آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
فیلڈ مارشل عاصم منیر کا دورہ ملائیشیا اور ایک نئے ’علاقائی سکیورٹی ڈھانچے‘ کی بازگشت
پاکستان کے آرمی چیف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر نے سوموار کے روز ملائیشیا کے وزیرِ اعظم انور ابراہیم سے ملاقات کی جس کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان ممکنہ سکیورٹی شراکت داری کے حوالے سے ایک نئی بحث چھڑ گئی ہے۔
سوموار کے روز ملائیشیا کے وزیرِ اعظم نے اپنے ایکس ہینڈل سے جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ ’پاکستان کے آرمی چیف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کے موقع پر میں نے انھیں ملائیشیا کی مسلح افواج کے سٹاف کالج (ایم ٹی اے ٹی-MTAT) میں ’ہال آف فیم‘ میں شامل کیے جانے پر مبارک باد دی۔‘
بیان میں کہا گیا ہے کہ ’اس ملاقات کے دوران علاقائی اور عالمی سلامتی کی صورتحال پر تبادلۂ خیال کیا گیا، جس میں مغربی ایشیا میں کشیدگی کم کرنے کی کوششیں، عالمی بحری سلامتی کو یقینی بنانے کی اہمیت، اور سرحدی کشیدگی کے حل کے لیے قومی خودمختاری کے احترام اور شہریوں کے تحفظ کو مدنظر رکھتے ہوئے مذاکرات اور تحمل کو ترجیح دینے کی ضرورت شامل تھی۔‘
’ترکی کے ساتھ سہ فریقی تعاون‘
انور ابراہیم کا کہنا تھا کہ ’ملائیشیا اور پاکستان کے درمیان دفاع اور سلامتی کے شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کا مشترکہ عزم بھی پایا جاتا ہے، جس میں ترکی کے ساتھ سہ فریقی تعاون کے علاوہ بحری سلامتی اور انسدادِ دہشت گردی کے شعبوں میں مشترکہ مواقع تلاش کرنا بھی شامل ہے۔‘
ملائیشیا کے وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان ’قریبی تعاون خاص طور پر اس خطے میں امن، استحکام اور مشترکہ سلامتی کے فروغ کے لیے اہم ہے۔‘
پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر کے ملائیشیا کے سرکاری دورے کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان دفاعی اور عسکری تعاون کو مزید مضبوط بنانا تھا۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ملاقات کے دوران پاکستان کے آرمی چیف اور ملیشیا کے وزیرِ اعظم نے خطے میں امن، استحکام اور سکیورٹی کے فروغ کے لیے مسلسل رابطوں کی اہمیت پر زور دیا۔
بیان کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے جنوب مشرقی ایشیا میں امن اور استحکام کے فروغ کے لیے ملائیشیا کے تعمیری کردار کو سراہا اور پاکستان کی جانب سے دفاعی تعاون اور دونوں ممالک کی مسلح افواج کے درمیان ادارہ جاتی روابط کو مزید گہرا کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ملائیشیا کے وزیر دفاع محمد خالد بن نورالدین سے علیحدہ ملاقات کی۔
بیان کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور بشمول دوطرفہ دفاعی تعاون کے فروغ، فوجی سطح پر روابط بڑھانے اور دونوں ممالک کی مسلح افواج کے درمیان تعاون کے نئے امکانات تلاش کرنے پر خاص توجہ دی گئی۔
