آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
سعودی عرب پر پانچ ماہ میں 274 حملے: بی بی سی نے ریاض کی گلیوں میں کیا دیکھا؟
- مصنف, نوال المغافی
- عہدہ, سینئر بین الاقوامی تحقیقاتی نامہ نگار، ریاض
- وقت اشاعت
- مطالعے کا وقت: 9 منٹ
یمن کے دارالحکومت صنعاء سے اپنا گھر چھوڑ کر فرار ہونے کے دس دن بعد ابو خلیل ریاض کی سڑکوں پر جرابیں فروخت کر رہے ہیں۔
وہ کہتے ہیں: ’میں صنعاء سے پیدل نکلا اور میں نے محاذِ جنگ عبور کیا۔‘ وہ مزید کہتے ہیں کہ وہ ’لفٹ لے کر سعودی عرب میں داخل ہوئے۔‘
وہ کہتے ہیں کہ یمن میں کئی خاندان ’اپنے بچوں کی ضروریات پوری کرنے کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں‘ جبکہ وہ اتنا کمانے کی کوشش کر رہے ہیں کہ کچھ رقم گھر بھیج سکیں۔
وہ ہم سے درخواست کرتے ہیں کہ ان کا پورا نام استعمال نہ کیا جائے کیونکہ ان کی اہلیہ اور چار بچے اب بھی صنعا میں ہیں، اور انھیں یہ خوف ہے کہ اگر ان کی شناخت ہو گئی اور یہ معلوم ہوا کہ وہ حوثیوں کے خلاف بات کر رہے ہیں تو ان کے خاندان کے ساتھ کچھ ہو سکتا ہے۔
وہ کہتے ہیں کہ ’میں حوثیوں سے بچ کر نکل آیا لیکن اپنے خاندان کو ساتھ نہیں لا سکا۔ اللہ ان کی حفاظت کرے۔‘
ایرانی حمایت یافتہ حوثی باغی گروہ بطور ایک مسلح جماعت ایک دہائی سے زیادہ عرصہ قبل شروع ہونے والی خانہ جنگی کے بعد سے یمن کے شمالی حصے کے بڑے علاقے پر قابض ہے۔
یہ بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ حکومت کے خلاف برسرِ پیکار ہے، جسے ہمسایہ ملک سعودی عرب کی حمایت حاصل ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اور اب سعودی شہر، جیسے کہ ریاض، اسی گروہ کے باقاعدہ ڈرون اور میزائل حملوں کی زد میں ہیں جس سے ابو خلیل فرار ہوئے تھے۔
یمن میں ایک غیر رسمی جنگ بندی جولائی میں ختم ہو گئی تھی، اور لڑائی میں شدت آنے کے بعد حوثیوں نے سعودی عرب پر حملے بڑھا دیے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ یہ کارروائیاں یمن میں سعودی فضائی حملوں اور حوثیوں کے زیرِ کنٹرول علاقوں میں بندرگاہوں اور ہوائی اڈوں کی مبینہ سعودی ناکہ بندی کے جواب میں کی جا رہی ہیں۔
10 اکتوبر کو ریاض کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر ایک حوثی حملے میں 13 افراد ہلاک اور 300 سے زیادہ زخمی ہوئے، جو کئی برسوں میں سعودی سرزمین پر سب سے مہلک حملہ تھا۔
ریاض سے رپورٹنگ کی نایاب اجازت ملنے کے بعد ہم نے مقامی لوگوں سے بات کی، جن میں 25 سالہ انجینیئر ماجد بھی شامل تھے جو سعودی سرکاری تیل کمپنی آرامکو میں کام کرتے ہیں۔
وہ اس دن ہوائی اڈے سے گزر رہے تھے اور جدہ جانے والی پرواز پکڑنے کی جلدی میں تھے تاکہ ایک مذہبی زیارت پر جا سکیں۔
