آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
’اب لوگ جہیز میں بھی سولر پینل دیتے ہیں‘: پاکستان میں شمسی توانائی کا انقلاب جس نے حکومت کو مشکل میں ڈال دیا
- مصنف, کیری ڈیویز
- عہدہ, بی بی سی نیوز کی نمائندہ برائے پاکستان
- وقت اشاعت
- مطالعے کا وقت: 10 منٹ
شادی کے صرف تین ماہ بعد دیہی پنجاب میں فیصل شہزاد کا گھر دلہن کے خاندان کی جانب سے دیے گئے جہیز سے بھرا ہوا ہے۔ زیورات، چمکتی ہوئی چاندی کی اشیا، صوفے اور ایک ایئر کنڈیشنر تو موجود ہیں، لیکن ان کے نزدیک سب سے قیمتی تحفہ وہ 340 واٹ کا سولر پینل ہے جو بستر کے نیچے محفوظ رکھا گیا ہے۔
فیصل شہزاد کہتے ہیں کہ ’گرمیوں میں ہم اسے صبح آٹھ بجے سے شام تک استعمال کرتے تھے اور دن کے وقت ہمیں گرڈ کی بجلی کی ضرورت ہی نہیں پڑتی تھی۔ ہم اپنا ایئر کولر سارا دن اسی پر چلاتے تھے۔
پاکستان میں گذشتہ چند برسوں کے دوران سولر توانائی کے استعمال میں غیرمعمولی اضافہ ہوا ہے۔ درآمد شدہ سولر پینل اب گھروں کی چھتوں، ہسپتالوں، زرعی زمینوں اور صنعتی علاقوں سمیت ملک بھر میں عام دکھائی دیتے ہیں۔
توانائی کے شعبے پر تحقیق کرنے والے ادارے ’رینیوایبلز فرسٹ‘ کے مطابق 2018 سے 2025 کے درمیان پاکستان میں شمسی توانائی سے پیدا ہونے والی بجلی کا حصہ ایک فیصد سے بڑھ کر 28 فیصد تک پہنچ گیا، جبکہ اب تقریباً 70 لاکھ گھرانوں میں سولر پینل نصب ہیں۔
فیصل شہزاد کہتے ہیں کہ پہلے شادیوں میں موٹر سائیکلیں یا دیگر گھریلو سامان تحفے میں دیا جاتا تھا، لیکن اب حالات بدل چکے ہیں۔
’اب لوگ سولر پینل اور ایئر کولر تحفے میں دیتے ہیں۔ یہ تقریباً ہر گھر کی ضرورت بن چکے ہیں۔‘
اگرچہ شہزاد کے گھر میں سولر پینل موجود ہیں، تاہم وہ اپنی توانائی کی ضروریات پوری کرنے کے لیے اب بھی قومی گرڈ پر انحصار کرتے ہیں۔ اس کی ایک وجہ یہ ہے کہ وہ اپنے اور اپنے بھائیوں کے خاندانوں کے ساتھ ایک ہی گھر میں رہتے ہیں، جہاں بیک وقت کئی برقی آلات استعمال ہوتے ہیں۔
پاکستان جیسے ملک میں، جہاں اوسط ماہانہ آمدنی 40 ہزار روپے سے بھی کم ہے، بجلی کے بڑھتے ہوئے بل کئی خاندانوں کے لیے بڑا بوجھ بن چکے ہیں۔ بہت سے گھروں کے ماہانہ بل 15 سے 18 ہزار روپے تک پہنچ رہے ہیں، جس کی وجہ سے لوگ متبادل توانائی کے ذرائع کی جانب تیزی سے مائل ہو رہے ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ادھر اس سال کوپ 31 کے موقع پر دنیا کو فوسل فیول پر انحصار کم کرنے اور گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج میں کمی لانے کی ترغیب دی جا رہی ہے۔ پاکستان شمسی توانائی اپنانے کی ایک نمایاں مثال کے طور پر سامنے آیا ہے، تاہم ماہرین کے مطابق سولر توانائی کی اس تیز رفتار مقبولیت کے اثرات اب قومی بجلی کے نظام پر بھی نمایاں ہونے لگے ہیں۔
پاکستان میں بجلی کی پیداوار کا نیا بحران
