آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
ذیشان علی خلا میں روانہ: یہ پاکستان کے خلائی پروگرام کے لیے کتنی بڑی کامیابی ہے اور چین کو اس سے کیا حاصل ہو گا؟
- مصنف, اسد صہیب
- عہدہ, بی بی سی اُردو، اسلام آباد
- وقت اشاعت
- مطالعے کا وقت: 7 منٹ
پاکستانی خلاباز محمد ذیشان علی چینی شین ژو-24 مشن کے ساتھ خلا کی جانب روانہ ہو گئے ہیں اور یوں وہ خلا کا سفر کرنے والے پہلے پاکستانی بن گئے ہیں۔ وہ چین کے تیانگونگ خلائی سٹیشن میں چھ روز قیام کے دوران متعدد سائنسی تجربات میں حصہ لیں گے۔
پاکستان کا شمار خلائی دوڑ میں شامل بڑی طاقتوں میں نہیں ہوتا۔ تاہم اس تاریخی سفر کی تیاری کئی ماہ پہلے شروع ہو چکی تھی، جب رواں سال اپریل میں محمد ذیشان علی اور خرم داؤد کو چین میں خصوصی تربیت کے لیے منتخب کیا گیا تھا۔
محمد ذیشان علی نہ صرف تیانگونگ خلائی سٹیشن پر جانے والے پہلے پاکستانی ہیں بلکہ وہ چین کے خلائی سٹیشن تک پہنچنے والے پہلے غیر ملکی خلا باز بھی ہیں۔ یہ چین کے انسانی خلائی پروگرام کے تحت چینی اور غیر ملکی خلا بازوں کی پہلی مشترکہ خلائی پرواز ہے۔
سپارکو کے مطابق ذیشان علی چین کے تیانگونگ خلائی سٹیشن میں چھ روز قیام کریں گے، جہاں وہ سائنسی تجربات اور تحقیقی سرگرمیوں میں حصہ لیں گے۔
ذیشان علی خلا میں کیا کریں گے؟
پاکستان کے خلائی تحقیق کے ادارے ’سپارکو‘ کے مطابق چائنا مینڈ سپیس ایجنسی اور ’سپارکو‘ کے اشتراک سے شروع ہونے والا یہ منصوبہ پاکستان کی انسانی خلائی تحقیق میں ایک اہم سنگِ میل ہے۔
سپارکو کے مطابق محمد ذیشان علی اس مشن میں بطور پے لوڈ سپیشلسٹ (سائنسی تجربات کے ماہر) شریک ہوں گے۔ اُن کی بنیادی ذمہ داری خلا میں کششِ ثقل کے انتہائی کم اثرات والے ماحول میں پاکستان کے سائنسی تجربات انجام دینا ہوگی۔
یہ تجربات پاکستانی جامعات اور محققین کے تعاون سے تیار کیے گئے ہیں اور ان کا تعلق میٹریل سائنس، فلوئیڈ فزکس، حیاتیاتی علوم اور بائیوٹیکنالوجی سے ہے۔ ماہرین کے مطابق ان تحقیقات کے نتائج موسمیاتی تبدیلیاں، غذائی تحفظ اور صنعتی ترقی میں مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔
اس مشن کے اہم تجربات میں سے ایک خلا میں طویل عرصے تک انسانی زندگی کو ممکن بنانے سے متعلق ہے۔ اس مقصد کے لیے مائیکرو الجی (خردبینی آبی پودوں) کی افزائش کا مطالعہ کیا جائے گا تاکہ یہ جانچا جا سکے کہ آیا اسے مستقبل کے طویل دورانیے کے خلائی مشنز میں خوراک اور آکسیجن کے ممکنہ ذریعے کے طور پر استعمال کیا جا سکتا ہے یا نہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
’پاکستان کی خلائی تاریخ میں ایک اہم سنگِ میل‘
سپارکو کے مطابق مزید تین تجربات کے لیے نمونے خلائی سٹیشن کے بیرونی ماڈیولز پر نصب کیے جائیں گے۔ ان کے ذریعے یہ جاننے کی کوشش کی جائے گی کہ کوئنوا کے بیج (ایک غذائیت سے بھرپور بیج جسے اناج کی طرح پکایا اور کھایا جاتا ہے) کائناتی شعاعوں اور کم کششِ ثقل کے ماحول میں کس حد تک محفوظ رہتے ہیں، جبکہ ایسے جدید مواد کا بھی جائزہ لیا جائے گا جو نقصان پہنچنے کی صورت میں خود کو مرمت کر سکتے ہیں اور سخت خلائی ماحول کا مقابلہ کر سکتے ہیں۔
سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ ان تجربات سے مستقبل میں زیادہ مضبوط فصلوں کی تیاری، ہوائی اور خلائی جہازوں کی دیکھ بھال کے اخراجات میں کمی، اور خلائی ڈھانچوں کے لیے زیادہ پائیدار مواد کی تیاری میں مدد مل سکتی ہے۔
یہ سائنسی پروگرام چین کے سینٹر فار سپیس یوٹیلائزیشن، شنگھائی انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنیکل فزکس، ڈالیان میری ٹائم یونیورسٹی اور شنگھائی جیاو ٹونگ یونیورسٹی کے تعاون سے جاری ہے۔
سپارکو کے مطابق یہ مشن نہ صرف پاکستان کی خلائی تاریخ میں ایک اہم سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے بلکہ پاکستان اور چین کے درمیان دیرینہ سائنسی و خلائی تعاون کی ایک نئی مثال بھی ہے۔ اس کے ساتھ پاکستان انسانی خلائی پرواز اور بین الاقوامی سائنسی تحقیق کے ایک نئے مرحلے میں داخل ہو رہا ہے۔
یہ پاکستان کے لیے کتنا اہم ہے؟
انسٹی ٹیوٹ آف سپیس ٹیکنالوجی میں ’آئی کیوب قمر‘ پر کام کرنے والی ٹیم کے رُکن پروفیسر ڈاکٹر خُرم خورشید کہتے ہیں کہ آج کے جدید دور مین دُنیا کا ہر ملک خلائی برتری کی دوڑ میں شامل ہے اور پاکستان کو بھی اس کی اہمیت کا ادراک ہے۔
بی بی سی نیوز اُردو سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر خُرم خورشید کا کہنا تھا کہ خلا ہی انسانی جستجو کی آخری سرحد ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان حالیہ کچھ برسوں میں چین کے اشتراک سے سیٹلائٹ ڈیزائن اور لانچ پر کام کر رہا ہے اور پاکستان نے اپنا پہلا سیٹلائٹ ’آئی کیوب قمر‘ بھی چین کی مدد سے ہی چاند کے مدار میں بھیجا تھا۔
خیال رہے کہ پاکستان نے 2024 میں یہ مصنوعی سیارہ چین کے خلائی راکٹ چینگ ای سکس کی مدد سے چاند کی جانب روانہ کیا گیا تھا اور اس سے پاکستان چاند کے مدار میں سیٹلائٹ بھیجنے والا چھٹا ملک بن گیا تھا۔
ڈاکٹر خُرم خورشید کہتے ہیں کہ پاکستان بھی اس خلائی دوڑ میں شامل ہے اور وہ خلا میں اپنے قدم جمانا چاہتا ہے۔
’پاکستانی خلاباز کی خلا میں روانگی اور وہاں تجربات کرنا یہ پاکستان کے طویل مدتی خلائی پروگرام کا حصہ ہے، حس کا مقصد خلا میں اپنا فٹ پرنٹ بنانا ہے۔‘
اُن کا کہنا تھا کہ پاکستانی خلاباز کے خلا میں جانے سے پاکستان کے عوام میں خلائی تحقیق کے شعبے میں آگاہی آئے گی۔
’پاکستان نے جب چاند کے مدار پر سیٹلائٹ بھیجا تو لوگوں میں جوش و جذبہ تھا اور لوگوں میں آگہی آئی تھی، اس ایونٹ سے بھی نوجوان اس شعبے میں مزید دلچسپی لیں گے۔‘
’انڈیا کے ساتھ چار روزہ لڑائی خلائی تحقیق میں فنڈنگ کا باعث بنی‘
پروفیسر ڈاکٹر خُرم خورشید کہتے ہیں کہ گذشتہ برس انڈیا اور پاکستان کی چار روزہ لڑائی کے بعد حکومت نے خلائی شعبے میں فنڈنگ میں اضافہ کیا۔
’جو سیاسی صورتحال ہے، اس میں ملکی سالمیت اور خود مختاری کے لیے بھی اس شعبے میں ترقی ضروری ہے، سپیس، آرٹیفیشل انٹیلی جنس اور چپ ڈیزائننگ میں بھی پاکستان اب آگے بڑھنا چاہتا ہے۔‘
اُن کے بقول ذیشان ایک ہفتہ خلا میں گزاریں گے اور اُن کا خلا میں تجربہ بہت قیمتی ہو گا اور وہ واپس آ کر دیگر پاکستانی خلانوردوں کے ساتھ اپنے تجربات شیئر کریں گے۔
