لائیو, شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس سے قبل ایرانی صدر کی انڈین وزیر اعظم سے ملاقات، وزیر اعظم شہباز شریف بھی بشکیک پہنچ گئے

کرغزستان میں شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کے موقع پر انڈیا کے وزیر اعظم نریندر مودی کی ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے ملاقات ہوئی ہے۔ دوسری جانب وزیر اعظم شہباز شریف بھی بشکیک پہنچ گئے ہیں اور وہ اپنے تین روزہ دورے کے دوران اجلاس میں شرکت کرنے والے مختلف ممالک کے رہنماؤں سے دوطرفہ ملاقاتیں کریں گے۔

خلاصہ

  • وزیر اعظم شہباز شریف شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت کے لیے بشکیک پہنچ گئے
  • شنگھائی تعاون تنظیم کا اجلاس: بشکیک میں ایرانی صدر اور انڈین وزیر اعظم کی ملاقات
  • ایرانی فوج کا اردن کے بعد متحدہ عرب امارات میں امریکی فوجی اڈے کو نشانہ بنانے کا دعویٰ
  • امریکی حکام کے مطابق امریکی افواج نے جزیرہ لارک پر موجود دو ایرانی لانچرز کو نشانہ بنایا ہے
  • جزیرہ لارک پر حملے کے نتائج امریکہ کو معاشی اور عسکری میدان میں بھگتنا پڑیں گے: ترجمان پاسدارانِ انقلاب
  • نیپال کی قومی ڈیزاسٹر اتھارٹی کے مطابق ملک میں تباہ کن سیلاب کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد 903 ہو گئی ہے جبکہ 4,200 افراد اب بھی لاپتہ ہیں
  • مغربی کنارے میں آبادکاروں کا قُصرہ پر حملہ ’جرائم پر مبنی تشدد‘ قرار: نیتن یاہو کی مذمت

لائیو کوریج

  1. اردن کا آٹھ میزائلوں کو تباہ کرنے کا دعویٰ

    اردن

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    ،تصویر کا کیپشنفائل فوٹو: کنگ عبداللہ ایئربیس

    اردن کے میڈیا نے 31 اگست کو ملک کی مسلح افواج کے ترجمان کے ایک بیان کو نمایاں طور پر شائع کیا، جس میں کہا گیا تھا کہ فضائی دفاعی نظام نے علی الصبح مملکت کی فضائی حدود میں داخل ہونے والے ’آٹھ میزائلوں کو تباہ کر دیا۔‘

    ماضی میں منظر عام پر آنے والے بیانات کے برعکس اس بیان میں یہ وضاحت نہیں کی گئی کہ یہ میزائل فائر کس نے کیے اور نہ ہی یہ بتایا کیا کہ ان کا ہدف کونسے علاقے تھے۔

    ایرانی پاسداران انقلاب نے 30 اگست کی رات آبنائے ہرمز میں واقع ایران کے جزیرۂ لارک پر امریکی حملوں کے جواب میں اردن کے کنگ حسین اور الازرق فضائی اڈوں پر بیلسٹک میزائلوں اور ڈرونز سے مشترکہ حملے کرنے کا اعلان کیا تھا۔

    پاسداران انقلاب کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا کہ اس حملے میں لڑاکا طیاروں کے ہینگرز تباہ کر دیے گئے اور خبردار کیا گیا کہ ’ہر حملے کا جواب اس سے بھی زیادہ تباہ کن کارروائی سے دیا جائے گا۔‘

    ایرانی میڈیا، جن میں سرکاری ریڈیو چینل بھی شامل ہے، نے جنوبی علاقوں میں، بشمول عقبہ کے قریب اور امریکی افواج کی میزبانی کرنے والے اڈوں کے اطراف، دھماکوں کی آوازیں سنائی دینے کی اطلاعات دی تھیں۔

    اردن کی مسلح افواج کے ترجمان نے تصدیق کی کہ تمام میزائلوں کو ’کامیابی کے ساتھ تباہ کر دیا گیا‘ تھا۔

  2. وزیر اعظم شہباز شریف شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت کے لیے بشکیک پہنچ گئے

    پاکستان

    ،تصویر کا ذریعہGovernment of Pakistan/X

    پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک پہنچ گئے ہیں۔

    وزیر اعظم کے دفتر کے مطابق بشکیک پہنچنے پر کرغزستان کی کابینہ کے چیئرمین عادلبیک قاسمالیف نے وزیر اعظم شہباز شریف کا استقبال کیا۔