پاکستان میں سولر توانائی کی جانب تیزی سے بڑھتا رجحان کسی حکومتی منصوبہ بندی یا پالیسی کا نتیجہ نہیں بلکہ عام شہریوں کے اپنے فیصلوں کا حاصل ہے۔ جن لوگوں سے بات کی گئی، ان میں سے بیشتر کا کہنا تھا کہ انہوں نے بار بار کی لوڈشیڈنگ، قومی گرڈ کی غیر یقینی فراہمی اور بجلی کی مسلسل بڑھتی قیمتوں سے نجات پانے کے لیے سولر پینلز نصب کیے۔
توانائی کے شعبے پر تحقیق کرنے والے ادارے رینیوایبلز فرسٹ کے انڈسٹری رابطہ کار محمد حسن داجانہ کے مطابق گذشتہ چند برسوں میں بجلی کے نرخ دگنے سے بھی زیادہ بڑھ چکے ہیں، جبکہ چینی ساختہ سولر پینلز کی قیمتوں میں تقریباً 93 فیصد کمی آئی ہے۔ اس طرح سولر نظام عام صارفین کے لیے پہلے کے مقابلے میں کہیں زیادہ قابلِ رسائی ہو گیا ہے۔
پاکستان کے وزیرِ توانائی اویس احمد لغاری کے مطابق لوگوں نے بڑھتے ہوئے اخراجات سے نمٹنے کے لیے خود متبادل راستہ اختیار کیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ ’لوگوں نے زندہ رہنے کے لیے ایک اور راستہ تلاش کر لیا ہے۔ یہ ایک مثبت پیش رفت ہے۔ ہم نے حالات کے مطابق خود کو ڈھالا ہے اور لوگوں نے معاشی طور پر قابلِ عمل اور مؤثر انداز میں ردِعمل دیا ہے۔‘
اگرچہ سولر توانائی کے پھیلاؤ سے پاکستان کو واضح فوائد حاصل ہو رہے ہیں، خصوصاً اس لیے کہ ملک بڑی مقدار میں درآمدی ایندھن پر انحصار کرتا ہے، لیکن ماہرین اس کے کچھ ممکنہ منفی اثرات کی بھی نشاندہی کرتے ہیں۔
ان خدشات میں ایک خطرہ نام نہاد ’یوٹیلٹی ڈیتھ سپائرل‘ کا ہے۔ اس صورتِ حال میں جب زیادہ سے زیادہ صارفین سولر توانائی اپنا لیتے ہیں تو وہ قومی گرڈ سے کم بجلی خریدتے ہیں۔ نتیجتاً گرڈ کے نظام کو چلانے اور برقرار رکھنے کے اخراجات کم صارفین پر تقسیم ہوتے ہیں، جس سے بجلی مزید مہنگی ہو جاتی ہے۔
قیمتوں میں اضافے کے باعث مزید لوگ سولر نظام کی طرف منتقل ہوتے ہیں اور یوں یہ سلسلہ ایک دائرے کی صورت اختیار کر لیتا ہے۔
ماہرین کے مطابق طویل مدت میں اس سے ایک دو سطحی نظام جنم لے سکتا ہے، جہاں سولر پینلز خریدنے کی استطاعت رکھنے والے افراد کم خرچ توانائی سے فائدہ اٹھائیں، جبکہ غریب اور کم آمدنی والے صارفین بڑھتے ہوئے بجلی کے بل ادا کرنے پر مجبور رہیں۔ اس کے ساتھ ہی قومی گرڈ کا مالی بوجھ بھی حکومت پر بڑھتا چلا جائے۔
محمد حسن داجانہ کے بقول، ’آخرکار آپ کے پاس ایک ایسا سرکاری نظام رہ جائے گا جو سفید ہاتھی بن چکا ہوگا اور محض اپنا وجود برقرار رکھنے کے لیے بڑے پیمانے پر سرکاری مالی معاونت کا محتاج ہوگا۔‘
پاکستانی حکومت کا کہنا ہے کہ قومی گرڈ سے صارفین کی بڑھتی ہوئی علیحدگی کی قیمت پہلے ہی ادا کی جا رہی ہے۔ وفاقی وزیرِ توانائی اویس لغاری کے مطابق گذشتہ دو برسوں کے دوران صارفین کے شمسی توانائی کی طرف منتقلی کے باعث گرڈ پر باقی رہنے والے صارفین پر سالانہ 500 ملین ڈالر سے زیادہ کا اضافی بوجھ پڑا ہے۔
اویس لغاری کا کہنا ہے کہ حکومت کا مقصد لوگوں کو سولر توانائی اپنانے سے روکنا نہیں بلکہ قومی گرڈ کو زیادہ مؤثر اور مسابقتی بنانا ہے تاکہ صارفین کو بہتر نرخوں پر بجلی فراہم کی جا سکے۔
