آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
برسوں کے انتظار کے بعد ایک ارب ڈالر کی بڑی گیم لانچ کی تیاری: جی ٹی اے سکس میں پہلی خاتون کریکٹر لوشیا بھی کھیلیں گی
- مصنف, لورا کریس، لیو میک موہن
- عہدہ, ٹیکنالوجی رپورٹر
- وقت اشاعت
- مطالعے کا وقت: 7 منٹ
راک سٹار نے حال ہی میں اعلان کیا ہے کہ بالآخر اس کی بلاک بسٹر گیم فرنچائز گرینڈ تھیفٹ آٹو یا جسے جی ٹی اے کے نام سے بھی جانا جاتا ہے کا نیا ورژن (جی ٹی اے سکس) جلد ہی صارفین کو دستیاب ہو گا۔
اس بارے میں فی الحال دستیاب تفصیلات محدود ہیں تاہم ڈویلپر کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ جی ٹی اے 6 کی پری آرڈر بکنگ 25 جون سے شروع ہو جائے گی۔ خیال کیا جا رہا ہے کہ یہ رواں برس کی سب سے بڑی گیم لانچ ہو گی۔
تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ یہ ایکشن ایڈونچر گیم اب تک کی سب سے مہنگی گیم ہو سکتی ہے۔ اندازوں کے مطابق اس کی تیاری پر تقریباً ایک ارب ڈالر سے زیادہ لاگت آئی ہے۔
اب تک گیم کے بارے میں ہم کیا جانتے ہیں:
جی ٹی اے 6 کب ریلیز ہو رہی ہے؟
جی ٹی اے کا چھٹا ورژن رواں برس 19 نومبر کو ریلیز ہونے جا رہا ہے۔ چونکہ اب راک سٹار نے اس کے پری آرڈرز کی تاریخ کا اعلان کر دیا ہے تو اس کی ریلیز کی تاریخ اب تقریباً حتمی ہے۔
یاد رہے کہ ماضی میں دو مرتبہ اس کی ریلیز مؤخر کی جا چکی ہے، پہلی مرتبہ 2025 کے موسمِ خزاں میں اور پھر مئی 2026 میں۔
دوسری مرتبہ تاخیر کے اعلان میں راک سٹار نے کہا تھا کہ وہ اس گیم کو اس معیار تک لے جانا چاہتے ہیں جس کی مداحوں کو ’توقع‘ ہے اور گیم کو اس سطح تک لے جانے میں اسے مزید چند ماہ درکار ہیں۔
جی ٹی اے 6 کی قیمت کیا ہو گی اور اسے کن پلیٹ فارمز پر کھیلا جا سکے گا؟
جی ٹی اے سیریز کا چھٹا ورژن پلے سٹیشن 5 کے علاوہ ایکس باکس سیریز ایکس اور ایس پر جاری کیا جا رہا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
فی الحال اس بارے میں تفصیلات میسر نہیں کہ اس گیم کا پی سی ورژن کب جاری کیا جائے گا اور نہ ہی یہ بتایا گیا ہے کہ آیا یہ نِنٹینڈو سوئچ 2 پر دستیاب ہو گا۔
راک سٹار اور اس کی ماتحت کمپنی ٹیک ٹو نے ابھی تک اس کی قیمت ظاہر نہیں کی۔ امکان ہے کہ اس کا اعلان جون کے آخر میں پیشگی فروخت کے شروع کے ساتھ ہی کیا جائے۔
کچھ تجزیہ کاروں کا اندازہ ہے کہ یہ ممکنہ طور پر پہلی گیم ہو سکتی ہے جس کی قیمت 100 ڈالر ہو گی۔
راک سٹار نے ابھی تک یہ تصدیق نہیں کی کہ آیا جی ٹی اے 6 کے اجرا کے ساتھ ہی اپڈیٹڈ آن لائن موڈ بھی جاری کیا جائے گا یا نہیں، تاہم جی ٹی اے آن لائن کی کامیابی کو دیکھتے ہوئے امکان ہے کہ یہ کسی مرحلے پر ضرور موجود ہو گا۔
جی ٹی اے 6 کے نئے مرکزی کردار اور جگہ
جی ٹی اے سیریز مِں پہلی مرتبہ کھلاڑی گیم کھیلنے کے ایک مرکزی خاتون کردار کو چن سکیں گے۔ یہ نئی خاتون کردار لوسیا ہے۔ اس کے علاوہ کھلاڑی اس کے ساتھ شریکِ حیات اور جرائم میں اس کے ساتھی جیسن کو بھی بطور مرکزی کردار منتخب کر سکیں گے۔
اب تک جاری ہونے والے دو گیم پلے ٹریلرز سے ظاہر ہوتا ہے کہ کہانی ان دونوں کی ’بونی اور کلائیڈ‘ طرز کی مہم جوئی کے گرد گھومتی ہے جو ’آسان کمائی کی ایک ناکام کوشش‘ کے بعد کرپشن اور جرائم کی دنیا میں پھنس جاتے ہیں۔