پاکستان کے خلائی پروگرام سے متعلق پروفیسر ڈاکٹر خرم رشید کا کہنا تھا کہ اگلے سال پاکستان کی خلائی گاڑی بھی چاند پر لینڈ کرے گی۔ تو آگے خلائی تحقیق کے حوالے سے پاکستان کے لیے بہت سی اچھی خبریں ہیں۔
’پاکستان کو خلائی تحقیق کے میدان میں متعدد چیلنجز کا سامنا ہے‘
پنجاب یونیورسٹی لاہور کے انسٹی ٹیوٹ آف سپیس سائنس کے پروفیسر ڈاکٹر سید عامر محمود کے مطابق اس تاریخی پیش رفت کے باوجود پاکستان کو خلائی تحقیق کے میدان میں متعدد چیلنجز کا سامنا ہے۔
بی بی سی نیوز اُردو سے گفتگو کرتے ہوئے اُن کا کہنا تھا کہ اس وقت پاکستان چینی خلائی جہازوں، راکٹوں اور تربیتی سہولیات پر انحصار کر رہا ہے۔ جبکہ ملک میں جدید خلائی تحقیق کے وسائل ناکافی ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ ان چیلنجز سے نمٹنے کے لیے پاکستان کو ایک جامع اور طویل المدتی قومی خلائی پالیسی اور انسانی خلائی پرواز کی حکمتِ عملی مرتب کرنے کی ضرورت ہے۔
پروفیسر ڈاکٹر سید عامر محمود کہتے ہیں کہ پاکستان چین کے مجوزہ چانگ ای-8 (Chang'e-8) قمری مشن، جو تقریباً 2028 میں متوقع ہے، کے لیے ایک قمری روور تیار کر رہا ہے۔ تاہم، ابھی تک کسی پاکستانی خلاباز کو چاند پر بھیجنے کے حوالے سے کوئی تصدیق شدہ معاہدہ سامنے نہیں آیا۔
اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان کے لیے چاند کی سطح پر تحقیق، روبوٹک مشنز، خودکار نیویگیشن، معدنی وسائل کی تلاش اور سیاروں کے علوم میں ترقی کے وسیع امکانات موجود ہیں۔
چین کیا حاصل کرنا چاہتا ہے؟
چینی سرکاری اخبار ’گلوبل ٹائمز‘ نے لکھا ہے کہ چین مستقبل میں غیر ملکی خلانوردوں کے ساتھ مزید ایسے مشنز کا ارادہ رکھتا ہے۔
اخبار کے مطابق ’پاکستانی خلانوردوں کے لیے تیار کیے گئے نصابی مواد کو آئندہ دوسرے ممالک کے خلانوردوں کی تربیت میں بھی استعمال کیا جائے گا۔‘
سرکاری نشریاتی ادارے ’سی سی ٹی وی‘ کے مطابق چین کے اس تازہ مشن میں ’مشترکہ خلائی سائنسی تجربات‘ اور ’تجربی نمونوں اور یونٹس کی تنصیب‘ شامل ہو گی۔
رپورٹ کے مطابق اس مشن کے دوران تقریباً 90 سائنسی تجربات اور تحقیقی منصوبے انجام دیے جائیں گے، جن میں خلائی حیاتیات، خلائی مواد، مائیکرو گریویٹی یا انتہائی کم کششِ ثقل میں مادّوں کے رویوں کا مطالعہ، بنیادی طبیعیات، خلائی طب اور نئی خلائی ٹیکنالوجیز سے متعلق تحقیقات شامل ہیں۔
سی سی ٹی وی نے شین ژو-24 مشن کے تینوں ارکان کی روانگی سے قبل تربیت کی ویڈیوز بھی نشر کی ہیں۔
حکومتی ترجمان اخبار ’پیپلز ڈیلی‘ کے مطابق منگل کی پریس کانفرنس میں حکام نے چین کے قمری تحقیقاتی پروگرام کی پیش رفت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ’مستقبل قریب میں لانگ مارچ 10A راکٹ اور مینگ ژو انسان بردار خلائی جہاز کے لیے لانچ سائٹ پر مشقیں کی جائیں گی تاکہ لانچ کے طریقۂ کار اور مختلف نظاموں کے درمیان رابطے کی مکمل جانچ اور تصدیق کی جا سکے۔‘
چینی ذرائع ابلاغ طویل عرصے سے یہ مؤقف پیش کرتے رہے ہیں کہ بیجنگ خلا میں امریکہ کے ساتھ مسابقت کے بجائے تمام شراکت داروں کے ساتھ ’خلائی دوستوں کا حلقہ‘ قائم کرنا چاہتا ہے۔
چین 2030 سے قبل اپنے پہلے انسان بردار قمری مشن کی منصوبہ بندی کر رہا ہے، جبکہ 2028 کے لگ بھگ روبوٹس کے ذریعے چاند سے نمونے حاصل کرنے کے ایک اور مشن کا بھی ارادہ رکھتا ہے۔