پاکستان میں نجی بجلی پیدا کرنے والی کمپنیوں کو طویل عرصے سے ایسے مہنگے معاہدوں پر تنقید کا سامنا ہے جنھوں نے بجلی کے شعبے پر مالی دباؤ بڑھایا۔ تاہم بجلی پیدا کرنے والے اداروں کا مؤقف ہے کہ گرڈ کی ناقص دیکھ بھال اور نظامی کمزوریاں بھی بڑھتے ہوئے اخراجات کی بڑی وجوہات ہیں۔
اویس لغاری کے مطابق حکومت نے بیشتر بجلی خریداری معاہدوں پر دوبارہ مذاکرات مکمل کر لیے ہیں اور اب توجہ گرڈ کو زیادہ مؤثر بنانے، توانائی کے ضیاع میں کمی، بہتر ذخیرہ کاری اور نئی ٹیکنالوجی کے استعمال پر مرکوز ہے۔
حکومت کا ہدف ہے کہ 2036 تک پاکستان کی توانائی کا تقریباً 90 فیصد حصہ صاف ذرائع، بشمول قابلِ تجدید اور جوہری توانائی، سے حاصل ہو، جبکہ درآمدی ایندھن پر انحصار موجودہ 26 فیصد سے کم ہو کر صرف 4 فیصد رہ جائے۔
سولر سے چلنے والا کاروبار
حکومت ایک جانب قومی بجلی کے نظام کو بہتر بنانے کی کوشش کر رہی ہے، تو دوسری جانب صنعتی شعبہ بھی تیزی سے سولر توانائی کی طرف منتقل ہو رہا ہے۔
راولپنڈی میں واقع کوہِ نور ٹیکسٹائل ملز اس رجحان کی ایک نمایاں مثال ہے۔ مل کے وسیع احاطے میں پھیلے نیلے رنگ کے سولر پینلز دور تک دکھائی دیتے ہیں اور ادارے کی توانائی کی ضروریات کا بڑا حصہ پورا کرتے ہیں۔
مل کے یوٹیلٹیز مینیجر سباوون خان ان سولر پینلز کو اپنا ’بچہ‘ قرار دیتے ہیں۔ وہ مزید پینلز کی تنصیب کے لیے تیار کی جانے والی زمین کی جانب اشارہ کرتے ہوئے بتاتے ہیں کہ سورج نکلنے کے بعد مل میں کام کرنے والی سینکڑوں مشینیں مکمل طور پر شمسی توانائی سے چلتی ہیں۔
ماضی میں کارخانہ بھاری فرنس آئل سے چلنے والے جنریٹروں پر انحصار کرتا تھا، مگر اب وہ انجن استعمال کے بجائے ایک گودام میں رکھے ہوئے ہیں۔
تاہم سولر توانائی کی اپنی حدود بھی ہیں۔ ابر آلود موسم، فضائی آلودگی یا رات کے اوقات میں بجلی کی پیداوار کم ہو جاتی ہے، جس کے باعث کمپنی کو اپنی ضرورت پوری کرنے کے لیے قومی گرڈ سے اضافی بجلی حاصل کرنا پڑتی ہے۔
اسی وجہ سے کمپنی، دیگر کئی صنعتی اداروں کی طرح، آئندہ ہفتوں میں صنعتی بیٹریوں کا استعمال شروع کر رہی ہے تاکہ دن کے وقت پیدا ہونے والی اضافی شمسی توانائی ذخیرہ کی جا سکے اور ضرورت کے وقت استعمال میں لائی جا سکے۔
مل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر توفیق سعید سہگل کے مطابق سولر توانائی اختیار کرنے کا بنیادی مقصد پیداواری لاگت میں کمی لانا تھا۔
وہ کہتے ہیں، ’ہمیں اپنی توانائی کی لاگت کم کرنا تھی اور یہ اس کا ایک مؤثر طریقہ تھا۔‘
تاہم ان کے مطابق کمپنی کا مقصد قومی گرڈ سے مکمل طور پر الگ ہونا نہیں ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ ’بدقسمتی سے ریاست کے پاس وسائل محدود ہیں، اس لیے ہم ہر مسئلے کا الزام حکومت پر نہیں ڈال سکتے۔ کچھ کام ہمیں خود بھی کرنا ہوتے ہیں، اور توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری انھی اقدامات میں سے ایک ہے۔‘
