیال ہے کہ ہم اسے برقرار رکھیں گے۔ ہماری بحری ناکہ بندی کو ہر کوئی ’فولادی دیوار‘ قرار دے رہا ہے، اور ایران اس کے بارے میں کچھ نہیں کر سکتا۔‘
ہیگستھ کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکی بحریہ کے طیارہ بردار جہاز ’یو ایس ایس ابراہم لِنکن‘ پر گذشتہ 250 روز سے زائد عرصے سے تعینات ہزاروں امریکی فوجی اہلکاروں کے مبینہ طور پر خوراک کی قلت، ذہنی صحت اور شدید تھکن جیسے مسائل کا سامنا کرنے کی خبریں آ رہی ہیں۔ اس حوالے سے امریکی قانون سازوں نے پینٹاگون سے وضاحت طلب کر لی ہے۔
پانی پاکستان کی ریڈلائن، انڈیا راہِ راست پر نہ آیا تو براہِ راست جواب دیں گے: وزیرِ اعظم شہباز شریف
،تصویر کا ذریعہPM Office
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے انڈیا کی طرف سے سندھ طاس معاہدے کی ’یکطرفہ معطلی‘ پر تبصرہ کرتے ہوئے پانی کو اپنی ’ریڈ لائن‘ قرار دیا ہے۔
جمعرات کو اسلام آباد میں ’یادگارِ فتح‘ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا ہے تھا کہ ’پاکستان کے پانی کی ایک ایک بوند ہماری ریڈ لائن ہے۔ اگر انڈیا راہ است پر نہیں آیا تو اسے براہ راست جواب دیا جائے گا۔‘
یاد رہے انڈیا کی حکومت نے اپریل 2025 میں پہلگام حملے کا الزام پاکستان پر عائد کرتے ہوئے ایک جوابی قدم اٹھاتے ہوئے سندھ طاس معاہدے کو یکطرفہ طور پر معطل کر دیا تھا۔
پاکستانی وزیرِ اعظم نے اپنے خطاب میں امریکہ اور ایران کے درمیان تنازع اور سعودی عرب اور ترکی کے ساتھ ہونے والے معاہدے کا بھی ذکر کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان دنیا کو تمام تنازعات سے پاک دیکھنا چاہتا ہے اور اس کی کوشش ہے کہ دنیا نئے تنازعات سے دور رہے۔ اس موقع پر انھوں نے کہا کہ اسی سبب پاکستان نے ایران اور امریکہ کے درمیان ’ذمہ دار ثالث‘ کا کردار ادا کیا۔
اپنی تقریر میں جہاں انھوں نے مشرقِ وسطیٰ میں امن کے قیام کے لیے فیلڈ مارشل عاصم منیر کے ’تاریخی کردار‘ کو سراہا، وہیں ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب اور ترکی کے ساتھ معاہدے سے متعلق معاملات پر نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے بھی بہت محنت کی ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستانی وزیرِ اعظم نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا بھی شکریہ ادا کیا، جنھوں نے، پاکستانی وزیرِ اعظم کے مطابق، گذشتہ برس انڈیا اور پاکستان کے درمیان جنگ بندی میں کردار ادا کر کے لاکھوں جانیں بچائیں۔
پاکستان کے گذشتہ کئی مہینوں سے افغانستان میں طالبان حکومت کے ساتھ تعلقات بھی کشیدگی کا شکار ہیں اور اسلام آباد کابل پر شدت پسندوں کو پناہ دینے کے الزامات بھی عائد کرتا رہا ہے۔
اس حوالے سے پاکستانی وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ ’ہم افغانستان میں بھی امن اور استحکام چاہتے ہیں، لیکن افغان سرزمین کا پاکستان کے خلاف استعمال ہونا ناقابلِ برداشت ہے۔‘
آبنائے ہرمز کی بندش سے ہمیں 60 کروڑ ڈالر کا نقصان ہوا: جرمن شپنگ کمپنی
،تصویر کا ذریعہGetty Images
دنیا کی بڑی کنٹینر شپنگ کمپنیوں میں شامل جرمن کمپنی ہاپاگ لوئیڈ نے کہا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ میں جنگ کے باعث آبنائے ہرمز کی بندش سے 2026 کی دوسری سہ ماہی کے دوران اب تک کمپنی کو 60 کروڑ ڈالر کا نقصان ہو چکا ہے۔
اس جرمن شپنگ کمپنی نے جمعرات کو اعلان کیا کہ اس کے خالص منافع میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔
کمپنی نے گذشتہ سال تقریباً 30 کروڑ 60 لاکھ ڈالر کا خالص منافع ریکارڈ کیا تھا، تاہم اس سال آبنائے ہرمز کی بندش کے باعث یہ رقم کم ہو کر آٹھ کروڑ 30 لاکھ ڈالر رہ گئی ہے۔
کمپنی کا یہ بھی کہنا ہے کہ ایشیا سے برآمدات امریکہ میں طلب میں اضافے نے مشرقِ وسطیٰ میں پیدا ہونے والی رکاوٹوں سے ہونے والے نقصانات کا جزوی طور پر ازالہ کیا ہے۔
گذشتہ روز کی اہم خبریں
ایرانی پاسداران انقلاب کے ایک سینیئر عہدے دار رسول سنائی راد نے کہا ہے کہ اگر کوئی نئی جنگ ہوتی ہے تو ایران ’زیادہ مضبوطی سے اور زیادہ جارحانہ انداز‘ میں کارروائی کرے گا۔
ترکی کی وزارتِ دفاع کا کہنا ہے کہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے تحت پاکستان اور سعودی عرب کے ساتھ مل کر جنگی مشقیں کی جائیں گی۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی نے ایک سکیورٹی ذریعے کے حوالے سے بتایا ہے کہ کویت نے عالمی شدت پسند تنظیم داعش کے تین ارکان کو اہل تشیع کی ایک مسجد اور ملک کی ’اہم تنصیبات‘ پر حملے کی منصوبہ بندی کے الزام میں گرفتار کیا ہے۔
ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ جعلی خبروں سے بھی زیادہ بری چیز جعلی انٹیلی جنس معلومات ہیں، انھوں نے امریکہ کو ’محتاط رہنے‘ کا مشورہ دیا۔
ایران کا کہنا ہے کہ آبنائے ہرمز کے ذریعے تجارتی جہاز رانی سے فائدہ اٹھانے والے ہر فریق پر ’خلیج فارس اور بحیرۂ عمان کو پہنچنے والے ماحولیاتی نقصان کے ازالے کی قانونی اور اخلاقی ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔‘
پاکستان میں سپریم کورٹ ججز کی تنخواہ میں چار لاکھ، ہائیکورٹ ججز کی تنخواہ میں ایک لاکھ 10 ہزار روپے اضافہ کت دیا گیا۔
بی بی سی کے لائیو پیج میں خوش آمدید!
بی بی سی کے لائیو پیج میں خوش آمدید۔ پاکستان سمیت دنیا بھر کی اہم خبروں اور تجزیوں کے متعلق جاننے کے لیے بی بی سی کی لائیو پیج کوریج جاری ہے۔