آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے

مجھے مرکزی ویب سائٹ یا ورژن پر لے جائیں

کم ڈیٹا استعمال کرنے والے ورژن کے بارے میں مزید جانیں

لائیو, کویت پر حملوں میں ایک شخص ہلاک، متعدد زخمی: ’کویت اور بحرین پر براہِ راست اور واضح ذمہ داری عائد ہوتی ہے‘، ایران

کویت کی وزارت دفاع نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’ایرانی جارحیت کے نتیجے میں آج کویت کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کے ٹرمینل ون کو متعدد ڈرونز نے نشانہ بنایا‘ جس سے ایئرپورٹ کی عمارت کو کافی نقصان پہنچا اور ایک شخص ہلاک ہوا۔ دوسری جانب بحرین کی فوج نے بھی ’ایرانی حملوں کی کوششوں کو ناکام‘ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔

خلاصہ

  • کویت کی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ ایرانی ڈرون حملوں میں بین الاقوامی ایئرپورٹ کی عمارت کو کافی نقصان پہنچا ہے جس کے بعد فضائی آپریشنز معطل کر دیے گئے جبکہ ان حملوں میں متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں
  • بحرین کی فوج نے بھی 'ایرانی حملوں کی کوششوں کو ناکام' بنانے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ میزائلوں اور ڈرونز کے ذریعے کیے گئے حملوں کا ہدف مملکت کی شہری تنصیبات تھیں
  • امریکی سینٹرل کمانڈ کا کہنا ہے کہ امریکہ نے ایرانی بیلسٹک میزائلوں اور ڈرونز کو ناکام بناتے ہوئے ایران کے جزیرہ قشم پر اہداف کے خلاف اپنے دفاع میں حملے کیے ہیں جبکہ ایران کی پاسداران انقلاب نے اپنے بیان میں امریکی بحریہ کے پانچویں بیڑے کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے
  • صدر ٹرمپ نے کہا ہے کہ ’ایران اور امریکہ کے درمیان مذاکرات مسلسل جاری ہیں اور اب وقت آ گیا ہے کہ کسی نہ کسی طریقے سے معاہدہ کیا جائے‘

لائیو کوریج

  1. اسلام آباد میں بازار اور دکانیں بند کرنے کے اوقات میں توسیع

    اسلام آباد میں ضلعی انتظامیہ نے حکومتی فیصلے پر بازار اور دکانیں بند کرنے کے اوقات کار میں توسیع کے حوالے سے نیا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق اب دکانیں، بازار، شاپنگ مالز اور عمومی ریٹیل کاروبار رات 9 بجے تک کھلے رہیں گے، جبکہ ریستوران اور کھانے پینے کے مراکز رات 11 بجے تک کھلے رہیں گے۔

    ٹیک اوے اور ڈلیوری سروسز ان اوقات سے مستثنیٰ ہوں گی، جبکہ شادی ہال اور تقریبات کے مقامات رات 10 بجے تک ہی کھلیں گے۔

    فارمیسیز، جمز، اسپتال، پٹرول پمپس، آئی ٹی اور ٹیلی کام سے متعلق ادارے ان اوقات سے مستثنیٰ قرار دیے گیے ہیں۔

  2. امریکہ اور ایران کے ایک دوسرے کے اہداف پر حملے: اب تک ہم کیا جانتے ہیں؟

    سیز فائر کے باوجود ایران اور امریکہ نے منگل اور بدھ کی درمیانی شب ایک، دوسرے کے اہداف کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔

    • پاکستانی وقت کے مطابق بدھ کی صبح تین بجے کے قریب کویتی وزارت دفاع نے آگاہ کیا کہ اُن کا فضائی دفاع کا نظام ’دشمن کی جانب سے کیے گئے میزائل اور ڈرون حملوں کا جواب دے رہا ہے۔‘ بعدازاں کویتی وزارت خارجہ نے دعویٰ کیا کہ ایران کی جانب سے داغے گئے بیلسٹک اور ڈرون حملوں کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوئے ہیں۔ وزارت کے مطابق اس حملے میں کویت کے بین الاقوامی ایئرپورٹ کو بھی نقصان پہنچا جس کے بعد فضائی آپریشنز معطل کر دیے گئے۔ کویت نے ان حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ وہ جواب دینے کا حق محفوظ رکھتے ہیں
    • پاکستانی وقت کے مطابق تقریباً صبح چار بجے بحرین کی وزارت داخلہ کی جانب سے بھی آگاہ کیا گیا کہ میزائل اور ڈرون حملے کے بعد ملک کا فضائی دفاع کا نظام فعال کر دیا گیا ہے۔ بحرین نے ان حملوں کی مذمت کرتے ہوئے اپنے شہریوں سے درخواست کی وہ پرسکون رہیں، قریب ترین محفوظ مقام کی طرف جائیں اور سرکاری چینلز کے ذریعے دی جانے والی اطلاعات پر نظر رکھیں۔
    • کویت اور بحرین کی جانب سے یہ اطلاعات سامنے آنے کے بعد ایران نے یہ حملے کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ’امریکی اڈوں اور ہیلی کاپٹروں کو میزائلوں اور ڈرونز سے نشانہ بنانا جوابی کارروائی کے طور پر تھا‘۔ ایران نے دعویٰ کیا کہ وہ آبنائے ہرمز میں اپنے ایرانی آئل ٹینکر پر حملے اور جزیرہ قشم میں ٹیلی کمیونیکیشن سسٹم کو نشانہ بنائے جانے کی شدید مذمت کرتے ہیں ’جن کی منصوبہ بندی اور اس حوالے سے کی جانے والی کارروائی خطے کے دو ممالک سے کی گئی۔‘ ایران نے مزید کہا کہ’کویت اور بحرین کی قیادت پر براہِ راست اور واضح ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔‘
    • اس سے قبل امریکی سینٹرل کمانڈ نے اپنے بیان میں کہا کہ اس نے ایرانی بیلسٹک میزائلوں اور ڈرونز کی متعدد کوششوں کو ناکام بناتے ہوئے انھیں تباہ کر دیا اور ایرانی جزیرہ قشم پر اہداف کے خلاف اپنے دفاع میں حملے کیے ہیں، جنھیں اس نے ’خطے میں ایرانی حملوں کی کوششوں‘ کے ردعمل کے طور پر بیان کیا تھا۔
    • ایرانی جزیرہ قشم پر حملے کے بعد ایران کی پاسداران انقلاب نے اپنے بیان میں امریکی بحریہ کے پانچویں بیڑے کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا تھا۔
  3. مہاجرین کی نشستیں: جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی نے آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت سے انکار کر دیا, شہزاد ملک، بی بی سی نیوز اردو

    پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر میں مہاجرین کی 12 نشستوں کے معاملے پر بلائی جانے والی آل پارٹیز کانفرنس میں وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور کی جانب سے جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کو بھی شرکت دعوت دی گئ تھی، تاہم ایکشن کمیٹی نے اس کانفرنس میں شرکت کرنے سے انکار کردیا ہے۔

    اس ضمن میں جموں کشمیر جوئنٹ عوامی ایکشن کمیٹی نے اپنا تحریری جواب پیش کر دیا ہے۔ ایکشن کمیٹی کے کور رکن شوکت نواز میر کی جانب سے پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے وزیر اعظم کو لکھے گئے اس خط میں کہا گیا ہے کہ اس مرحلے پر نا انصافی، بنیادی حقوق کی پامالی اور عدم مساوات پر مبنی ڈھانچے سے مستفید ہونے والوں سے مشاورت استحصال کے شکار عام آدمی کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہے۔

    خط میں مزید لکھا گیا ہے کہ جموں کشمیر جو ائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی اس اجلاس میں عدم شرکت کے اپنے فیصلے پر قائم ہے۔

    شوکت میر کا کہنا تھا کہ انھیں امید ہے کہ آپ سمیت دیگر ذمہ داران 4 اکتوبر 2025ء کے معاہدے پر مکمل عملدرآمد کیلئے کسی سنجیدہ اور نتیجہ خیز کوشش کی جانب بڑھیں گے۔

    دوسری جانب آل پارٹیز کانفرنس جاری ہے، جس میں پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر کے چار سابق وزرائے اعظم، موجودہ وزیراعظم اور قانون ساز اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر کے علاوہ دیگر جماعتوں کے سربراہان یا ان کے نمائندے بھی شامل ہیں۔

  4. جبری مشقت کے خدشات: امریکہ نے پاکستان سمیت 60 ممالک پر نیا ٹیرف عائد کر دیا

    امریکہ نے پاکستان اور انڈیا سمیت درجنوں ممالک پر 10 سے 12.5 فیصد تک نئے ٹیرف عائد کرنے کا اعلان کیا ہے، اس تشویش کے باعث کہ یہ ممالک جبری مشقت کے خلاف مؤثر اقدامات نہیں کر رہے۔

    یہ دوسرا موقع ہے جب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے فروری میں امریکی سپریم کورٹ کی جانب سے ان کے کئی سابقہ محصولات کی منسوخی کے بعد نئے درآمدی ٹیکسز کا اعلان کیا ہے۔

    فہرست میں شامل 60 تجارتی شراکت دار، جن میں برطانیہ، یورپی یونین، کینیڈا، پاکستان، انڈیا اور جاپان شامل ہیں، امریکہ کو فروخت ہونے والی تقریباً تمام اشیا ہی برآمد کرتے ہیں۔

    امریکی محکمۂ تجارت کا کہنا ہے کہ ان ممالک پر ٹیرف اس لیے عائد کیے جائیں گے کیونکہ وہ جبری مشقت کے ذریعے تیار کی گئی اشیا کی درآمد کو روکنے میں ناکام رہے ہیں۔

    ناقدین کا کہنا ہے کہ ٹرمپ کی ٹیرف پالیسی امریکہ اور دیگر ممالک میں قیمتوں میں اضافے کا سبب بنی ہے۔

    امریکی حکومت کا مؤقف ہے کہ ایسے ممالک کے ساتھ تجارت کرنا جو جبری مشقت سے بنی اشیا خریدتے ہیں امریکہ کے ساتھ ناانصافی ہے۔

    امریکی نمائندہ برائے تجارت جیمیسن گریئر نے کہا کہ اس سے ’ایسی صورتِ حال پیدا ہوتی ہے جس میں امریکی کارکنوں کو عالمی سطح پر غیر مساوی مسابقت کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔‘

    ٹیرف کا یہ فیصلہ ان تحقیقات کے بعد سامنے آیا جو امریکہ نے مارچ میں جبری مشقت کے خدشات کے پیشِ نظر ان 60 تجارتی شراکت داروں کے خلاف شروع کی تھی، جہاں سے مجموعی طور پر 99.4 درآمدات آتی ہیں۔

    اپنی تحقیقات کے بعد امریکی محکمۂ تجارت نے منگل کو کہا کہ تمام 60 ممالک ’نہ تو جبری مشقت سے مکمل یا جزوی طور پر تیار ہونے والی اشیا کی درآمد پر قانونی پابندی عائد کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں اور نہ ہی ایسی پابندی کو مؤثر طریقے سے نافذ کر سکے ہیں۔‘

  5. موٹروے گینگ ریپ کیس: لاہور ہائیکورٹ نے مجرموں کی اپیلیں خارج کر دیں

    پاکستان میں لاہور ہائیکورٹ نے موٹروے گینگ ریپ کیس میں سزا کے خلاف دائر اپیلیں خارج کرتے ہوئے مرکزی مجرموں عابد ملہی اور شفقت بگا کی سزائیں برقرار رکھی ہیں

    جسٹس سید شہباز علی رضوی کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے دونوں مجرموں کو سنائی گئی سزائے موت برقرار رکھی ہے۔

    استغاثہ کی جانب سے راحیلہ شاہد نے عدالت میں دلائل دیے تھے۔

    یاد رہے کہ انسدادِ دہشت گردی کی عدالت نے 20 مارچ 2021 کو دونوں مجرموں کو سزائے موت سنائی تھی۔ انھیں ریپ کا جرم ثابت ہونے پر سزائے موت، یرغمال بنانے کے جرم میں عمر قید اور ڈکیتی کے جرم میں 14 سال کی قید سنائی گئی تھی۔

    2020 میں لاہور کے قریب موٹر وے پر رات کے وقت ڈکیتی کے بعد بچوں کے سامنے خاتون کا ریپ کیا تھا۔ پولیس نے پہلے ایک ملزم شفقت کو گرفتار کیا اور پھر دوسرے ملزم کی گرفتاری ہوئی۔

