لائیو, ایران کی متحدہ عرب امارات پر میزائل حملوں کے الزامات کی تردید، یو اے ای کا تہران کے ساتھ تجارت معطل کرنے کا اعلان
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے متحدہ عرب امارات کے ان بیانات کو مسترد کردیا ہے کہ ایران نے یو اے ای پر میزائل داغے ہیں، دوسری جانب متحدہ عرب امارات نے ایران کے ساتھ تمام تجارتی اور مالیاتی لین دین کو اگلے نوٹس تک معطل کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
امریکہ ایران سے ایسی رعایتیں چاہتا ہے جو معاہدے کا حصہ نہیں تھیں: باقر قالیباف
،تصویر کا ذریعہHandout via Getty Images
ایران کی پارلیمان کے سپیکر محمد باقر قالیباف نے کہا ہے کہ ’امریکی حکام کا خیال ہے کہ ایران پر مزید دباؤ ڈال کر اسے ایسی رعایتیں دینے پر مجبور کیا جا سکتا ہے جو کبھی کسی معاہدے کا حصہ نہیں رہیں۔‘
سوشل میڈیا نیٹ ورک ایکس پر اپنے بیان میں امریکی حکام سکاٹ بیسنٹ اور پیٹ ہیگستھ کا نام لیتے ہوئے کہا کہ ’یہ دونوں اس معاملے کے لیے موزوں نہیں ہیں، امریکی انتظامیہ کو پہلے اپنے پیدا کردہ مسائل حل کرنے چاہییں۔‘
ایک علیحدہ بیان میں انھوں نے عراق کے دورے کے حوالے سے لکھا کہ ’ایرانی اور عراقی عوام کے درمیان تعلقات تاریخی ہیں اور انھیں الگ نہیں کیا جا سکتا۔ اس دورے کے دوران ہم دونوں ممالک کے انفرادی اور مشترکہ امن کو مزید مضبوط بنانے اور دونوں عوام کی خوشحالی کے لیے عملی اور بڑے اقدامات کریں گے۔‘
اسلام آباد اور راولپنڈی میں موسلا دھار بارش، نالہ لئی کے گرد الرٹ کے لیے سائرن بجا دیے گئے
،تصویر کا ذریعہGetty Images
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور اس سے ملحق راولپنڈی میں موسلا دھار بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔
ایم ڈی واسا راولپنڈی نے ہائی الرٹ کے تحت رین ایمرجنسی نافذ کر دی ہے۔
راولپنڈی کے نشیبی علاقوں لیاقت باغ، کمیٹی چوک انڈر پاس، مری روڈ، ڈھوک کھبہ، سرکلر روڈ اور صادق آباد میں پانی کی نکاسی کے لیے ہیوی مشینری تعینات ہے۔
ایم ڈی واسا کے مطابق ’نالہ لئی اور شہر بھر کے نالوں کی مسلسل مانیٹرنگ کی جا رہی ہےجس کے تحت نالہ لئی میں کٹاریاں کے مقام پر پانی کا بہاؤ 21 فٹ اور گوالمنڈی کے مقام پر 17 فٹ ہے۔‘
نالہ لئی کے ارد گرد بسنے والے شہریوں کو الرٹ رہنے کے لیے سائرن بجائے گئے ہیں۔
یاد رہے کہ محکمہ موسمیات نے پنجاب اور خیبرپختونخوا میں 21 اگست تک مون سون کے چھٹے سلسلے کی پیش گوئی کر رکھی ہے جس کے تحت پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈ اور نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ سے بھی خبردار کیا گیا ہے۔
،تصویر کا ذریعہScreenGrab
،تصویر کا کیپشننالہ لئی کے ارد گرد بسنے والے شہریوں کو الرٹ رہنے کے لیے سائرن بجائے گئے
یاد رہے کہ پی ڈی ایم اے پنجاب اور خیبرپختونخوا نے مون سون بارشوں کے موجودہ الرٹ میں شہریوں سے اپیل کی ہے کہ خراب موسم کی صورتحال میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور بوسیدہ و کچے مکانات میں ہرگز رہائش اختیار نہ کریں۔
اعلامیے کے مطابق 17 سے 20 اگست کے دوران راولپنڈی، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ اور لاہور کے نشیبی علاقوں میں شدید بارشوں کے باعث اربن فلڈنگ ، برساتی نالوں میں فلیش فلڈنگ کا خطرہ بھی موجود ہے جبکہ مری، گلیات اور دیگر پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی امکان ہے۔
