ایران امریکہ معاہدہ حتمی، باضابطہ دستخط جمعے کو سوئٹزرلینڈ میں ہوں گے: ایرانی نائب وزیر خارجہ, غنچہ حبیبزاد، نامہ نگار بی بی سی فارسی
ایران کے نائب وزیر خارجہ کاظم غریب آبادی نے گزشتہ روز ایرانی سرکاری ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے تصدیق کی کہ امریکہ کے ساتھ معاہدہ حتمی شکل اختیار کر چکا ہے اور اس پر باضابطہ دستخط جمعے کے روز سوئٹزرلینڈ میں کیے جائیں گے۔
انھوں نے ایک بار پھر امریکہ پر ایران کے عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’تہران امریکی وعدوں اور ذمہ داریوں پر عمل درآمد کی کڑی نگرانی کرے گا۔‘
غریب آبادی کا کہنا تھا کہ ’گزشتہ رات اسرائیل کے بیروت پر حملے کے بعد ایران کی جانب سے اسرائیل اور امریکہ کو دی جانے والی دھمکیوں نے معاہدے کے متن کو حتمی شکل دینے اور بعض متنازع امور کو حل کرنے کے عمل میں مدد فراہم کی۔‘
انھوں نے کہا کہ ’ایران کو امید ہے کہ مذاکرات 60 روزہ مدت کے اندر مکمل ہو جائیں گے۔ ان کے مطابق اس عرصے کے دوران ایران پر عائد تمام پابندیوں کے خاتمے اور ملک کے جوہری پروگرام سے متعلق بین الاقوامی قراردادوں کے معاملے پر مذاکرات کیے جائیں گے۔‘
ایرانی نائب وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ ’جنگ کے بعد معاشی بحالی اور تعمیرِ نو کا معاملہ بھی ان 60 دنوں کے دوران ہونے والے مذاکرات کا اہم حصہ ہوگا۔‘