    چینی صدر شی جن پنگ، روسی صدر ولادیمیر پوتن، ایرانی صدر مسعود پزشکیان اور ایک درجن سے زائد دیگر ممالک کے رہنما آج کرغزستان میں شنگھائی تعاون تنظیم کے دو روزہ سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے جمع ہو رہے ہیں۔

    وزیر اعظم کے دفتر سے جاری ہونے والے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اپنے تین روزہ دورے کے دوران شہباز شریف شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت کرنے والے مختلف ممالک کے رہنماؤں سے دوطرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے۔

    ’ملاقاتوں میں باہمی تعلقات، تجارت و سرمایہ کاری، علاقائی تعاون اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔‘

  3. مکہ اتحاد کے پہلے اجلاس سے قبل ترک وزیر دفاع کی پاکستانی ہم منصب اور فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقاتیں

    استنبول

    ،تصویر کا ذریعہDefence Ministry of Turkey

    استنبول میں مکہ دفاعی معاہدے کے تحت پہلے اجلاس سے قبل ترکی کے وزیر دفاع یشار گولر نے اپنے پاکستانی ہم منصب خواجہ آصف اور چیف آف ڈیفینس فورسز (سی ڈی ایف) فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقاتیں کی ہیں۔

    ترکی کی وزارت دفاع نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ان ملاقاتوں کی ویڈیوز شیئر کی ہیں۔

    پاکستان کے سرکاری ریڈیو کے مطابق خواجہ آصف اور ترکی کی قیادت نے ملاقاتوں میں باہمی دفاعی تعاون کو بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔

    خیال رہے ترکی، سعودی عرب اور پاکستان کی جانب سے سات اگست کو قائم کیے گئے مکہ دفاعی اتحاد کا پہلا اجلاس آج یعنی 31 اگست کو استنبول میں منعقد ہو رہا ہے۔

    استنبول

    ،تصویر کا ذریعہDefence Ministry of Turkey

    تینوں ممالک کے وزرائے خارجہ، وزرائے دفاع اور سربراہانِ افواج پر مشتمل سٹریٹجک سیاسی و دفاعی کمیٹی اتحاد کے لیے لائحۂ عمل تیار کرے گی اور عسکری امور میں تعاون کے عملی اقدامات کا جائزہ لے گی۔

    ترکیہ کی وزارتِ خارجہ کے ذرائع کے مطابق، استنبول میں ہونے والے اجلاس میں ترکیہ کی نمائندگی وزیرِ خارجہ ہاکان فیدان، وزیرِ دفاع یشار گولر اور چیف آف جنرل اسٹاف جنرل سلجوق بیرقدار اوغلو کریں گے۔

    اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیرِ دفاع خواجہ محمد آصف اور مسلح افواج کے سربراہ و آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کریں گے۔

    سعودی عرب کی جانب سے وزیرِ خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود، وزیرِ دفاع شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور چیف آف جنرل سٹاف جنرل فیاض بن حامد الرویلی اجلاس میں شریک ہوں گے۔

  4. شنگھائی تعاون تنظیم کا اجلاس: بشکیک میں ایرانی صدر اور انڈین وزیر اعظم کی ملاقات

    ایرانی صدر پزشکیان اور انڈین وزیر اعظم مودی

    ،تصویر کا ذریعہIRNA

    کرغزستان میں شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کے موقع پر انڈیا کے وزیر اعظم نریندر مودی کی ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے ملاقات ہوئی ہے۔

    چینی صدر شی جن پنگ، روسی صدر ولادیمیر پوتن، ایرانی صدر مسعود پزشکیان اور ایک درجن سے زائد دیگر ممالک کے رہنما آج کرغزستان میں شنگھائی تعاون تنظیم کے دو روزہ سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے جمع ہو رہے ہیں۔

    روس، چین، انڈیا، پاکستان، ایران، بیلاروس اور وسطی ایشیا کے چار ممالک اس تنظیم کے رکن ہیں، جو اپنے قیام کی 25ویں سالگرہ منا رہی ہے۔

    ولادیمیر پوتن اور شی جن پنگ شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاسوں کو کثیر قطبی عالمی نظام کے فروغ اور مغرب کے مقابلے میں متحد محاذ کے اظہار کے لیے استعمال کرتے رہے ہیں۔

    یہ اجلاس ایسے وقت میں منعقد ہو رہا ہے جب روس کے یوکرین پر حملے کو ساڑھے چار سال اور واشنگٹن اور تہران کے درمیان جنگ کو چھ ماہ گزر چکے ہیں۔

