آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے

مجھے مرکزی ویب سائٹ یا ورژن پر لے جائیں

کم ڈیٹا استعمال کرنے والے ورژن کے بارے میں مزید جانیں

لائیو, نیپال میں سیلاب کے بعد ریسکیو کا عمل جاری: 469 افراد کی ہلاکت کی تصدیق، 500 سیاحوں سمیت 900 تاحال لاپتہ

بدھ کے روز نیپال اور تبت کی سرحد کے نزدیک آنے والے سیلاب کے بعد لوگوں کو ریسکیو کرنے کا عمل جاری ہے۔ نیپالی حکام کے مطابق سیلاب اور تودے گرنے سے اب تک 469 افراد ہلاک جبکہ 500 سیاحوں سمیت 900 تاحال لاپتہ ہیں۔

خلاصہ

  • تبت سے 555 سیاحوں کو محفوظ مقام پر منتقل کیا جا چکا ہے: چینی سرکاری میڈیا
  • نیپال میں سیلاب سے 469 افراد ہلاک، 500 سیاحوں سمیت 900 تاحال لا پتہ
  • ایران کی ترکی میں امریکی صدر کو قتل کرنے کے منصوبے کی تردید: نیتن یاہو نے یہ جھوٹی افواہ ٹرمپ کو درانے کے لیے پھیلائی، محسن رضائی کا دعویٰ
  • پاکستان اور کویت نے 'پروٹوکول ایگریمنٹ 2026' پر دستخط کر دیے
  • ایرانی پارلیمنٹ کے سپیکر باقر قالیباف کی قطری رہنماؤں سے ملاقات، خطے میں 'کشیدگی میں کمی' کا مطالبہ
  • ایرانی صدر کی پڑوسی ممالک کے ساتھ 'باہمی دفاع کا معاہدہ' طے کرنے کی تجویز: ایک دوسرے کی علاقائی خودمختاری کا احترام کیا جائے، پزشکیان
  • قطری وزیر خارجہ کی تہران میں ایرانی ہم منصب عباس عراقچی سے ملاقات

لائیو کوریج

  1. تبت سے 555 سیاحوں کو محفوظ مقام پر منتقل کیا جا چکا ہے: چینی سرکاری میڈیا

    چین کی سرکاری خبر رساں ایجنسی زنہوا نے خبر دی ہے کہ حکام نے تبت میں پھنسے 555 سیاحوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا ہے۔

    بدھ کے روز آنے والے سیلاب کے بعد تبت سے معلومات بہت محدود مقدار میں سامنے آئی ہیں، جس کی بڑی وجہ چین کے سخت میڈیا ضوابط ہیں۔ یہ واضح نہیں کہ آیا یہ اعداد و شمار نیپال کی جانب سے سامنے آنے والی معلومات سے مطابقت رکھتے ہیں یا ان سے الگ ہیں۔

    زنہوا کی رپورٹ میں یہ نہیں بتایا گیا کہ نکالے گئے سیاحوں کی شہریت کیا تھی۔ تاہم انڈیا، آسٹریلیا اور امریکہ نے کہا ہے کہ ان کے شہری بھی اس آفت میں لاپتا افراد میں شامل ہیں۔

  2. نیپال میں سیلاب سے 469 افراد ہلاک، 500 سیاحوں سمیت 900 تاحال لا پتہ

    بدھ کے روز نیپال اور تبت کی سرحد پر آنے والے سیالاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں اب تک نیپال میں 469 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے۔

    نیپالی پولیس کا کہنا ہے کہ سیلاب اور تودے گرنے سے ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 469 ہو گئی ہے۔

    جمعرات اور جمعے کی درمیانی شب نیپالی وزیرِ اعظم کے دفتر سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ دریائے تریشولی کے نزدیک ایک سرنگ سے 350 افراد کو نکالا جا چکا ہے جبکہ فوج اندر پھنسے مزید 100 افراد کو کوششوں میں مصروف ہے۔

    اس سے قبل جمعرات کی شب نیپالی حکام نے بتایا تھا کہ 900 افراد تاحال لاپتہ ہیں جن میں 500 غیر ملکی بھی شامل ہیں۔