  6. ایرانی بیلسٹک میزائل اور ڈرون حملے میں ایک شخص ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوئے: کویت

    کویت کی وزارتِ خارجہ نے ایران پر بیلسٹک میزائلوں اور ڈرونز کے ذریعے ’وحشیانہ اور مسلسل حملوں‘ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوئے ہیں۔

    کویتی وزارت خارجہ کے مطابق تازہ حملوں کا آغام بدھ کی علی الصبح ہوا ’جس میں ایک بار پھر سول اور اہم تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا، جن میں کویت انٹرنیشنل ایئرپورٹ بھی شامل ہے۔‘

    بیان کے مطابق ان حملوں کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک جبکہ متعدد افراد زخمی ہوئے اور اہم تنصیبات بشمول سفارتی مشنز کو بھی نقصان پہنچا۔

    وزارتِ خارجہ نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ ’کویت ایران کے کھلے اور جارحانہ حملوں کو قطعی طور پر مسترد کرتی ہے، کیونکہ یہ اقدامات خطے میں کشیدگی اور تناؤ میں اضافہ کرتے ہیں اور علاقائی امن و استحکام کو نقصان پہنچاتے ہیں۔‘

    بیان میں کہا گیا کہ یہ حملے بین الاقوامی قانون، اقوام متحدہ کے چارٹر اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کی صریح خلاف ورزی ہیں۔

    بیان میں مزید زور دیا گیا کہ کویت کی سلامتی، خودمختاری اور اس کی سرزمین پر موجود شہریوں اور رہائشیوں کا تحفظ ایک ’ریڈ لائن‘ ہے جسے کسی صورت عبور نہیں کیا جانا چاہیے۔ وزارت نے خبردار کیا کہ اس نوعیت کے مسلسل حملے ایک منظم جارحانہ طرزِعمل کی عکاسی کرتے ہیں، جسے کویت نہ تو قبول کرے گا اور نہ ہی برداشت کرے گا۔

    وزارت خارجہ نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ کویت کو بین الاقوامی قوانین کے تحت ایران کی اس ’جارحیت‘ کا جواب دینے اور مناسب اقدامات کرنے کا مکمل اور بنیادی حق حاصل ہے۔

  7. ایران: ’کویت اور بحرین کی قیادت پر براہِ راست اور واضح ذمہ داری عائد ہوتی ہے‘

    ایران کی وزارتِ خارجہ نے اپنے ایک بیان میں آبنائے ہرمز میں ایک ایرانی آئل ٹینکر پر حملے اور جزیرہ قشم میں ٹیلی کمیونیکیشن سسٹم کو نشانہ بنائے جانے کی شدید مذمت کی ہے۔

    بیان کے مطابق یہ حملے بدھ کو علی الصبح کیے گئے، ’جن کی منصوبہ بندی اور کی جانے والی کارروائی خطے کے دو ممالک سے کی گئی۔‘

    ایرانی وزارتِ خارجہ نے ان کارروائیوں کو 10 اپریل کو طے پانے والے جنگ بندی معاہدے کی صریح خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس حوالے سے ’کویت اور بحرین کی قیادت پر براہِ راست اور واضح ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔‘

    بیان میں مزید کہا گیا کہ ’کوئی بھی ملک جو جارح عناصر کو اپنی سرزمین، سمندری حدود، فضائی حدود یا اپنے علاقوں میں واقع اڈوں کے استعمال کی اجازت دے گا، تاکہ ایران پر حملہ کیا جا سکے، اسے ایران کے خلاف جارحیت کے مترادف سمجھا جائے گا۔‘

    ایرانی وزارتِ خارجہ نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ایران کو ان حملوں کے ردعمل میں ’اصل مقام (یعنی جہاں سے حملے کیے گئے) کو نشانہ بنانے‘ کا حق حاصل ہے۔

    یاد رہے کہ ایران میں ہوئے ان حملوں کے ردعمل میں مبینہ طور پر ایران کی جانب سے کویت اور بحرین کی جانب میزائل اور ڈرون داغے گئے تھے۔

    کویت کی وزارت دفاع نے کہا تھا کہ ایک حملے کے نتیجے میں ملک کے بین الاقوامی ایئرپورٹ کی عمارت کو نقصان پہنچا اور چند افراد زخمی بھی ہوئے۔ اس حملے کے بعد کویت کی جانب سے فضائی آپریشنز عارضی طور پر معطل کیے گئے تھے۔

    دوسری جانب بحرین کی فوج نے بھی میزائل اور ڈرون حملوں کو پسپا کرنے کا اعلان کیا تھا۔

  8. صوبہ سندھ میں یومیہ دو ہزار بیرل خام تیل کی پیداوار کرنے والے نئے ذخیرے کی دریافت کا اعلان, تنویر ملک، صحافی

    آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی (او جی ڈی سی ) نے سندھ کے ضلع سانگھڑ میں واقع بوبی اور دھمراکی مائننگ لیز کے ’بوبی ڈیپ-1‘ کنویں سے تیل اور گیس کی نئی دریافت کا اعلان کیا ہے۔

    کمپنی کے مطابق، بوبی اور دھمراکی مائننگ لیز میں 100 فیصد حصہ رکھنے والی او جی ڈی سی ایل نے ’بوبی ڈیپ-1‘ سے ہائیڈروکاربن کے ذخائر دریافت کیے ہیں۔

    اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اس حوالے سے متعلقہ ٹیسٹوں کے دوران یومیہ 2,000 بیرل خام تیل اور 1.1 ملین معیاری مکعب فٹ گیس حاصل ہوئی ہے۔اعلامیے کے مطابق ٹیسٹ کے وقت ویل ہیڈ فلوئنگ پریشر 1,050 پی ایس آئی ریکارڈ کیا گیا۔

    او جی ڈی سی کے مطابق کنواں 3,305 میٹر کی گہرائی تک سیمبر فارمیشن میں کمپنی کی اپنی تکنیکی اور آپریشنل صلاحیتوں کے ذریعے کھودا گیا ہے۔

    کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ دریافت بوبی اور دھمراکی مائننگ لیز میں ایک اہم سنگِ میل کی حیثیت رکھتی ہے۔