  5. اڈیالہ جیل کے تین قیدیوں کی نجی ہسپتال میں علاج کی استدعا مسترد

    اڈیالہ جیل راولپنڈی

    ،تصویر کا ذریعہAFP via Getty Images

    اسلام آباد ہائی کورٹ نے نجی ہسپتال میں علاج کی سہولت حاصل کرنے کے لیے دائر تین قیدیوں کی درخواستیں مسترد کر دی ہیں۔

    اسلام آباد ہائی کورٹ کے جج جسٹس محمد آصف نے محفوظ کیا گیا فیصلہ جاری کر دیا۔

    اڈیالہ جیل میں قید ان تین قیدیوں نے نجی ہسپتال میں علاج کرانے اور ٹیلی فون پر بیرونِ ملک بات چیت کی سہولت فراہم کرنے کی استدعا کی تھی۔

  6. چین کا سیلاب کی معلومات چھپانے کے الزام پر ردِعمل، ’بدنیتی پر مبنی پروپیگنڈا‘ کی مذمت

    Getty Images

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    چین نے تباہ کن سیلاب کے بعد معلومات کی شفافیت سے متعلق سوالات کے جواب میں کہا ہے کہ وہ صورتحال کے بارے میں معلومات ’کھلے، شفاف اور بروقت انداز میں‘ جاری کر رہا ہے۔

    سنیچر کو بی بی سی نے رپورٹ کیا تھا کہ نیپال اور تبت کے درمیان مرکزی سرحدی گزرگاہوں میں سے ایک، گییرونگ پورٹ میں پانی کے تیز بہاؤ سے ہونے والی تباہی کی ڈرامائی ویڈیو کو چین میں سینسر کیا جا رہا ہے۔

    اب تک چین کے سرکاری ٹی وی کے مرکزی نیوز بلیٹن میں اس واقعے کی صرف ایک تصویر نشر کی گئی ہے۔

    پیر کو ایک پریس بریفنگ کے دوران جب ترجمان سے ویڈیو کی مبینہ سینسرشپ کے بارے میں سوال کیا گیا تو چینی وزارتِ خارجہ کے ترجمان گو جیاکون نے کہا کہ ’آفت سے نمٹنے اور امدادی کارروائیاں ہنگامی بنیادوں پر لیکن منظم انداز میں جاری ہیں۔‘

    انھوں نے مزید کہا کہ ’چین کو بدنام کرنے یا صورتحال کو سنسنی خیز بنانے کے لیے آفت کو استعمال کرنے کی کوششوں کو عوامی حمایت حاصل نہیں ہوگی۔‘

  7. ایرانی صدر پزشکیان اور وزیرِ خارجہ عراقچی بشکیک پہنچ گئے

    IRNA

    ،تصویر کا ذریعہIRNA

    ایرانی صدر مسعود پزشکیان کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک پہنچ گئے ہیں جہاں وہ شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سالانہ سربراہی اجلاس سے خطاب کریں گے۔

    ایرانی صدر سنہ 2026 کے ایس سی او سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے کرغزستان کے دو روزہ دورے پر ہیں۔

    دورے کے دوران مسعود پزشکیان کرغزستان کے صدر صادیر جاپاروف، تاجکستان کے صدر اور انڈیا اور پاکستان کے وزرائے اعظم سے ملاقاتیں کریں گے۔

    وہ کرغزستان کے صدر کی دعوت پر چھٹی عالمی نومیڈ گیمز کی افتتاحی تقریب میں بھی شرکت کریں گے۔

    دورے کے دوسرے روز مسعود پزشکیان ایس سی او اور ایس سی او پلس کے رہنماؤں کے اجلاس سے خطاب کریں گے۔ ان کے دورے کے ایجنڈے میں روسی صدر ولادیمیر پوتن کے ساتھ دوطرفہ ملاقات بھی شامل ہے۔

    Getty Images

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    ،تصویر کا کیپشنفائل فوٹو

    چینی صدر شی جن پنگ، روسی صدر ولادیمیر پوتن، ایرانی صدر مسعود پزشکیان اور ایک درجن سے زائد دیگر ممالک کے رہنما آج کرغزستان میں شنگھائی تعاون تنظیم کے دو روزہ سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے جمع ہو رہے ہیں۔

    روس، چین، انڈیا، پاکستان، وسطی ایشیا کے چار ممالک اور ماسکو کے اتحادی بیلاروس اس تنظیم کے رکن ہیں، جو اس سال اپنی 25ویں سالگرہ منا رہی ہے۔

    ولادیمیر پوتن اور شی جن پنگ شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاسوں کو مغرب کے مقابلے میں متحدہ مؤقف پیش کرنے کے لیے استعمال کرتے رہے ہیں۔