ان کا کہنا ہے کہ وہ ایک ماں کو اپنے بچوں کو ایک پش چیئر میں لے جاتے ہوئے دیکھ رہے تھے جب ٹرمینل پر حملہ ہوا۔
انھیں یاد ہے کہ انھوں نے ایک شخص کو خون میں لت پت دیکھا۔ وہ کہتے ہیں: ’میں صدمے کی حالت میں اس کے پاس گیا اور پوچھا، 'کیا آپ ٹھیک ہیں؟‘
وہ کہتے ہیں کہ انھوں نے زخمی اور بے ہوش مسافروں کو ہوائی اڈے کے ابتدائی طبی امداد کے مرکز لے جاتے دیکھا۔
’ان میں سے بعض کے بارے میں مجھے اب تک معلوم نہیں کہ وہ زندہ تھے یا نہیں۔‘
اس تجربے نے انھیں ہلا کر رکھ دیا۔ وہ مجھے بتاتے ہیں: ’خطرہ حقیقی ہے۔ لیکن میں حوثیوں کو یہ اجازت نہیں دوں گا کہ وہ مجھے اپنے ہی ملک میں غیر محفوظ محسوس کروائیں۔‘
ہوائی اڈے پر حملہ کوئی الگ تھلگ واقعہ نہیں تھا۔
امریکا میں قائم غیر سرکاری ادارے آرمڈ کانفلکٹ لوکیشن اینڈ ایونٹ ڈیٹا پراجیکٹ کے اعداد و شمار کے بی بی سی تجزیے کے مطابق، جو دنیا بھر میں سیاسی تشدد اور احتجاج سے متعلق معلومات جمع کرتا ہے، یکم جولائی سے 25 نومبر تک تقریباً پانچ ماہ کے عرصے میں سعودی عرب پر 274 حملے ریکارڈ کیے گئے۔
Acled کے مطابق ان میں سے زیادہ تر حملوں کو روک لیا گیا، تاہم کم از کم 41 حملے نہیں روکے جا سکے، اور بعض صورتوں میں روک تھام کے دوران گرنے والا ملبہ بھی نقصان کا سبب بنا۔
اعداد و شمار کے مطابق تقریباً دو تہائی حملوں میں ڈرون استعمال ہوئے جبکہ نصف سے زیادہ حملوں میں بیلسٹک میزائل استعمال کیے گئے۔
اس سے پچھلے پانچ ماہ کے دوران Acled نے ملک پر صرف ایک حوثی حملہ ریکارڈ کیا تھا۔
ایرانی حمایت یافتہ حوثیوں نے بتدریج زیادہ جدید ہتھیاروں کا ذخیرہ تیار کیا ہے، جس سے سعودی علاقے کے اندر دور تک بار بار حملہ کرنے کی ان کی صلاحیت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
برسوں تک حوثی حملے زیادہ تر یمنی سرحد کے قریب مرکوز رہے جبکہ ریاض کو نسبتاً کم نشانہ بنایا جاتا تھا۔
لیکن غیر رسمی جنگ بندی کے خاتمے کے بعد یمنی سرحد سے 700 کلومیٹر (430 میل) سے زیادہ فاصلے پر واقع سعودی دارالحکومت اب باقاعدگی سے حملوں کی زد میں ہے۔
ہوائی اڈے کے علاوہ دارالحکومت میں تیل کی تنصیبات اور نمایاں عمارتیں بھی خطرے میں رہی ہیں۔
سعودی عرب نے اپنے شہروں کی تبدیلی، بین الاقوامی سرمایہ کاری کے حصول اور خود کو رہائش، کام اور سیاحت کے لیے محفوظ مقام کے طور پر پیش کرنے پر اربوں ڈالر خرچ کیے ہیں۔ ان حملوں نے اس وعدے کو کڑی آزمائش میں ڈال دیا ہے۔
اس ماہ ریاض کے مالیاتی ضلع میں دو نمایاں فلک بوس عمارتوں کو نشانہ بنایا گیا۔
پبلک انویسٹمنٹ فنڈ (PIF) ٹاور پر حملے میں 11 افراد زخمی ہوئے۔ یہ سعودی عرب کی بلند ترین عمارت ہے اور ملک کے خودمختار دولت فنڈ کا صدر دفتر بھی ہے۔
دوسری عمارت آرامکو کی تھی، جہاں سرکاری تیل کمپنی کا دفتر واقع ہے۔
