پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی وزرا کی
ایک دوسرے کے خلاف حالیہ بیان بازی کا نوٹس لیتے ہوئے کابینہ ارکان کو سیاسی تنقید
سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔
وزیراعظم نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کی تمام تر توجہ
عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر مرکوز ہے اور وزرا کے ایک دوسرے کے خلاف بیانات
سے منفی تاثر پیدا ہوتا ہے اور تعمیر و ترقی کے کاموں سے توجہ ہٹتی ہے۔
وزیراعظم کی جانب سے جاری بیان کے مطابق کابینہ
ارکان کے درمیان معاملات افہام و تفہیم اور اتفاق رائے سے آگے بڑھنے چاہییں اور
ایک دوسرے کے خلاف بیان بازی مکمل طور پر بند ہونی چاہیے۔
انھوں نے صوبائی حکومتوں
کے نمائندوں کو بھی ایسی بیان بازی سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔
محسن نقوی اور رانا ثنا اللہ کے درمیان لفظی جنگ
وزیراعظم کی یہ ہدایت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ
کے درمیان گذشتہ دنوں ایک دوسرے پر تنقید کا سلسلہ جاری رہا۔
محسن نقوی نے جیو نیوز سے غیر رسمی گفتگو میں کہا تھا کہ ’ایک وزیر آج کل روز ٹی وی پر آنے کے لیے میرے اوپر تبصرے کر رہا ہے، جس دن میں نے اس وزیر کے خلاف تبصرہ کر دیا وہ منہ چھپانے کے قابل نہیں رہے گا۔‘ انھوں نے کہا کہ وہ ڈھائی سال سے اس وزیر کے تبصرے صبر سے سن رہے ہیں۔
انھوں نے کاروباری شخصیات پر تنقید کا جواب دیتے ہوئے کہا تھا کہ یہ پاکستان کے عزت دار شہری ہیں، جو ملک میں سب سے زیادہ ٹیکس ادا کرنے والوں میں شامل ہیں۔ انھوں نے سوال کیا کہ اگر یہ کاروباری افراد اتنے ہی برے ہیں تو سیاسی جماعتیں ہر انتخاب میں ان سے پارٹی فنڈ کے نام پر اربوں روپے کیوں لیتی ہیں؟
رانا ثنا اللہ کا جواب اور نئے صوبوں کا معاملہ
محسن نقوی کے بیان کے جواب میں رانا ثنا اللہ نے جیو نیوز کے پروگرام ’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘ میں کہا کہ ’ہم نے تو ہمیشہ منہ اور سینہ کھلا رکھا ہے، آپ اپنی فکر کریں۔‘
رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ انھوں نے کبھی محسن نقوی کی ذات پر تبصرہ نہیں کیا اور نہ کریں گے، تاہم بطور کولیگ اور سیاسی کارکن ان کی کارگزاری پر بات کرنا ان کا حق ہے۔
انھوں نے کہا کہ دھمکی آمیز بیانات سے ان جیسے لوگوں کو خاموش نہیں کیا جا سکتا اور اختلاف کا جواب دلیل سے دینا چاہیے۔
ان کی تنقید کا ایک اہم نکتہ نئے صوبوں کے معاملے پر حکومتی حکمت عملی تھا۔ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ’یہ معاملہ پارلیمنٹ میں لانا اور سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لے کر آگے بڑھنا چاہیے تھا۔ ان کے مطابق محسن نقوی نے اس معاملے کو درست انداز میں نہیں سنبھالا۔‘
انھوں نے صدر آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کے بیانات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’اگر انھیں اعتماد میں نہیں لیا گیا تو یہ حکومتی ناکامی ہے۔‘ رانا ثنا اللہ کے مطابق نئے صوبوں کے معاملے پر اتفاق رائے پیدا کرنے کے لیے پارلیمنٹ میں بات چیت کی جا سکتی ہے، جس میں مسلم لیگ ن اور وزیراعظم اپنا کردار ادا کریں گے۔
حکومتی وزرا کے درمیان اختلافات پہلے بھی منظر عام پر آئے
محسن نقوی اور رانا ثنا اللہ کے درمیان حالیہ لفظی جنگ حکومتی اتحاد میں سامنے آنے والا واحد اختلاف نہیں۔
گذشتہ دنوں وزیر دفاع خواجہ آصف اور پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے درمیان بیانات کے تبادلے کے بعد دونوں جماعتوں کے رہنماؤں نے بھی ایک دوسرے پر تنقید کی۔
خواجہ آصف نے بلاول بھٹو زرداری کے سیاسی بیانات پر سوشل میڈیا کے ذریعے تنقید کی تھی، جس پر پیپلز پارٹی کی رہنماؤں شیری رحمان اور شرمیلا فاروقی نے ردعمل دیتے ہوئے ان کے تبصروں کو نامناسب قرار دیا تھا۔ پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ وزیر دفاع نے پارٹی قیادت کے بارے میں بیانات دے کر ایک حد عبور کی ہے۔
اس سے قبل ستمبر 2025 میں قومی اسمبلی میں سیلاب سے متعلق بحث کے دوران وفاقی وزیر حنیف عباسی نے بھی خواجہ آصف کی حکومتی اقدامات اور بیوروکریسی پر تنقید کے جواب میں ان کے طرزِ بیان پر اعتراض کیا تھا اور انھیں مستعفی ہونے کا مشورہ دیا تھا۔