  3. ایران کی ترکی میں امریکی صدر کو قتل کرنے کے منصوبے کی تردید: نیتن یاہو نے یہ جھوٹی افواہ ٹرمپ کو ڈرانے کے لیے پھیلائی، محسن رضائی کا دعویٰ

    ایران کی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکریٹری محسن رضائی نے ان خبروں کی تردید کی ہے کہ ایران نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ترکی میں قتل کرنے کا منصوبہ بنایا تھا۔

    بی بی سی فارسی کے مطابق حزب اللہ کے نزدیک سمجھے جانے والے ال منار نیٹورک کو دیے گئے ایک انٹرویو میں محسن رضائی کا کہنا تھا کہ دورہ ترکی کے دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو قتل کرنے کے منصوبے اور ٹرمپ کے چھوٹے بیٹے کو قتل کرنے کی افواہ اسرائیلی وزیرِ اعظم نیتن یاہو نے پھیلائی تھی۔

    انٹرویو کے دوران محسن رضائی نے دعویٰ کیا کہ نیتن یاہو نے ایرانیوں کی جانب سے ٹرمپ کے قتل کی سازش کے بارے میں جھوٹی خبریں پھیلا کر ٹرمپ کو خوفزدہ کر دیا ہے، جس سے ان کے فیصلہ سازی کے عمل میں خلل پڑا ہے۔

    ’ٹرمپ اس خبر کے خوف سے (ترکی کے دورے کے دوران) ایک فوڈ ٹرک کے کارکن کی طرح اِدھر اُدھر گھومتے رہے۔‘

    ان کا کہنا تھا کہ اگر ایران کوئی فیصلہ کرلے تو اس پر عمل درآمد کو کوئی چیز نہیں روک سکتی، ’لیکن یہ خبر محض نیتن یاہو کی گھڑی ہوئی کہانی ہے۔‘

    یاد رہے کہ جولائی میں ترکی میں نیٹو سربراہی اجلاس سے واپسی پر ٹرمپ نے خفیہ طور پر متبادل طیارہ استعمال کیا تھا۔

    ترکی سے واپسی پر انھوں نے میڈیا کے نمائندوں اور اور وائٹ ہاؤس کے بیشتر عملے کو صدارتی طیارے ’ایئر فورس ون‘ پر سوار کروایا، جو کہ ایک فریب تھا۔

    یہ ایک پیچیدہ چال تھی جس میں صدر ٹرمپ کو ایئرفورس ون پر سوار ہونے کے بعد ایک کیٹرنگ ٹرک کے ذریعے دوسرے طیارے میں منتقل کیا گیا اور بعدازاں لینڈنگ کے بعد انھیں دوبارہ اُسی طیارے پر سوار کروایا گیا۔

    اطلاعات کے مطابق یہ اقدام ایک انٹیلیجنس اطلاع کی بنیاد پر کیا گیا تھا۔ امریکی حکام کو خدشہ تھا کہ ایئر فورس ون کے خلاف ایرانی میزائل حملہ ہو سکتا ہے۔

    بعد ازاں صدر ٹرمپ نے بھی اس کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ 'میں سیکریٹ سروس اور فوج کی ہدایات پر عمل کرتا ہوں۔ وہ چاہتے تھے کہ میں دوسری پرواز اور مختلف طیارے میں سفر کروں۔ مجھے وہی کرنا ہوتا ہے، جو وہ کہتے ہیں۔‘

  4. پاکستان اور کویت نے ’پروٹوکول ایگریمنٹ 2026‘ پر دستخط کر دیے

    پاکستان اور کویت نے ’پروٹوکول ایگریمنٹ 2026‘ پر دستخط کیے ہیں، جس کے تحت پاکستان کی وزارت فاع کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان 2023 میں طے پانے والے ’دفاعی تعاون معاہدے‘ کے موجودہ فوجی تعاون کے فریم ورک کو تقویت ملے گی۔