جب ہم آرامکو ٹاور کے پاس سے گزرے تو نقصان مملکت کو درپیش خطرے کی واضح یاد دہانی تھا۔
مگر چند ہی دنوں میں عمارت کے بیرونی حصے کی مکمل مرمت کر دی گئی اور حملے کے تمام ظاہری آثار مٹا دیے گئے۔
شاید یہ سعودی عرب کے اس عزم کا اظہار تھا کہ حملوں کے تسلسل کے باوجود استحکام اور معمول کے مطابق کاروبار کی تصویر پیش کی جائے۔
حکومت نے ’شہری اور معاشی تنصیبات کو نشانہ بنانے والے دہشت گرد حملوں‘ کی مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ وہ اپنے دفاع کے لیے ’تمام ضروری اقدامات‘ کرے گی۔
اس کے باوجود حملوں کی وجہ سے پروازیں شدید متاثر ہوئی ہیں، جبکہ مدینہ اور مشرقی شہر دمام کے ہوائی اڈے سمیت دیگر مقامات کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے۔
ریاض جانے والے بہت سے مسافروں کو مختلف ہوائی اڈوں کے ذریعے بھیجا جا رہا ہے اور سفر کا آخری مرحلہ زمینی راستے سے طے کرنا پڑ رہا ہے۔
دمام جانے والی ہماری پرواز تقریباً خالی تھی۔
تاہم ریاض کی سڑکوں کی کہانی مختلف ہے۔
ریستوران آباد ہیں، خاندان شاپنگ مراکز میں گھوم رہے ہیں اور لوگ بظاہر فضائی خطرے سے بے نیاز اپنی شامیں گزار رہے ہیں۔
لیکن ایک ایسے ملک میں جہاں سخت سنسرشپ قوانین اور اظہارِ رائے کی آزادی پر پابندیاں موجود ہیں، لوگوں کو تنازع کے بارے میں کھل کر بات کرنے پر آمادہ کرنا مشکل ہے۔
جن لوگوں نے ہم سے بات کی، ان میں سے بہت سوں نے اپنے ملک کی حفاظتی صلاحیت پر اعتماد کا اظہار کیا۔
ایک مصروف بازار میں بدر نے کہا کہ ہوائی اڈے پر حملہ تشویش ناک تھا، لیکن زندگی تیزی سے معمول پر آ گئی ہے۔
وہ کہتے ہیں: ’میں آرام سے سوتا ہوں‘، اور ملک کی سکیورٹی فورسز کی تعریف کرتے ہیں۔
ایک اور شخص راشد ہمارے اردگرد موجود دکانوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہتے ہیں: ’بازار خوب چل رہا ہے۔ لوگ خرید و فروخت کر رہے ہیں، اپنے کام کاج میں مصروف ہیں۔ سب کچھ اچھا ہے۔‘
لیکن جس معمول کی وہ بات کرتے ہیں، وہ وقتاً فوقتاً فون پر آنے والے اُس الرٹ سے ٹوٹ جاتا ہے جس میں آنے والے حملے سے خبردار کیا جاتا ہے۔
پھر فضائی دفاعی نظاموں کی جانب سے اوپر فضا میں میزائلوں اور ڈرونز کو تباہ کرنے کی بلند آوازیں سنائی دیتی ہیں۔
ہم نے ایک ایسا واقعہ ایک صبح چار بجے محسوس کیا، اور یہ علم کہ ہر حملہ روکا نہیں جا رہا، لوگوں کو خوفزدہ کر سکتا ہے۔
الیکس مالوف کا کہنا ہے کہ حملے اور انتباہی پیغامات بچوں کے لیے ذہنی طور پر مشکل ہو سکتے ہیں۔
برطانوی تارکِ وطن الیکس مالوف، جو 2006 سے وقفے وقفے سے سعودی عرب میں رہتے آئے ہیں، کہتے ہیں کہ وہ اپنی 11 سالہ بیٹی پر نفسیاتی اثرات کے بارے میں فکر مند ہیں، جس نے سکول میں سکیورٹی الرٹس کا سامنا کیا ہے۔