    یہ اجلاس روس کی جانب سے یوکرین پر حملے کے ساڑھے چار سال بعد اور واشنگٹن اور تہران کے درمیان جنگ کے چھ ماہ بعد ہو رہا ہے۔

    مسعود پزشکیان اور عباس عراقچی اجلاس میں ایران کے اعلیٰ سطحی نمائندے ہیں۔

  8. نیپال کی ڈیزاسٹر ایجنسی کی ہیلی کاپٹرز صرف ہنگامی امدادی کاموں کے لیے مختص رکھنے کی اپیل

    Getty Images

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    نیپال کی ڈیزاسٹر ایجنسی نے ملک بھر میں جاری بڑے پیمانے کی امدادی کارروائیوں کے دوران ہیلی کاپٹرز کو صرف ریسکیو اور امدادی سامان کی منتقلی کے لیے استعمال کرنے کی اپیل کی ہے۔

    نیشنل ڈیزاسٹر رسک ریڈکشن اینڈ مینجمنٹ اتھارٹی نے سوشل میڈیا پر جاری ایک تازہ بیان میں کہا ہے کہ ’ہیلی کاپٹرز صرف فوری ضرورت، ریسکیو اور امدادی سامان کی ترسیل کے لیے استعمال کیے جائیں۔‘

    متاثرہ علاقوں کے بڑے حصے تک صرف ہیلی کاپٹرز کے ذریعے ہی پہنچا جا سکتا ہے کیونکہ سیلاب نے کئی رابطہ سڑکیں تباہ کر دی ہیں۔

    تاہم ایجنسی کا کہنا ہے کہ ’متبادل سڑکیں‘ اب کھل رہی ہیں اور جہاں ممکن ہو ان راستوں کو استعمال کیا جانا چاہیے۔‘

  9. متحدہ عرب امارات نے المنہاد ائیربیس پر حملے کی تردید کر دی

    متحدہ عرب امارات کی وزارتِ دفاع نے المنہاد ائیربیس کو نشانہ بنائے جانے کے پاسدارانِ انقلاب کے دعوے کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’اس حوالے سے میڈیا میں آنے والی اطلاعات درست نہیں ہیں۔‘

    متحدہ عرب امارات کی وزارتِ دفاع کی جانب سے یہ بیان ایکس پر جاری کیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ اب سے چند گھنٹے قبل ایرانی فوج نے ایک بیان میں یہ دعویٰ کیا تھا کہ ’اس نے گذشتہ رات امریکی فورسز کی جانب سے لارک جزیرے پر کیے گئے حملے کے جواب میں متحدہ عرب امارات میں المنہاد ائیربیس پر موجود ’امریکی ہیلی کاپٹروں اور فورسز کے مقام‘ کو درجنوں تباہ کن ڈرونز سے نشانہ بنایا ہے۔‘

    تاہم متحدہ عرب امارات کی وزارتِ دفاع نے بتایا ہے کہ ’ملک کے دفاعی نظام نے اپنی حدود میں داخل ہونے والے ایک ڈرون کو روک لیا گیا ہے۔‘

    Getty Images

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    ،تصویر کا کیپشنفائل فوٹو

    متحدہ عرب امارات نے ڈرون کے حوالے سے مزید تفصیلات جاری نہیں کیں اور یہ بھی واضح نہیں کیا کہ اسے مار گرایا گیا یا وہ اپنے ہدف تک پہنچنے میں کامیاب ہوا۔

    وزارتِ دفاع نے تاہم زور دیا کہ وہ ’کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار‘ ہے۔

    متحدہ عرب امارات نے اپنے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ’صرف سرکاری ذرائع سے خبریں حاصل کریں اور افواہوں اور غلط معلومات سے گریز کریں۔‘

  10. شمالی قبرص کے قریب مسافر کشتی الٹنے سے آٹھ افراد ہلاک، 18 لاپتہ

    Reuters

    ،تصویر کا ذریعہReuters

    شمالی قبرص کے قریب ایک مسافر کشتی الٹنے کے نتیجے میں کم از کم آٹھ افراد ہلاک جبکہ 18 افراد تاحال لاپتہ ہیں۔

    قبرص میں خود ساختہ ترک جمہوریہ کے وزیرِ اعظم اونال اوسٹل کے مطابق کشتی میں 259 مسافر اور عملے کے آٹھ ارکان سوار تھے۔ کشتی میں اتوار کو ساحلی شہر کیرینیا سے روانگی کے بعد پانی بھرنا شروع ہو گیا تھا۔