دوسری جانب پی ڈی ایم اے خیبرپختونخوا کی جانب سے بارشوں کے پیش نظر الرٹ میں صوبے کے مختلف اضلاع میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
اعلامیے میں مردان اور صوابی کے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بتایا گیا ہے۔
متحدہ عرب امارات کی جانب سے ایران پر میزائل حملے کا الزام بے بنیاد ہے: اسماعیل بقائی
،تصویر کا ذریعہGetty Images
ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے متحدہ عرب امارات کے اس دعوے کو مسترد کر دیا ہے کہ ایران نے ان کے ملک پر میزائل داغے ہیں۔
اسماعیل بقائی نے اپنے بیان میں کہا کہ ’متحدہ عرب امارات کے الزامات بے بنیاد ہیں۔ متحدہ عرب امارات کا یہ رویہ اچھی ہمسائیگی کے اصول کے خلاف ہے۔ اس سے علاقائی ممالک کے درمیان اعتماد بڑھانے اور خطے میں عدم تحفظ کو روکنے کی جاری کوششیں متاثر ہوتی ہیں۔‘
یاد رہے کہ متحدہ عرب امارات نے رات گئے دعویٰ کیا تھا کہ ایران نے اس کی جانب دو بیلسٹک میزائل داغے ہیں۔
متحدہ عرب امارات کی وزارتِ دفاع کے مطابق ان میں سے کوئی بھی میزائل اماراتی سرزمین پر نہیں گرا۔
ایران کی جانب سے میزائل داغے جانے کے اعلان کے چند گھنٹے بعد متحدہ عرب امارات نے کہا کہ اس نے ایران کے ساتھ تمام تجارتی اور مالیاتی لین دین اگلے نوٹس تک معطل کر دیا ہے۔یاد رہے کہ
امریکہ اور اسرائیل کی ایران کے خلاف جنگ شروع ہونے کے بعد، متحدہ عرب امارات خطے میں ایرانی حملوں کا سب سے زیادہ نشانہ بننے والا ملک رہا۔
تاہم مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کے بعد ایران نے آپریشن کے دوران متحدہ عرب امارات پر حملہ نہیں کیا۔
متحدہ عرب امارات کا ایران کے ساتھ تجارت معطل کرنے کا اعلان
،تصویر کا ذریعہGetty Images
متحدہ عرب امارات کا کہنا ہے کہ اس نے ایران کے ساتھ تمام تجارتی اور مالیاتی لین دین اگلے نوٹس تک معطل کر دیا ہے۔
متحدہ عرب امارات کی وزارت خارجہ نے ایکس پر بیان میں اعلان کیا کہ یہ فیصلہ علاقائی کشیدگی، امن و سلامتی کو نقصان پہنچانے والے تناؤ میں اضافے کے باعث کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ چند گھنٹے قبل متحدہ عرب امارات کی وزارت دفاع نے الزام عائد کیا تھا کہ ایران نے ملک کی جانب دو بیلسٹک میزائل داغے ہیں، جن میں سے ایک متحدہ عرب امارات کے سمندری حدود سے باہر گرا اور دوسرا ملک کے پانیوں کے اندر گرا۔
جولائی میں غیر ملکی سرمایہ کاری گذشتہ سال کی نسبت 20 فیصد کم رہی: سٹیٹ بینک آف پاکستان, تنویر ملک، صحافی
پاکستان میں رواں مالی سال کے پہلے ماہ جولائی کے دوران براہِ راست غیر ملکی سرمایہ کاری (ایف ڈی آئی) 17 کروڑ 90 لاکھ ڈالر ریکارڈ کی گئی جو گذشتہ سال جولائی کے مقابلے میں 20 فیصد کم ہے۔ تاہم جون کے مقابلے میں جولائی میں 264 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
مرکزی بینک کی جانب سے منگل کو جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق جولائی میں بجلی اور مالیاتی شعبے غیر ملکی سرمایہ کاری حاصل کرنے والے نمایاں شعبے رہے۔
بجلی کے شعبے میں جولائی کے دوران پانچ کروڑ 75 لاکھ ڈالر کی غیر ملکی سرمایہ کاری ہوئی۔ اس شعبے میں جون میں آٹھ کروڑ 68 لاکھ ڈالر جبکہ گذشتہ سال جولائی میں سات کروڑ آٹھ لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری ہوئی تھی۔
