’ٹرمپ کے قتل کا منصوبہ‘ اور ’پاسداران انقلاب کی تربیت‘: امریکہ میں پاکستانی شہری آصف مرچنٹ کو 330 ماہ قید کی سزا

وقت اشاعت
مطالعے کا وقت: 6 منٹ

امریکہ کی ایک وفاقی عدالت نے پاکستان سے تعلق رکھنے والے 48 سالہ آصف مرچنٹ کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سمیت اہم سیاسی شخصیات کے قتل کی مبینہ سازش سے متعلق مقدمے میں 330 ماہ قید کی سزا سنا دی ہے۔

بروکلین میں امریکی ڈسٹرکٹ جج ایرک آر کومیٹی نے آصف مرچنٹ کو ’سرحدوں سے ماورا دہشت گردی کی کارروائی کی کوشش اور معاوضے کے عوض قتل کی سازش‘ کے الزامات میں سزا سنائی۔ مارچ 2026 میں ایک وفاقی جیوری انھیں ان الزامات میں قصوروار قرار دے چکی تھی۔

امریکی محکمہ انصاف کے مطابق آصف مرچنٹ نے مقدمے کے دوران اعتراف کیا کہ وہ پاسداران انقلاب سے وابستہ تھے اور امریکی حکام کے قتل کی منصوبہ بندی کے لیے امریکہ آئے۔

استغاثہ کے مطابق آصف کا خیال تھا کہ منصوبے کا بنیادی ہدف ڈونلڈ ٹرمپ تھے، تاہم اس نے یہ بھی کہا تھا کہ اُس وقت کے صدر جو بائیڈن اور سابق امریکی سفیر نکی ہیلی بھی ممکنہ اہداف میں شامل ہو سکتے تھے۔

عدالتی دستاویزات کے مطابق مرچنٹ نے اپنے بیان میں کہا کہ انھیں 2022 کے قریب آئی آر جی سی نے بھرتی کیا۔ اس کے بعد انھوں نے ایران کے متعدد دورے کیے اور تہران میں اپنے مبینہ رابطہ افسر سے ملاقاتیں کیں۔

استغاثہ کا مؤقف تھا کہ ان ملاقاتوں کے دوران آصف کو امریکہ میں سیاسی شخصیات کے خلاف قتل کی سازش ترتیب دینے کا کام سونپا گیا تھا۔

تہران ان الزامات کا انکار کرتا ہے کہ اس نے ٹرمپ اور دیگر امریکی حکام کو نشانہ بنایا۔

امریکی محکمہ انصاف کا الزام ہے کہ آصف کا منصوبہ تھا کہ پاسداران انقلاب کے کمانڈر قاسم سلیمانی کو قتل کرنے کا بدلہ لینے کے لیے ٹرمپ اور دیگر امریکی سیاست دانوں کو ہدف بنایا جائے۔

یاد رہے کہ ایران کے بین الاقوامی آپریشنز کے سربراہ اور پاسداران انقلاب کے کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی جنوری 2020 میں بغداد میں ایک امریکی ڈرون حملے میں مارے گئے تھے۔ ایرانی حکام بارہا ان کے قتل کا بدلہ لینے کا عزم ظاہر کر چکے ہیں۔

محکمہ انصاف کے مطابق آصف مرچنٹ مرچنٹ اپریل 2024 میں امریکہ پہنچا اور ایک جاننے والے شخص سے رابطہ کیا تاکہ منصوبے پر عمل درآمد میں مدد حاصل کر سکے۔ تاہم اس شخص نے ایف بی آئی کو اطلاع دے دی اور بعد میں مخبر کے طور پر کام کیا۔

استغاثہ کے مطابق مرچنٹ نے بعد ازاں ایسے افراد سے رابطہ کیا جنھیں وہ کرائے کے قاتل سمجھتا تھا، لیکن وہ درحقیقت ایف بی آئی کے خفیہ اہلکار تھے۔

عدالتی ریکارڈ کے مطابق آصف نے افراد سے مبینہ قتل کی منصوبہ بندی پر گفتگو کی اور ابتدائی ادائیگی کے طور پر 5,000 ڈالر بھی فراہم کیے۔ جولائی 2024 میں آصف مرچنٹ کو ٹیکساس کے شہر رچمنڈ میں اس وقت گرفتار کر لیا گیا جب وہ امریکہ سے روانہ ہونے کی تیاری کر رہا تھا۔

مقدمے میں پیش کیے گئے شواہد کے مطابق مرچنٹ کے لیپ ٹاپ، موبائل فونز اور سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے حاصل ہونے والے مواد سے ظاہر ہوتا تھا کہ اس کی توجہ 2024 کے امریکی صدارتی انتخابات اور ڈونلڈ ٹرمپ پر مرکوز تھی۔ استغاثہ نے عدالت میں انٹرنیٹ سرچ، نقشوں اور سوشل میڈیا پوسٹس کو بھی ثبوت کے طور پر پیش کیا۔

