چینی محققین کا ’برقی کنگھی‘ کی مدد سے موروثی گنج پن کا ’مؤثر علاج‘ دریافت کرنے کا دعویٰ

،تصویر کا ذریعہGetty Images
- مصنف, عمیر محمود
- عہدہ, بی بی سی اُردو، اسلام آباد
- وقت اشاعت
- مطالعے کا وقت: 7 منٹ
چین محققین نے ایک ایسی ’برقی کنگھی‘ تیار کرنے کا دعویٰ کیا ہے جو موروثی گنج پن کے علاج میں مدد دے سکتی ہے۔
بیہانگ یونیورسٹی اور دیگر چینی اداروں کی جانب سے کی گئی اس تحقیق کے نتائج سائنسی جریدے نیچر کمیونیکیشنز میں تین نومبر کو شائع ہوئے ہیں۔
محققین نے اس کنگھی کو ’ڈی ٹینگل‘ کا نام دیا ہے، اور ان کا کہنا ہے کہ یہ نام فلم ’ٹینگلڈ‘ سے متاثر ہو کر رکھا گیا۔ ٹینگلڈ سنہ 2010 میں ریلیز ہونے والی ایک اینی میٹڈ فلم ہے جس کی مرکزی کردار کے بال غیر معمولی طور پر لمبے ہوتے ہیں۔
موروثی گنج پن کو سائنسی زبان میں ’اینڈروجینیٹک ایلوپیشیا (اے جی اے)‘ کہا جاتا ہے، اور یہ گنج پن کی سب سے عام قسم سمجھی جاتی ہے۔ اس میں بال آہستہ آہستہ کم ہونا شروع ہو جاتے ہیں۔
اگرچہ گنج پن کے صحت پر اثرات نہیں ہوتے، تاہم اس کے متاثرہ افراد، خاص طور پر خواتین اور کم عمر مردوں، پر اس صورتحال کے نفسیاتی اور سماجی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔
نیچر کمیونیکیشنز میں شائع کردہ تحقیق میں کہا گیا ہے کہ موروثی گنج پن دنیا بھر میں ڈیڑھ سے دو ارب افراد کو متاثر کرتا ہے۔ اس کیفیت میں بالوں کی جڑیں آہستہ آہستہ کمزور اور سکڑتی جاتی ہیں، جس کے نتیجے میں بال باریک ہوتے جاتے ہیں اور آخرکار گرنے لگتے ہیں۔
محققین کا دعویٰ ہے کہ گنج پن دور کرنے کے موجودہ علاج میں ایک مسئلہ یہ ہے کہ بعض دوائیں پورے جسم پر اثر انداز ہو جاتی ہیں جبکہ سر پر لگائی جانے والی دوائیں اکثر بالوں کی جڑوں تک مطلوبہ مقدار میں نہیں پہنچ پاتیں۔
محققین کے مطابق موروثی گنج پن کے علاج میں ایک اور طریقہ باریک سوئیوں کے ذریعے دوا کو جلد کے اندر پہنچانا بھی ہے۔ تاہم ان کے دعوے کے مطابق اس طریقے میں جلد اور بالوں کی جڑوں کو نقصان پہنچنے کا خدشہ رہتا ہے اور سر کے بڑے حصے پر اس کا استعمال آسان نہیں ہوتا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
مزید یہ کہ بالوں کی موجودگی بھی اس طریقہ علاج کی کارکردگی متاثر کر سکتی ہے۔
محققین کے مطابق گنج پن کے علاج میں اصل چیلنج یہ ہے کہ بالوں کی نشوونما کے لیے استعمال ہونے والے اجزا کو محفوظ اور مؤثر طریقے سے بالوں کی جڑوں تک کیسے پہنچایا جائے۔