مالیاتی خدمات کے شعبے میں جولائی کے دوران چھ کروڑ 23 لاکھ ڈالر کی بیرونی سرمایہ کاری ریکارڈ کی گئی، جو جون کے آٹھ کروڑ 70 لاکھ ڈالر کے مقابلے میں کم ہے، تاہم جولائی 2025 کے پانچ کروڑ 88 لاکھ ڈالر کے مقابلے میں زیادہ ہے۔
واضح رہے کہ 30 جون 2026 کو ختم ہونے والے مالی سال میں پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری 34 فیصد کمی کے بعد 1.64 ارب ڈالر رہی تھی۔
بانی پی ٹی آئی کے علاج سے متعلق سپریم کورٹ کے حکم پر نظرِثانی کے لیے رجوع کریں گے: اعظم نذیر تارڑ
،تصویر کا ذریعہSenator Azam Nazeer Tarar
وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ ’حکومت نے بانی پی ٹی آئی کے علاج سے متعلق سپریم کورٹ کے حکم کا جائزہ لیا ہے اور اس فیصلے پر نظرِثانی کے لیے عدالتِ عظمیٰ سے رجوع کیا جائے گا۔‘
ایک ویڈیو بیان میں اعظم نذیر تارڑ کا کہنا تھا کہ ’سپریم کورٹ کے حکم نامے کے دیگر نکات پر بھی مشاورت کی گئی ہے۔‘
وزیر قانون نے یہ سوال بھی اٹھایا کہ ’آیا سپریم کورٹ کا یہ حکم تمام قیدیوں پر بھی لاگو ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک کی جیلوں میں بہت سے ایسے قیدی موجود ہیں جنھیں صحت کے مسائل کا سامنا ہے۔‘
اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ ’سزا یافتہ قیدیوں کو سرکاری ہسپتالوں میں علاج کی سہولت فراہم کی جاتی ہے۔‘
گزشتہ روز کی اہم خبروں کا خلاصہ
بی بی سی اردو کی لائیو کوریج کا سلسلہ جاری ہے تاہم بدھ کے روز خبروں کا سلسلہ آگے بڑھانے سے پہلے گزشتہ روز کی اہم خبروں کے خلاصے پر ایک نظر ڈال لیتے ہیں۔
ایران کی پارلیمنٹ کے سپیکر محمد باقر قالیباف نے ایک بار پھر کہا ہے کہ آبنائے ہرمز اس وقت تک نہیں کھولی جائے گی جب تک امریکہ مفاہمتی یادداشت میں طے شدہ شرائط پر عمل نہیں کرتا۔
صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ اس وقت ایران اور امریکہ کے درمیان کوئی مذاکرات نہیں ہو رہے اور نہ ہی کوئی بات چیت طے ہے۔ انھوں نے دعویٰ کیا کہ آبنائے ہرمز کھلی ہوئی ہے اور سب کچھ ’معمول‘ کے مطابق چل رہا ہے۔
متحدہ عرب امارات نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران نے اس کی جانب دو بیلسٹک میزائل داغے ہیں۔ متحدہ عرب امارات کی وزارتِ دفاع کے مطابق ان میں سے کوئی بھی میزائل اماراتی سرزمین پر نہیں گرا۔
وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ حکومت نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کے علاج سے متعلق سپریم کورٹ کے حکم کا جائزہ لیا ہے اور اس فیصلے پر نظرِثانی کے لیے عدالتِ عظمیٰ سے رجوع کیا جائے گا۔ دوسری جانب وزیر برائے پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے سپریم کورٹ کےاس فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ’اس فیصلے پر من و عن عمل‘ کیا جائے گا۔
فرانس نے اعلان کیا ہے کہ وہ آنے والے دنوں میں دو ایرانی سفارت کاروں کو ملک بدر کر دے گا۔
بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں نامعلوم مسلح افراد کے افراد کے حملے میں تین افغان شہری ہلاک جبکہ ایک زخمی ہو گیا ہے۔
بی بی سی اردو کے نئے لائیو پیج میں خوش آمدید
بی بی سی اردو کے نئے لائیو پیج میں خوش آمدید!
یہاں ہم آپ کے لیےپاکستان سمیت دنیا بھر سے تازہ ترین خبریں اور اہم تجزیے شامل کرتے ہیں۔