آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے

مجھے مرکزی ویب سائٹ یا ورژن پر لے جائیں

کم ڈیٹا استعمال کرنے والے ورژن کے بارے میں مزید جانیں

لائیو, عباس عراقچی کی اسحاق ڈار اور عاصم منیر سے ملاقات، اسلام آباد میں ایران اور امریکہ کے درمیان کوئی ملاقات متوقع نہیں، ایرانی وزارت خارجہ

ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کے دورۂ اسلام آباد سے متعلق ترجمان ایرانی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ ’ایران کے مشاہدات پاکستان کو بتائے جائیں گے۔‘ادھر وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ ایران سے دوبارہ مذاکرات کے لیے امریکی نمائندوں سٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر پر مشتمل وفد سنیچر کو اسلام آباد روانہ ہو گا۔ مگر پاکستانی اور ایرانی حکام کے مطابق عراقچی صرف پاکستان کی اعلی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔

خلاصہ

  • ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی ایک وفد کے ہمراہ اسلام آباد پہنچ چکے ہیں جہاں وہ ایرانی حکام کے مطابق 'دو طرفہ معاملات کا جائزہ لیں گے اور علاقائی پیش رفت پر مشاورت کریں گے'
  • ترجمان ایرانی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ اس موقع پر امریکہ اور ایران کے درمیان کسی ملاقات کا منصوبہ نہیں بلکہ 'ایرانی مشاہدات پاکستان کو بتائے جائیں گے'
  • ادھر وائٹ ہاؤس کے مطابق امریکہ کے خصوصی ایلچی سٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر ایران کے ساتھ مزید مذاکرات کے لیے سنیچر کو اسلام آباد کے لیے روانہ ہوں گے
  • وائٹ ہاؤس کی ترجمان کا کہنا ہے کہ حالیہ دنوں میں امریکہ نے 'یقینی طور پر ایران کی جانب سے پیش رفت' دیکھی ہے۔
  • امریکی وزیرِ دفاع پیٹ ہیگسِتھ نے کہا ہے کہ امریکہ کا مشن اب نئے مرحلے میں داخل ہو چکا ہے اور ایران کے پاس موقع ہے کہ وہ 'ایک اچھا اور دانشمندانہ معاہدہ کرے'

لائیو کوریج

  1. جنوبی لبنان میں اسرائیلی حملوں میں کم از کم چھ افراد ہلاک، دو زخمی: لبنانی وزارتِ صحت کا دعویٰ

    لبنان کی وزارتِ صحت کے مطابق جنوبی لبنان میں اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں کم از کم چھ افراد ہلاک جبکہ دو زخمی ہوئے ہیں۔

    وزارت کے مطابق یہ حملے جمعہ کو کیے گئے جبکہ اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے ان مقامات کو نشانہ بنایا جو (ان کے مطابق) حزب اللہ سرحد پار راکٹ فائر کرنے کے لیے استعمال کر رہی تھی۔

    اسرائیلی فوج نے یہ بھی کہا ہے کہ جنوبی لبنان میں اس کی افواج کو کئی دھماکہ خیز ڈرونز کا نشانہ بنایا گیا ہے، تاہم فوج کی جانب سے ممکنہ جانی یا مالی نقصان سے متعلق کوئی تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔

    یہ حملے ایسے وقت میں کیے گئے ہیں جب جمعرات کی شب جنگ بندی میں تین ہفتے کی توسیع کا اعلان کیا گیا تھا۔

    تاہم اسرائیل کا کہنا ہے کہ وہ حزب اللہ کو نشانہ بنانے کا حق بدستور محفوظ رکھتا ہے، جس پر اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو امن مذاکرات کو ناکام بنانے کی کوشش کا الزام عائد کرتے ہیں۔

  2. پاکستان میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ

    وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد و بدل کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا گیا ہے جس کے مطابق پیٹرول 26 روپے 77 پیسے فی لیٹر مہنگا کردیا گیا ہے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں بھی 26 روپے 77 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے۔

    پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق 25 اپریل سے پیٹرول کی نئی قیمت 393 روپے 35 پیسے فی لیٹر جبکہ ڈیزل کی نئی قیمت 380 روپے 19پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔

    دوسری جانب حکومت نے مٹی کا تیل 63 روپے60 پیسے فی لیٹرسستا کردیا ہے اور مٹی کے تیل کی نئی قیمت 365 روپے 21 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے۔

    یاد رہے کہ اپریل کے اوائل میں وفاقی وزرا نے ایک پریس کانفرنس میں پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 137 روپے 23 پیسے اور ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 184 روپے 49 پیسے اضافے کا اعلان کیا تھا۔

    تاہم چار اپریل کو شہباز شریف نے پیٹرول پر عائد لیوی میں 80 روپے کی کمی کا اعلان کیا جس کے بعد پیٹرول کی 378 روپے فی لیٹر مقرر کی گئی تھی۔

  3. عباس عراقچی کی پاکستان آمد کی تصویری جھلکیاں

  4. اسلام آباد میں ایرانی وزیر خارجہ کی آمد اور وائٹ ہاؤس کا اعلان: ہمیں اب تک کیا معلوم ہے؟

    ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی کچھ دیر قبل ایک وفد کے ہمراہ اسلام آباد پہنچے ہیں۔ ایرانی اور پاکستانی حکام کے مطابق وہ علاقائی امن و استحکام پر بات چیت کے لیے پاکستان کی اعلی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔

    عراقچی کی اب تک پاکستان کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات ہوئی ہے۔

    ایران اور امریکہ کے درمیان مذاکرات کے دوسرے دور کی تیاریوں کے سلسلے میں پاکستان کے دارالحکومت میں گذشتہ چھ روز سے بعض سڑکیں بند ہیں اور توسیع شدہ ریڈ زون بھی سیل ہے۔ یہیں واقع سرینا ہوٹل میں تہران اور واشنگٹن کے درمیان مذاکرات کا پہلا دور ہوا تھا۔

    جمعے کو وائٹ ہاؤس کا کہنا تھا کہ ٹرمپ نے ایران کا موقف جاننے کے لیے خصوصی ایلچی سٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر کو پاکستان بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے اور وہ سنیچر کے روز روانہ ہوں گے۔

    ادھر ایرانی وزارت خارجہ کا اصرار ہے کہ عراقچی کی امریکی وفد سے کوئی ملاقات متوقع نہیں بلکہ اس دورے کا مقصد باہمی امور ہیں اور قیام امن سے متعلق ’ایرانی مشاہدات پاکستان کو بتائے جائیں گے۔‘

    امریکہ کے جانب سے اس بار مذاکرات کے لیے نائب صدر جے ڈی وینس کو پاکستان نہیں بھیجا گیا بلکہ وائٹ ہاؤس کے مطابق انھیں اور وزیر خارجہ مارکو روبیو کو ’ضرورت پڑنے پر‘ اسلام آباد روانہ کیا جا سکتا ہے۔

    ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ایران امریکہ کے مطالبات کو پورا کرنے کے لیے ایک منصوبہ پیش کرنا چاہتا ہے۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ امریکہ ایران میں ان افراد سے بات چیت کر رہا ہے جو ’برسرِ اقتدار ہیں۔‘

  5. اسلام آباد میں ایرانی اور امریکی وفود کے درمیان کوئی ملاقات متوقع نہیں: ایرانی وزارت خارجہ

    ترجمان ایرانی وزارت خارجہ اسماعیل بقائی کا کہنا ہے کہ اسلام آباد کے دورے پر موجود عباس عراقچی کی امریکی وفد سے کوئی ملاقات متوقع نہیں ہے۔

    ایکس پر ایک پیغام میں ان کا کہنا ہے کہ ’ہم ایک سرکاری دورے پر پاکستان کے شہر اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔ وزیر خارجہ عباس عراقچی خطے میں امن کی بحالی اور امریکہ کی جانب سے مسلط کی گئی جارحانہ جنگ کے خاتمے کے لیے پاکستان کی ثالثی اور معاون کردار کے تناظر میں پاکستانی اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔‘

    بیان میں کہا گیا ہے کہ ایران اور امریکہ کے درمیان ’کسی ملاقات کا کوئی منصوبہ نہیں۔ ایران کے مشاہدات پاکستان کو بتائے جائیں گے۔‘

    اس سے قبل پاکستان کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ایکس پر ایک پیغام میں بتایا کہ انھوں نے اسلام آباد میں عراقچی کا استقبال کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ علاقائی امن و استحکام کے لیے باہمی روابط کے منتظر ہیں۔

  6. گزشتہ روز کی اہم خبروں کا خلاصہ

    بی بی سی کی لائیو کوریج جاری ہے تاہم آگے بڑھنے سے قبل ہم اپنے پڑھنے والوں کے لیے جمعے کے روز کی اہم خبروں کا خلاصہ شامل کر رہے ہیں۔

    • پاکستانی دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی پاکستان کی اعلیٰ قیادت سے ملاقاتوں کے لیے ایک وفد کے ہمراہ اسلام آباد پہنچ گئے ہیں
    • امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ امریکہ ایران کی ’غیر قانونی تیل کی تجارت کو نقصان پہنچانے کے لیے فیصلہ کن اقدامات‘ کر رہا ہے۔
    • ایران کے سرکاری نشریاتی ادارے آئی آر آئی بی نے ٹیلیگرام پر ایک پیغام میں لکھا ہے کہ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کا پاکستان میں امریکہ سے ملاقات کا کوئی منصوبہ نہیں ۔ اسلام آباد ایک ’پُل‘ کا کردار ادا کر سکتا ہے تاکہ ’تنازع کے حل کے لیے ایران کے موقف‘ کو آگے پہنچایا جا سکے۔
    • امریکی وزارتِ خزانہ نے آج ایران سے متعلق نئی پابندیاں عائد کی ہیں۔ ان میں چینی پیٹروکیمیکلز کمپنی ہینگلی پیٹروکیمیکل (دالیان) ریفائنری کو بھی شامل ہے تاکہ ایران کا اس کمپنی کے ساتھ معاہدہ مرحلہ وار ختم کیا جا سکے گا۔
    • امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ امریکہ اس وقت ایران میں ان لوگوں کے ساتھ مذاکرات کر رہا ہے جو ’برسرِ اقتدار ہیں۔‘
    • ایران کی نیم سرکاری خبر رساں ایجنسی تسنیم کے مطابق اب تک ایرانی وزیر خارجہ کے اسلام آباد دورے کے ایجنڈے میں امریکہ کے ساتھ مذاکرات شامل نہیں۔
    • اقوامِ متحدہ میں ایران کے سفیر نے کہا ہے کہ امریکہ نے تجارتی جہاز توسکا کو روک کر بین الاقوامی قانون کی کھلی خلاف ورزی کی ہے۔
    • اسرائیلی دفاعی افواج (آئی ڈی ایف) نے آج دوپہر ٹیلی گرام پر جاری بیان میں کہا کہ ایک ڈرون کو اسرائیلی حدود میں داخل ہونے سے قبل ہی تباہ کر دیا گیا۔ یہ بیان اس کے بعد سامنے آیا جب شمالی اسرائیل کے مختلف علاقوں میں سائرن بجے۔
    • آئی ایس پی آر نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ 21 اپریل 2026 کو خیبر ضلع میں شدت پسندوں کی موجودگی کی اطلاع پر سکیورٹی فورسز نے آپریشن کیا جس میں 22 شدت پسند ہلاک کر دیے گئے ہیں
  7. بی بی سی اردو کے نئے لائیو پیج میں خوش آمدید!

    بی بی سی اردو کے نئے لائیو پیج میں خوش آمدید۔ اس صفحے پر ہم آپ کے لیے پاکستان سمیت دنیا بھر کی اہم خبریں اور تجزیے شامل کرتے ہیں۔

    گذشتہ روز تک کی خبریں جاننے کے لیے یہاں کلک کریں۔