عامرخان کو عیدی لینا پسند ہے مگر دینا نہیں

وقت اشاعت

عید کے موقعے پر بھارتی فلم انڈسٹری کے ممتاز اداکار عامر خان نے اپنی بیوی کرن راؤ اور بیٹے آزاد کے ساتھ پریس کانفرنس کی اور اپنے پورے خاندان کے ساتھ مل کر اپنے چاہنے والوں کو عید کی ڈھیر ساری مبارکباد دی۔

یہ پہلا موقع تھا جب آزاد بھی اپنے والد عامر خان اور والدہ کرن کے ساتھ کسی پریس کانفرنس میں شریک ہوئے ہوں۔

اس موقع پر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے عامر خان کا عید کے حوالے سے کہنا تھا کہ ’بچپن سے لے کر اب تک میں عیدی لیتا آیا ہوں۔مجھے عیدی لینا پسند ہے دینا نہیں۔ میں اب آزاد کی بھی سب سے عیدی لینے کے حوالے سے تربیت کر رہا ہوں۔‘

جب عامر خان سے پوچھا گیا کہ عید کے روز ان کی کیا مصروفیات ہوں گی تو ان کا کہنا تھا کہ ’عید اپنے پورے خاندان کے ساتھ مل کر ’بجرنگی بھائی جان‘ دیکھ کر مناؤں گا۔ سلمان خان نے مجھے پیغام بھیجا ہے کہ انھوں نے میرے خاندان کے لیے اس فلم کی سپیشل سکریننگ رکھی ہے اور ہم اس کو دیکھنے ضرور جائیں گے۔‘

عامر خان نے اس موقعے پر بھارتی ’فلم اینڈ ٹیلی وژن انسٹیٹیوٹ‘ (ایف ٹی ٹی آئی) کے سربراہ کی تعیناتی کے حوالے سے جاری تنازعے کے متعلق صحافیوں کی جانب سے کیے گئے سوالات کا جواب نہیں دیا۔

واضع رہے کہ ادارے کے طلباء اداکار اور حکمراں جماعت بی جے پی کے رکن گیجندرا چوہان کی بطور ایف ٹی ٹی آئی کے سربراہ تعیناتی کے خلاف سراپا احتجاج ہیں اور کئی معروف فلمی شخصیات نے بھی طلباء کے موقف کی تائید کی ہے۔