آئی اے ای اے کے سربراہ کا اسحاق ڈار سے رابطہ: امید ہے اسلام آباد معاہدے کے بعد متعلقہ فریقین مذاکرات کا سلسلہ برقرار رکھیں گے، رافیل گروسی
بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) کے ڈائریکٹر جنرل رافیل گروسی نےاتوار کے روز پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا۔
دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق دونوں رہنماؤں نے خطے کی تازہ ترین صورتحال پر تبادلہ خیال کیا اور اس بات پر زور دیا کہ علاقائی اور عالمی امن و استحکام کے فروغ کے لیے سفارت کاری، مکالمے اور تعمیری روابط کا تسلسل ناگزیر ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ رافیل گروسی نے امید ظاہر کی کہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے بعد متعلقہ فریقین مذاکرات اور رابطوں کا سلسلہ برقرار رکھیں گے تاکہ ایک پائیدار اور پرامن حل تک پہنچا جا سکے۔
گفتگو کے دوران رافیل گروسی نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے عہدے کے لیے اپنی امیدواری کے بارے میں بھی نائب وزیراعظم کو آگاہ کیا۔
اس موقع پر اسحاق ڈار نے اقوام متحدہ اور مؤثر کثیرالجہتی نظام کے لیے پاکستان کی حمایت کا اعادہ کیا۔