بلوچستان کے دو مختلف علاقوں سے چھ افراد کی تشدد زدہ لاشیں برآمد, محمد کاظم، بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کوئٹہ

،تصویر کا ذریعہGetty Images
بلوچستان کے دو مختلف علاقوں سے چھ افراد کی تشدد زدہ لاشیں برآمد ہوئیں جن میں سے دو کا تعلق سندھ سے ہے۔
ان میں سے چار افراد کی لاشیں ضلع گوادر کے علاقے پسنی سے برآمد ہوئیں جن کی موت گولی لگنے کی وجہ سے ہوئی تھی۔
پسنی میں پولیس کے ایک سینیئر اہلکار حیات بلوچ نے بتایا کہ پسنی سے چار افراد کی لاشیں دو مختلف علاقوں سے برآمد ہوئیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ان میں سے دو افراد کی لاشیں صبح کے وقت چکلی کے علاقے سے ملیں جبکہ دو دیگر لاشیں شام کو کوکو نٹ فارم کے قریب سے ملیں۔
انھوں نے بتایا کہ چاروں افراد کی موت گولی لگنے کی وجہ سے ہوئی۔ ان کا کہنا تھا کہ تاحال ان افراد کی ہلاکت کے محرکات معلوم نہیں ہوسکے۔
انھوں نے بتایا کہ جن دو افراد کی لاشیں چکلی کے علاقے سے برآمد ہوئیں ان کی شناخت ہوئی ہے اور ان دونوں افراد کا تعلق پسنی سے تھا جبکہ دوسرے دو افراد کی تاحال شناخت نہیں ہوئی ہے۔
ادھر بلوچستان کے ایران سے متصل ضلع واشک سے بھی دو افراد کی لاشیں ملیں۔ واشک میں پولیس کے ایک اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ دونوں افراد کی لاشیں ضلع کے علاقے حُرماگئے سے ملیں جنھیں نامعلوم مسلح افراد نے اتوار کے روز فائرنگ کرکے ہلاک کیا تھا۔
پولیس اہلکار کے مطابق ان افراد کی شناخت فہیم اور مجید کے ناموں سے ہوئی جن کا تعلق پاکستان کے صوبہ سندھ سے بتایا جاتا ہے پولیس اہلکار نے بتایا اس واقعے کے بھی تاحال محرکات معلوم نہیں ہوسکے پیں۔