ناقدین حکومت پر الزام عائد کرتے ہیں کہ اس نے سولر توانائی کے معاملے میں قواعد بدل دیے ہیں۔
ماضی میں گھرانے اضافی بجلی گرڈ میں فراہم کر سکتے تھے اور اس کے بدلے کریڈٹ حاصل کرتے تھے، جنھیں بعد میں سورج نہ نکلنے کے اوقات میں گرڈ سے حاصل کی جانے والی بجلی کی لاگت کم کرنے کے لیے استعمال کیا جاتا تھا۔
اس سال کے اوائل میں یہ پالیسی تبدیل کر دی گئی۔
فیصل آباد چیمبر آف کامرس کے صدر عارف احسان ملک کہتے ہیں کہ ’ابتدا میں ان کی پالیسی بہت مددگار تھی۔ لیکن پھر پالیسی بدل گئی۔ اب انھوں نے کم نرخ پر خریدنا اور زیادہ نرخ پر واپس فروخت کرنا شروع کر دیا ہے۔‘
عارف احسان ملک کہتے ہیں کہ اس سے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں پر بڑا اثر پڑتا ہے۔
اویس لغاری اس کے جواب میں کہتے ہیں کہ ابتدائی ماڈل کی لاگت قابلِ برداشت نہیں تھی، سولر پیدا کرنے والے جو بجلی نظام میں فراہم کرتے تھے وہ اس بجلی سے کہیں سستی ہوتی تھی جو بعد میں وہ نظام سے حاصل کرتے تھے۔
’وہ منافع گرڈ کے باقی صارفین کی قیمت پر حاصل ہو رہا تھا۔ اگر ہم نے یہ ضوابط تبدیل نہ کیے ہوتے تو دو برس بعد تک باقی صارفین پر سالانہ کم از کم 150 سے 200 ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑتا۔‘
اگرچہ وفاقی وزیرِ توانائی اویس لغاری تسلیم کرتے ہیں کہ شمسی توانائی کی جانب عوام کا ابتدائی رجحان حکومت کے لیے غیر متوقع تھا، تاہم ان کا کہنا ہے کہ اب سولر کے پھیلاؤ کو آئندہ دس برس کی منصوبہ بندی میں شامل کر لیا گیا ہے اور قومی گرڈ چھوڑنے والے صارفین کی رفتار بھی سست پڑ چکی ہے۔
پاکستان شمسی توانائی کے شعبے میں بڑے منصوبے رکھتا ہے۔ حکومت ملک بھر میں سولر بیٹریوں کی فیکٹریوں کے قیام اور الیکٹرک گاڑیوں کے فروغ سمیت متعدد اقدامات پر کام کر رہی ہے۔ تاہم ماہرین کے مطابق ملک ایک ایسے مرحلے میں داخل ہو چکا ہے جہاں آنے والے فیصلے اس کے توانائی کے مستقبل کا تعین کریں گے۔
توانائی کے شعبے کے ماہر داجانہ کہتے ہیں کہ پاکستان کے سامنے دو ممکنہ راستے ہیں۔ ایک یہ کہ شمسی توانائی اور قومی گرڈ ایک دوسرے کی تکمیل کرتے ہوئے توانائی کی کامیاب منتقلی کی مثال بن جائیں۔ دوسرا یہ کہ بڑھتی لاگت اور کمزور ہوتا گرڈ ملک کو ایک تنبیہی مثال میں بدل دے، جہاں باقی صارفین پر مالی بوجھ مسلسل بڑھتا چلا جائے۔
ادھر پنجاب کے ایک دیہی علاقے میں رہنے والے شہزاد کے منصوبوں میں کوئی سستی نہیں آئی۔ وہ اپنے گھر کے سولر نظام کو مزید وسعت دینے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
ان کے بقول، ’ہم مزید 10 سے 15 سولر پینل لگائیں گے اور پھر بیٹریوں اور بیک اپ سسٹم کے ساتھ اسے مکمل کریں گے۔ ہمارا مقصد توانائی کے معاملے میں مکمل خود کفیل ہونا ہے۔‘
'BBC News اردو' ایڈیشن کا انتخاب کریں اور نیوز الرٹس، تحقیقاتی اور تفصیلی رپورٹس، سب کچھ ایک ہی جگہ پر حاصل کریں۔
نوٹ: نئی ایپ برطانیہ اور امریکہ میں دستیاب نہیں ہے اور اس کا انگریزی زبان میں ایڈیشن موجود نہیں