    اونال اوسٹل نے سوشل میڈیا پر بتایا کہ ’کشتی کے کپتان اور عملے کے سات ارکان کو اس بات کی تحقیقات کے سلسلے میں حراست میں لے لیا گیا ہے کہ یہ سانحہ کیسے پیش آیا۔‘

    حکام کے مطابق کشتی میں سوار بیشتر افراد کو بچا لیا گیا ہے جبکہ ترک حکام کے تعاون سے تلاش اور امدادی کارروائی جاری ہے۔

    کشتی کے ڈوب جانے کے بعد حکام واقعے کی اصل وجہ جاننے کے لیے اس کا بلیک باکس ریکارڈر نکالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

    Reuters

    ،تصویر کا ذریعہReuters

    نجی ملکیت کی یہ مسافر کشتی مقبول سیاحتی مقام کیرینیا سے مقامی وقت کے مطابق تقریباً 12 بج کر 30 منٹ پر روانہ ہوئی تھی۔

    اونال اوسٹل نے بتایا کہ ’کشتی کو سنیچر کے روز ترکی روانہ ہونا تھا تاہم خراب موسمی حالات کے باعث روانگی میں تاخیر ہوئی۔‘

    انھوں نے ترک خبر رساں ادارے ٹی آر ٹی کو بتایا کہ ’کشتی الٹنے سے قبل اسے دو بڑی لہروں کا سامنا کرنا پڑا۔‘ ان کے مطابق ’کپتان پہلی لہر کے بعد کشتی کو سنبھالنے کی کوشش کر رہا تھے کہ دوسری لہر نے اسے آ لیا اور کشتی میں پانی بھرنا شروع ہو گیا۔‘

    حادثے کے مقام پر ہیلی کاپٹر اور کوسٹ گارڈ کی کشتیاں روانہ کر دی گئی ہیں جبکہ ساحل پر ایمبولینسیں بھی موجود ہیں تاکہ بچائے جانے والے مسافروں کو فوری طبی امداد فراہم کی جا سکے۔

    BBC
  11. نیپال میں سیلاب کے بعد امدادی کارروائیاں جاری اور اپنے پیاروں کے غم میں نڈھال خاندان

    Getty Images

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    نیپال میں امدادی کارکنان اور فوجی اہلکار لاپتہ افراد کی تلاش میں اپنی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔

    سیلاب سے متاثرہ علاقوں سے سامنے آنے والی تصاویر تباہی کا اندازہ لگانے کے لیے بھی ناکافی معلوم ہوتی ہیں۔

    متاثرہ علاقوں سے تعلق رکھنے والے خاندان اپنے پیاروں کی ہلاکت پر سوگ منا رہے ہیں۔

    واضح رہے کہ نیپال کی قومی ڈیزاسٹر اتھارٹی کے مطابق ملک میں تباہ کن سیلاب کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد 903 ہو گئی ہے جبکہ 4,200 افراد اب بھی لاپتہ ہیں۔

    سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی چند تازہ تصاویر

    Getty Images

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    Getty Images

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    Getty Images

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    Getty Images

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    Getty Images

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

  12. آبنائے ہرمز میں بارودی سرنگ سے ٹکرانے کے بعد تیل بردار جہاز میں آگ بھڑک اُٹھی: پاسدارانِ انقلاب کا دعویٰ

    پاسدارانِ انقلاب کی جانب سے یہ دعویٰ سامنے آیا ہے کہ ’آبنائے ہرمز کے جنوب میں ایک غیر قانونی راستے سے گزرنے کی کوشش کرنے والے ایک بڑے تیل بردار جہاز میں دو بحری بارودی سرنگوں سے ٹکرانے کے بعد آگ بھڑک اٹھی ہے۔‘

    ایرانی میڈیا پر جاری کیے گئے ایک بیان میں پاسدارانِ انقلاب نے خبردار کیا ہے کہ ’آبنائے ہرمز کے سکیورٹی ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والے بحری جہازوں کا انجام اس سے مختلف نہیں ہوگا۔‘

    تاہم یہ واضح نہیں کہ مذکورہ تیل بردار جہاز کا نام کیا تھا یا اس کا تعلق کس ملک سے تھا۔

    پاسدارانِ انقلاب نے آبنائے ہرمز سے گزرنے والے بحری جہازوں کی مالک کمپنیوں سے کہا ہے کہ ’اس آبی گزرگاہ کو استعمال کرنے کے لیے ایرانی بحریہ کی جانب سے جاری کردہ ضوابط پر عمل کرنا لازمی ہے۔‘