    اعلامیے کے مطابق، اس دریافت سے ملک کی توانائی ضروریات پوری کرنے میں مقامی وسائل کے استعمال کو فروغ ملے گا جبکہ او جی ڈی سی کے ذخائر اور قومی سطح پر ہائیڈروکاربن وسائل میں بھی اضافہ ہو گا۔

    تیل و گیس شعبے کے ماہر فرحان محمود نے بی بی سی کو بتایا کہ موجودہ مالی سال میں پاکستان میں تیل کی دریافت کے اعداد و شمار کے مطابق 24000 بیرل خام تیل کی دریافت ہوئی ہے۔

    انھوں نے کہا تاہم یہ لازمی نہیں کہ جتنی تیل و گیس کی دریافت کا اعلان کیا جائے وہاں پیداوار بھی شروع ہو جائے، جس کی مثال موجودہ مالی سال میں 24000 بیرل میں سے صرف 2000 تک کی اب تک پیدوار کا حاصل ہونا ہے۔

    انھوں نے کہا کہ توانائی شعبے کے گردشی قرضوں، سیکورٹی صورتحال اور سسٹم میں درآمدی ایل این جی کی وجہ سے تیل و گیس کی مقامی پیداوار نہیں ہو رہی تھی۔

    فرحان نے بتایا کہ ملک کی مجموعی یومیہ 350000 بیرل خام تیل کی ضرورت ہے جب کہ مقامی طور پر صرف 70000 بیرل خام تیل روزا نہ حاصل ہوتا ہے۔

  9. کوئٹہ سمیت بلوچستان کے اکثر علاقوں میں پیٹرول کی شدید قلت, محمد کاظم، بی بی سی اردو، کوئٹہ

    کوئٹہ سمیت بلوچستان کے اکثر علاقوں میں پیٹرول کی شدید قلت پیدا ہو گئی ہے۔ مختلف علاقوں میں نہ صرف سستا ملنے والا ایرانی پیٹرول نایاب ہو گیا ہے بلکہ جہاں دستیاب ہے وہاں اس کی قیمت پاکستانی آئل کمپنیوں کے پیٹرول سے بھی زیادہ ہے۔

    پاکستانی آئل کمپنیوں کی سہولت نہ ہونے کی وجہ سے بلوچستان کے اکثر علاقوں میں ایرانی تیل فروخت ہوتا ہے۔

    عید سے قبل کوئٹہ میں ایرانی پیٹرول 280 روپے فی لیٹر میں دستیاب تھا لیکن عید سے تین چار روز پہلے اس کی فی لیٹر قیمت 380 روپے تک پہنچ گئی۔ اور اب یہ اس نرخ پر بھی دستیاب نہیں ہے۔

    ریلوے کالونی کوئٹہ کے ایک رہائشی بسم اللہ بلوچ نے بتایا کہ ایرانی پیٹرول اس وقت کوئٹہ میں 400 روپے فی لیٹر سے زائد میں فروخت ہورہا ہے۔

    ایک جانب ایرانی پیٹرول مہنگا ہو گیا ہے دوسری جانب پاکستانی آئل کمپنیوں کے پیٹرول پمپس پر پیٹرول دستیاب ہی نہیں، جس کی وجہ سے لوگوں کو پریشانی اور مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

    سرکاری حکام کا کہنا ہے کہ ڈپٹی کمشنر کوئٹہ نے شہر میں تیل کی قلت کا نوٹس لیا ہے اور زیادہ قیمت پر تیل فروخت کرنے والے منی پیٹرول پمپس کے خلاف کارروائی کرکے گرفتاریاں کی گئی ہیں۔

    ایرانی سرحد سے تقریباً 25 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ماشکیل شہر کے تاجر رہنما میر کبیر احمد ریکی نے بتایا کہ قلت کے باعث وہاں ایرانی پیٹرول 500 روپے فی لیٹر سے بھی زیادہ قیمت پر فروخت ہو رہا ہے۔

    انھوں نے بتایا کہ ماشکیل میں ایران آمد و رفت کے کراسنگ پوائنٹ سے صرف ایرانی ڈیزل لانے کی اجازت ہے، جبکہ پیٹرول کی ترسیل پنجگور کے چیدگی کراسنگ پوائنٹ اور چاغی کے راغے کراسنگ پوائنٹ سے ہوتی ہے۔ ان کے مطابق عید کی تعطیلات کے باعث بارڈر بند ہونے سے پیٹرول کی سپلائی متاثر ہوئی، جس کے نتیجے میں قلت پیدا ہو گئی ہے۔

    اگرچہ ایران سے ملحق اضلاع کیچ اور گوادر میں ایرانی پیٹرول کی قیمتیں دیگر علاقوں کے مقابلے میں کم ہیں، تاہم قلت کے باعث وہاں بھی نرخ پہلے کے مقابلے میں زیادہ ہو گئے ہیں۔

    ضلع کیچ کے صدر مقام تربت میں تیل کے کاروبار سے وابستہ وارث رند نے بتایا کہ تربت میں ایرانی پیٹرول 340 روپے فی لیٹر میں دستیاب ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ گذشتہ دو برسوں سے ضلع کیچ میں ایران سے پیٹرول نہیں بلکہ صرف ڈیزل آ رہا ہے، اور پیٹرول کے لیے انحصار گوادر پر ہے۔ چونکہ کنٹانی بارڈر سے سپلائی بند ہے اور دیگر راستوں سے آنے والی مقدار محدود ہے، اس لیے طلب پوری نہیں ہو رہی۔

    گوادر میں منگل کے روز ایرانی پیٹرول 260 سے 270 روپے فی لیٹر میں دستیاب تھا۔ گوادر میں تیل کے کاروبار سے وابستہ ایک تاجر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ کنٹانی بارڈر سے عید سے قبل بعض وجوہات کی بنا پر تیل کی ترسیل روک دی گئی تھی۔

    انھوں نے مزید کہا کہ دیگر راستوں سے آنے والا تیل صرف گوادر کی ضروریات پوری کرتا ہے، یہی وجہ ہے کہ کیچ اور دیگر اضلاع میں پیٹرول کی سپلائی متاثر ہونے سے قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔

  10. علیمہ خان کی تجویز کے بعد خیبرپختونخوا میں صوبائی بجٹ سے متعلق خدشات: ’ہمارے پاس 29 جون تک کا وقت ہے‘, عزیز اللہ خان، بی بی سی اردوڈاٹ کام، پشاور

    خیبرپختونخوا حکومت کے مشیر خزانہ مزمل اسلام کا کہنا ہے کہ صوبائی بجٹ تیار ہے تاہم اس کو پیش کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی کریں گے اور جب اُن کی جانب سے اس ضمن میں ہدایت ملے گی تو بجٹ پیش کر دیا جائے گا۔

    یاد رہے کہ سابق وزیر اعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی بہن علیمہ خان کی جانب سے دیے گئے ایک حالیہ بیان کے بعد خیبر پختونخوا میں سالانہ بجٹ پیش کرنے یا نہ کرنے سے متعلق بحث کا آغاز ہوا ہے۔

    علیمہ خان کی جانب سے مطالبات کی منظوری تک وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی کو صوبائی بجٹ پیش نہ کرنے کی تجویز دی گئی تھی جبکہ سہیل آفریدی نے بھی بجٹ پیش کرنے سے قبل عمران خان سے ملاقات کا مطالبہ کر رکھا ہے۔

    وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی نے وفاقی بجٹ پیش کیے جانے کے دن بھی اسلام آباد میں پارلیمان کے سامنے احتجاج کا اعلان کر رکھا ہے۔ تاہم صوبائی حکومت کے مشیر خزانہ مزمل اسلام نے بی بی سی کو بتایا کہ بجٹ پیش کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ وزیر اعلی کریں گے۔

    مزمل اسلم نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ اگرچہ وفاقی حکومت کی جانب سے خیبر پختونخوا کو اس کے حصے کی رقم ادا نہیں کی جا رہی، لیکن اس کے باوجود صوبائی حکومت اپنا بجٹ پیش کرنے کی پوزیشن میں ہے۔

    سہیل آفریدی نے گذشتہ روز کہا تھا کہ ان کی اور صوبائی مشیر خزانہ کی عمران خان سے ملاقات کروائی جائے تاکہ وہ بجٹ کے بارے میں عمران خان کی رائے لے سکیں۔

    اُن کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کے عوام نے عمران خان کو مینڈیٹ دیا ہے اور صوبے میں قائم حکومت بھی انہی کے اعتماد کی بنیاد پر قائم ہے، لہٰذا آئندہ مالی سال کے بجٹ سے متعلق دستاویزات اُن کے ساتھ شیئر کرنا اور ان کی رہنمائی حاصل کرنا ضروری ہے۔

    انھوں نے کہا کہ اس مقصد کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ سے بھی رجوع کیا جائے گا اور باقاعدہ پٹیشن دائر کی جائے گی۔

    اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے مزید کہا تھا کہ ’اگر ہمیں مزید دیوار سے لگانے کی کوشش کی گئی اور عمران خان سے ملاقات کا حق مسلسل سلب کیا جاتا رہا، تو 10 جون کو قومی اسمبلی کے سامنے دھرنا دیں گے اور وفاقی بجٹ بھی پاس نہیں ہونے دیا جائے گا۔‘

    س بارے میں جب پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی جنرل سیکرٹری اور سابق وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی سے رابطہ قائم کیا تو ان کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت وقت پر بجٹ پیش کرے گی۔ ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ علیمہ خان کی جانب سے ایک تجویز پیش کی گئی ہے جس پر غور کیا جا سکتا ہے۔

    انھوں نے کہا کہ وزیر اعلی کی کوشش ہے کہ وہ بجٹ کے بارے میں عمران خان سے ملاقات کریں تاکہ ان سے مشاورت کے بعد بجٹ پیش کیا جائے اور اس کے لیے وزیر اعلی کوششیں کر رہے ہیں۔

    جب اُن سے پوچھا گیا کہ اگر صوبائی اسمبلی بجٹ پیش کرنے میں تاخیر سے کام لیتی ہے تو اس کے کیا اثرات ہو سکتے ہیں؟ اس پر شوکت یوسفزئی نے کہا کہ اگر 30 جون تک بجٹ پیش نہ کیا گیا تو اس کے بعد مالیاتی بل پیش کیا جاتا ہے اور اس میں پھر مسائل پیدا ہو سکتے ہیں اور اس میں پھر وزیر اعلی کو اعتماد کا ووٹ حاصل کرنا ہوتا ہے یا عدم اعتماد اور گورنر راج کے امکانات ہو سکتے ہیں اور اس میں عدم اعتماد کے سلسلے میں حزب اختلاف بھی اپنا کردار ادا کر سکتی ہے۔

    انھوں نے کہا کہ انھیں معاملات کو مدنظر رکھتے ہوئے بجٹ ضرور پیش کیا جائے گا اور اس ضمن میں ’ہمارے پاس 29 جون تک کا وقت ہے۔‘

    انھوں نے کہا کہ یہ بات واضح ہے کہ وفاقی حکومت سے اپنے حقوق کے حصول کے لیے پوری جدوجہد ضرور کی جائے گیگ

    یاد رہے کہ مالی سال 2024-25 میں خیبرپختونخوا حکومت نے ملک کی تاریخ میں پہلی بار وفاقی بجٹ سے پہلے اپنا صوبائی بجٹ پیش کیا تھا جو باقاعدہ طریقے سے منظور بھی ہوا تھا۔ تاہم مالی سال 2025-26 میں صورتحال بالکل مختلف رہی۔

    وزیر خزانہ آفتاب عالم نے 13 جون 2025 کو 2,119 ارب روپے کا بجٹ اسمبلی میں پیش تو کیا تھا، لیکن وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے حکومتی اراکین کو مطالبات زر پر ووٹنگ سے روک دیا اور واضح کیا کہ بانی چیئرمین عمران خان سے مشاورت کے بغیر بجٹ منظور نہیں کیا جائے گا۔

    اس کشمکش کے نتیجے میں بجٹ کی منظوری کا عمل کئی روز تک مؤخر رہا اور آخرکار 24 جون کی درمیانی رات کو آئینی بحران سے بچنے کے لیے بجٹ منظور کیا گیا تھا، جبکہ اپوزیشن نے کٹوتی کی تحاریک نہ لیے جانے پر کارروائی کا بائیکاٹ کیا تھا۔

