آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
’ستاروں سے آگے جہاں اور بھی ہیں‘: ذیشان علی کا چینی خلائی سٹیشن پر پہلا دن، اقبال کا شعر اور ’سپیس کیک‘
’ستاروں سے آگے جہاں اور بھی ہیں، ابھی عشق کے امتحاں اور بھی ہیں۔۔۔‘
یہ خلا میں جانے والے پہلے پاکستانی ذیشان علی کے وہ ابتدائی الفاظ تھے جنھوں نے چینی مشن شینژو 24 کے ہمراہ تیانگونگ خلائی سٹیشن پہنچ کر ادا کیے۔
بدھ کے روز جیوچوان سیٹلائٹ لانچ سینٹر سے روانہ ہونے والا ’شینژو 24‘ خلائی مشن چین کے خلائی سٹیشن سے منسلک ہو گیا ہے جس کے بعد ’شینژو 24‘ کا عملہ خلائی سٹیشن میں داخل ہوا۔
پاکستان کے خلائی تحقیق کے ادارے ’سپارکو‘ کے مطابق چینی خلائی سٹیشن میں پہلے سے موجود ’شینژو 23‘ کے عملے نے ’شینژو 24‘ کے عملے کو خوش آمدید کہا اور اس موقع پر خلابازوں کی تصاویر بھی جاری کی گئی ہیں۔
شینژو 24 خلائی مشن کے تحت تین خلا بازوں کو تیانگونگ خلائی سٹیشن بھیجا گیا ہے جن میں تانگ ہونگ بو بطور کمانڈر، وو یی بطور فلائٹ انجینیئر اور پاکستانی پائلٹ محمد ذیشان علی بطور پے لوڈ سپیشلسٹ شامل ہیں۔
شینژو 24 نے زمین سے روانگی کے بعد تقریباً ساڑھے تین گھنٹے میں اپنا سفر مکمل کیا اور یہ تقریباً آٹھ بج کر 56 منٹ پر تیانگونگ خلائی سٹیشن سے منسلک ہوا۔
چونکہ اس مشن میں ایک پاکستانی خلا باز بھی شامل ہیں، اس لیے چینی خلائی پروگرام کے متعلقہ شعبے نے چینی اور انگریزی زبانوں میں آپریشنل ہدایات تیار کی ہیں۔ اس کے علاوہ پاکستانی خلا باز کی کھانے کی ترجیحات کو مد نظر رکھتے ہوئے حلال خلائی خوراک کا انتظام بھی کیا گیا ہے۔
پاکستانی خلا باز محمد ذیشان علی تیانگونگ خلائی سٹیشن پر تقریباً ایک ہفتہ گزاریں گے۔ اس دوران وہ سائنسی تجربات اور تحقیقی سرگرمیوں میں حصہ لیں گے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ذیشان علی بطور پے لوڈ سپیشلسٹ پاکستانی تحقیقاتی منصوبوں پر کام کریں گے، جن میں مائیکرو ایلجی کی افزائش اور کوئنوا کے بیجوں پر خلائی ماحول کے اثرات کا مطالعہ شامل ہے۔
ذیشان علی کی اس مشن سے واپسی کا منصوبہ تقریباً ایک ہفتے بعد ہے، اور چینی میڈیا کی بعض رپورٹس کے مطابق وہ واپسی کے لیے خلائی سٹیشن پر پہلے سے موجود ’شینژو 23‘ کے عملے کے ساتھ واپس آئیں گے۔
خلا میں خوش آمدید، اقبال کا شعر اور ’سپیس کیک‘
جب شینژو 24 کا عملہ چینی سپیس سٹیشن میں داخل ہوا تو شینژو 23 مشن کے عملے نے انھیں خوش آمدید کہا اور خاص طور پر ذیشان علی کو مخاطب کر کے کہا کہ وہ چینی مشن پر آنے والے پہلے غیر ملکی خلاباز بن گئے ہیں۔
چینی میڈیا نے بتایا کہ دونوں ٹیمیں کئی روز سے اس کی تیاری کر رہی تھیں اور ان کے رابطے ہوتے رہے تھے۔
خلا میں بدھ کے روز اس چھوٹی سی تقریب میں شینژو 24 مشن میں جانے والے تینوں خلابازوں نے باری باری بات کی۔
ذیشان علی نے کہا کہ انھیں خلا میں جانے والے پہلے پاکستانی خلا باز بننے اور چینی سپیس سٹیشن میں داخل ہونے پر بے حد خوشی ہے۔
انھوں نے پاکستان کے قومی شاعر علامہ اقبال کا اردو شعر بھی پڑھا کہ 'ستاروں سے آگے جہاں اور بھی ہیں، ابھی عشق کے امتحاں اور بھی ہیں۔'
پھر انھوں نے اس کا چینی ترجمہ اپنے ساتھیوں کو سنایا جس پر انھیں داد ملی۔
