آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
پاکستان کے مزید فوجی دستے سعودی عرب روانہ: یہ تعیناتی ریاض کی دفاعی صلاحیتوں کو کیسے بہتر کر سکتی ہے؟
- مصنف, روحان احمد
- عہدہ, بی بی سی اُردو، اسلام آباد
- وقت اشاعت
- مطالعے کا وقت: 6 منٹ
سعودی عرب کی سرزمین پر پاکستانی فوجی اہلکاروں کی موجودگی کوئی نئی بات نہیں، لیکن اب پاکستان نئے فوجی دستے بھی اپنے اتحادی ملک بھیج رہا ہے اور وہ بھی ایک ایسے وقت میں جب حوثیوں نے حالیہ ہفتوں میں دارالحکومت ریاض سمیت متعدد شہروں اور تیل کی تنصیبات پر حملے کیے ہیں۔
اتوار کو پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے بیان کے ذریعے معلوم ہوا کہ گذشتہ روز سعودی عرب بھیجے جانے والے فوجی اہلکاروں کے لیے تقریب کا انعقاد کیا گیا ہے، جہاں حکومتی اور عسکری شخصیات کے ہمراہ سعودی عرب کے سفیر بھی موجود تھے۔
پاکستانی فوج کے مطابق یہ فوجی دستے دفاعی تعاون کے موجودہ انتظامات کے تحت سعودی عرب میں اپنی ذمہ داریاں انجام دیں گے، جبکہ اس تعیناتی کا مقصد خطے میں درپیش سکیورٹی خدشات کے تناظر میں مملکت کی دفاعی صلاحیتوں کو مزید مضبوط بنانا ہے۔
’پاکستان سعودی عرب کی سلامتی اور حرمین شریفین کے تقدس کے تحفظ کے لیے اپنے عزم پر ثابت قدم ہے۔‘
یہ پیش رفت ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب گذشتہ جمعے کو اسلام آباد میں مکہ دفاعی اتحاد، جس کے پاکستان، سعودی عرب اور ترکی اراکین ہیں، کی پولیٹیکل اینڈ سٹریٹجک کمیٹی کا تیسرا اجلاس منعقد ہوا تھا۔
اس اجلاس میں تینوں ممالک کے وزرائے خارجہ، وزرائے دفاع اور عسکری حکام شریک تھے۔
حالیہ وقتوں میں ایسا پہلی مرتبہ نہیں ہوا کہ پاکستان نے اپنے فوجی اہلکار سعودی عرب بھیجے ہوں۔ مکہ دفاعی معاہدے سے قبل پاکستان نے گذشتہ برس سعودی عرب کے ساتھ ایک دو طرفہ دفاعی معاہدہ کیا تھا، جس کے تحت، سعودی وزارت دفاع کے مطابق، اسلام آباد نے فضائیہ کے لڑاکا طیارے اور فورسز رواں برس اپریل میں بھیجی تھیں۔
سعودی عرب کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ نے اس وقت بتایا تھا کہ ’سعودی وزارتِ دفاع نے اعلان کیا ہے کہ اسلامی جمہوریہ پاکستان کی ایک فوجی فورس سٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدے کے تحت مملکت کے مشرقی سیکٹر میں واقع کنگ عبدالعزیز ایئر بیس پہنچ گئی ہے۔‘
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
سعودی وزارت دفاع کے مطابق پاکستانی فضائیہ کے لڑاکا اور معاون طیاروں پر مشتمل اس فورس کا مقصد سعودی اور پاکستانی مسلح افواج کے درمیان مشترکہ فوجی ہم آہنگی کو مضبوط بنانا اور آپریشنل تیاری کی سطح کو مزید بلند کرنا ہے، تاکہ علاقائی اور بین الاقوامی امن و استحکام کے فروغ میں مزید معاونت فراہم کی جا سکے۔
پاکستانی فوج کا کہنا ہے کہ گذشتہ روز بھیجے گئے فوجی دستوں کے ذریعے وہ سعودی عرب کی دفاعی صلاحیتوں کو مضبوط بنانا چاہتے ہیں۔ تاہم یہاں یہ سوال پیدا ہوتا ہے کہ حوثیوں کے ساتھ موجودہ جنگ میں پاکستان کس طرح سے سعودی عرب کے دفاع میں اس کی مدد کر سکتا ہے؟
جنگ کی نوعیت اور پاکستان کا کردار
بی بی سی نیوز اردو نے پاکستانی فوج کے سابق افسران سے بات کر کے یہ جاننے کی کوشش کی ہے کہ حوثیوں کے خلاف جنگ میں اسلام آباد کس طرح ریاض کی مدد کر سکتا ہے۔
ماضی میں سعودی عرب میں تعینات رہنے والے فوجی افسر بریگیڈیئر ریٹائرڈ طغرل یمین کہتے ہیں کہ ’اب جنگ کی نوعیت تبدیل ہو چکی ہے کیونکہ اب جنگ ٹینکوں یا بندوقوں سے نہیں لڑی جا رہی، بلکہ سعودی عرب کو اس وقت حوثیوں کی جانب سے فائر کیے گئے ڈرونز اور میزائلوں کا سامنا ہے۔‘
انھوں نے مزید بتایا کہ مکہ دفاعی اتحاد کی کمیٹی کا اجلاس ابھی دو روز قبل ہی ہوا ہے اور یقیناً اس کے بعد پاکستان نے سوچ سمجھ کر ہی نئے فوجی دستے سعودی عرب بھیجنے کا فیصلہ کیا ہوگا۔
