اینڈی برنہم کی غزہ کے حوالے سے لیبر پارٹی کے مؤقف پر معذرت، اسرائیل پر سخت پابندیوں کا مطالبہ
برطانیہ کے ممکنہ اگلے وزیرِاعظم سمجھے جانے والے اینڈی برنہم نے غزہ میں اسرائیلی اقدامات پر برطانیہ کی حکمران لیبر پارٹی کے ابتدائی مؤقف پر معذرت کی ہے۔
اینڈی برنہم نے سوشل میڈیا پر جاری کیے گئے ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ اس معاملے میں ان کی جماعت سے غلطی ہوئی تھی۔
غزہ جنگ کے ابتدائی ہفتوں کے دوران برطانوی وزیرِاعظم کیئر سٹارمر نے کہا تھا کہ اسرائیل کو ’غزہ کی پانی اور بجلی کی فراہمی بند کرنے کا حق حاصل ہے‘۔ ان کے اس بیان پر شدید تنقید کی گئی تھی۔
بعد میں سٹارمر نے وضاحت کی کہ ان کی مراد یہ تھی کہ اسرائیل کو اپنے دفاع کا حق حاصل ہے۔
اینڈی برنہم بھی برطانیہ کی لیبر پارٹی سے تعلق رکھتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ اگر وہ قیادت سنبھالتے ہیں تو برطانیہ کا مؤقف اس معاملے پر کہیں زیادہ سخت ہوگا۔
انھوں نے اسرائیل پر مزید دباؤ ڈالنے کا مطالبہ کیا، جس میں اسرائیلی کابینہ کے انتہائی دائیں بازو کے وزرا پر پابندیاں عائد کرنے کی تجویز بھی شامل ہے۔
اینڈی برنہم نے مغربی کنارے میں اسرائیلی یہودی بستیوں کے رہائشیوں کے ساتھ تجارتی روابط پر پابندی عائد کرنے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