    پاسدارانِ انقلاب نے بحری جہازوں کی مالک کمپنیوں کو یہ بھی مشورہ دیا ہے کہ وہ امریکہ کے کہنے پر کسی دوسرے راستے سے گزرنے کی کوشش کرکے ’دھوکا نہ کھائیں‘ اور اپنے جہازوں کے سامان اور عملے کی جانوں کو بلاوجہ تباہی کے خطرے میں نہ ڈالیں۔‘

  13. نیپال میں لاپتہ ہونے والے افراد کی تعداد اور اب تک سامنے آنے والی تفصیل

    Reuters

    ،تصویر کا ذریعہReuters

    ،تصویر کا کیپشننیپالی فوج کے اہلکار دریائے نارایانی میں لاشیں تلاش کر رہے ہیں۔

    نیپال میں ریسکیو آپریشن چھٹے روز میں داخل ہونے کے ساتھ لاپتہ افراد کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔

    ملک کی نیشنل ڈیزاسٹر رسک ریڈکشن اینڈ مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق لاپتہ افراد کی تعداد 4,247 ہو گئی ہے، جو اتوار کو 2,502 تھی۔

    لاپتہ افراد میں:

    • 3,655 نیپالی شہری
    • 592 غیر ملکی شامل ہیں۔

    ان میں 933 پن بجلی منصوبوں کے کارکن جبکہ 102 نیپالی فوجی، پولیس اہلکار اور کسٹمز افسران بھی شامل ہیں۔

    ہر روز درجنوں لاشیں مل رہی ہیں اور نیپال میں تصدیق شدہ ہلاکتوں کی تعداد اب 903 ہو گئی ہے، جو اتوار کو 781 تھی۔

    تاہم چین کے سرکاری میڈیا کے مطابق تبت میں ہلاکتوں کی تعداد فی الحال 16 ہے جبکہ 546 افراد لاپتہ ہیں۔

  14. مجتبیٰ خامنہ ای کا نیا ’تحریری پیغام‘: ایرانی رہبر اعلیٰ ابھی تک منظرِ عام پر کیوں نہیں آئے؟

    Getty Images

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    ،تصویر کا کیپشنفائل فوٹو

    ایرانی سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے اسلامی ممالک، خصوصاً مشرقِ وسطیٰ اور خلیجی ممالک کے رہنماؤں پر زور دیا ہے کہ وہ امریکہ اور اسرائیل کے خلاف متحد ہوں۔ یہ اپیل انھوں نے ایک تحریری پیغام میں کی، جسے ایران کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ’ارنا‘ نے شائع کیا۔

    یہ پیغام ان امریکی اور اسرائیلی حملوں کے چھ ماہ بعد سامنے آیا ہے جن میں ان کے والد اور سابق سپریم لیڈر علی خامنہ ای ہلاک ہو گئے تھے، جبکہ مجتبیٰ خامنہ ای زخمی ہوئے تھے۔ ان کے قریبی حلقوں کے ذرائع نے رائٹرز کو بتایا تھا کہ ان کی چوٹیں شدید نوعیت کی تھیں۔

    ارنا کے مطابق، ہفتۂ وحدتِ اسلامی کے موقع پر جاری اپنے پیغام میں خامنہ ای نے کہا کہ خطے کے رہنماؤں کو ’حقیقی دشمن کو پہچاننا، اس کی سازشوں کو سمجھنا اور ان کا مقابلہ کرنا‘ چاہیے، اور ان کا اشارہ امریکہ اور اسرائیل کی جانب تھا۔

  15. بریکنگ, ایرانی فوج کا اردن کے بعد متحدہ عرب امارات میں امریکی فوجی اڈے کو نشانہ بنانے کا دعویٰ

    Getty Images

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    ،تصویر کا کیپشنفائل فوٹو

    ایرانی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ انھوں نے ایک کارروائی کے دوران ’متحدہ عرب امارات میں المنہاد ائیر بیس پر امریکی ہیلی کاپٹروں اور فوجی اہلکاروں کی موجودگی کے مقام کو نشانہ بنایا ہے۔‘

    ایرانی فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ کے مطابق ’یہ حملے گذشتہ رات امریکی فورسز کی جانب سے لارک جزیرے پر کیے گئے حملے کے جواب میں کیے گئے۔‘

    واضح رہے کہ گذشتہ رات امریکی فورسز نے لارک جزیرے پر ایران کے دو میزائل لانچرز کو نشانہ بنایا تھا، جس کے بعد پاسدارانِ انقلاب نے اعلان کیا تھا کہ اس نے جوابی کارروائی میں اردن میں دو امریکی اڈوں کو میزائلوں اور ڈرونز سے نشانہ بنایا ہے۔