    وزیراعلیٰ گنڈاپور نے بعد ازاں اعتراف کیا کہ بجٹ کی منظوری میں تاخیر صوبے میں گورنر راج کا پیش خیمہ بن سکتی تھی، اس لیے آئینی ذمہ داری نبھاتے ہوئے بجٹ پاس کیا گیا۔

  11. بریکنگ, کویت میں ایرانی حملوں میں متعدد افراد زخمی، فضائی آپریشن معطل

    کویت کی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ملک میں فضائی ٹریفک اور پروازوں کو عارضی طور پر معطل کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

    حکام کے مطابق یہ فیصلہ اس وقت کیا گیا جب ٹرمینل ون ایرانی حملوں کی زد میں آیا جس کے نتیجے میں بعض افراد زخمی ہوئے جبکہ ہوائی اڈے کے انفراسٹرکچر کو بھی نقصان پہنچا۔

    بیان میں کہا گیا ہے کہ مسافروں کے تحفظ کو مدنظر رکھتے ہوئے متعدد پروازوں کو متبادل ہوائی اڈوں کی جانب منتقل کیا جا رہا ہے۔

    کویتی حکام کا کہنا ہے کہ صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور سکیورٹی اقدامات کو مزید سخت کر دیا گیا ہے تاکہ شہریوں اور مسافروں کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔

    کویت کی وزارت دفاع کے سرکاری ترجمان کرنل سعود عبدالعزیز العطوان نے بتایا کہ ایرانی جارحیت کے نتیجے میں آج کویت کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کے ٹرمینل 1 کو متعدد ڈرونز نے نشانہ بنایا۔

    بیان کے مطابق ان حملوں میں کویت کے ہوائی اڈے کی عمارت کو کافی نقصان پہنچا اور متعدد افراد زخمی ہوئے جنھیں ضروری طبی امداد فراہم کی گئی۔

    انھوں نے تصدیق کی کہ مسلح افواج متعلقہ حکام کے ساتھ مل کر صورتحال کی نگرانی کر رہی ہیں اور کسی بھی پیش رفت سے نمٹنے اور ملک کی سلامتی اور استحکام کو برقرار رکھنے کے لیے تمام ضروری اقدامات اٹھانے کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔

  12. بریکنگ, بحرین کی فوج کا ایرانی حملوں کی کوشش ناکام بنانے کا دعویٰ

    بحرین کی دفاعی فورس کی جنرل کمان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ایران کی جانب سے میزائلوں اور ڈرون طیاروں کے ذریعے حملوں کا ہدف مملکت میں شہری تنصیبات تھیں۔

    بیان میں کہا گیا ہے کہ بحرینی فضائی دفاعی نظام نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے تین میزائل اور متعدد ڈرون طیاروں کو تباہ کر دیا ہے۔

    بحرین کی فوج کے مطابق تمام دفاعی یونٹس مکمل طور پر تیار ہیں اور ملک کے دفاع کے لیے ہر وقت چوکس ہیں۔

    حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ احتیاط کریں، کسی نامعلوم یا مشتبہ چیز کے قریب نہ جائیں اور مشتبہ شے کے نظر آنے کی صورت میں فوری طور پر متعلقہ اداروں کو اطلاع دیں۔

    بیان میں کہا گیا ہے کہ بم ڈسپوزل یونٹس مکمل طور پر متحرک ہیں اور عوامی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں۔

    بحرینی حکام نے مزید کہا کہ شہری علاقوں اور نجی املاک کو نشانہ بنانا بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔

  13. روس کے زیرِ قبضہ یوکرین کے علاقے میں بس پر ڈرون حملہ، سات افراد ہلاک

    روس کے زیرِ کنٹرول یوکرین کے علاقے میں مسافر بس پر ہونے والے ایک ڈرون حملے میں سات افراد ہلاک جبکہ 11 زخمی ہو گئے ہیں۔

    یوکرین کے مشرقی علاقےڈونیٹسک میں کریملن کی حمایت سے تعینات رہنما ڈینس پوشیلین نے بتایا ہے کہ کہ یہ بس بدھ کی علی الصبح اس وقت نشانہ بنی جب وہ ماسکو اور روس کے زیرِ قبضہ کریمیا کے شہر سمفروپول کے درمیان موجود تھی۔

    روسی حکام کے مطابق رات بھر میں 350 سے زیادہ ڈرونز کو مار گرایا گیا۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز یوکرین کے مختلف شہروں پر روسی بڑے حملے میں کم از کم 22 افراد ہلاک ہو گئے تھے، جن میں متعدد خواتین اور بچے بھی شامل تھے۔

    اس حملے کے اگلے ہی روز بس پر ڈرون حملہ کیا گیا ہے۔

    اس علاقے کے گورنر الیگزینڈر دروزدینکو کے مطابق ماسکو کے شمال مغرب میں واقع لینن گراڈ کے علاقے کے اوپر کم از کم 50 ڈرونز کو مار گرایا گیا۔

    یاد رہے کہ اسی علاقے میں سینٹ پیٹرزبرگ شہر بھی شامل ہے، جہاں بدھ سے سالانہ انٹرنیشنل اکنامک فورم کا انعقاد کیا جا رہا ہے، جس کا مقصد روس کو عالمی سطح پر پیش کرنا ہے۔

    منتظمین کے مطابق اس فورم میں 130 سے زیادہ ممالک اور خطوں کے وفود شرکت کریں گے۔

  14. خیبرپختونخواہ میں بارش کے دوران حادثات میں دو افراد ہلاک 31 زخمی، این ڈی ایم اے کا پہاڑی علاقوں میں ممکنہ لینڈ سلائیڈنگ کا الرٹ جاری

    پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد سمیت صوبہ خیبرپختون خوا اورصوبہ پنجاب کے بعض علاقوں میں گزشتہ روز شدید گرمی کے بعد آندھی، طوفانی بارش اور چند مقامات پر ژالہ باری کے باعث متعدد افراد کے زخمی ہونے اور بارش کے باعث محتلف حادثات کی خبریں سامنے آئی ہیں۔

    پاکستان میں قدرتی آفات سے نمٹنے کے ادارے این ڈی ایم اے نے دو تا چھ جون پہاڑی علاقوں میں ممکنہ لینڈ سلائیڈنگ کا الرٹ جاری کر دیا۔