اسی وجہ سے انھوں نے ایک ایسا آلہ تیار کرنے کی کوشش کی جس کے بارے میں اُن کا دعویٰ ہے کہ ان مادوں کو براہ راست بالوں کی جڑوں تک پہنچا سکے۔ تاہم تحقیق میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ اس تحقیق کے نتیجے میں حاصل ہونے والے نتائج فی الحال انسانوں پر نہیں بلکہ گنج پن کے شکار چوہوں پر کر کے حاصل ہوئے ہیں۔
یہ کنگھی کیسے کام کرتی ہے؟

،تصویر کا ذریعہNature Communications
وہ تمام خِبریں جو آپ جاننا چاہتے ہیں بی بی سی ورلڈ سروس ایپ پر موجود ہیں
ایپ ڈاؤن لوڈ کریں
بی بی سی اُردو موبائل ایپ نهاية
اس کنگھی کے دندانوں میں الیکٹروڈز، یعنی بجلی منتقل کرنے والے باریک دھاتی حصے لگائے گئے ہیں۔
محققین کے مطابق ’ڈی ٹینگل‘ عام کنگھی جیسی دکھائی دیتی ہے اور چونکہ اس کے دانتوں میں الیکٹروڈز نصب ہیں، اس وجہ سے جب یہ بالوں میں چلائی جاتی ہے تو سر کی جلد میں ایک نسبتاً زیادہ طاقتور الیکٹرک فیلڈ (برقی میدان) پیدا کرتی ہے۔
عام الفاظ میں الیکٹرک فیلڈ کو ایسی غیر محسوس برقی قوت سمجھا جا سکتا ہے جو جلد کے اندر موجود خلیوں پر اثر انداز ہوتی ہے۔
تحقیق کے مطابق اس الیکٹرک فیلڈ کا ایک کام بالوں کی کمزور پڑتی جڑوں کو دوبارہ فعال بنانے میں مدد کرنا ہے۔ دوسرا کام بالوں کی نشونما میں استعمال ہونے والے مادوں کو جلد کے اندر گہرائی تک پہنچانا ہے جو عام طور پر جلد کی سطح پر ہی رہ جاتے ہیں۔
مادوں سے مراد دو اجزا ہیں جو بالوں کی نشوونما بہتر بنانے کے لیے استعمال کیے گئے۔ ان میں سے ایک بالوں کی جڑوں تک خون کی فراہمی بڑھانے جبکہ دوسرا بال گرنے سے منسلک حیاتیاتی عمل کو کم کرنے کے لیے استعمال کیا گیا۔
محققین کے مطابق کنگھی کے بعض دندانے پینسل کی نوک کی طرح بنائے گئے ہیں۔ جب کنگھی سر پر چلائی جاتی ہے تو یہ دندانے ان مادوں کو خارج کرتے ہیں جبکہ الیکٹرک فیلڈ انھیں بالوں کی جڑوں تک پہنچانے میں مدد دیتا ہے۔

،تصویر کا ذریعہNature Communications
محققین کا کہنا ہے کہ سر کی جلد اور خلیات کی بیرونی تہہ عام طور پر بیرونی مادوں کو اندر داخل ہونے سے روکتی ہے۔ تاہم کنگھی کی وجہ سے پیدا ہونے والا الیکٹرک فیلڈ خلیات کی بیرونی تہہ میں انتہائی مختصر اور عارضی تبدیلی پیدا کرتا ہے، جس سے علاج کے لیے ضروری مادوں کو اندر داخل ہونے کا موقع مل جاتا ہے۔
اس عمل کے بعد خلیات دوبارہ اپنی معمول کی حالت میں واپس آ جاتے ہیں۔
تحقیق میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ کمپیوٹر ماڈلز اور چوہوں پر تجربات سے یہ نتیجہ اخذ کیا گیا کہ یہ نظام علاج کے لیے درکار مواد کو جلد کے اندر تقریباً 660 مائیکرومیٹر گہرائی تک پہنچا سکتا ہے، جبکہ روایتی بیرونی استعمال میں یہ گہرائی تقریباً 74 مائیکرومیٹر رہی۔ محققین کے دعوے کے مطابق یہی فرق اسے بالوں کی جڑوں تک علاجی مواد پہنچانے میں زیادہ مؤثر بناتا ہے۔