    ایرانی فوج کے بیان میں آخر میں لارک جزیرے کا ذکر بھی کیا گیا ہے، جو خلیج فارس میں ایران کے اہم ترین تیل برآمدی مراکز میں سے ایک ہے اور جہاں قائم ٹرمینلز سے ملک کی خام تیل کی برآمدات کا ایک بڑا حصہ کیا جاتا ہے۔

  16. نیپال میں سیلاب سے ہلاکتوں کی تعداد 900 سے تجاوز کر گئی، 4000 سے زائد افراد تاحال لاپتہ

    Getty Images

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    نیپال کی قومی ڈیزاسٹر اتھارٹی کے مطابق ملک میں تباہ کن سیلاب کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد 903 ہو گئی ہے جبکہ 4,200 افراد اب بھی لاپتہ ہیں۔

    انڈیا کی وزارتِ خارجہ کے مطابق نیپال میں 275 انڈین شہری تاحال لاپتہ ہیں، جبکہ انڈین نژاد مزید 128 افراد بھی لاپتہ ہیں۔

    وزارت کے مطابق 403 انڈین شہری چین سے نیپال میں داخل ہوئے جبکہ مزید 500 انڈین شہری چین میں محفوظ ہیں۔ اب تک مجموعی طور پر 149 افراد کو ریسکیو کیا جا چکا ہے۔

    انڈیا نے نیپال میں امدادی کارروائیوں کے لیے اپنی مدد بھی بڑھا دی ہے۔ 19 رکنی خصوصی فرانزک ٹیم نے کھٹمنڈو میں کام شروع کر دیا ہے جو ڈی این اے نمونوں کے تجزیے اور ہلاک ہونے والوں کی شناخت میں مدد کر رہی ہے۔

    Reuters

    ،تصویر کا ذریعہReuters

    تاہم انڈیا کی ایک سرنگوں میں ریسکیو کی ماہر ٹیم چلیمے اور لانگ ٹانگ کے پن بجلی منصوبوں میں نیپالی فوج کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے۔

    ادھر اس تباہی کے بعد لاپتہ آسٹریلوی شہریوں کی سرکاری تعداد میں بھی روزانہ معمولی اضافہ ہو رہا ہے۔ آسٹریلوی حکومت نے آج بتایا ہے کہ 43 آسٹریلوی شہری لاپتہ ہیں۔

    آسٹریلیا کے نائب وزیرِ خارجہ میٹ تھیسٹلوائٹ نے اے بی سی سے گفتگو میں کہا کہ ’ہم نے ان آسٹریلوی شہریوں کو صحیح سلامت تلاش کرنے کی امید نہیں چھوڑی۔‘

    انھوں نے کہا کہ ’ہم لاپتہ آسٹریلوی شہریوں کا سراغ لگانے کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں اور چوبیس گھنٹے کام کر رہے ہیں۔‘

    دوسری جانب چین کے زیرِ انتظام تبت میں سرکاری طور پر ہلاکتوں کی تعداد 16 بتائی گئی ہے، جبکہ 546 افراد لاپتہ ہیں۔ خیال کیا جاتا ہے کہ ان میں تقریباً نصف غیر ملکی شہری ہیں۔

  17. پاسدارانِ انقلاب کا آبنائے ہرمز میں امریکی ڈرون مار گرانے کا دعویٰ

    Getty Images

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    ،تصویر کا کیپشنفائل فوٹو

    ایرانی میڈیا نے پاسدارانِ انقلاب کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ آبنائے ہرمز کے اوپر ایک امریکی ’ایم کیو-9‘ ڈرون مار گرایا گیا ہے۔

    پاسدارانِ انقلاب کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ نے مزید تفصیلات بتائے بغیر کہا ہے کہ ’ڈرون کو پاسدارانِ انقلاب کے جدید فضائی دفاعی نظام کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔‘

    فارس نیوز ایجنسی کے مطابق ڈرون خلیج فارس کے پانیوں میں گر کر تباہ ہوا ہے۔

  18. ایران جنگ کا خواہاں نہیں، مگر کسی بھی جارحیت کا فیصلہ کن جواب دے گا: ایرانی صدر

    IRNA

    ،تصویر کا ذریعہIRNA

    ،تصویر کا کیپشنایرانی صدر مسعود پزشکیان

    تہران سے کرغزستان روانہ ہونے سے قبل ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ ’اسلامی جمہوریہ جنگ کا خواہاں نہیں، تاہم کسی بھی جارحیت کے مقابلے میں خاموش نہیں بیٹھے گا اور اس کا فیصلہ کن جواب دے گا۔‘