گذشتہ جی ٹی اے گیمز کی طرح اس ورژن میں بھی ایک خیالی امریکی ریاست ترتیب دی گئی ہے جس کا نام لیونائیڈا رکھا گیا ہے۔ یہ راک سٹار کی دنیا کا فلوریڈا ہے۔
پچھلی گیمز کے مداحوں کے لیے یہ خبر خوش آئند ہے کہ وائس سٹی جو فلوریڈا کے شہر میامی سے متاثر ہے اس کی واپسی ہو رہی ہے۔ اسے لیونائیڈا کے مرکزی شہر کے طور پر پیش کیا جائے گا۔
18 جون کو راک سٹار کی جانب سے جاری کردہ جی ٹی اے 6 کے کور آرٹ میں بھی اس مقام کی جانب اشارے ملے ہیں جن میں مگرمچھ اور فلیمنگو شامل ہیں۔
جی ٹی اے 6 بنانے میں کتنا وقت لگا؟
یہ بات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں کہ جی ٹی اے 6 کی تیاری میں کئی برس لگے ہیں۔
اس فرنچائز کی آخری گیم جی ٹی اے 5 ستمبر 2013 میں ریلیز ہوئی تھی جو جاری ہونے کے کچھ ہی عرصے بعد سب سے زیادہ فروخت ہونے والی گیمز میں شامل ہو گئی۔
تاحال یہ واضح نہیں کہ آیا راک سٹار جی ٹی اے فائیو کی ریلیز کے بعد سے ہی نئے ورژن پر کام کرتا رہا ہے کیونکہ 2018 میں کمپنی نے اپنی ایک اور بڑی سیریز ریڈ ڈیڈ ریڈمپشن کا ایک ورژن جاری کیا تھا۔
راک سٹار نے پہلی بار فروری 2022 میں اس بات کی تصدیق کی تھی کہ وہ اس سیریز کی چھٹی گیم پر کام کر رہا ہے۔
گیم کی تیاری پر بڑھتی لاگت اور سیریز کی مقبولیت کے معیار تک پہنچنے کا شدید دباؤ وہ عوامل ہیں جن کی وجہ سے گیمرز کو اس گیم کے اجرا کا طویل انتظار کرنا پڑا۔
2022 میں کمپنی کی جانب سے جی ٹی اے 6 پر کام شروع کرنے کے اعلان کے چند ماہ بعد کچھ نوعمر ہیکرز نے اس گیم کی ویڈیوز اور تصاویر لیک کر دی تھیں۔
اس کے بعد بھی جی ٹی اے سکس کی تکمیل میں کچھ مسائل سامنے آئے۔ ان میں ایڈنبرا میں قائم راک سٹار نارتھ پر اس کے برطرف ملازمین کی جانب سے ’یونین سازی روکنے‘ کے الزامات شامل ہیں۔ یاد رہے کہ راک سٹار نارتھ وہی جگہ ہے جہاں ڈویلپرز جی ٹی اے 6 بنانے میں مصروف ہیں۔
جی ٹی اے 6 کے بارے میں اتنا زیادہ جوش و خروش کیوں پایا جاتا ہے؟
آسان الفاظ میں کہا جائے تو جی ٹی اے فرنچائز تاریخ کی سب سے بڑی اور سب سے زیادہ منافع بخش انٹرٹینمنٹ پراپرٹیز میں سے ایک ہے۔
اب تک جی ٹی اے 5 کی تقریباً 23 کروڑ کاپیاں فروخت ہو چکی ہیں جس سے اس کا شمار اب تک کی سب سے زیادہ فروخت ہونے والی گیمز میں ہوتا ہے۔ راک سٹار کو اس فرنچائز سے اربوں ڈالر کی آمدنی ہوئی ہے۔
گیم کا سینڈ باکس طرز کا گیم پلے جس میں کھلاڑی وسیع کھلی دنیا کو قدرے آزادی کے ساتھ دریافت کر سکتے ہیں کو کافی پذیرائی ملی ہے۔ اسے انٹرایکٹو میڈیم کی بہترین مثال قرار دیا جاتا رہا ہے۔
ویڈیو گیمز جرنلسٹ وِک ہُڈ نے کہا کہ سیریز کا ہر ورژن ’تکنیکی اور گیم پلے کی حدود کو مسلسل آگے بڑھاتا آیا ہے۔‘ ان کا کہنا ہے کہ جی ٹی اے آن لائن نے ’لائیو سروس ماڈل کو اس شکل میں متعارف کرانے میں مدد دی جسے ہم آج جانتے ہیں۔‘
انھوں نے مزید کہا کہ یہ گیمز ثقافتی طور پر بھی اصل دنیا سے کافی ہم آہنگ ہیں۔
وِک ہُڈ کے مطابق راک سٹار کی ہمیشہ سے موسیقی، تفریح، سماجی، سیاسی، شخصیات اور آن لائن ثقافت کی نبض پر انگلی رہی ہے اور جی ٹی اے گیمز میں ان چیزوں پر طنز کرنے سے کبھی گریز نہیں کیا۔
یہ اس گیم کی مقبولیت اور اس کے چھٹے ورژن کو لے کر لوگوں میں پائی جانے والی بے چینی کا نتیجہ ہے کہ اس سے متعلق ہر چھوٹی بڑی خبر پر بے حد جوش و خروش دیکھنے میں آیا ہے۔
جی ٹی اے 6 کے دونوں گیم پلے ٹریلرز کو اب تک مجموعی طور تقریباً 447 ملین بار دیکھا جا چکا ہے۔