    جمعرات کو پاکستان کی وزارت دفاع سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ’نئے معاہدے کے تحت پاکستان کی مسلح افواج، تربیت اور استعداد کار میں اضافے، سرحدی نظم و نسق اور دفاعی تعاون کے دیگر باہمی طور پر طے شدہ شعبوں میں کویت کی مسلح افواج کی معاونت کریں گی۔‘

    بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ کویت کے وزیر دفاع عشیخ عبداللہ علی عبداللہ السالم الصباح کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطحی کویتی وفد، جس میں کویت کی مسلح افواج کے چیف آف جنرل سٹاف لیفٹیننٹ جنرل خالد درج سعد الشریعان شامل تھے، راولپنڈی میں وزیر دفاع خواجہ محمد آصف سے ملاقات کی۔

    بیان کے مطابق ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، جس میں دوطرفہ دفاعی تعلقات، سکیورٹی تعاون اور پاکستان اور کویت کے درمیان دفاعی روابط کو مزید مضبوط بنانے پر خصوصی توجہ دی گئی۔

  5. ایرانی پارلیمنٹ کے سپیکر باقر قالیباف کی قطری رہنماؤں سے ملاقات، خطے میں ’کشیدگی میں کمی‘ کا مطالبہ

    ایران کی پارلیمنٹ کے سپیکر اور مذاکراتی ٹیم کے سربراہ محمد باقر قالیباف نے قطر کے وزیرِاعظم اور وزیرِ خارجہ محمد بن عبدالرحمن بن جاسم الثانی سے ملاقات کے دوران خطے میں ’کشیدگی میں کمی‘ کا مطالبہ کیا ہے۔

    ملاقات کی مزید تفصیلات تو جاری نہیں کی گئیں، تاہم ایرانی میڈیا کے مطابق قطری وزیرِ خارجہ نے ’سفارتی راستے کو دوبارہ اختیار کرنے کی ضرورت‘ پر زور دیا اور اختلافات کے حل اور ’خطے میں کشیدگی میں مزید اضافے کو روکنے‘ کے لیے مذاکرات کی تجویز دی۔

    اس سے قبل الثانی نے ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی سے ملاقات کی تھی اور ’کشیدگی میں کمی اور مذاکرات کے لیے موزوں حالات پیدا کرنے‘ کے طریقوں پر تبادلۂ خیال کیا تھا۔

  6. گذشتہ روز کی اہم خبریں

    • قطر کے وزیرِ خارجہ محمد بن عبدالرحمن آل ثانی نے جمعرات کے روز ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی سے تہران میں ملاقات کی ہے تاہم اس ملاقات کی تفصیلات جاری نہیں کی گئی ہیں۔
    • ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے خطے کے اسلامی ممالک کے درمیان باہمی سلامتی اور عدم جارحیت کے معاہدے کی تجویز پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران اپنے ہمسایہ ممالک کے ساتھ ’مشترکہ سکیورٹی کے انتظامات‘ قائم کرنے کے لیے تیار ہے۔
    • بوسنیائی سرب جنرل راتکو ملادچ، جو بوسنیا میں 1992 سے 1995 تک جاری رہنے والی جنگ کے دوران نسل کشی کے جرم میں عمر قید کی سزا کاٹ رہے تھے، ہیگ میں اقوامِ متحدہ کے حراستی مرکز میں وفات پا گئے ہیں۔
    • نیپال میں انٹرنیشنل فیڈریشن آف ریڈ کراس اور ریڈ کریسنٹ سوسائٹیز کے وفد کے سربراہ ڈیوڈ فشر نے متنبہ کیا ہے کہ نیپال میں بدھ کے سیلاب سے متاثر ہونے والے علاقوں میں صورتحال انتہائی سنگین ہے۔
  7. بی بی سی کے لائیو پیج میں خوش آمدید!

    بی بی سی کے لائیو پیج میں خوش آمدید۔ پاکستان سمیت دنیا بھر کی اہم خبروں اور تجزیوں کے متعلق جاننے کے لیے بی بی سی کی لائیو پیج کوریج جاری ہے۔

    گذشتہ روز تک کی خبریں جاننے کے لیے یہاں کلک کریں۔