شینژو 23 مشن کے خلابازوں نے بتایا کہ وہ آئندہ دنوں میں اپنا کام نئی آنے والی ٹیم کو سونپ دیں گے اور انھیں ماحول کے ساتھ خود کو ڈھالنے میں مدد کریں گے۔
ایک خاتون خلاباز نے کہا کہ انھوں نے شینژو 24 ٹیم کے ارکان کے لیے 'سپیس کیک' بنائے ہیں۔ سب نے ان کیکس کو باری باری سب کو سونگھا اور ان کی تعریف بھی کی۔ ذیشان علی نے کہا کہ یہ بہت اچھے لگ رہے ہیں۔
اس کے بعد ان چھ خلا بازوں نے ایک ساتھ تصویر کھینچی۔ چینی میڈیا نے کوریج کے دوران بتایا کہ ذیشان علی نے بہت جلدی چینی زبان پر عبور حاصل کر لیا ہے اور ان کے لیے روزمرہ کی زندگی مشکل نہیں ہو گی۔
کوریج کے دوران بتایا گیا کہ اب خلا باز ایک ساتھ کھانا کھانے لگے ہیں اور ذیشان علی کے لیے خاص کھانا تیار کیا گیا ہے۔ کوریج کے دوران بتایا گیا کہ ذیشان علی کے لیے پاکستانی کھانوں کی بھی آپشنز دستیاب ہیں تاکہ وہ 'خلا میں گھر کا ذائقہ چکھ سکیں۔'
اس رپورٹ میں ہم نے یہ جاننے کی کوشش کی ہے کہ ذیشان علی اور دیگر خلابازوں کے خلا میں دن و رات کیسے گزریں گے۔ یعنی وہ کیا کھائیں گے، ٹوائلٹ کیسے جائیں گے، ورزش کیسے ہو گی، نیند کا بندوبست کیسے ہو گا اور روزمرہ زندگی کیسے ہو گی؟
چینی سرکاری ذرائع ابلاغ، جن میں شنہوا، چائنا ڈیلی، سی جی ٹی این اور چائنا مینڈ سپیس ایجنسی شامل ہیں، تیانگونگ خلائی سٹیشن کو ایک ایسے خلائی گھر کے طور پر بیان کرتے ہیں جہاں خلا باز کئی دنوں تک رہتے، کام کرتے، ورزش کرتے اور سوتے ہیں۔
خلاباز کیا کھائیں گے؟
کسی بھی بین الاقوامی خلائی سٹیشن میں پلیٹیں یا پیالے نہیں ہوتے کیونکہ وہاں سب کچھ خلا میں معلق رہتا ہے۔ وہاں جو کھانا کھایا جاتا ہے وہ عموماً پراسیسڈ ہوتا ہے اور اس کا وزن کم کرنے کے لیے اس میں سے پانی نکال لیا جاتا ہے۔
خلاباز سپیس سٹیشن میں گرم اور ٹھنڈے پانی کے ڈسپنسرز کی مدد سے کھانے کو دوبارہ ہائیڈریٹ کر لیتے ہیں۔
کھانا عام طور پر پیکٹس میں ہوتا ہے تو اسے ہی پلیٹ کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے اور ساتھ ایک خاص چمچ کے ذریعے اس میں سے کھانا کھایا جاتا ہے۔
چینی سرکاری میڈیا کے مطابق تیانگونگ خلائی سٹیشن میں خلا بازوں کے لیے تقریباً 200 اقسام کی غذائیں دستیاب ہیں، جن میں کنگ پاؤ چکن، ماپو توفو، فرائیڈ رائس، ڈمپلنگز، مون کیک اور مختلف گوشت کے پکوان شامل ہیں۔
اس خلائی سٹیشن میں ایسا کچن موجود ہے جس میں خوراک گرم کرنے کا نظام، گرم پانی فراہم کرنے والے آلات اور خلا میں استعمال کے لیے تیار کیا گیا بیکنگ اوون شامل ہے، جس کی مدد سے خلا باز گرم کھانا کھا سکتے ہیں۔
بعض اوقات خلا بازوں کی ذاتی پسند کے مطابق بھی مینو ترتیب دیا جاتا ہے۔ مثال کے طور پر ’شینژو 13‘ کے دوران وانگ یاپنگ نامی خلاباز کے لیے سمندری خوراک والے ڈمپلنگز اور خلاباز گوانگ فو کے لیے مصالحے دار کھانے فراہم کیے گئے تھے۔
مارچ 2023 میں بی بی سی کے ریڈیو پروگرام ’فوڈ چین‘ نے ناسا کی ریٹائرڈ خلا باز نکول سٹاٹ سے بات کر کے یہ جاننے کی کوشش کی تھی کہ کسی بھی خلائی سٹیشن یعنی خلا میں زندگی کیسی ہوتی ہے اور آپ وہاں روزمرہ کے کام جیسے کھانا کیسے کھاتے ہیں؟