مسلم ممالک کے درمیان سکیورٹی شراکت داریوں کا نیا رجحان؟
فیلڈ مارشل عاصم منیر کے دورہ ملائیشیا پر تبصرہ کرتے ہوئے صحافی اور تجزیہ کار احمد قریشی لکھتے ہیں کہ مشرقِ وسطیٰ سے جنوب مشرقی ایشیا تک بااثر مسلم ممالک کے درمیان سکیورٹی شراکت داریوں کا ایک ابھرتا ہوا نیٹ ورک دکھائی دے رہا ہے۔
احمد قریشی اپنے ایکس اکاؤنٹ پر لکھتے ہیں یہ مسلم ممالک ایک جانب امریکہ کے ساتھ قریبی تعلقات رکھتے ہیں اور دوسری جانب اپنے علاقائی مفادات کو بھی آگے بڑھا رہے ہیں۔
’پاکستان اور انڈونیشیا نے حال ہی میں انسدادِ دہشت گردی کی مشترکہ مشقیں مکمل کی ہیں۔ اب ملائیشیا نے پاکستان کے عسکری سربراہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا استقبال کیا ہے۔ ملائیشیا کے وزیر اعظم انور ابراہیم کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان بحری سکیورٹی، انسدادِ دہشت گردی اور ترکی کے ساتھ ممکنہ سہ فریقی تعاون پر بھی بات چیت ہوئی۔ تاہم پاکستانی فوج کے جاری کردہ بیان میں اس پہلو کا ذکر نہیں کیا گیا۔‘
ان کے مطابق انڈونیشیا اور پاکستان دونوں امریکہ کی قیادت میں قائم غزہ بورڈ آف پیس کا حصہ ہیں جبکہ پاکستان سعودی عرب اور ترکی کے ساتھ مکہ معاہدے میں بھی شامل ہے۔ اس کے علاوہ پاکستان قطر کی قیادت میں قائم بدر دفاعی صنعتی تعاون معاہدے کا بھی رکن ہے، جس میں انڈونیشیا اور ترکی بھی شامل ہیں۔
’یہ تمام الگ الگ دوطرفہ یا کثیرالجہتی روابط ہیں، کوئی باضابطہ فوجی اتحاد نہیں۔ تاہم بڑے مسلم ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے عسکری روابط قابلِ توجہ ہیں۔‘
ان کا کہنا ہے کہ یہ روابط اس لیے بھی اہم ہیں کیونکہ ان کے ذریعے ایسے اعتدال پسند علاقائی ممالک ایک دوسرے کے قریب آ رہے ہیں جن کے مغربی ممالک کے ساتھ بھی مضبوط روابط ہیں۔
دفاعی تجزیہ کار زاہد محمود لکھتے ہیں کہ ایک نیا علاقائی سکیورٹی ڈھانچہ تشکیل پا رہا ہے، جس میں پاکستان کا مرکزی کردار ہے۔
زاہد محمود لکھتے ہیں کہ مغربی ایشیا سے لے کر جنوبی اور جنوب مشرقی ایشیا تک، اور افریقہ کے بعض حصوں تک پھیلے ہوئے خطے میں سکیورٹی کا ایک نیا تصور سامنے آ رہا ہے، جس کی تزویراتی سمت کا تعین کرنے میں پاکستان اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
’مکہ معاہدہ، پاکستان، ملائیشیا اور ترکی کے سہ فریقی روابط، اور ترکی۔عمان کے ساتھ دفاعی تعاون ایک وسیع تر تزویراتی صف بندی کی عکاسی کرتے ہیں۔‘
ان کا مزید کہنا ہے کہ ترکی، پاکستان، قطر اور انڈونیشیا کے درمیان طے پایا جانے والی بدر مفاہمتی یادداشت بھی اسی رجحان کا حصہ ہے۔
زاہد محمود لکھتے ہیں کہ تزویراتی خودمختاری، درمیانی درجے کی طاقتوں کے درمیان تعاون، اجتماعی دفاعی صلاحیت، اور قابلِ اعتماد علاقائی شراکت داروں پر انحصار مستقبل کے سکیورٹی تعاون کے بنیادی اصول بنتے جا رہے ہیں۔
’پاکستان محض اس تبدیلی میں شریک نہیں بلکہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں خود کو ایک ابھرتے ہوئے علاقائی سکیورٹی نظام کے مرکز میں لانے کی کوشش کر رہا ہے۔‘