وہ کہتے ہیں: ’ایسے مواقع آئے ہیں جب میری بیٹی نے کہا، ’ڈیڈی، مجھے خوف لگ رہا ہے۔‘ یہ ایسی چیز ہے جس نے میرے خیال میں ہماری حقیقت کو جھنجھوڑ دیا ہے۔‘
حملوں کے باوجود ابو خلیل کا کہنا ہے کہ وہ یمن کے مقابلے میں سعودی عرب میں خود کو کہیں زیادہ محفوظ محسوس کرتے ہیں، جہاں لڑائی مزید شدت اختیار کر گئی ہے۔
مغربی یمن میں حوثیوں کی نئی پیش قدمی کے نتیجے میں گروہ نے بحیرہ احمر کے ساحلی علاقوں میں مزید علاقہ حاصل کیا ہے اور جنوبی شہر عدن، جو حکومت کا عارضی مرکز ہے، کی جانب جانے والے اہم راستوں کے لیے خطرہ پیدا کر دیا ہے۔
تعز کے اطراف میں بھی لڑائی شدت اختیار کر گئی ہے، جو حکومت کے کنٹرول میں ایک شہر ہے اور برسوں سے محاصرے اور تنازع کا شکار رہا ہے۔
یونیسیف کے مطابق وہاں حالیہ حوثی محاصرے کے نتیجے میں سڑکوں کی بندش نے ضروری سامان کی ترسیل سخت متاثر کی ہے، اور 800,000 سے زیادہ افراد انسانی امداد سے محروم ہو گئے ہیں۔
جو خوراک اور ایندھن دستیاب ہے اس کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا ہے۔
بین الاقوامی ادارہ برائے نقل مکانی (IOM) کے مطابق اگست سے اب تک یمن میں 360,000 سے زیادہ افراد اپنے گھروں سے بے دخل ہو چکے ہیں۔
اقوام متحدہ کے دفتر برائے انسانی حقوق نے اس عرصے میں 323 شہری ہلاکتوں اور زخمیوں کی تصدیق کی ہے، جن میں 76 اموات شامل ہیں، اور ہلاک ہونے والوں میں نصف بچے تھے۔
عرب ریاستوں کے سعودی قیادت والے اتحاد نے مملکت پر حوثی حملوں اور ان کی پیش قدمی کے جواب میں فضائی حملے تیز کر دیے ہیں، جس سے شہریوں کو مزید خطرات لاحق ہو گئے ہیں۔
حوثی حکام کے مطابق اس ماہ کے اوائل میں صنعاء پر ایک حملے میں 44 افراد ہلاک ہوئے تھے۔
سعودی عرب کا کہنا ہے کہ یہ کارروائیاں یمنی آبادی اور عالمی تجارت کو حوثیوں سے محفوظ رکھنے کے لیے کی جا رہی ہیں۔
جنگ کے ابتدائی برسوں میں سعودی قیادت میں بمباری کی مہمات نے ہزاروں شہریوں کو ہلاک کیا اور گھروں، ہسپتالوں اور سکولوں کو تباہ کر دیا۔
حوثیوں نے بھی حکومتی کنٹرول والے علاقوں پر گولہ باری، میزائل اور زمینی حملوں کے ذریعے، اور اپنے زیرِ کنٹرول علاقوں میں جبر کے ذریعے، شہریوں کو وسیع پیمانے پر مصائب سے دوچار کیا ہے۔
ابو خلیل کو امید ہے کہ وہ جلد اپنی اہلیہ اور بچوں کو صنعاء کے خطرات سے دور سعودی عرب لا سکیں گے، اور وہ کہتے ہیں کہ ’میں اس وقت تک واپس نہیں جاؤں گا جب تک حوثی ختم نہیں ہو جاتے۔‘
اضافی رپورٹنگ: جیسمین ڈائر اور احمد نور
'BBC News اردو' ایڈیشن کا انتخاب کریں اور نیوز الرٹس، تحقیقاتی اور تفصیلی رپورٹس، سب کچھ ایک ہی جگہ پر حاصل کریں۔
نوٹ: نئی ایپ برطانیہ اور امریکہ میں دستیاب نہیں ہے اور اس کا انگریزی زبان میں ایڈیشن موجود نہیں۔