    ادارے کے مطابق دو تا پانچ جون خیبر پختونخوامیں جاری بارشوں اور پگھلتے گلیشئیرز کے باعث لینڈ سلائیڈ کے خطرات میں اضافہ ہو گا جس کے سبب چترال، دیر، سوات، شانگلہ، کوہستان، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد اور ہری پورکے علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا شدید خطرہ ہے۔

    پی ڈی ایم اے پنجاب نے بدھ سے سے 5 جون 2026 تک صوبے کے بیشتر اضلاع میں بارشوں، آندھی اور بعض مقامات پر ژالہ باری کے امکان کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا۔ ہے۔

    پی ڈی ایم اے خیبرپختونخوا کی جانب سے گزشتہ روز ہونے والی تیز ہواواں/آندھی اور بارش کے باعث گھروں کی دیواریں اور چھتیں گرنے سے ہونے والے نقصانات کی رپورٹ جاری کر دی گئی ہے جس کے مطابق تیز آندھی اور بارش کے باعث, آسمانی بجلی اور گھروں کی دیواریں گرنے سے اب تک دو افراد ہلاک جبکہ 31 افراد زخمی ہوئے۔

    پی ڈی ایم اے کے مطابق حادثات صوبہ کے مختلف اضلاع پشاور، چارسدہ، نوشہرہ اور بنوں میں پیش آئے۔

    بارش سے حادثات، چھت گرنے سے چھ بچے ہلاک

    خیبر پختونخوا میں امدادی ادارے ریسکیو 1122 کے مطابق پیر اور منگل کی درمیانی شب خیبرپختونخوا کے علاقے کوزہ الپوری، رحیم آباد میں ایک گھر کا کمرہ گرنے کا افسوسناک واقعہ پیش آیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق کمرے کے ملبے تلے سات بچے دب گئے تھے۔

    ریسکیو 1122 شانگلہ کی ٹیمیوں نے امدادی کارروائی کرتے ہوئے ملبے تلے دبے بچوں نکال لیا۔ اس حادثے میں چھ بچے ہلاک گئے جبکہ ایک بچی کو زندہ نکال لیا گیا، جسے طبی امداد فراہم کرنے کے بعد ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

    ادھر شدید موسمی صورتحال اور تیز ہواؤں کے باعث ضلع بنوں کے مختلف علاقوں میں عمارتوں اور دیواروں کے گرنے کے تین واقعات پیش آئے، جن میں مجموعی طور پر پانچ افراد زخمی ہوئے۔

    ریسکیو حکام کے مطابق ضلع بنوں میں جاری خراب موسم کے باعث اب تک 20 سے زائد افراد زخمی ہو چکے ہیں جنھیں طبی امداد فراہم کرنے کے بعد ہسپتال منتقل کیا گیا ہے، اور ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔

    د مردان میں شیرگڑھ شگو ناکہ کے مقام پر ایک پٹرول پمپ کے سائن بورڈ پر لگا فلیکس بجلی کی تاروں سے ٹکرانے کے باعث آگ لگ گئی۔ اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122 کے فائر فائٹرز موقع پر پہنچ گئے اور بروقت کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پا کر اسے پمپ تک پھیلنے سے روک دیا۔

    ریسکیو 1122 کے ترجمان بلال احمد فیضی کے مطابق خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں آندھی، تیز ہواؤں اور ہلکی بارش کے باعث متعدد ہنگامی واقعات پیش آئے ہیں۔ مردان، پشاور اور دیگر اضلاع میں بھی آندھی اور تیز ہواؤں کے نتیجے میں مختلف ایمرجنسی صورتحال رپورٹ ہوئی ہے۔

    اسلام آباد میں درخت گاڑی پر گرنے سے ایک شخص زخمی

    اسلام آباد سیکٹر جی ٹین تھری ابن سینا روڈ پر حادثہ تیز ہواؤں کے باعث درخت گاڑی پر گرگیا جس سے ایک شخص امجد اعجاز زخمی ہو گیا جنھیں ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

    ریسکیو حکام کے مطابق درخت اور گاڑی کو سڑک سے ہٹا دیا گیا ہے۔

    لینڈ سلائیڈنگ کے خدشات، شمالی علاقوں کا سفر کرنے والے سیاحوں کے لیے انتباہ

    این ڈی ایم اے کے مطابق پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں دو تا چھ جون ن لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ برقرار ہے۔

    ادارے کے مطابق لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے کے پیش نظر شاہی، شاردا، آٹھ مقام اوراڑنگ کیل کی رابطہ سٹرکیں حساس قرار جبکہ بالائی علاقوں میں بارشوں کے باعث مقامی ندی نالوں میں طغیانی اور سفری مشکلات پیدا ہو سکتی ہیں۔

    سیاح شمالی علاقوں کا سفر کرنے سے قبل موسم اور سڑکوں کی صورتحال ضرور چیک کریں۔

  15. امریکی فورسز نے متعدد ایرانی بیلسٹک میزائل اور ڈرونز کو تباہ کر دیا: سینٹکام

    امریکی سینٹرل کمانڈ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی فورسز نے ایرانی بیلسٹک میزائل اور ڈرون حملے مار گرائے۔ دوسری جانب ایران کی پاسداران انقلاب نے اپنے بیان میں امریکی بحریہ کے پانچویں بیڑے کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔

    کویت اور بحرین میں مختلف مقامات پر میزائل حملوں کی متعدد اطلاعات کے بعد پاسدارانِ انقلاب نے باضابطہ طور پر امریکی بحریہ کے پانچویں فلیٹ کے اڈے پر حملے کا اعلان کیا ہے۔

    پاسداران انقلاب کا یہ بیان امریکہ کی جانب سے ایرانی جزیرے قشم میں فوجی تنصیبات پر حملے کے بعد سامنے آیا۔

    واضح رہے کہ سینٹرل کمانڈ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اس نے ایرانی بیلسٹک میزائلوں اور ڈرونز کی متعدد کوششوں کو ناکام بناتے ہوئے انھیں تباہ کر دیا اور جزیرہ قشم پر اہداف کے خلاف اپنے دفاع میں حملے کیے ہیں، جنھیں اس نے ’خطے میں ایرانی حملوں کی کوششوں‘ کے ردعمل کے طور پر بیان کیا ہے۔