خلا میں 100 سے زیادہ دن گزارنے والی نکول سٹاٹ کہتی ہیں کہ سپیس میں ملنے والے کھانوں میں ردوبدل اس لیے کیا جاتا ہے کیونکہ انھیں صفر کششِ ثقل کے حساب سے موزوں بنانا ہوتا ہے اور اس لیے بریڈ نہیں بھیجی جاتی بلکہ اس کے بجائے مکئی کی روٹی بھیجی جاتی ہے۔
’ناشتے میں آپ انڈے کھا سکتے ہیں۔ اگر آپ چاہیں تو آپ آملیٹ بھی کھا سکتے ہیں۔‘
سٹاٹ کے مطابق اکثر خلاباز ایک دوسرے کا کھانا بھی کھا لیتے ہیں جیسے سکول کے بچے شیئر کیا کرتے ہیں۔
اُن کے مطابق ’کھانا کھانے کا یہ سارا عمل بہت تفریح والا ہوتا ہے۔ ایک دوسرے کی جانب کھانا پھینکنا یا اسے خلا میں ہی کھانے کی کوشش کرنے کا اپنا مزہ ہوتا ہے۔‘
خلائی سٹیشن میں پانی کہاں سے آتا ہے؟
خلا میں پیاس بجھانا اور پانی پیتے رہنا ضروری ہے لیکن یہ پانی آتا کہاں سے ہے؟ کچھ پانی تو خلاباز اپنے ساتھ زمین سے لے کر جاتے ہیں اور باقی خلا میں ہی ری سائیکل کیا جاتا ہے۔
خلائی شٹل کے ویسٹ کے ایندھن کے سیلز میں سے ضائع ہونے والے پانی، حبس اور پیشاب کو بھی ری سائیکل کیا جاتا ہے۔
یہ پڑھ کر شاید آپ کو گھن آئے لیکن ناسا کا دعویٰ ہے کہ یہ ری سائیکل کیا گیا پانی، اُس پانی سے زیادہ صاف ہے جو ہم زمین پر پیتے ہیں۔
چینی سرکاری میڈیا شنہوا کی رپورٹ کے مطابق تیانگونگ خلائی سٹیشن میں 95 فیصد سے زیادہ پانی دوبارہ قابل استعمال (ری سائیکل) بنایا جاتا ہے۔
ورزش
چینی خلائی پروگرام کے مطابق خلا باز عام طور پر روزانہ ایک سے دو گھنٹے ورزش کرتے ہیں تاکہ وزن نہ ہونے کی حالت میں پٹھوں اور ہڈیوں کی کمزوری سے بچا جا سکے۔
خلائی سٹیشن میں ورزش کے لیے ٹریڈمل، روئنگ مشین اور مزاحمتی تربیت کے آلات موجود ہیں۔
چینی میڈیا کے مطابق خلا بازوں کی جسمانی کیفیت مسلسل مانیٹر کی جاتی ہے اور زمین پر موجود طبی ماہرین اُن کے مختلف طبی اشاریوں پر نظر رکھتے ہیں، اور اس کے مطابق فیصلے کیے جاتے ہیں۔
روزمرہ معمولات
خلا باز اپنا وقت سائنسی تجربات کرنے، خلائی سٹیشن کی دیکھ بھال، آلات کے معائنے، ورزش اور زمین کے مشاہدے میں گزارتے ہیں۔
تیانگونگ خلائی سٹیشن کے بنیادی ماڈیول میں کام کرنے، کھانے، ورزش اور آرام کے لیے الگ الگ حصے موجود ہیں۔
چین کی سرکاری ویڈیوز اور میڈیا رپورٹس کے مطابق سٹیشن پر موجود خلا باز خطاطی کر سکتے ہیں، تائی چی کی مشق کرتے ہیں، زمین کی تصاویر لیتے ہیں اور تہوار بھی مناتے ہیں۔
سی جی ٹی این کے مطابق طویل خلائی مشنوں کے دوران خلا بازوں کے لیے کراوکے جیسی تفریحی سہولیات بھی دستیاب ہوتی ہیں۔
خلا باز سوتے کیسے ہیں؟
خلا میں رات کو اچھی نیند لینا آسان نہیں ہوتا کیونکہ وہاں نہ بستر ہوتے ہیں اور نہ تکیے، بلکہ خلا باز سلیپنگ بیگ میں دیوار کے ساتھ بندھ کر سوتے ہیں۔
چینی سرکاری میڈیا کے مطابق تیانگونگ خلائی سٹیشن میں ہر خلا باز کے لیے ایک الگ سونے کا نجی کیبن موجود ہوتا ہے، جہاں وہ آرام کرتا اور اپنی ذاتی اشیا رکھتا ہے۔
چونکہ خلا میں کشش ثقل نہیں ہوتی، اس لیے خلا باز عام بستر پر نہیں سوتے بلکہ خود کو سلیپنگ بیگ یا مخصوص حصے میں باندھ لیتے ہیں تاکہ نیند کے دوران اِدھر اُدھر نہ تیرتے رہیں۔
اگرچہ خلائی سٹیشن تقریباً ہر 90 منٹ بعد زمین کا ایک چکر مکمل کرتا ہے اور روزانہ کئی طلوع و غروب آفتاب دیکھتا ہے، لیکن خلا باز زمین جیسا معمول برقرار رکھتے ہیں۔ سٹیشن میں روشنی کا نظام اُن کے جسمانی وقت کو منظم رکھنے میں مدد دیتا ہے۔