تحقیق میں یہ دعویٰ بھی کیا گیا ہے کہ اس علاج سے جڑوں کے اردگرد خون کی فراہمی بہتر ہوئی اور وہ حیاتیاتی عوامل کم ہوئے جو بال گرنے سے منسلک سمجھے جاتے ہیں۔
محققین کا خیال ہے کہ جب بالوں کی جڑوں تک زیادہ خون، آکسیجن اور غذائیت پہنچتی ہے تو ان کی نشوونما بہتر ہو سکتی ہے۔
تاہم تحقیق میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ یہ نتائج فی الحال انسانوں پر نہیں بلکہ گنج پن کے شکار چوہوں پر کیے گئے تجربات سے حاصل ہوئے ہیں۔

،تصویر کا ذریعہNature Communications
تحقیق کے دوران محققین نے گنج پن کے شکار چوہوں کو مختلف گروہوں میں تقسیم کیا۔ بعض کو صرف روایتی دوا دی گئی، بعض کو صرف برقی تحریک دی گئی جبکہ بعض کو برقی تحریک کے ساتھ بالوں کی نشونما میں مدد دینے والے دو اجزا دیے گئے۔
محققین کے مطابق صرف برقی تحریک سے بھی کچھ بہتری دیکھی گئی، تاہم سب سے بہتر نتائج اس وقت حاصل ہوئے جب برقی تحریک اور بالوں کی نشونما کے اجزا کو ایک ساتھ استعمال کیا گیا۔
ان کے مطابق اس مشترکہ طریقہ علاج سے نئے بال نسبتاً تیزی سے اُگے جبکہ وقت گزرنے کے ساتھ بالوں کی تعداد، موٹائی اور جڑوں کی مجموعی حالت میں بھی بہتری دیکھی گئی۔
محققین کا دعویٰ ہے کہ جن چوہوں کا علاج ’ڈی ٹینگل‘ کے ذریعے کیا گیا، ان میں ایک ماہ کے اندر بال تقریباً پورے اس حصے میں دوبارہ اگ آئے جہاں پہلے بال موجود نہیںتھے، جبکہ عام طور پر استعمال ہونے والی دوا منو آکسیڈل سے یہ شرح تقریباً 70 فیصد رہی۔
تحقیق کے دوران محققین نے جانوروں کی جلد اور جسم کے دیگر اعضا کا بھی جائزہ لیا۔ ان کے مطابق انھیں ایسے شواہد نہیں ملے جن سے ظاہر ہو کہ اس علاج سے جانوروں کے دیگر اعضا کو نمایاں نقصان پہنچا ہو۔
اپنے نتائج کی بنیاد پر محققین کا دعویٰ ہے کہ ڈی ٹینگل نہ صرف بالوں کی نشونما والے اجزا کو ان کی جڑوں تک پہنچانے کی صلاحیت رکھتا ہے بلکہ الیکٹرک فیلڈ اور ان اجزا کے مشترکہ استعمال سے بالوں کی بحالی کو مزید مؤثر بنایا جا سکتا ہے۔
یہ کنگھی انسانوں کے لیے کس قدر مؤثر اور محفوظ ہے، اس کے لیے مزید طبی تجربات کی ضرورت ہو گی۔
اس نئی تحقیق پر بی بی سی نے پاکستان میں ہیئر ٹرانسپلانٹ سرجن ڈاکٹر برہان اشرف سے بات کی۔