    بیان کے مطابق ایران کی جانب سے خطے کے ممالک کی طرف کئی بیلسٹک میزائل داغے گئے، تاہم کوئی بھی میزائل اپنے مطلوبہ ہدف تک نہیں پہنچا۔

    بی بی سی فارسی کے مطابق یہ صورت حال ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ایرانی ذرائع نے دعویٰ کیا تھا کہ کویت میں کم از کم تین دھماکے ہوئے اور امریکی پیٹریاٹ نظام کو ناکارہ بنا دیا گیا ہے۔

    امریکی سینٹرل کمانڈ نے کہا کہ امریکی افواج نے اپنے دفاع میں جزیرہ قشم پر ایک ایرانی فوجی گراؤنڈ کنٹرول سٹیشن کو نشانہ بنایا۔

    امریکی حکام کے مطابق ان جھڑپوں میں کوئی امریکی فوجی زخمی نہیں ہوا۔

  16. ایران اور امریکہ کے درمیان مذاکرات مسلسل جاری، اب وقت آ گیا ہے کہ کسی نہ کسی طریقے سے معاہدہ کیا جائے: ٹرمپ

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران اور امریکہ کے درمیان مذاکرات معطل ہونے کی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے انھیں ’غلط اور بے بنیاد‘ قرار دیا۔

    ٹروتھ سوشل پر اپنے بیان میں ٹرمپ نے کہا کہ واشنگٹن اور تہران کے درمیان بات چیت مسلسل جاری ہے اور گذشتہ چند دنوں کے دوران بھی مذاکرات کا سلسلہ نہیں رکا۔ ان کے مطابق چار دن پہلے، تین دن پہلے، دو دن پہلے، ایک دن پہلے اور آج بھی دونوں ممالک کے درمیان گفتگو ہوئی ہے۔

    ٹرمپ نے کہا کہ مذاکرات کا نتیجہ کیا نکلے گا، اس بارے میں کچھ کہنا قبل از وقت ہے، تاہم انھوں نے معاہدے تک پہنچنے کے لیے ایران پر زور دیا ہے۔

    انھوں نے کہا، ’اب وقت آ گیا ہے کہ کسی نہ کسی طریقے سے معاہدہ کیا جائے۔ آپ یہ معاملہ 47 سال سے جاری رکھے ہوئے ہیں اور اسے مزید جاری رہنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔‘

  17. ابراہم لنکن کی بحیرہ عرب میں کارروائیاں جاری، 122 تجارتی جہازوں کا رخ موڑ دیا گیا: سینٹکام

    امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) نے کہا ہے کہ طیارہ بردار بحری جہاز یو ایس ایس ابراہم لنکن (سی وی این 72) بحیرہ عرب میں اپنی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے اور ایران کے خلاف امریکی بحری پابندی کے نفاذ میں حصہ لے رہا ہے۔

    بیان کے مطابق امریکی فورسز نے 122 تجارتی بحری جہازوں کو ان کے راستوں سے ہٹا کر قواعد کی تعمیل یقینی بنائی ہے، جبکہ کیریئر سٹرائیک گروپ خطے میں گشت اور نگرانی جاری رکھے ہوئے ہے۔

  18. گزشتہ روز کی اہم خبروں کا خلاصہ

    بی بی سی اردو کی لائیو کوریج میں بدھ کے روز خبروں کا سلسلہ آگے بڑھانے سے قبل ایک نظر گزشتہ روز کی اہم خبروں پر ڈال لیتے ہیں۔

    • امریکی وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ اسلامی جمہوریہ کے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نہ صرف زندہ ہیں بلکہ بظاہر تیزی سے سرگرم بھی ہو رہے ہیں۔ مارکو روبیو نے سینیٹ کی خارجہ تعلقات کمیٹی کو بتایا کہ ’میرے خیال میں اس بات کے آثار ہیں کہ وہ کسی نہ کسی سطح پر بڑھتا ہوا کردار ادا کر رہے ہیں۔‘
    • پاکستانی فوج کا کہنا ہے کہ اس نے 24 مئی کو کوئٹہ میں ہونے والے ٹرین حملے کے بعد بلوچستان کے مختلف اضلاع میں متعدد کارروائیوں کے دوران 17 شدت پسندوں کو ہلاک کیا ہے۔
    • ایران کے سابق رہبرِ اعلیٰ علی خامنہ ای کی نمازِ جنازہ اور آخری رسومات ’ذوالحج کے مہینے کے آخر یا محرم کی ابتدا‘ میں ادا کیے جانے کا امکان ہے۔ خیال رہے علی خامنہ ای 28 فروری کو ایران اور امریکہ کے حملوں میں ہلاک ہوئے تھے۔
    • لبنان اور اسرائیل کے درمیان مذاکرات کا چوتھا دور امریکہ میں شروع ہو گیا ہے۔
    • انڈیا نے پاکستان اور یورپی یونین کے مشترکہ اعلامیے میں جموں و کشمیر کے ذکر کو ’مسترد‘ کرتے ہوئے اسے اپنے ملک کا ’اندرونی معاملہ‘ قرار دیا ہے۔
    • پاکستان کے صوبے بلوچستان میں قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف محمود خان اچکزئی کے خلاف بغاوت اور لوگوں کو ریاستی اداروں کے خلاف اکسانے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
    • امریکی نشریاتی ادارے اے بی سی کو انٹرویو میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امید ظاہر کی ہے کہ ایران کے ساتھ جنگ بندی میں توسیع اور آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے کے حوالے سے ایک معاہدہ ’اگلے ہفتے‘ تک طے پا جائے گا۔
    • روس نے یوکرین کے کئی شہروں پر بڑے حملے کیے ہیں جن میں کم از کم 10 افراد ہلاک ہوئے۔ ان میں سے چھ دنیپرو میں اور چار دار الحکومت کیئو میں مارے گئے۔
  19. بی بی سی اردو کے نئے لائیو پیج میں خوش آمدید

    بی بی سی اردو کے نئے لائیو پیج میں خوش آمدید!

    اس نئے صفحے پر ہم آپ کے لیے پاکستان سمیت دنیا بھر سے تازہ ترین خبریں اور اہم تجزیے شامل کریں گے۔

    اگر آپ دو جون کی خبریں پڑھنا چاہیں تو اس لنک پر کلک کریں۔