سزا سنائے جانے کے بعد امریکی اٹارنی جنرل ٹوڈ بلانش، محکمہ انصاف اور ایف بی آئی کے دیگر حکام نے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ مقدمہ امریکی سیاسی قیادت کے خلاف مبینہ غیر ملکی سازشوں سے نمٹنے کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیوں کی مثال ہے۔

استغاثہ کی جانب سے مقدمے کی پیروی نیویارک کے مشرقی ضلع کے وفاقی پراسیکیوٹرز اور محکمہ انصاف کے قومی سلامتی ڈویژن نے کی۔

آصف مرچنٹ کون ہیں؟

مارچ میں اس مقدمے کی سماعت کی عدالتی کارروائی کے دوران آصف مرچنٹ نے خود کو ایک کامیاب کاروباری شخص بتایا تھا اور کہا تھا کہ بینکاری کے کیریئر کے بعد انھوں نے کیلا برآمد کرنے، گاڑیاں فروخت کرنے اور گلاس فائبر انسولیشن درآمد کرنے کا کام کیا، اور بعد میں اپنے انکل کے گارمنٹس کے کاروبار میں شامل ہوئے۔

آصف مرچنٹ نے یہ بھی بتایا تھا کہ ان کی دو بیویاں اور پانچ بچے ہیں، ایک بیوی پاکستانی اور دوسری ایرانی ہیں جن سے وہ کربلا، عراق کے مذہبی سفر کے دوران ملے۔

اپنے بیان کے مطابق، آصف مرچنٹ نے اپنے کزن حسنین کے ذریعے سنہ 2022 کے آخر میں ایرانی پاسداران انقلاب کے اہلکار مہرداد یوسف کے لیے کام شروع کیا۔

آصف مرچنٹ نے بتایا: ’انھوں نے مجھ سے پوچھا کہ کیا میں ایرانی حکومت کے لیے کچھ کام کرنے میں دلچسپی رکھتا ہوں، میں نے ہامی بھر لی۔‘

مرچنٹ کے مطابق، ابتدا میں ان کا کام ہنڈی کے غیر رسمی اور غیر قانونی نظام کے ذریعے ایران تک رقم پہنچانا تھا لیکن بعد میں ان کی درمیان ہونے والی بات چیت زیادہ خطرناک رُخ اختیار کرتی گئی۔

آصف مرچنٹ نے کہا کہ جب انھوں نے امریکہ میں اپنا گارمنٹس کا کاروبار شروع کرنے کا ارادہ ظاہر کیا تو یوسف نے انھیں مشورہ دیا کہ وہ امریکہ جائیں اور ایران کے لیے ہمدردی رکھنے والے افراد کو بھرتی کریں۔ انھوں نے آصف مرچنٹ کو نگرانی سے بچنے کی تربیت بھی دی، جیسے ہوائی اڈوں پر کیمرے تلاش کرنا۔

مارچ 2024 میں آصف مرچنٹ ایران جا کر یوسف سے ملے، جہاں انھیں ہدایات دی گئیں کہ وہ جرائم پیشہ افراد، ترجیحاً مافیا ممبران کو تلاش کریں۔ ان کو چار نکاتی منصوبہ بنانے کا کہا گیا: احتجاج کا اہتمام، دستاویزات کی چوری، منی لانڈرنگ، اور ’شاید کسی کو قتل کروانا۔‘

آصف مرچنٹ کے مطابق انھیں فکر تھی کہ ایران میں ان کی بیوی اور لے پالک بیٹی کا کیا ہو گا، لہذا وہ اس منصوبے میں شامل ہو گئے۔

انھوں نے دعویٰ کیا کہ وہ محض رسمی کارروائیاں کر رہے تھے، جیسے ٹرمپ کی ریلیوں کے مقامات کی انٹرنیٹ پر تلاش اور یوسف کو رپورٹ بھیجنا۔ انھیں یقین تھا کہ جلد یا بدیر اسے گرفتار کر لیا جائے گا۔

اے پی نیوز کے مطابق آصف مرچنٹ نے اپنے بیان میں بتایا کہ وہ اپنی رپورٹس بھی پاسداران انقلاب کے رابطہ کار کو بھیجتے رہے اور جعلی مشاہدات بھی۔ یہ سب وہ ایک کتاب کے اندر چھپا کر مختلف افراد کے ذریعے ایران بھجواتے تھے۔

آصف مرچنٹ نے کہا کہ ان کے پاس ’اور کوئی راستہ ہی نہیں تھا‘ کیوں کہ ایرانی ہینڈلر نے اشارہ دیا تھا کہ وہ ان کے ایرانی رشتہ داروں کو بھی جانتے ہیں اور یہ بھی جانتے ہیں کہ وہ رشتہ دار کہاں رہتے ہیں۔

نوٹ: نئی ایپ برطانیہ اور امریکہ میں دستیاب نہیں ہے اور اس کا انگریزی زبان میں ایڈیشن موجود نہیں۔