تجزیہ کار علی چشتی لکھتے ہیں کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کا ملائیشیا کا دورہ جنوب مشرقی ایشیا میں علاقائی دفاعی تعاون سے متعلق گفتگو کو مزید وسعت دے رہا ہے۔
دوطرفہ فوجی تعلقات، سہ فریقی شراکت داریوں اور مجوزہ مکہ اتحاد کے بارے میں بڑھتی دلچسپی کے تناظر میں، بالخصوص بنگلہ دیش کے حالیہ اشاروں کے بعد، دفاعی خریداری اور تزویراتی صف بندی سے متعلق بعض اہم پیش رفتوں پر نظر رکھنا ضروری ہو گیا ہے۔
چشتی لکھتے ہیں کہ خیال رہے کہ ملائیشیا نے ایک موقع پر انڈین پارلیمنٹ کے بعض ارکان سے کہا تھا ’پاکستان بھائی ہے، جبکہ آپ دوست۔‘
انڈیا اور ملائیشیا کے عسکری تعلقات
ملائیشیا کے وزیرِ اعظم کا پاکستان اور ترکی کے ساتھ سہ فریقی تعاون اور پاکستان کے ساتھ دو طرفہ بحری سلامتی اور انسدادِ دہشت گردی کے شعبوں میں تعاون کے حوالے سے بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب انڈیا اور ملائیشیا کی افواج مشترکہ مشقیں کر رہی ہیں۔
انڈیا کی وزارتِ اطلاعات کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ انڈیا اور ملائیشیا کے درمیان مشترکہ فوجی مشق ہاریماؤ شکتی کا چھٹا ایڈیشن ملائیشیا کے شہر ایپوہ میں ہو رہا ہے۔ 19 نومبر کو شروع ہونے والی یہ مشقیں 30 نومبر 2026 تک جاری رہے گی۔
ہاریماؤ شکتی ایک دوطرفہ فوجی تربیتی مشق ہے، جو باری باری انڈیا اور ملائیشیا میں منعقد کی جاتی ہے۔
اس کے علاوہ انڈیا اور ملیشیا کے درمیان دو طرفہ عسکری تعلقات دہائیوں پرانے ہیں۔
کوالالمپور میں قائم انڈین ہائی کمیشن کی ویب سائت پر دستیاب معلومات کے مطابق ابتدائی طور پر ملائیشیا کی مسلح افواج کے افسران اور اہلکار انڈیا میں تربیت حاصل کرتے تھے۔
بعد ازاں ملیشیا میں فوجی تربیتی اداروں کے قیام کے بعد انڈیا میں ملیشیا کی افواج کی تربیت کا دائرہ زیادہ منتخب نوعیت کا ہو گیا اور اب یہ بنیادی طور پر خصوصی کورسز تک محدود ہے۔
ہائی کمیشن کے مطابق انڈیا اور ملائیشیا کے درمیان دفاعی تعلقات گذشتہ برسوں میں فوجی تربیت سے بڑھ کر دفاعی سازوسامان کی فراہمی اور سکیورٹی کے شعبے میں زیادہ قریبی مذاکرات تک پھیل چکے ہیں۔
ویب سائٹ پر شائع کردی معلومات کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان 1993 میں طے پائے جانے والی دفاعی تعاون سے متعلق مفاہمتی یادداشت موجودہ دفاعی تعلقات کی بنیادی بنیاد سمجھی جاتی ہے۔
انڈین ذرائع ابلاغ کے مطابق اگست 2024 میں انڈیا اور ملائیشیا نے اپنے تعلقات کو مزید وسعت دیتے ہوئے انھیں جامع سٹریٹیجک شراکت داری کی سطح تک لے گئے جس سے دفاع، سکیورٹی، معیشت اور علاقائی تعاون سمیت مختلف شعبوں میں اشتراک کو مزید تقویت ملی۔
'BBC News اردو' ایڈیشن کا انتخاب کریں اور نیوز الرٹس، تحقیقاتی اور تفصیلی رپورٹس، سب کچھ ایک ہی جگہ پر حاصل کریں۔
نوٹ: نئی ایپ برطانیہ اور امریکہ میں دستیاب نہیں ہے اور اس کا انگریزی زبان میں ایڈیشن موجود نہیں