’حوثیوں کے پاس سعودی عرب کی سرزمین پر قبضہ کرنے کی صلاحیت نہیں ہے بلکہ ان کے حملے اب تک تجارتی عمارتوں، تیل کی تنصیبات اور دیگر املاک تک محدود رہے ہیں۔‘
بریگیڈیئر ریٹائرڈ طغرل یمین کے مطابق یہ حملے ڈرونز اور میزائلوں کے ذریعے ہوتے ہیں تو ایسے میں ’میرا خیال ہے کہ پاکستان نے ایئر ڈیفینس یونٹس یا کاؤنٹر ڈرون یونٹس ہی سعودی عرب بھیجے ہوں گے۔‘
’اور ہو سکتا ہے ان کی حفاظت کے لیے انفینٹری یونٹس بھی سعودی عرب بھیجے گئے ہوں۔‘
پاکستان حکام متعدد بار یہ واضح کر چکے ہیں کہ وہ مکہ دفاعی معاہدے کے پابند ہیں اور یہ معاہدہ اب ’آپریشنل‘ ہے۔ تاہم اب تک کسی بھی سرکاری عہدیدار نے باقاعدہ اس جنگ کا حصہ بننے کا اقرار نہیں کیا ہے۔
پاکستانی فوج کے سابق سینیئر افسر میجر جنرل ریٹائرڈ سمریز ملک نے بی بی سی نیوز اردو کو بتایا کہ سعودی عرب کے لیے پاکستان کی یہ فوجی معاونت دفاعی دائرۂ کار تک محدود سمجھی جاتی ہے اور اس میں حوثیوں کے خلاف جارحانہ کارروائیوں میں شرکت شامل نہیں ہے۔
تاہم وہ کہتے ہیں کہ ’سعودی عرب نے کبھی بھی سکیورٹی کے حوالے سے خود انحصاری نہیں بڑھائی اور اس کو معلوم ہے کہ اس وقت پاکستان ہی اس کا واحد قریب ترین اتحادی ہے جو اس کی سکیورٹی کی ضروریات پوری کر سکتا ہے۔‘
علاقائی اثر و رسوخ
یمن میں لڑنے والے حوثیوں کو ایران کا اتحادی سمجھا جاتا ہے اور یہ بھی کہا جاتا ہے کہ اس گروہ کی عسکری طاقت کے پیچھے بھی تہران کا ہی ہاتھ ہے۔
تاہم پاکستان کے وزیر خارجہ اور نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار ماضی میں کہہ چکے ہیں کہ ایرانی حکام نے ان سے بات چیت کے دوران یمنی حوثیوں سے لاتعلقی کا اظہار کیا تھا۔ اس کے علاوہ بھی ایرانی عہدیدار متعدد بار کہہ چکے ہیں کہ حوثی گروہ اپنے فیصلے لینے میں خود مختار ہیں۔
پاکستان رواں برس فروری سے ہی ایران اور امریکہ کے درمیان جنگ کے دوران بطور ثالث کردار ادا کر رہا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات بھی بہتر ہیں۔
بریگیڈیئر ریٹائرڈ طغرل یمین کہتے ہیں کہ ’سعودی عرب کو یہ اندازہ ہو چکا ہے کہ وہ صرف اپنی سکیورٹی کے لیے امریکہ پر تو انحصار نہیں کر سکتے۔‘
’ہم ماضی میں بھی اپنی فوج سعودی عرب بھیجتے رہے ہیں، لیکن موجودہ بحران گذشتہ بحرانوں سے بڑا نظر آتا ہے۔ ایسے میں پاکستان یہاں بھی بطور ثالث کردار ادا کر سکتا ہے، ایران سے تعلق اچھے ہیں تو وہاں بھی پیغامات بھیجے جا سکتے ہیں۔‘
تاہم دونوں سابق افسران اس بات پر متفق نظر آتے ہیں کہ پاکستان نے سعودی عرب مزید فوجی دستے بھیج کر ’دانشمندانہ قدم‘ اُٹھایا ہے۔
میجر جنرل ریٹائرڈ سمریز ملک کہتے ہیں کہ ’سعودی عرب کو ڈرونز اور میزائلوں کا سامنا ہے۔ اس کے علاوہ حوثی وہاں زمینی آپریشنز کرنے کی بھی کوشش کر سکتے ہیں، ایسے میں سعودی عرب اپنے اتحادی پاکستان کے تجربے سے فائدہ اُٹھا سکتا ہے۔‘
’اس سے یقیناً سعودی عرب کی دفاعی صلاحیتوں میں اضافہ ہوگا۔‘
اسی سے ملتا جلتا مؤقف ماضی میں سعودی عرب میں تعینات رہنے والے بریگیڈیئر ریٹائرڈ طغرل یمین بھی اختیار کرتے ہوئے نظر آتے ہیں۔
وہ کہتے ہیں کہ ’سنہ 2015 میں یمن کے اس وقت کے بحران کے وقت پاکستانی پارلیمنٹ نے سعودی عرب فوج بھیجنے سے انکار کر دیا تھا، جس سے تعلقات پر اثر پڑا تھا۔ پاکستان نے اس وقت سعودی عرب فوجی دستے بھیج کر اچھا قدم اٹھایا ہے۔‘
’اس سے سعودی عرب کو پیغام جائے گا کہ پاکستان ایک ایسا اتحادی ہے جس پر انحصار کیا جا سکتا ہے، ویسے بھی موجودہ بحران گذشتہ بحرانوں کے مقابلے میں زیادہ بڑا ہے۔‘
'BBC News اردو' ایڈیشن کا انتخاب کریں اور نیوز الرٹس، تحقیقاتی اور تفصیلی رپورٹس، سب کچھ ایک ہی جگہ پر حاصل کریں۔
نوٹ: نئی ایپ برطانیہ اور امریکہ میں دستیاب نہیں ہے اور اس کا انگریزی زبان میں ایڈیشن موجود نہیں۔