    صدر پزشکیان نے کہا کہ ’ایران پہلے ہی دنیا کو یہ پیغام پہنچا چکا ہے۔‘ ان کا کہنا تھا کہ ’خطے میں عدم استحکام اور بدامنی کسی بھی ملک کے مفاد میں نہیں اور یہ سب کے لیے مشکلات پیدا کرے گی۔‘

    ایرانی صدر کے یہ بیانات امریکی فورسز کی جانب سے لارک جزیرے پر حملے کے ایک دون بعد سامنے آئے ہیں۔ یاد رہے کہ ایان کی جانب سے امریکی حملوں کے جواب میں ایک کارروائی کے دوران اردن میں امریکی فوجی اہداف کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔

    مسعود پزشکیان شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک روانہ ہو گئے ہیں۔

  19. پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر کے چار اضلاع میں انٹرنیٹ سروس کی جزوی بحالی کا نوٹیفیکیشن جاری, تابندہ کوکب، بی بی سی اردو، اسلام آباد

    Getty Images

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    ،تصویر کا کیپشنفائل فوٹو

    پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر کے نو منتخب وزیر اعظم بیرسٹر افتخار گیلانی کے حکم پر چار اضلاع میں مکمل جبکہ چار میں جزوی انٹرنیٹ سروس بحالی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔

    تاہم فی الحال کشیدگی کے شکار علاقوں سدھنوتی و پونچھ میں انٹرنیٹ سروسز مکمل بند رہیں گی۔ یاد رہے کہ یہ وہ علاقے ہیں جہاں مظاہرین نے دھرنا دے رکھا ہے۔

    ریاست کے محکمہ داخلہ سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق مظفرآباد، جہلم ویلی، باغ، کوٹلی میں براڈ بینڈ اور وائی فائی انٹرنیٹ سروس صرف تعلیمی اداروں (سکول، کالجز، یونیورسٹیوں) کے لیے بحال کی جائے گی۔

    ساتھ ہی تعلیمی اداروں کے سربراہان اور بینک برانچز کے ذمہ داران کو حلف نامہ جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے جن کے مطابق یقینی بنایا جائے گا کہ انٹرنیٹ کنکشن کے ریاستی مفادات اور قومی سلامتی کے خلاف استعمال نہیں ہو گا۔ ا سکے علاوہ انٹرنیٹ کنکشنز کو عوامی نظم کے خلاف استعمال کرنے کی اجازی نہیں ہوگی۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق میرپور، بھمبر، حویلی اور نیلم ویلی میں انٹرنیٹ سروس مکمل طور پر بحال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

    لیپا ویلی کو بھی مکمل سروس مل گئی جبکہ سدھنوتی،اور راولاکوٹ کی انٹرنیٹ سروس مکمل بند رکھی گئیں۔

  20. نیپال میں تعلیمی اداروں کے 200 سے زائد طلبہ لاپتہ ہیں: وزارتِ تعلیم

    Getty Images

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    ،تصویر کا کیپشنفائل فوٹو

    نیپال کی وزارتِ تعلیم کے مطابق سیلاب سے سب سے زیادہ متاثرہ تین اضلاع میں کم از کم 19 سکول متاثر ہوئے ہیں۔

    وزارت کے مطابق کم از کم نو سکول مکمل طور پر تباہ اور سات دیگر کو جزوی نقصان پہنچا ہے، جبکہ کئی تعلیمی اداروں میں اساتذہ اور طلبہ کے لاپتہ ہونے کی اطلاعات ہیں۔

    وزارتِ تعلیم و کھیل کی تازہ ترین جائزہ رپورٹ کے مطابق 200 سے زائد طلبہ لاپتہ ہیں جبکہ تقریباً 20 طلبہ سیلابی ریلے میں بہہ گئے ہیں۔

    شدید متاثر ہونے والے بیشتر سکول رسوا اور نواکوٹ اضلاع میں ہیں۔

    ان دونوں اضلاع کے کئی سکول، جہاں 2425 طلبہ زیرِ تعلیم تھے، یا تو وہ سیلابی پانی میں ڈوب گئے یا ملبے تلے دب گئے ہیں۔

    ایک سکول کی انتظامیہ میں سے ایک فرد نے بتایا کہ ’سیلاب ان کے سکول کی ایک بس بھی بہا لے گیا۔‘

    بی بی سی کی جنوبی ایشیا کی ویژول جرنلزم ٹیم نے سیٹلائٹ تصاویر کی مدد سے ان علاقوں کا نقشہ تیار کیا ہے جہاں سکول سیلاب سے متاثر ہوئے۔

    BBC
    BBC