ڈاکٹر برہان اشرف کا کہنا ہے کہ اس تحقیق کی سب سے بڑی کمی یہ ہے کہ یہ تجربہ ابھی تک صرف چوہوں پر کیا گیا ہے، انسانوں پر اور بہت بڑے پیمانے پر اس کے تجربات ہونا ابھی باقی ہیں۔
ان کے مطابق، ’اب یہ دیکھنا ہو گا کہ وقت کے ساتھ ساتھ جیسے جیسے یہ ٹیکنالوجی زیادہ استعمال ہو گی اور جانوروں سے نکل کر انسانی آزمائش تک پہنچے گی، اس کے کیا نتائج آتے ہیں۔ کیا اس کے کوئی ضمنی اثرات (سائیڈ ایفیکٹ) تو سامنے نہیں آتے، اور پھر اسے ایف ڈی اے کی منظوری ملتی ہے یا نہیں۔‘
واضح رہے کہ امریکہ میں ایف ڈی اے یعنی فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن وہ ادارہ ہے جو کسی بھی نئی دوا، آلے یا طریقہ علاج کو عام استعمال سے پہلے اس کی افادیت اور حفاظت کو جانچتا ہے اور اس کے محفوظ ہونے کی تصدیق کرتا ہے۔
ڈاکٹر برہان نے کہا کہ ہم اس نئی ٹیکنالوجی کو ’بڑی امید کے ساتھ دیکھ رہے ہیں، لیکن چونکہ یہ ابھی آزمائشی مراحل میں ہے تو اسے بڑے پیمانے پر استعمال نہیں کیا جا سکتا۔
’جب اس کو انسانوں پر آزمایا جائے گا تب اس کے اصل نتائج سامنے آئیں گے اور تب ہی ہم بہتر طور پر بتا سکیں گے کہ یہ کتنی مؤثر ہے۔‘
اس تحقیق پر تبصرہ کرتے ہوئے سپین کی یونیورسٹی انٹرنیشنل ڈی کیٹالونیا کے شعبۂ ڈرماٹولوجی کے پروفیسر ڈاکٹر رامون گریمالٹ نے بی بی سی کو بتایا کہ یہ ’مریض دوست‘ طریقہ علاج ہے جس میں روزمرہ کے عمل، یعنی بالوں میں کنگھی کرنے، کو بالوں کی نشوونما میں مدد دینے والی ہلکی برقی رو پیدا کرنے کے لیے استعمال کیا گیا ہے۔
تاہم، ان کا بھی یہی کہنا ہے کہ موجودہ شواہد خصوصاً چوہوں پر کیے گئے تجربات سے حاصل ہوئے ہیں۔
ڈاکٹر گریمالٹ کا کہنا تھا کہ انسانی سر کی جلد، بالوں کی جڑوں کی کثافت اور جسمانی ساخت جانوروں سے مختلف ہوتی ہے، اس لیے ان نتائج کو براہِ راست انسانوں پر لاگو نہیں کیا جا سکتا۔
ان کے بقول اگرچہ ابتدائی نتائج حوصلہ افزا ہیں، لیکن اس مرحلے پر یہ کہنا قبل از وقت ہو گا کہ یہ طریقہ انسانوں میں موروثی گنج پن کا مؤثر علاج ثابت ہو گا۔
انھوں نے مزید کہا کہ اس ٹیکنالوجی کو عام طبی استعمال میں لانے سے قبل بڑے پیمانے پر کلینیکل آزمائشوں کی ضرورت ہو گی تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ یہ طریقہ علاج انسانوں میں کتنا مؤثر اور محفوظ ہے، اس کے اثرات کتنے عرصے تک برقرار رہتے ہیں، اور آیا اس کے کوئی مضر اثرات بھی ہیں یا نہیں۔
ڈاکٹر گریمالٹ کے مطابق، ’یہ تحقیق ایک امید افزا ابتدائی قدم ہے، لیکن انسانوں پر آزمائشوں کے نتائج سامنے آنے تک اس کی طبی افادیت کے بارے میں حتمی رائے دینا ممکن نہیں۔‘




















